Tag: ذخیرہ اندوزی

  • ویڈیو رپورٹ: ذخیرہ اندوزی، اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، ایک ہفتے میں 45 مؤثر آپریشنز

    ویڈیو رپورٹ: ذخیرہ اندوزی، اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، ایک ہفتے میں 45 مؤثر آپریشنز

    اسلام آباد: ملک بھر میں ذخیرہ اندوزی اور اسمگلنگ کے خلاف حکومتی کریک ڈاوٴن کا سلسلہ جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ذخیرہ اندوزی اور اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن میں گزشتہ ہفتے ملک بھر میں 45 مؤثر آپریشنز میں 293.07 میٹرک ٹن کھاد، 0.36 میٹرک ٹن آٹا اور 27.76 میٹرک ٹن چینی برآمد کی گئی۔

    نگراں حکومت، عسکری قیادت اور متعلقہ حکومتی ادارے ملک میں ذخیرہ اندوزی اور اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

    ستمبر 2023 سے حکومتی احکامات کے پیش نظر ملک بھر سے ذخیرہ اندوزوں اور اسمگلنگ کے خلاف آپریشن کا آغاز کیا گیا تھا، 7 تا 14 جنوری کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں 45 مؤثر آپریشنز میں 293.07 میٹرک ٹن کھاد، 0.36 میٹرک ٹن آٹا اور 27.76 میٹرک ٹن چینی برآمد کی گئی۔

    یکم ستمبر سے اب تک کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر سے ذخیرہ اندوزوں اور اسمگلنگ کے خلاف 240 کامیاب آپریشنز عمل میں لائے گئے، جس کے تحت 17890.22 میڑک ٹن کھاد، 2402.28 میٹرک ٹن آٹا اور 7363.63 میٹرک ٹن چینی برآمد کی گئی ہے۔

  • ذخیرہ اندوزی کے خلاف کریک ڈاؤن پر عوامی ردعمل

    ذخیرہ اندوزی کے خلاف کریک ڈاؤن پر عوامی ردعمل

    راولپنڈی : عوام نے آرمی چیف کی ہدایت پر ذخیرہ اندوزی کے خلاف کریک ڈاؤن کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ نگران حکومت کے اقدامات پچھلی حکومتوں سے بہتر ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق حال ہی میں ملک میں بڑے پیمانے پر ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز ہوا اور ان کارروائیوں کے نتیجے میں حکومت کو بڑی کامیابی حاصل ہوئی۔

    یہ آپریشن نگران حکومت اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیرکی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے، ذخیرہ اندوزی کے خلاف کریک ڈاؤن پر عوام نے ردعمل دیتے ہوئے کہا پچھلی حکومتیں صرف کھانے کے چکروں میں لگی ہوئی تھیں، آرمی چیف نے بہت اچھا اقدام اٹھایا۔

    عوام کا کہنا تھا کہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف آرمی چیف کی ہدایت پر کریک ڈاؤن کے فیصلے کا ہم خیرمقدم کرتے ہیں، ان اقدامات کا اصل بیڑہ حکومتوں کو اٹھانا چاہیے۔

    عوام نے رائے دیتے ہوئے کہا کہ ایک ہفتےکےدوران نگران حکومت کی کارکردگی قابل ستائش ہے، نگران حکومت کے اقدامات پچھلی حکومتوں سے بہتر ہیں اور مافیا کے خلاف حکومتی اقدامات قابلِ تعریف ہیں۔

    حکومت اورآرمی چیف کےبروقت اقدامات کی بدولت ڈالرکی قدرمیں کمی ہوئی ہے، ان اقدامات پرآرمی چیف اورنگران حکومت لائق تحسین ہیں۔

  • یکم فروری سے قبل پیٹرول کی قیمت میں اضافے کا ملبہ مصنوعی قلت اور ذخیرہ اندوزی پر ڈال دیا گیا

    یکم فروری سے قبل پیٹرول کی قیمت میں اضافے کا ملبہ مصنوعی قلت اور ذخیرہ اندوزی پر ڈال دیا گیا

