Tag: رئیس مما

  • ایم کیو ایم کے سابق سیکٹر انچارج کو 5 سال قید، واسع جلیل مفرور قرار

    ایم کیو ایم کے سابق سیکٹر انچارج کو 5 سال قید، واسع جلیل مفرور قرار

    کراچی: عدالت نے منی لانڈرنگ کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے ایم کیو ایم کے سابق سیکٹر انچارج رئیس مما کو 5 سال قید اور واسع جلیل کو مفرور قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق منی لانڈرنگ کیس میں کراچی میں عدالت نے مقدمے کا فیصلہ سنادیا، ایم کیو ایم کے سابق سیکٹر انچارج رئیس مما کو 5 سال قید کا حخم دے دیا گیا، عدالت نے ملزم پر پچاس ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔

    فیصلے کے مطابق ملزم رئیس مما کے ڈی اے کا ملازم رہ چکا ہے، ملازمت کے دوران منی لانڈرنگ کے لیے اپنی نوکری کا استعمال کیا۔

    پولیس کے مطابق ملزم رئیس مما ایم کیو ایم کورنگی کے سیکٹر کا انچارج تھا، ملزم کو ملائیشیا سے گرفتار کیا گیا تھا۔

    مزید پڑھیں: رئیس مما سے تحقیقات کیلئے سینئرافسران پرمشتمل جے آئی ٹی تشکیل

    وکیل کے مطابق ملزم پر پولیس مقابلہ، قتل، بھتہ خوری ودیگر 18 مقدمات درج ہیں، مقدمے میں ایم کیو ایم لندن کے رہنما واسع جلیل مفرور ہیں۔

    واضح رہے کہ دو سال قبل اپریل میں ایم کیو ایم لندن کے ٹارگٹ کلر رئیس مما سے تحقیقات کے لئے رینجرز، سی ٹی ڈی اور اسپیشل برانچ کے افسران پر مشتمل جے آئی ٹی تشکیل دی گئی تھی۔

    یاد رہے کہ رئیس مما نے عدالت میں اپنا بیان ریکارڈ کراتے ہوئے یہ اعتراف کیا تھا کہ ایک سیاسی جماعت کی قیادت کے حکم پر ٹارگٹ کلنگ کی، اس کے علاوہ ملزم نے سیکیورٹی اہلکاروں کو بھی قتل کرنے کا اعتراف کیا تھا۔

  • بڑی کارروائی، رئیس مما کا ساتھی ایم کیو ایم لندن کا ٹارگٹ کلر گرفتار

    بڑی کارروائی، رئیس مما کا ساتھی ایم کیو ایم لندن کا ٹارگٹ کلر گرفتار

    کراچی: ابراہیم حیدری پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے رئیس مما کا ساتھی ایم کیو ایم لندن کا ٹارگٹ کلر زاہد بنگالی کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس نے شہرقائد کے علاقے ابراہیم حیدری میں کامیاب کارروائی کی جس کے نتیجے میں ایم کیو ایم لندن کے ٹارگٹ کلر زاہد بنگالی کی گرفتاری عمل میں آئی، گرفتار ملزم بدنام زمانہ کلر رائیس مما کا ساتھی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم زاہد بنگالی سے دستی بم اور پستول برآمد ہوئی، مبینہ ٹارگٹ کلر سیاسی مخالفین اور شہریوں کے قتل میں ملوث ہے، ملزم سے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    ایم کیوایم لندن سے تعلق رکھنے والے گرفتار ٹارگٹ کلر کے سنسنی خیز انکشافات

    خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی کراچی پولیس نے ایم کیوایم لندن سے تعلق رکھنے والے ٹارگٹ کلر کو گرفتار کیا تھا، ملزم نے اٹھارہ سال میں پینتیس افراد کی ٹارگٹ کلنگ کا اعتراف کرتے ہوئے انکشاف کیا تھا کہ بیس فیصد مافیا اور اسی فیصد سیاستدانوں نے شہر قائد کے حالات خراب کیے۔

