Tag: رئیل اسٹیٹ

  • غزہ رئیل اسٹیٹ کا انتہائی زبردست ٹکڑا ہے، ٹرمپ نے پھر فلسطینی علاقے پر نگاہیں گاڑ دیں

    غزہ رئیل اسٹیٹ کا انتہائی زبردست ٹکڑا ہے، ٹرمپ نے پھر فلسطینی علاقے پر نگاہیں گاڑ دیں

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 61 ہزار معصوم فلسطینیوں کے خون سے رنگین غزہ کو ’رئیل اسٹیٹ کا زبردست ٹکڑا‘ قرار دے دیا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر نے غزہ پر ایک بار پھر نگاہیں گاڑ دی ہیں، اسرائیلی وزیر اعظم سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کے موقع پر صدر ٹرمپ نے کہا کہ یہ فلسطینی پٹی رئیل اسٹیٹ کا ایک انتہائی زبردست ٹکڑا ہے۔

    انھوں نے کہا ’’میرے خیال میں یہ بہت اہم رئیل اسٹیٹ کا ایک انتہائی زبردست ٹکڑا ہے، اور مجھے لگتا ہے کہ یہ ایسی چیز ہے جس میں ہم شامل ہونا چاہیں گے۔‘‘

    ٹرمپ نے کہا غزہ جنگ کو رکنے میں زیادہ وقت نہیں لگے گا، امریکی امن فورس کا غزہ کی پٹی پر کنٹرول کرنا اور اس کی ملکیت حاصل کرنا ایک اچھی بات ہوگی، ہم حماس کے زیر حراست یرغمالیوں کی رہائی کے لیے کام کر رہے ہیں۔


    ٹرمپ اور نیتن یاہو کا ملاقات کے بعد حماس سے مذاکرات کا انکشاف


    اے ایف پی کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ کو امریکا کے لیے بارہا ایک کاروباری موقع کے طور پر دیکھا اور بیان کیا ہے، اور انھوں نے کہا کہ غزہ کو ’’مشرق وسطیٰ کے رویرا‘‘ میں تبدیل کیا جا سکتا ہے، تاہم فلسطینی غزہ کو اپنی مستقبل کی ریاست کے ایک حصے کے طور پر دیکھنا چاہتے ہیں۔

    دنیا بھر کے ممالک اور بالخصوص عرب اقوام نے ٹرمپ کی تجویز کو سختی سے مسترد کیا ہے، جن میں مصر اور اردن بھی شامل ہیں، جہاں ٹرمپ نے غزہ کے فلسطینیوں کو رہنے کے لیے بھیجنے کا مشورہ دیا تھا۔

    ٹرمپ نے کہا ’’آپ جانتے ہیں، غزہ میں امریکا جیسی امن فورس کا ہونا، غزہ کی پٹی کو کنٹرول کرنا اور اس کا مالک ہونا ایک اچھی بات ہوگی، کیوں کہ ابھی… میں صرف قتل اور حماس اور مسائل کے بارے میں سنتا ہوں۔‘‘

    انھوں نے مزید کہا: ’’اور اگر آپ ان فلسطینیوں کو لے جائیں، اور انھیں مختلف ممالک میں منتقل کر دیں، اور آپ کے پاس بہت سے ممالک ہیں جو ایسا کریں گے، پھر آپ کے پاس واقعی ایک ایسا علاقہ ہوگا جہاں آزادی ہی ہوگی۔‘‘

  • غزہ میں کوئی رئیل اسٹیٹ آپریشن نہیں چل رہا، فرانسیسی صدر کا ٹرمپ کے بیان پر رد عمل

    غزہ میں کوئی رئیل اسٹیٹ آپریشن نہیں چل رہا، فرانسیسی صدر کا ٹرمپ کے بیان پر رد عمل