    اسلام آباد: یکم فروری سے قبل پیٹرول کی قیمت میں اضافے کا ملبہ مصنوعی قلت اور ذخیرہ اندوزی پر ڈال دیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی حکومت نے آئی ایم ایف کی ایک اور شرط پوری کر دی ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یکم فروری سے پہلے ہی بڑا اضافہ کر دیا گیا ہے، اور اس کا ملبہ مصنوعی قلت اور ذخیرہ اندوزی پر ڈال دیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں اضافے سے قبل پیٹرول کی مصنوعی قلت اور ذخیرہ اندوزی کی گئی، اس کے بعد وفاقی حکومت نے مصنوعی قلت اور ذخیرہ اندوزی روکنے کی بجائے قیمتیں ہی بڑھا دیں۔

    حکومت نے مہنگائی کا بم گرا دیا، پٹرول اور ڈیزل 35 روپے لیٹر مہنگا

    ملک میں وافر ذخیرہ ہونے کے باوجود پیٹرول کی قلت اور ذخیرہ اندوزی پر قابو نہیں پایا گیا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کا وافر ذخیرہ موجود ہے، پیٹرول کی طلب پوری کرنے کے لیے 18 روز کا ذخیرہ موجود ہے، جب کہ ڈیزل کی طلب پوری کرنے کے لیے 37 روز کا ذخیرہ دستیاب ہے۔

  • ڈریپ کی کارروائی : کراچی  سے ذخیرہ کی گئی ڈھائی لاکھ پینا ڈول  کی گولیاں برآمد

    ڈریپ کی کارروائی : کراچی سے ذخیرہ کی گئی ڈھائی لاکھ پینا ڈول کی گولیاں برآمد

    کراچی : ڈریپ نے کراچی میڈیسن مارکیٹ میں چھاپہ مار کر ڈھائی لاکھ پیناڈول کی گولیاں برآمد کرلیں۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان وزارت صحت کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ پینا ڈول کی ذخیرہ اندوزی کیخلاف ڈریپ نے کارروائی کی۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ ڈریپ نے کچی گلی میڈیسن مارکیٹ کراچی میں چھاپہ مارا اور کارروائی کےدوران ڈھائی لاکھ پیناڈول گولیاں پکڑی گئیں۔

    وزارت صحت نے کہا ہے کہ ذخیرہ اندوزی سے مارکیٹ میں پیناڈول کی مصنوعی قلت پیدا کی گئی، فارمیسی سے ادویات کا مشکوک اسٹاک بھی برآمد ہوا۔

    ڈریپ نے کچی گلی فارمیسی سے اسٹاک قبضے میں لے لیا اور برآمد ادویات کے نمونے ٹیسٹ کیلئے بھجوا دیئے ہیں۔

    خیال رہے ڈریپ کا جعلی، غیر قانونی ادویات کا دھندہ کرنے والوں کے خلاف ملک گیر کریک ڈاون جاری ہے۔

    ڈریپ نے اسلام آباد،لاہور اور پشاور میں مختلف مقامات پرچھاپے مارے اور کارروائی میں ساڑھے 3کروڑ مالیت کی غیر رجسٹرڈ ادویات برآمد کرلیں۔

    ڈریپ نے اسلام آباد، پشاور اور لاہور میں غیر رجسٹرڈ ادویات بیچنے والے 25 اسٹورز،فارمیسز سیل کردیے۔

  • پنجاب میں ذخیرہ اندوزی کے خلاف اہم اقدام

    پنجاب میں ذخیرہ اندوزی کے خلاف اہم اقدام

    لاہور: پنجاب حکومت نے ذخیرہ اندوزی پر گوداموں کے قواعد تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا، کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کے لیے گوداموں کے نئے قواعد پر غور کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے امور قانون سازی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں اور متعلقہ سیکریٹریز نے شرکت کی۔

    اجلاس میں ذخیرہ اندوزی پر گوداموں کے قواعد تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا، ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کے لیے گوداموں کے نئے قواعد پر غور کیا گیا۔

    وزیر قانون کا کہنا تھا کہ نئے قواعد میں اشیا کے ذخیرے کی مقدار کا لازمی تعین کیا جائے، ذخیرہ اندوزی کی حوصلہ شکنی کے لیے سخت قوانین کی ضرورت ہے۔

    صوبائی کابینہ کمیٹی نے نئے قواعد میں مزید بہتری لانے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں مائننگ بورڈ کی تشکیل کی منظور بھی دے دی گئی۔

    علاوہ ازیں محکمہ ماحولیات کے کنسلٹنٹس کی رجسٹریشن کے قواعد میں ترمیم اور پنجاب کرسچن میرج رولز 2021 کی توثیق کی بھی منظوری دے دی گئی۔