  • رئیس مما سے تحقیقات کیلئے سینئرافسران پرمشتمل جے آئی ٹی تشکیل

    رئیس مما سے تحقیقات کیلئے سینئرافسران پرمشتمل جے آئی ٹی تشکیل

    کراچی : ایم کیو ایم لندن کے ٹارگٹ کلر رئیس مما سے تحقیقات کے لئے رینجرز، سی ٹی ڈی اور اسپیشل برانچ کے افسران پر مشتمل جے آئی ٹی تشکیل دے دی گئی، رینجرز نے مختلف علاقوں سے سات ملزمان کو حراست میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق انٹرپول کی مدد سے ملائیشیا سے گرفتار ہونے والے ایم کیو ایم لندن کے ٹارگٹ کلر رئیس مما سے تحقیقات کے لئے عدالت نے جےآئی ٹی تشکیل دے دی۔

    اس حوالے سے محکمہ داخلہ سندھ نے جے آئی ٹی کی تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، مذکورہ جےآئی ٹی میں رینجرز، سی ٹی ڈی اور اسپیشل برانچ کے افسران شامل ہوں گے، اس کے علاوہ جے آئی ٹی میں حساس ادارے کےافسران کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق ایس ایس پی انویسٹی گیشن کورنگی جےآئی ٹی کے سربراہ مقرر کیے گئے ہیں، جے آئی ٹی 15روزمیں تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ پیش کرے گی۔

    واضح رہے کہ ایم کیو ایم کے سابق سیکٹر انچارج اور سنگین جرائم میں ملوث ٹارگٹ کلر رئیس مما نے عدالت میں اپنا بیان ریکارڈ کراتے ہوئے یہ اعتراف کیا تھا کہ ایک سیاسی جماعت کی قیادت کے حکم پر ٹارگٹ کلنگ کی، اس کے علاوہ ملزم نے سیکیورٹی اہلکاروں کو بھی قتل کرنے کا اعتراف کیا۔

    مزید پڑھیں: پارٹی قیادت کے حکم پر قتل اور بھتہ خوری کی، رئیس مما کا عدالت میں اعتراف

    علاوہ ازیں کراچی میں رینجرز نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرکے7ملزمان کو گرفتار کرلیا، اس حوالے سے رینجرز ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں ڈیفنس، بلال کالونی، محمودآباد، کورنگی، چاکیواڑہ اور آرام باغ میں کی گئیں۔

    ملزمان ڈکیتی، اسٹریٹ کرائم اور منشیات فروشی کی وارداتوں میں ملوث ہیں، ملزمان سے غیرقانونی اسلحہ، منشیات اور دیگر مسروقہ سامان بھی برآمد ہواہے۔

    دوسری جانب کراچی کے علاقے ڈیفنس میں ڈکیتی میں مزاحمت پرفائرنگ سے زخمی ہونے والا شخص دوران علاج دم توڑ گیا۔

  • پارٹی قیادت کے حکم پر قتل اور بھتہ خوری کی، رئیس مما کا عدالت میں اعتراف

    پارٹی قیادت کے حکم پر قتل اور بھتہ خوری کی، رئیس مما کا عدالت میں اعتراف

    کراچی : ایم کیوایم کے مبینہ ٹارگٹ کلر رئیس مما کو کراچی کی عدالت میں پیش کردیا گیا، ملزم نے دفعہ ایک سو چونسٹھ کے تحت اعترافی بیان ریکارڈ کراتے ہوئے قتل و غارت سمیت اہم انکشافات کردیئے۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کا سابق سیکٹر انچارج اور سنگین جرائم میں ملوث ملزم رئیس مما نے عدالت کے سامنے ایک سیاسی جماعت کی قیادت کے حکم پر ٹارگٹ کلنگ کا اعتراف کرلیا،ملزم نے سکیورٹی اہلکاروں کو بھی نشانہ بنانے کا اعتراف کیا ہے۔

    ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری کے الزامات میں گرفتار ایم کیو ایم کے سابق سیکٹر انچارج رئیس مما کو نبی بخش پولیس نے سخت سکیورٹی میں سیشن کورٹ کراچی میں پیش کردیا۔

    دوران سماعت ملزم رئیس مما نے دفعہ 164کے تحت اعترافی بیان ریکارڈ کرادیا، ملزم نے انکشاف کیا کہ اسے مختلف سیاسی شخصیات کی سرپرستی حاصل رہی۔ سیاسی جماعت کے سربراہ کے حکم پر قتل وغارت کی اور سیکیورٹی اہلکاروں کو بھی نشانہ بنایا۔

    مزید پڑھیں: ٹارگٹ کلر رئیس مما 20روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

    رئیس مما نے بھتہ خوری اور غیرقانونی اسلحے کی لین دین کا بھی اعتراف کیا، تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کی نشاندہی پر گزشتہ دنوں عیدگاہ کے علاقے سے ہتھیاروں کی بڑی کھیپ بھی برآمد کی گئی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیاپر شیئر کریں۔  

  • بدنام زمانہ ٹارگٹ کلر رئیس مما 20روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

    بدنام زمانہ ٹارگٹ کلر رئیس مما 20روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

    کراچی : انٹرپول کی مدد سے ملائیشیا سے گرفتار ہونے والے ایم کیو ایم لندن کے ٹارگٹ کلر کو بیس روز کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا، ملزم نے ابتدائی تفتیش میں اہم انکشافات کیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سنگین جرائم میں کراچی پولیس کو مطلوب ایم کیو ایم لندن کے ٹارگٹ کلر رئیس مما نے تفتیش میں بڑے انکشاف کر دیئے۔ پولیس نے ان انکشافات کی تحقیقات کے لئے جےآئی ٹی بنانے کا فیصلہ کرلیا۔

    قتل، دہشت گردی، بھتہ خوری  اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث  مطلوب مبینہ ٹارگٹ کلر رئیس مما پولیس کی گرفت میں آگیا، ایم کیو ایم کورنگی کے سابق سیکٹر انچارج کو انٹرپول کی مدد سےملائیشیا سے گرفتارکر کے گزشتہ روز پاکستان لایا گیا۔

    ملزم کو کراچی ایئر پورٹ سے پولیس نے اپنی حراست میں لے لیا، ملزم رئیس مما کو آج سندھ ہائی کورٹ میں پیش کیا گیا، اس موقع پر سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے، عدالت نے پولیس کی استدعا پر ملزم کو بیس دن کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

    پولیس کے مطابق دوران تفتیش ملزم نے بتایا کہ وہ ایم کیو ایم لندن رابطہ کمیٹی کے انچارج حماد صدیقی کا فرنٹ مین تھا،چکراگوٹھ میں پولیس وین پر فائرنگ کی تھی،جس میں بارہ سے زائد اہلکاروں کو موت کے گھاٹ اتارا گیا۔

    مزید پڑھیں:  ٹارگٹ کلر رئیس مما انٹرپول کے ذریعے گرفتار، ملزم ملائیشیا سے پاکستان منتقل

    اس کے علاوہ ایم کیوایم حقیقی کے درجنوں کارکنوں سمیت لیاری گینگ وار عزیرگروپ کے کمانڈر ملا راجو اور اس کے درجن سے زائد ساتھیوں کو قتل کیا۔ ملزم کے خلاف تھانہ کورنگی میں چار اور زمان ٹاؤن میں آٹھ مقدمات کا ریکارڈ ملا ہے، رئیس مما سے تفتیش کے لئے جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • انتہائی مطلوب ٹارگٹ کلر رئیس مما انٹرپول کے ذریعے گرفتار، ملزم ملائیشیا سے پاکستان منتقل

    انتہائی مطلوب ٹارگٹ کلر رئیس مما انٹرپول کے ذریعے گرفتار، ملزم ملائیشیا سے پاکستان منتقل

    کراچی: ایم کیو ایم سے تعلق رکھنے والا انتہائی مطلوب ٹارگٹ کلر رئیس مما کو انٹرپول کے ذریعے گرفتار کر لیا گیا.

