Tag: دی کراؤن

  • کیا برطانوی شاہی خاندان نیٹ فلیکس کی مشہور سیریز پر مقدمہ دائر کرے گا؟

    کیا برطانوی شاہی خاندان نیٹ فلیکس کی مشہور سیریز پر مقدمہ دائر کرے گا؟

    لندن: برطانوی شاہی خاندان کے قریبی دوستوں‌ نے نیٹ فلیکس کی مشہور سیریز دی کراؤن کے خلاف مقدمہ کرنے دائر کرنے کے سلسلے میں قانونی مشورہ حاصل کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قانونی ماہرین نے شاہی خاندان اور ان کے قریبی دوستوں کو بتایا ہے کہ ان کے پاس متنازع سیریز دی کراؤن پر نیٹ فلکس پر مقدمہ کرنے کی بنیادیں میسر ہیں۔

    دی سن کی رپورٹ کے مطابق شاہی خاندان کے قریبی دوستوں نے آنے والے پانچویں سیزن میں اپنی خاص رنگ میں تصویر کشی کے بارے میں فکر مندی کے بعد قانونی مشورہ حاصل کیا ہے، انھیں بتایا گیا کہ ان کے پاس اور خود شاہی خاندان کے پاس بھی قانونی کارروائی کی بنیادیں ہیں۔

    قانونی ماہرین کے مشورے سے وہ اسٹریمنگ کمپنی کے خلاف تاریخی کارروائی کر سکتے ہیں، ایک ذریعے نے دی سن کو بتایا کہ اگرچہ ماہرین نے ملکہ اور اس کے اہل خانہ سے براہ راست بات نہیں کی ہے، لیکن انھیں اس مشورے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔

    اس سیریز کا پانچواں سیزن برطانیہ میں فلمایا جا رہا ہے، جو اگلے نومبر میں نیٹ فلکس پر جاری کیا جائے گا۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق، قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ شاہی خاندان کے پاس حق ہے کہ وہ اسٹریمنگ سروس نیٹ فلکس کےخلاف ہتکِ عزت کا مقدمہ کر سکتے ہیں۔ یہ رپورٹ شاہی خاندان کے قریبی ذرائع کے ذریعے سامنے آئی ہے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس اقدام کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ یہ سیریز اب تک کی سب سے متنازع ہوگی اور یہ ایسے واقعات سے متعلق ہے جو اب بھی بہت سے لوگوں کے علم میں نہیں ہیں۔

    واضح رہے کہ نیٹ فلیکس کی اس ایوارڈ یافتہ سیریز دی کراؤن میں ملکہ الزبتھ کی شادی سے لے کر حالیہ واقعات تک شاہی خاندان کی کہانی کو ڈرامائی شکل میں پیش کیا گیا ہے۔

  • جمائما ’دی کراؤن‘ کے اگلے سیزن سے نالاں

    جمائما ’دی کراؤن‘ کے اگلے سیزن سے نالاں

    وزیر اعظم عمران خان کی سابق اہلیہ اور برطانوی فلم ساز و لکھاری جمائما گولڈ اسمتھ کا کہنا ہے کہ معروف ویب سیریز دی کراؤن کے اگلے حصے میں لیڈی ڈیانا کی زندگی کے واقعات کو نامناسب انداز میں دکھایا جارہا ہے، جس کے بعد وہ اس سیریز سے بطور لکھاری علیحدگی اختیار کر رہی ہیں۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق جمائما گولڈ اسمتھ نے معروف اور متنازع ویب سیریز دی کراؤن کے آنے والے پانچویں سیزن کی عکس بندی و کہانی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سیریز کی ٹیم سے علیحدگی اختیار کرلی۔

    جمائما دی کراؤن کے پانچویں سیزن کی شریک لکھاری ہیں، تاہم اب انہوں نے کہا ہے کہ ویب سیریز میں ان کی سہیلی لیڈی ڈیانا کے واقعات کو ناشائستہ انداز میں دکھایا جا رہا ہے، جس وجہ سے وہ ٹیم سے علیحدگی اختیار کر رہی ہیں۔

    جمائما نے پانچویں سیزن کی کہانی اور عکس بندی پر خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ٹیم کو کہا ہے کہ ان کا نام بطور لکھاری ہٹادیا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ ان سے ویب سیریز کے تخلیق کار پیٹر مورگن نے پانچویں سیزن کی کہانی لکھنے کی درخواست کی اور انہوں نے لیڈی ڈیانا کی بہترین سہیلی ہونے کے ناطے اسکرپٹ پر کام بھی کیا۔

    جمائما کا کہنا ہے کہ انہوں نے ویب سیریز کے اسکرپٹ پر ستمبر 2020 سے فروری 2021 تک کام کیا اور انہیں توقع تھی کہ سیریز کی ٹیم ان کی توقعات کے مطابق ہی کہانی کو پیش کرے گی۔

