Tag: ذوالفقار مرزا

  • خود کو ترّم خان سمجھنے والا ذوالفقار مرزا گیدڑ بن گیا، پی پی اراکین

    خود کو ترّم خان سمجھنے والا ذوالفقار مرزا گیدڑ بن گیا، پی پی اراکین

    کراچی : پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی وزیر مکیش کمار چا ؤلہ، صوبائی مشیر فیاض بھٹ ، ارکان سندھ اسمبلی طارق آرائیں اور امداد پتافی نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ نام نہاد شیر سندھ ذوالفقار مرزا کو آج عوام نے سندھ کے گیدڑ کے طور پر دیکھ لیا ہے۔

    اپنے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ جس طرح اپنے آپ کو ترم خان سمجھنے والا ذوالفقارمرزا آج عدالتوں کے پیچھے چھپ رہا تھا اور اپنی بیگم کو ڈھال بنا کر گرفتاری سے بچنے کے لئے 9 گھنٹے تک بزدلوں کی طرح عدالت کے احاطے سے باہر نہیں نکلا۔

    ذوالفقار مرزا ایک ڈرپوک اور بزدل شخص ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ ذوالفقار مرزا کی تمام گفتگو جھوٹ اور بدنیتی پر مبنی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ذوالفقار مرزا احسان فراموش اور بزدل شخص ہے ذاتی مفادات کے حصول کے لئے اپنی قیادت سے غداری کی ہے۔انہوں نے ذاتی مفادات پورے نہ ہونے پرپارٹی قیادت کے خلاف بدکلامی اور بدتمیزی شروع کردی ہے۔

    رہنماؤں نے کہا ہے کہ عوام ذوالفقار مرزا جیسے بزدل اور ڈرپوک شخص کوبخوبی جان چکی ہے اور اس نے جو احسان فراموشی اپنی قیادت اور پارٹی کے ساتھ کی ہے اس سے اس کی اصلیت بھی عوام کے سامنے عیاں ہوگئی ہے۔

  • عدالت کے حکم پر پولیس کا محاصرہ ختم، ذوالفقار مرزا روانہ

    عدالت کے حکم پر پولیس کا محاصرہ ختم، ذوالفقار مرزا روانہ

    کراچی: سندھ ہائی کورٹ کے حکم پر پولیس نے انسداد دہشتگردی عدالت کا محاصرہ ختم کر دیا،سابق وزیر داخلہ ذوالفقار مرزا دس گھنٹے کی خود اسیری ختم کر کےگھر چلےگئے۔

    ذوالفقار مرزا کی خود اسیری کا ڈرامہ پولیس کی واپسی کے ساتھ ختم ہو گیا انہوں نےخود کو عدالت میں دس گھنٹے قید رکھا۔، ذوالفقار مرزا کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ ان کے شوہر کی جان کو خطرہ ہے۔

     عدالت نے ذوالفقار مرزا کی عبوری ضمانت میں تیس مئی تک توسیع کردی، مقدمات کے سیشن عدالت میں منتقلی کی درخواست کی سماعت پچیس مئی کو ہوگی۔

    ذوالفقار مرزا عدالت اپنی ضمانت میں توسیع کرانے آئے تھے،لیکن ذوالفقار مرزا نےخو دکو عدالت میں قید کر لیا۔

    ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کے وکلا ء کا کہنا ہے کہ ڈی آئی جی ڈاکٹر جمیل نے ذوالفقار مرزا کو گھر جانے دینے کے حوالے سے عدالتی احکامات وصول کرنے سے انکار کر دیا تھا اور پولیس نے انسداد دہشت گردی کی عدالت کا گھیراؤ کر لیا تھا ۔

    پولیس کمانڈوز کے ساتھ بکتر بند گاڑی بھی موجود تھی، تاہم سنددھ ہائیکورٹ سے احکامات موصول ہونے کے بعد پولیس نے انسداد دہشت گردی کی عدالت کا گھیراؤ ختم کر دیا اور ذوالفقار مرزا دس گھنٹے بعد واپس گھر کی طرف روانہ ہو گئے۔