    تفصیلات کے مطابق ایم کیوایم کے سابق سیکٹر انچارج کورنگی رئیس مما کو پولیس نے کراچی ایئرپورٹ پر اپنی تحویل میں لیا. رئیس مما کو دو ماہ پہلے ملائیشیا میں گرفتار کیا گیا تھا۔

    سانحہ بلدیہ فیکٹری اور چکرا گوٹھ کیس میں مبینہ طور پر ملوث ایم کیو ایم کے مفرور سابق سیکٹر انچارج کو کراچی تنظیمی کمیٹی کے سابق انچارج حماد صدیقی کا قریبی ساتھی تصور کیا جاتا ہے، ملزم دہشت گردی، قتل اور بھتہ خوری کے کئی مقدمات میں مطلوب تھا۔ ایس ایس پی کورنگی کے مطابق ملزم رئیس مما سے مزید تفتیش جاری ہے۔

    یاد رہے کہ دو ماہ قبل ملائیشیا میں رئیس مما کی گرفتاری انٹرپول کے ذریعے عمل میں لائی گئی، البتہ ملزم کی پاکستان منتقلی سے متعلق متفرقہ اطلاعات تھی، البتہ اب انتہائی مطلوب ٹارگٹ کلر کو پاکستان منتقل کر دیا گیا، جہاں سیکیورٹی اداروں نے اسے تحویل میں لے لیا ہے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس کے مرکزی ملزم رحمان بھولا کو بھی انٹر پول کے ذریعے ملائیشیا کے ایک ہوٹل سے حراست میں لیا گیا تھا اور رحمان بھولا آج کل عدالتوں میں پیشیاں بھگت رہا ہے، اس تناظر میں رئیس مما کی گرفتاری مزید اہمیت اختیار کر گئی ہے.

    یاد رہے کہ چند ماہ قبل حماد صدیقی کی دبئی سے گرفتاری کے فوری بعد رئیس مما کی گرفتاری کی اطلاعات بھی موصول ہوئی تھیں۔


    ایم کیوایم کے سابق سیکٹرانچارج رئیس مما ملائیشیا سے گرفتار


    کراچی میں خوف اور دہشت کی علامت رئیس مما کون ہے ؟


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • کراچی میں خوف اور دہشت کی علامت رئیس مما کون ہے ؟

    کراچی میں خوف اور دہشت کی علامت رئیس مما کون ہے ؟

    ایم کیو ایم کے تنظیمی ڈھانچے اور نظم و ضبط کی عملداری میں ریڑھ کی ہڈی رکھنے والا عہدہ سیکٹر انچارج کا ہوتا ہے، ایک سیکٹر دس سے پندرہ یونٹس پر مشتمل ہوتا ہے اور عمومی طور پر ایک یونٹ بلدیاتی نظام کے ایک یونین کونسل یا وارڈ کے برابر ہوتا ہے جب کہ سیکٹر ایک ٹاؤن کے برابر ہوتے تاہم کچھ ٹاؤنز میں دو سیکٹرز بھی آتے ہیں.

    سیکٹر انچارج دس سے بارہ رکنی سیکٹر کمیٹی کی سرپرستی کرتا ہے وہ نہ صرف تنظبیمی معاملات بلکہ اراکین اسمبلی کے چناؤ میں بھی کلیدی کردار ادا کرتا ہے، اور اراکین اسمبلی اپنے ترقیاتی بجٹ کے استعمال اور روازنہ سیکٹر آفس میں حاضری کے لیے سیکٹر انچارج کا پابند ہوتا ہے اور علاقے میں بھی ایک سیکٹر انچارج کی خوب دھاک بیٹھی ہوتی ہے.