    پیرس: فرانس کے صدر امانوئیل میکرون نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا غزہ سے متعلق منصوبہ مسترد کر دیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فرانسیسی صدر امانوئیل میکرون نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ سے متعلق منصوبوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ 20 لاکھ لوگوں سے یہ نہیں کہا جا سکتا کہ آپ کہیں اور چلے جائیں۔

    انھوں نے کہا فلسطینیوں اور ان کے عرب پڑوسیوں کی عزت و احترام کا خیال کیا جائے، یہ ریئل اسٹیٹ آپریشن نہیں بلکہ سیاسی آپریشن ہونا چاہیے۔

    فرانس کے صدر میکرون نے غزہ میں اسرائیل کی جنگ پر بھی تنقید کی، اور کہا کہ میں نے ہمیشہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو سے اپنے اختلاف کا اعادہ کیا ہے، اور کہا تھا کہ سویلینز کو نشانہ بنانے والا اتنا بڑا آپریشن درست نہیں ہے۔

    غزہ میں ذاتی جائیداد نہیں بنا رہے، ٹرمپ

    میکرون نے سی این این کو انٹرویو میں، اردن اور مصر دونوں کی جانب سے غزہ کے پناہ گزینوں کی بڑی تعداد کو قبول نہ کرنے کی خواہش اور فلسطینیوں کی اپنے آبائی علاقوں میں رہنے کی خواہش کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’غزہ کی تعمیر نو کے لیے کسی بھی ’’مؤثر‘‘ اقدام کا یہ مطلب نہیں ہے کہ آپ لوگوں یا ممالک کے احترام میں کمی کریں۔‘‘

    واضح رہے کہ فرانس کے صدر امانوئیل میکرون غزہ اور لبنان میں اسرائیل کی جارحانہ فوجی کارروائیوں والی پالیسی اور طرز عمل کو عوامی سطح پر مسترد کرتے آ رہے ہیں۔ فرانس نے اکتوبر 2024 میں اسرائیل ڈیفنس فورسز (IDF) کو ہتھیاروں کی برآمدات معطل کر دی تھیں، اور دیگر ممالک سے بھی اس کی پیروی کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

    ٹرمپ کی طرف سے پیش کی گئی اشتعال انگیز تجویز میں، فلسطینیوں کو غزہ سے ہمسایہ ممالک مصر اور اردن منتقل کرنے کے منصوبے کا خاکہ پیش کیا گیا ہے، جب کہ امریکا کو غزہ کی ’’طویل مدتی ملکیت‘‘ لینی ہے۔

  • پلاٹس کی خرید و فروخت پر ٹیکس میں اضافہ کیا جائے گا، آئی ایم ایف کو یقین دہانی

    پلاٹس کی خرید و فروخت پر ٹیکس میں اضافہ کیا جائے گا، آئی ایم ایف کو یقین دہانی

    اسلام آباد: ایف بی آر نے رئیل اسٹیٹ سیکٹر کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے آئی ایم ایف کو یقین دہانی کرا دی۔

    ایف بی آر ذرائع کے مطابق پلاٹس کی خرید و فروخت پر نان فائلرز کے لیے ٹیکس بڑھایا جائے گا، اور ہاؤسنگ سوسائٹیز کی رجسٹریشن کی جائے گی۔

    ایف بی آر نے رئیل اسٹیٹ سیکٹر کو دستاویزی بنانے کے لیے کیش لین دین کی بجائے بینکنگ چینل استعمال کرنے کی تجویز دے دی، ہاؤسنگ سوسائٹیز میں پلاٹس کی کٹنگ، لینڈ پرچیزنگ سمیت تمام ریکارڈ کی رجسٹریشن کی جائے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاق اور صوبوں میں رئیل اسٹیٹ سیکٹر کی ٹیکسیشن پر ہم آہنگی کی رپورٹ آئی ایم ایف کو دی جائے گی، اور پراپرٹی ایجنٹس کا ڈیٹا، پلاٹس کی خرید و فروخت کو ایف بی آر میں رجسٹرڈ کیا جائے گا، رئیل اسٹیٹ سیکٹر کی اَن ڈاکیومینٹڈ ٹرانزکشنز ختم کرنے کے لیے آئندہ بجٹ میں اقدامات ہوں گے، آئندہ وفاقی بجٹ میں پراپرٹی سیکٹر میں فائلز کی لین دین پر ٹیکس عائد کرنے کی تجاویز جلد تیار کی جائیں گی۔

    پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان آئندہ ہفتے اسٹاف لیول معاہدے کا امکان

    قرض کے لیے پاکستان کی آئی ایم ایف کو بڑی یقین دہانیاں

    ذرائع کے مطابق پلاٹس کی خرید و فروخت کرنے والے نان فائلرز کے لیے ٹیکسز کی شرح مزید بڑھائی جائے گی، فی الوقت 7 فی صد وِد ہولڈنگ اور 4 فی صد گین ٹیکس عائد ہے، تاہم ہاؤسنگ سوسائٹیز کی فائلز کی خرید و فروخت پر ٹیکس میکنزم نہ ہونے کے باعث ٹیکس چوری ہو رہا ہے۔

  • زمین ڈاٹ کام کا دبئی میں پاکستان پراپرٹی شو کا چوتھا کامیاب ایڈیشن، سرمایہ کاروں کی کثیر تعداد میں شرکت

    زمین ڈاٹ کام کا دبئی میں پاکستان پراپرٹی شو کا چوتھا کامیاب ایڈیشن، سرمایہ کاروں کی کثیر تعداد میں شرکت

    دبئی: پاکستان کے سب سے بڑے رئیل اسٹیٹ ادارے زمین ڈاٹ کام کی جانب سے ورلڈ ٹرید سینٹر دبئی میں چوتھے پاکستان پراپرٹی شو کا کامیاب انعقاد۔ یہ دو روزہ ایونٹ خلیجی خطوں میں مقیم  بیرون ملک پاکستانیوں اور سرمایہ کاروں کی ایک بڑی تعداد کومتوجہ کرنے میں کامیاب رہا ۔ شرکا کی جانب سےنمائش کے لیے پیش کیے گئے رئیل اسٹیٹ منصوبوں میں گہری دلچسپی کا اظہارکیا گیا ۔

    دو روزہ تقریب میں پاکستان سے 60 سے زائد ناموربلڈرز اور ڈویلپرزنے اپنے اپنے پراجیکٹس نمائش کے لیے پیش کئے،زمین ڈاٹ کام کے پراجیکٹس سمیت مجموعی طور پر 200 سے زائد  پراپرٹی منصوبوں کی نمائش کی گئ۔

    زمین ڈاٹ کام  کے زیراہتمام پاکستان پراپرٹی شو میں ریکارڈ 20,000 افراد نے شرکت کی۔ سالانہ ایونٹ کا ہدف خلیجی خطے میں  بسے تقریباً 40 لاکھ سمندرپارپاکستانیوں کوپاکستان کے بڑے شہروں میں سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرنا تھا

    تقریب میں اہم شخصیات شریک ہوئیں جن میں دبئی لینڈ ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل سلطان بٹی بن مجرن، اور پاکستان کے نامور صحافی شامل تھے۔ زمین ڈاٹ کام کے سی۔ای۔او ذیشان علی خان،کنٹری ہیڈ احمد بھٹی سیمت زمین کی سینئر مینیجمنٹ کے ممبران بھی اس موقع پرموجود تھے۔

    دبئی لینڈ ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل سلطان بٹی بن مجرن نے زمیں ڈاٹ کام کی اس کاوش کو سراہا اوراس پراپرٹی شو کو ایک شاندار اقدام  قرار دیا۔  انہوں نے کہا کہ پاکستان پراپرٹی شو کا افتتاح کرنا بڑے اعزاز کی بات ہے اور انہیں اس تقریب کا حصہ بننے پر فخر ہے، وہ مستقبل میں بھی زمین ڈاٹ کام کی جانب سے اسی طرح کے اقدامات کے منتظر رہیں گے۔