    سندھ ہائی کورٹ نے انسداد دہشت گردی عدالت کا گھیراؤ کرنے پر آئی جی سندھ اور ڈی آئی جی ساؤتھ کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔

  • ذوالفقار مرزا کو اسلحہ فراہم کرنےوالی دکان پر چھاپہ

    ذوالفقار مرزا کو اسلحہ فراہم کرنےوالی دکان پر چھاپہ

        کراچی: ڈیفنس کے علاقے زمزمہ اسٹریٹ پر واقع اسلحہ کی دکان پر پولیس نے چھاپہ مار کر دکان کو سیل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر داخلہ ذوالفقار مرزا کو  مبینہ طور پر اسلحہ فراہم کرنے کے شبہ میں پولیس نے ایس پی کلفٹن امجد حیات کی سربراہی میں ڈیفنس کے علاقے زمزمہ اسٹریٹ پر واقع اسلحہ کی دکان گنز اینڈ ایسیسریز پر چھاپہ ماراہے۔

    دکان سے ایک رائفل اور لائسنس برآمد کرکے دکان کو سر بمہر کردیا گیا، پولیس نے دکان کا ریکارڈ اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔ پولیس نے دیگر لائسنس بھی اپنے قبضے میں لے لئے۔

    پولیس کے مطابق برآمد ہونے والا لائسنس اور رائفل ذوالفقار کے بیٹے  حسنین مرزاکی ہے، مذکورہ لائسنس ڈی سی او بدین نے جاری کیا ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس دکان سے ذوالفقار مرزا کے گن مینوں کو اسلحہ فراہم کیا جا تا ہے، سابق وزیر داخلہ ذوالفقار مرزا نے دو تین روز قبل اس دکان سے اسلحہ بھی خریدا تھا۔

    چھاپہ کے دوران کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی، واضح رہے کہ مذکورہ دکان پر اس سے قبل بھی چھاپہ مارا گیا تھا، جہاں سے ممنوعہ اسلحہ برآمد بھی ہوا تھا۔

  • ذوالفقارمرزا کی تھانے میں مسلح آمد، ایس ایچ او درخشاں معطل

    ذوالفقارمرزا کی تھانے میں مسلح آمد، ایس ایچ او درخشاں معطل

    کراچی : آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے سابق صوبائی وزیر داخلہ ذوالفقار مرزا کے ساتھیوں کا تھانے میں اسلحہ لے کرجانے اور فساد کرنے کا نوٹس لے لیا۔

    درخشاں تھانے کے ایس ایچ او کو معطل کرکے ڈی ایس پی کو نوٹس جاری کردیا۔

    ترجمان سندھ پولیس کے مطابق آئی جی سندھ نے ذوالفقار مرزا کے بیان قلمبند کرانے کے دوران تھانے میں مسلح افراد کے ساتھ داخلے، گھیراؤ اورفساد کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ ا و درخشاں کے غفلت برتنے کا نوٹس لیتے ہوئے اسے معطل کردیا۔

    ڈی ایس پی کو شو کاز نوٹس جاری کرتے ہوئے چوبیس گھنٹوں میں جواب طلب کرلیا ہے اور متعلقہ پولیس سے واقعے کی انکوائر ی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

    واضح رہے کہ ذوالفقار مرزا آج صبح جب درخشاں تھانے میں اپنا بیان ریکارڈ کرانے آئے تو انہوں نے اپنے گارڈز کو تھانے کے ارد گرد سیکیورٹی پر معمور کردیا تھا، اور یہ حکم جاری کیا کہ اگر کوئی پولیس اہلکار گڑ بڑ کرے تو سیدھی گولی چلادینا۔

  • ذوالفقار مرزا کیخلاف کاروائی قانونی اورآئینی ہے، شیری رحمٰن

    ذوالفقار مرزا کیخلاف کاروائی قانونی اورآئینی ہے، شیری رحمٰن

    کراچی: پیپلز پارٹی کی مرکزی نائب صدر شیری رحمان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے کبھی تشدد کی سیاست نہیں کی ذوالفقار مرزا کی غنڈہ گردی پر ہونے والی کاروائی قانونی اورآئینی ہے۔