    یوں تو کراچی میں ایم کیو ایم کے کم وبیش چوبیس سیکٹرز ہیں تاہم ان سیکٹرز انچارجز میں رئیس مما کو یہ فوقیت حاصل ہے کہ وہ دیگر انچارجز کی نسبت طویل عرصے سے اس عہدے پر فائز رہا ہے جو شاید کسی اور سیکٹر انچارج کے حصے میں نہیں آئی وہ مرکزی رہنماؤں کے قریب بھی سمجھا جاتا تھا جب کہ 1992 کے آپریشن کے بعد جب یہاں ایم کیو ایم حقیقی  نے اپنا زور پیدا کیا تھا اسے توڑنے میں بھی رئیس مما نے اہم کردار ادا کیا.

    رئیس مما کا نام ایم کیو ایم حقیقی کے ساتھ ہونے والے تصادم کے بعد منظرعام پر آنے لگا تھا اور کورنگی و لانڈھی تھانے میں کئی ایف آرز بھی درج ہوئیں 1999 کے بعد رئیس مما مخالف سیاسی جماعت کو کورنگی سے بھگانے میں کامیاب ہوا اور بہ طور سیکٹر انچارج ایم کیو ایم کو دوبارہ سے مضبوط و منظم کیا اور کئ نئے  یونٹس آفسز کھولنے میں کامیاب ہوا.

    رئیس مما کو میڈیا پر اس وقت شہرت ملی جب 2010 میں چکرا گوٹھ کے علاقے میں  پولیس بس پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس کے بعد پولیس اور ملزمان کے درمیان مورچہ بند فائرنگ ہوئی جس کے نتیجے میں دو ملزمان کامران عرف مادھوری اور سہیل عرف کمانڈر کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا تھا جنہوں نے دوران تفتیش رئیس مما کا نام لیا تھا.

    رئیس مما کا نام عام انتخابات 2002، 2008، 2013 اور بلدیاتی الیکشن 2005 اور 2015 میں کورنگی اور لانڈھی میں ایم کیو ایم حقیقی اور جماعت اسلامی کے زیر اثر علاقے سے ایم کیو ایم کے نمائندوں کی کامیابی کے لیے متحرک اور سرگرم کردار کے طور ہر سامنے آیا جب کہ سانحہ بلدیہ فیکٹری کی تحقیقات میں بھی رئیس مما کا نام گردش کرتا رہا ہے.

    رئیس مما نے اپنے عہدے کے دوران زیادہ تر کام حماد صدیقی کی سربراہی میں کیا جس کے باعث کہا جاتا ہے کہ وہ حماد صدیقی کے قریبی ساتھیوں میں سے تھا اور اسی کے کہنے پر ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور سیاسی مخالفین کو تشدد کا نشانہ بنایا کرتا تھا شاید یہی وجہ ہے کہ 2013 کے بعد حماد صدیقی کے منظر عام سے غائب ہونے کے بعد دبئی میں رئیس مما بھی روپوشی اور گمنامی کی زندگی بسر کررہا تھا.

    بانی ایم کیو ایم کی 2013 میں رابطہ کمیٹی سے ناراضی اور رابطہ کمیٹی و کراچی تنظیمی کمیٹی کو معزول کرنے کے بعد نئی رابطہ کمیٹی تشکیل دی گئی جس میں ایم کیو ایم حقیقی سے واپس آئے عامر خان کو ڈپٹی کنونیر بنایا گیا جنہوں نے رئیس مما کو ماضی کی تلخیوں کے باعث سیکٹر کے عہدے پر بحال نہیں کیا اور انہیں مرکز کے الیکشن میں رپورٹ کرنے کو کہا گیا.