  • وزیر اعظم کی ہدایت پر ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں

    وزیر اعظم کی ہدایت پر ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں

    لاہور: وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر پنجاب میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں کی گئیں، ذخیرہ اندوزوں کو 6 لاکھ روپے کے جرمانے کیے گئے جبکہ 5 مقدمات درج کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر پنجاب میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف اکتوبر میں کیے جانے والے کریک ڈاؤن کی رپورٹ چیف سیکریٹری پنجاب کو پیش کی گئی۔

    رپورٹ کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں میں 49 ہول سیلرز ذخیرہ اندوزی میں ملوث پائے گئے، ذخیرہ اندوزوں کو 6 لاکھ روپے کے جرمانے کیے گئے جبکہ 5 مقدمات درج کیے گئے۔

    اس دوران 10 گودام سیل بھی کیے گئے۔ حکام نے ذخیرہ شدہ 18 ہزار بوری چینی، 302 بوری چاول 11 سو 60 بوریا گندم کی بھی برآمد کیں۔

    علاوہ ازیں ذخیرہ کیے گئے 26 سو 27 آٹے کے تھیلے اور 35 ہزار کلو گھی بھی ضبط کیا گیا۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ انتطامیہ نے بہاولنگر، راجن پور، فیصل آباد، چنیوٹ اور منڈی بہاؤ الدین میں کارروائیاں کیں۔

  • پیٹرول ذخیرہ کرنے پر سعودی حکام کا ایکشن

    پیٹرول ذخیرہ کرنے پر سعودی حکام کا ایکشن

    ریاض: سعودی عرب میں پیٹرول ذخیرہ کرنے والے 23 پیٹرول پمپس کے خلاف کارروائی کی گئی، پرانی قیمت پر خریدا ہوا پیٹرول ذخیرہ کر کے نئی قیمت پر فروخت کرنے پر 3 سال قید اور 10 لاکھ ریال جرمانہ مقرر ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق پرانی قیمت پر خریدا ہوا پیٹرول نئی قیمت پر فروخت کرنے کے لیے ذخیرہ کرنے والے 23 اسٹیشنوں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔

    ترجمان وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ پیٹرول کے نئے نرخ نامے کے اعلان کے باعث ضابطوں کی پابندی کرنے کا جائزہ لینے کے لیے ملک بھر میں اسٹیشنوں کے دورے کیے گئے ہیں۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ تفتیشی ٹیم کے اہلکاروں نے ملک بھر میں متعدد خلاف ورزیاں پکڑی ہیں جن میں بعض پیٹرول پمپس کی طرف سے نئی قیمت پر فروخت کرنے کے لیے پیٹرول ذخیرہ کرنے کی خلاف ورزی بھی شامل ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی نئی قیمت کے متوقع اعلان کے باعث بعض اسٹیشنوں نے فروخت بند کردی تھی تاکہ اعلان کے بعد نئی قیمت پر فروخت کیا جائے، تاہم ناجائز منافع حاصل کرنے اور تجارتی ضابطوں کی خلاف ورزی پر مذکورہ اسٹیشنوں کے مالکان پر جرمانے عائد کیے گیے ہیں۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ پرانی قیمت پر خریدا ہوا پیٹرول ذخیرہ کر کے نئی قیمت پر فروخت کرنے پر 3 سال قید اور 10 لاکھ ریال جرمانہ مقرر ہے، علاوہ ازیں خلاف ورزی کرنے والے پیٹرول پمپ کی مقامی اخبارات میں تشہیر ہوگی، خلاف ورزی دہرائی گئی تو لائسنس منسوخ ہوگا۔

  • ذخیرہ اندوزی سے متعلق زیرو ٹالرنس پالیسی کو یقینی بنایا جائے،وزیراعظم

    ذخیرہ اندوزی سے متعلق زیرو ٹالرنس پالیسی کو یقینی بنایا جائے،وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ذخیرہ اندوزی سے متعلق زیرو ٹالرنس پالیسی کو یقینی بنایا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم ک زیرصدارت گندم آٹے کی قیمتوں میں کمی سے متعلق اجلاس ہوا جس میں مشیرخزانہ نے آٹے کی قیمتوں میں کمی لانے سے متعلق فیصلوں سے آگاہ کیا۔

    اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت کی ترجیح گندم کی وافر دستیابی کو یقینی بنانا ہے،حکومت کی ترجیح گندم اور آٹے کی قیمتوں کو قابو میں رکھنا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اولین ترجیح غریب طبقے کا تحفظ ہے تاکہ ان پر اضافی بوجھ نہ پڑے،قیمتوں میں کمی سے متعلق فیصلوں پر جلد عملدرآمد کیا جائے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ ضروریات کے مدنظر طویل المدتی حکمت عملی تشکیل دیں،ایسی حکمت عملی بنائیں کہ مستقبل میں کسی دقت کا سامنا نہ ہو۔

    وزیراعظم نے چیف سیکرٹریز کو گندم کی اسمگلنگ روکنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ذخیرہ اندوزی سے متعلق زیرو ٹالرنس پالیسی کو یقینی بنایا جائے۔

    یاد رہے کہ رواں ماہ 7 جون کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ملک میں گندم کی ضروریات پورا کرنے اور آٹے کی قیمتوں پر کنٹرول کو یقینی بنانے کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس میں گندم کی درآمد پر سے پابندی اور اس پر عائد ڈیوٹی ختم کرنے کی منظوری دی گئی تھی۔

  • شیخوپورہ میں ذخیرہ اندوزی کے خلاف بڑی کارروائی

    شیخوپورہ میں ذخیرہ اندوزی کے خلاف بڑی کارروائی

    شیخوپورہ: صوبہ پنجاب میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بڑی کارروائی کی گئی جس کے نتیجے میں 22 ہزار سے زائد گندم کی بوریاں برآمد ہوئیں۔

    تفصیلات کے مطابق ذخیرہ اندوزی کے خلاف یہ اہم کارروائی پنجاب کے شہر شیخوپورہ کے علاقے خانقاہ ڈوگراں میں کی گئی، اس دوران 22 ہزار سے زائد گندم کی بوریاں برآمد ہوئیں۔

    ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گودام مالکان کے خلاف کاروائی کی جارہی ہے۔

    صوبہ پنجاب میں ذخیرہ اندوروں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، حالیہ دنوں 610 مقامات پر ایکشن لیا گیا جہاں سے 44 ہزارٹن گندم برآمد ہوئی اور 498گاڑیاں بھی ضبط کی گئیں۔

    پنجاب میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائیاں تیز کردی گئیں

    گندم، چاول یا دیگر اجناس ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف ملک بھر میں کارروائیاں کی جارہی ہیں۔

    خیال رہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائیاں تیز کردی گئی ہیں۔ گزشتہ ماہ معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ آرڈیننس کے ذریعے ذخیرہ اندوزی سے نفع کمانے والوں کو سزا دی جائے گی، ذخیرہ اندوزی پر 3 سال قید ار ضبط شدہ مال کی مالیت کا 50 فی صد جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔

  • مظفرگڑھ: ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بڑی کارروائی

    مظفرگڑھ: ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بڑی کارروائی

    مظفر گڑھ: پنجاب میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بڑی کارروائی کی گئی جس کے نتیجے میں 25 ہزار سے زائد گندم کی بوریاں برآمد ہوئیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کشمنر کوٹ ادو کی جانب سے یہ اہم کارروائی پنجاب کے شہر مظفر گڑھ کے علاقے چوک سرور شہید میں کی گئی، اس دوران 25 ہزار سے زائد گندم کی بوریاں برآمد ہوئیں۔

    اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا ہے کہ گندم کی بوریوں کو سرکاری گوداموں میں منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف مقدمات بھی درج ہوں گے جس کے تحت سزا بھی دی جائے گی۔

    خیال رہے کہ صوبہ پنجاب میں ذخیرہ اندوروں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، حالیہ دنوں 610 مقامات پر ایکشن لیا گیا جہاں سے 44 ہزارٹن گندم برآمد ہوئی اور 498گاڑیاں بھی ضبط کی گئیں۔

    پنجاب میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائیاں تیز کردی گئیں

    گندم، چاول یا دیگر اجناس ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف ملک بھر میں کارروائیاں کی جارہی ہیں۔

    واضح رہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائیاں تیز کردی گئی ہیں۔ گزشتہ ماہ معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ آرڈیننس کے ذریعے ذخیرہ اندوزی سے نفع کمانے والوں کو سزا دی جائے گی، ذخیرہ اندوزی پر 3 سال قید ار ضبط شدہ مال کی مالیت کا 50 فی صد جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