    کراچی میں وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی اختر جدون سے انکی رہائش گاہ پر ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شیری رحمان نےکہا کہ پیپلز پارٹی نے ذوالفقار مرز سمیت کسی کو سیاسی ہدف نہیں بنایا۔

    انہوں نے کہا کہ جب ذواالفقار مرزا نے بدین کے تھانے میں قانون کو ہاتھ میں لیا اور غنڈہ گردی کی تو انکے خلاف قانون کے مطابق کاروائی عمل میں لائی گئی ۔

    انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے لیے تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں، ان کا کہنا تھا پیپلز پارٹی نے کبھی تشدد کی سیاست نہیں کی ذوالفقارمرزا کی غنڈہ گردی پر ہونے والی کاروائی قانونی اورآئینی ہے۔

  • کراچی: ذوالفقار مرزا انسدادِ دہشت گردی عدالت میں پیش

    کراچی: ذوالفقار مرزا انسدادِ دہشت گردی عدالت میں پیش

    کراچی: سابق وزیرِ داخلہ سندھ ذوالفقار مرزا کراچی کی انسدادِ دہشت گردی عدالت میں پیش ہوگئے۔

    ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کیخلاف مقدمات میں انسداد دہشتگردی ایکٹ کی دفعہ اے ٹی اے سیون بھی شامل ہے، یہ دفعہ دہشت گردی میں ملوث ملزمان پر لگائی جاتی ہیں۔      

    بدین کے تھانے پر حملے اور شہر کو زبردستی بند کرانے پر ذوالفقار مرزا کیخلاف مقدمات درج کئے گئے ہیں ۔ دفعات میں تین سو چوبیس، تین سو پچانوے، ایچ چارسو ستائیس، ایک سو انچاس، ایک سو اڑتالیس، ایک سو سینتالیس اور پانچ سو چھ شامل ہیں۔

    یہ دفعات دھمکی ،ہنگامہ آرائی، جلاؤ گھیراؤ،بلوہ ، اقدام قتل، نقصان پہنچانا،حملہ کرکے زخمی کرنے کے ملزمان پر لگائی جاتی ہیں ۔ مقدمات ایڈیشنل ایس ایچ او ولی محمد چانڈیو ، حاجی تاج محمد اور امتیاز علی سمیت دیگر نے درج کرائے ہیں۔

    واضح رہے کہ باغی رہنما ذوالفقار مرزا نے آج ہر صورت عدالت میں آصف زرداری کے خلاف بیان دینے کا اعلان کر رکھا ہے۔

    دوسری جانب پیپلز پارٹی کے اراکین سندھ اسمبلی اور سینٹرز نے ذوالفقار مرزا کے پارٹی قیادت پر الزامات کی شدید مذمت کی ہے۔

    گزشتہ روز ذوالفقار مرزا مقدمات کے خلاف سماعت میں پیش ہونے کیلئے فہمیدہ مرزا کے ہمراہ کراچی پہنچے، فہمیدہ مرزا کا کہنا ہے عدالتوں سے انصاف کی امید ہے۔

    ذوالفقار مرزا مقدمات کے خلاف سماعت میں پیش ہونے کیلئے مرزا فارم ہاؤس سے کراچی کیلئے نکلے تو ایک لشکر ان کے ہمراہ تھا۔ ذوالفقار مرزا کا انداز پیشی پر جاتے ہوئے بھی وڈیرانہ دکھائی دیا، سیکڑوں حامیوں کا ساتھ اور سو کے لگ بھگ گاڑیوں کا قافلہ تھا،

     ٹھٹہ، گولاچی اور قائدآباد سمیت مختلف مقامات پر ذوالفقار مرزا کے قافلے پر پھول نچھاور کیے گئے۔

  • ذوالفقار مرزا عدالت میں پیشی کیلئے کراچی پہنچ گئے

    ذوالفقار مرزا عدالت میں پیشی کیلئے کراچی پہنچ گئے

    کراچی : سابق وزیر داخلہ ذوالفقار مرزا مقدمات کے خلاف سماعت میں پیش ہونے کیلئے اپنی اہلیہ فہمیدہ مرزا کے ہمراہ کراچی پہنچ گئے، وہ کل اپنے خلاف زیر سماعت مقدمات میں سندھ ہائی کورٹ میں پیش ہونگے۔

    ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کا کہنا ہے کہ ہمیں عدالتوں سے انصاف کی امید ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    اس سے قبل سابق وزیر داخلہ ذوالفقار مرزا اپنے اوپر قائم مقدمات کے خلاف سماعت میں پیش ہونے کیلئے مرزا فارم ہاؤس سے کراچی کیلئے نکلے تو ایک بڑا لشکر ان کے ہمراہ تھا۔

    ذوالفقار مرزا کا انداز پیشی پر جاتے ہوئے بھی وڈیرانہ دکھائی دیا۔ سیکڑوں حامیوں کا ساتھ اور سو کے لگ بھگ گاڑیوں کا قافلہ ان کے ہمراہ تھا۔

    شوہر کی حمایت میں آگے آنیوالی سابق اسپیکر قومی اسمبلی فہمیدہ مرزا بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ ذوالفقار مرزا نے تو میڈیا سے بات نہ کی لیکن فہمیدا مرزا نے کہا کہ عدالتوں سے انصاف کی امید ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مقدمات سیاسی بنیادوں پر بنائے گئے،بہت سے کارکن ایسے ہیں جو واقعہ کے وقت موجود ہی نہیں تھے لیکن انہیں ملزم نامزد کر دیا گیا ایسا جمہوریت میں نہیں ڈکٹیٹر شپ میں ہوتا ہے۔

    واضح رہے کہ ذوالفقار مرزا اور ان کے ساٹھ ساتھیوں کے خلاف تین روز قبل توڑ پھوڑ ، ہنگامہ آرائی اور دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کئے گئے تھے جن میں سے چار کو گرفتار بھی کیا جا چکا ہے۔

    ٹھٹہ، گولارچی اور قائدآباد سمیت مختلف مقامات پر ذوالفقار مرزا کے قافلے پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔

  • خاندان کو سندھ حکومت سے خطرہ ہے، ڈاکٹر فہمیدہ مرزا

    خاندان کو سندھ حکومت سے خطرہ ہے، ڈاکٹر فہمیدہ مرزا

    اسلام آباد: ذوالفقار مرزا کی اہلیہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کہتی ہیں ان کے خاندان کو سندھ حکومت سے خطرہ ہے۔

    سندھ حکومت اور پیلزپارٹی کے رہنما ذوالفقار مرزا کے مقابل آئےتو ڈاکٹر فہمیدہ مرزا بھی اپنے شوہر کے دفاع میں کھڑی ہوگئیں ۔

    اے آروائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کا کہنا تھا ان کے خاندان کو سندھ حکومت سے خطرہ ہے۔

    ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے انکشاف کیا کہ پولیس پرڈاکٹر ذوالفقارمرزاکی گرفتاری کے لیے اوپر سے دباؤ ہے ۔

    ڈاکٹر فہمیدہ مرزاکا کہنا تھا منصوبہ بندی کے تحت کچھ لوگ ان کے خاندان کو پارٹی سے باہر کرنا چاہتے ہیں۔

     ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کا کہنا تھا سندھ حکومت کی یہ عجیب منطق ہے کہ وہ کسی کا گلا بھی دبائے اور یہ بھی چاہے کہ کوئی چیخے بھی نہیں۔

  • چیف جسٹس آف پاکستان بدین صورتحال کا نوٹس  لیں،  فہمیدہ مرزا

    چیف جسٹس آف پاکستان بدین صورتحال کا نوٹس لیں، فہمیدہ مرزا

    کراچی : سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور سابق صوبائی وزیرداخلہ ڈاکٹرذوالفقار مرزاکی اہلیہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ ڈاکٹرذوالفقار مرزا پر اگر کوئی کیس ہے تو کیا انہیں عدالت جانے کا کوئی حق نہیں ؟

    ضمانت کے باوجود سترہ اٹھارہ پولیس موبائلیں گھر کے باہر کھڑی ہیں۔ بدین میں مرزا فارم ہائوس پر آپریشن کی صورتحال پیدا کی جا رہی ہے، چیف جسٹس سے اپیل ہے کہ وہ اس صورتحال کا فوری نوٹس لیں۔

    ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    تفصیلات کے مطابق فہمیدہ مرزا اپنے شوہر کےدفاع کیلئے میدان میں آگئیں، ان کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات کے ذمہ دار وزیراعلیٰ سندھ ہیں۔

    عدالتی حکم کے باوجود پولیس سے فائرنگ کروائی گئی۔ آئی جی سندھ بتائیں کے عدالتی حکم کے باوجود مرزا فارم ہائوس پر پولیس کیوں تعینات کی گئی ہے۔

    گزشتہ تین روز سے آپریشن کی صورتحال پیدا کی جا رہی ہے۔ ذوالفقار مرزا کی سیکیورٹی پر تشویش ہے۔ پولیس میں سیاسی مداخلت واضح نظر آر ہی ہے۔ ایسے پولیس افسران بدین بھیجیں جو سیاست میں ملوث نہ ہوں۔

    میری چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل ہے کہ وہ صورتحال کا فوری نوٹس لیں، ان کا کہناتھا کہ ہم نے پیپلز پارٹی کیلئے بے شمار قربانیاں دیں ہیں، گھر کے باہر موبائلیں کھڑی کرکے آپریشن کا تاثر دیا جا رہا ہے۔

    ڈاکٹر ذوالفقار مرزا اور کارکنان پر دہشت گردی کے مقدمات قائم کردئیے گئے،یہ کہاں کا انصاف ہے؟ انہوں نے کہا کہ وفاق مضبوط آئی جی سندھ اور چیف سیکریٹری تعینات کرے۔

    ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کا کہنا تھا کہ ذوالفقار مرزا پر کیس ہے تو کیا انھیں عدالت میں جانے کا حق نہیں ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکام کی جانب سے مرزا فارم ہائوس پر کھانے اور پینے کی اشیاء لے جانے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

    ہماری طاقت غریب بدین کے عوام تھے۔ ذوالفقار مرزا طویل عرصے سے پارٹی کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں۔ بدین میں چھاپوں کی مذمت کرتی ہوں۔

  • ذوالفقارمرزا کی گرفتاری سے قبل حفاظتی ضمانت منظور

    ذوالفقارمرزا کی گرفتاری سے قبل حفاظتی ضمانت منظور

    بدین: سابق وزیرداخلہ سندھ ذوالفقار مرزا نے گرفتاری پیش کرنے کا فیصلہ کیاہی تھا کہ ضمانت منظور ہوگئی۔

    سندھ ہائی کورٹ نے ذوالفقار مرزا کی حفاظتی ضمانت چھ مئی تک منظور کر لی ہے، یہ ضمانت ان تین مقدمات کے خلاف منظور ہوئی ہے ۔

    گزشتہ روز سابق وزیر داخلہ نے تھانے پر حملے کے دوران پولیس افسر کو دھکے اور دھمکیاں دی تھیں۔

    گزشتہ روز سابق وزیرِ داخلہ سندھ ذوالفقار مرزا بندوق برداروں کے ہمراہ بدین کی سڑکوں پر گشت کرتے رہے،  مسلح حامیوں کو ساتھ لے کردندناتے ہوئے تھانےمیں گھس گئے اور ڈی ایس پی کو ڈراتے دھمکاتے رہے، مکہ مار کر میز پر رکھا شیشہ بھی توڑ ڈالا۔

    سابق وزیرِداخلہ سخت طیش میں تھے، ڈی ایس پی عبدالقادرسموں کو بازو سے پکڑ کر گھسیٹا اور اس کا موبائل دیوار پر دے مارا، ذوالفقار مرزا کا اصرار تھا کہ ساتھیوں کو اغواء کرنے کی کوشش کا پولیس اہلکاروں کےخلاف پرچہ درج کیا جائے۔

    ذوالفقار مرزا نے حفاظتی ضمانت اور گرفتاری رکوانے کے لیے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا انہوں نے کہاتھا کہ گرفتاری یا جیل جانے سے نہیں ڈرتا اچھا ہے کہ میرے اور آصف زرداری کے درمیان واضح لائن کھنچ جائے تاکہ لڑائی میں مزا آئے۔