    رئیس مما نے عامر خان کے فیصلے کو سنی ان سنی کرتے ہوئے مقررہ وقت تک مرکزی الیکشن سیل میں رپورٹ نہیں کیا جس پر نظم و ضبط کی خلاف ورزی کے تحت رئیس مما کی تنظیمی رکنیت معطل کر کے کسی بھی قسم کی تنظیمی سرگرمیوں سے دور کردیا گیا تھا تاہم مارچ 2015 میں ایم کیو ایم کے مرکز پر چھاپے کے بعد سے رئیس مما روپوش تھا جسے آج ملائیشیا سے حراست میں لے لیا گیا.

    دوسری جانب سانحہ بلدیہ فیکٹری کے مرکزی ملزم حماد صدیقی کو پہلے ہی دبئی میں حراست سے لے لیا گیا ہے جب کہ اس قبل بلدیہ ٹاؤن کے سابق سیکٹر انچارج رحمان بھولا کو ملائیشیا سے حراست میں لے کر پاکستان لایا جا چکا ہے اور آج رئیس مما کی ملائیشیا سے گرفتاری سے سانحہ بلدیہ فیکٹری کے مظلوموں کو انصاف ملنے کی توقع پوری ہوتی نظر آرہی ہے.

  • ایم کیوایم کے سابق سیکٹرانچارج رئیس مما ملائیشیا سے گرفتار

    ایم کیوایم کے سابق سیکٹرانچارج رئیس مما ملائیشیا سے گرفتار

    کراچی : ایم کیوایم کے سابق سیکٹر انچارج کورنگی رئیس مما کو ملا ئیشیا سے حراست میں لے لیا گیا ہے.

    تفصیلات کے مطابق سانحہ بلدیہ فیکٹری اور چکرا گوٹھ کیس میں مبینہ طور پر ملوث ایم کیو ایم کے مفرور سابق سیکٹر انچارج کورنگی رئیس مما کو کورنگی سے گرفتار کر لیا گیا ہے وہ کراچی تنظیمی کمیٹی کے سابق انچارج حماد صدیقی کا قریبی ساتھی تصور کیا جاتا ہے.

    ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کے سیکٹر انچارج رئیس مما کی گرفتاری انٹر پول کے ذریعے عمل میں لائی گئی تاہم اُن کی پاکستان آمد اور تحقیقاتی اداروں کو حوالگی سے متعلق کوئی خبر موصول نہیں ہوئی ہے تاہم حماد صدیقی کی دبئی سے گرفتاری کے فوری بعد رئیس مما کی گرفتاری کو بڑی کامیابی تصور کیا جارہا ہے.

     

     اسی سے متعلق : متحدہ عرب امارات نے حماد صدیقی کو پاکستان کے حوالے کردیا

    خیال رہے کہ اس سے قبل سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس کے مرکزی ملزم رحمان بھولا کو بھی انٹر پول کے ذریعے ملائیشیا کے ایک ہوٹل سے حراست میں لیا گیا تھا اور رحمان بھولا آج کل عدالتوں میں پیشیاں بھگت رہا ہے، اس تناظر میں رئیس مما کی گرفتاری مزید اہمیت اختیار کر گئی ہے.

    یاد رہے 11 مارچ 2015 کو ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر رینجرز نے چھاپا مار کارروائی کرتے ہوئے ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری سمیت سنگین مقدمات میں مطلوب ملزمان عبید کے ٹو، نادر شاہ اور فرحان دانش سمیت 150 سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا تھا.

     یہ بھی پڑھیں : ملائیشیا سے گرفتار عبدا لرحمان بھولا کراچی منتقل

    ایم کیو ایم کے مرکز سے خطرناک ملزمان کی گرفتاری کے بعد رئیس مما پاکستان چھوڑ کر ملائیشیا فرار ہو گیا تھا جس کی تلاش قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جا ری رکھی اور ملائشیا فرار ہونے کی مصدقہ اطلاعات کے بعد انٹرپول سے رابطہ کر کے با لآخر رئیس مما کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہو گئے جس سے کئی اہم انکشافات کی توقع ہے.