    تاہم انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پانچویں سیزن میں لیڈی ڈیانا کی کہانی ان کی توقعات کے برخلاف دکھائی جا رہی ہے، جس وجہ سے وہ سیریز سے الگ ہو رہی ہیں۔

    دوسری جانب دی کراؤن کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ جمائما کے ساتھ انہوں نے لکھاری کے طور پر کوئی معاہدہ نہیں کیا تھا۔

    ترجمان نے واضح کیا کہ جمائما گولڈ اسمتھ شروع سے ہی دی کراؤن کی حمایتی رہی ہیں مگر پانچویں سیزن میں انہیں بطور لکھاری شامل کرنے کا کوئی معاہدہ ہوا ہی نہیں تھا، تاہم انہوں نے تسلیم کیا کہ انہوں نے کہانی پیش کرنے میں مدد فراہم کی۔

    ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ دی کراؤن کے پانچویں سیزن میں لیڈی ڈیانا کی زندگی کے کس حصے کو جمائما کی توقعات کے برخلاف دکھایا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق پانچویں سیزن میں لیڈی ڈیانا کی شادی کے آخری سال، ہارٹ سرجن اور دوسرے کاروباری شخص سے معاشقے سمیت ان کے کار حادثے کے واقعات کو دکھایا جائے گا۔

    خیال کیا جا رہا ہے کہ پانچویں سیزن میں لیڈی ڈیانا کے معاشقوں کو غلط انداز میں دکھایا گیا ہے، جس پر جمائما نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ویب سیریز سے علیحدگی کا فیصلہ کیا ہے، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

    پانچویں سیزن کی شوٹنگ جاری ہے اور ممکنہ طور پر اسے آئندہ برس نومبر یا دسمبر میں ریلیز کیا جائے گا۔

  • شاہی خاندان پر بننے والی ویب سیریز پر برطانوی حکومت کا اعتراض سامنے آگیا

    شاہی خاندان پر بننے والی ویب سیریز پر برطانوی حکومت کا اعتراض سامنے آگیا

    لندن: برطانوی حکومت نے مطالبہ کیا ہے کہ شاہی خاندان کی زندگی پر مبنی ویب سیریز دی کراؤن کو فکشن قرار دیا جائے اور بتایا جائے کہ یہ حقیقی واقعات پر مبنی نہیں۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق برطانوی حکومت نے کہا ہے کہ اسٹریمنگ ویب سائٹ نیٹ فلکس شاہی خاندان کی زندگی پر مبنی حال ہی میں ریلیز کی گئی سیریز دی کراؤن کے آغاز میں یہ انتباہ جاری کرے کہ مذکورہ ویب سیریز حقیقی نہیں۔

    دی کراؤن کے چوتھے سیزن کو نیٹ فلکس پر گزشتہ ماہ ریلیز کیا گیا تھا، اس سیریز کے پہلے 3 سیزنز جاری کیے جا چکے ہیں تاہم ان سیزنز پر برطانوی حکومت نے کوئی بیان یا اعتراض نہیں کیا تھا لیکن اب ویب سیریز کے چوتھے سیزن پر برطانوی حکومت نے اعتراض کیا ہے۔

    چوتھے سیزن میں برطانوی شاہی خاندان کے متعدد نئے کردار دکھائے گئے ہیں، جن میں لیڈی ڈیانا، ان کے شوہر شہزادہ چارلس اور برطانیہ کی پہلی خاتون وزیر اعظم مارگریٹ تھیچر کا کردار بھی شامل ہے۔

    برطانوی حکومت نے سیریز پر اعتراض کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ نیٹ فلکس سیریز کے آغاز میں یہ نوٹ شائع کرے کہ چوتھا سیزن حقیقی نہیں بلکہ فکشن پر مبنی ہے۔

    برطانیہ کے وزیر ثقافت اولیور ڈاؤڈن کا کہنا ہے کہ اسے دیکھ کر نئی نسل کے لوگ غیر حقیقی باتوں کو حقیقت سمجھ بیٹھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے سیریز کے چوتھے سیزن میں دکھائے گئے واقعات کو اپنی آنکھوں سے نہیں دیکھا ہوگا، وہ ویب سیریز میں دکھائے گئے واقعات کو حقیقت سمجھ بیٹھیں گے۔

    دوسری جانب لیڈی ڈیانا کے بھائی نے بھی نیٹ فلکس سے مطالبہ کیا کہ وہ سیریز کے آغاز میں بتائے کہ سیریز کی کہانی حقیقی نہیں بلکہ کہانی کو حقیقی واقعات سے متاثر ہو کر لکھا گیا۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ دی کراؤن کو دیکھ کر کئی لوگ سیریز کی کہانی کو تاریخ اور حقیقت سمجھ بیٹھیں گے۔

    برطانوی حکومت اور لیڈی ڈیانا کے بھائی کے مطالبے پر تاحال نیٹ فلکس نے کوئی رد عمل نہیں دیا۔