    پراپرٹی شو کی کامیابی پر تبصرہ کرتے ہوئے، زمین ڈاٹ کام کے سی ای او ذیشان علی خان نے کہا "ایک مرتبہ پھر، دبئی میں پاکستان پراپرٹی شوکا انقعاد ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔ 20,000 سے زائد شرکاء پاکستان کی پراپرٹی مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے صحیح مواقع تلاش کرنے میں بھرپور دلچسپی رکھتے ہیں۔ دبئی میں ہم 60 سے زائد نمائش کنندگان کو لائے ہیں جو اس وقت پاکستانی رئیل اسٹیٹ مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے شاندار مواقع فراہم  کر رہے ہیں ۔

    دو روزہ پروگرام کے دوران  ‘پاکستان میں رئیل اسٹیٹ بہترین سرمایہ کاری کیوں ہے’ کے عنوان سےایک اہم پینل سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ جس کو معروف ٹی وی اینکرز سید شفاعت علی اور شفاء یوسفزئی نے ماڈریٹ کیا۔ پینل میں شرکاء اور آن لائن ناظرین کو پراپرٹی سیکٹر کی موجودہ حالت اور اس کے مستقبل کے بارے میں معلومات فراہم کی گئیں ۔ پینل میں میڈیا کی ممتاز شخصیات وسیم بادامی، محمد مالک اور زمین ڈاٹ کام کے سی ای او ذیشان علی خان بھی شامل تھے

    پراپرٹی شو پاکستان پراپرٹی سیکٹر میں سستی اور قابل اعتماد سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کا ایک بہترین موقع تھا۔ اس ایونٹ نے لوگوں کو رئیل اسٹیٹ مارکیٹ کی تازہ ترین صورت حال کے بارے میں جاننے اور پاکستان کے رئیل اسٹیٹ پراجیکٹس تک رسائی حاصل کرنےکا موقع بھی فراہم کیا۔

     

  • اسٹیٹ ایجنٹس اور سناروں کے لین دین کی نگرانی کا فیصلہ

    اسٹیٹ ایجنٹس اور سناروں کے لین دین کی نگرانی کا فیصلہ

    اسلام آباد: ملک بھر میں سونے کے زیورات اور جائیداد کی خرید و فرخت کے کام سے منسلک افراد کے لین دین کی نگرانی کے لیے دفتر قائم کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی شرائط کے تحت ریئل اسٹیٹ اور جیولرز کے غیر دستاویز لین دین کی نگرانی شروع کردی۔

    ایف بی آر نے جیولرز اور ریئل اسٹیٹ ایجنٹس کی نگرانی کے لیے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف نان فنانشل بزنس اور پروفیشنل دفتر قائم کردیا، دفتر اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ 2010 کے تحت ان کاروبار میں کالے دھن کے استعمال کی نشاندہی کرے گا۔

    مانیٹرنگ کی سرگرمیوں کو تیز کرنے کے لئے ایف بی آر نے ڈائریکٹوریٹ قائم کرنے کے ساتھ عملہ بھی تعینات کیا ہے۔

    حکومت نے گزشتہ برس دسمبر 2020 میں کالے دھن کی فنانسنگ کی نگرانی کے لیے قانون سازی کی تھی جس کے بعد ایف بی آر نے ریئل اسٹیٹ ایجنٹس اور جیولرز کے لیے مشکوک لین دین کی رپورٹنگ کے لیے بھی ہدایات جاری کی ہیں۔

    ذرائع ایف بی آر کا کہنا ہے کہ ایسا سسٹم بنایا گیا ہے جو مشکوک لین دین پر لال جھنڈے کا سائن دے دیتا ہے، ریجن ٹیکس آفس کراچی کے اسٹیٹ ایجنٹس اور جیولرز کے ساتھ آگاہی سیشن بھی کرے گا۔