Tag: رائل ملٹری اکیڈمی

  • برطانیہ  میں فوجی مقابلے ، پاکستان آرمی کی دوسری پوزیشن

    برطانیہ میں فوجی مقابلے ، پاکستان آرمی کی دوسری پوزیشن

    لندن : رائل ملٹری اکیڈمی سینڈہرسٹ برطانیہ میں ملڑی ڈرل میں پاکستان آرمی نے دوسری پوزیشن حاصل کرلی، حوالدار نعمان کو بہترین انفرادی ڈرل سارجنٹ کے اعزاز سے نوازا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق رائل ملٹری اکیڈمی سینڈہرسٹ برطانیہ میں ملڑی ڈرل کے معیار کو جانچنے کے لئے سالانہ منعقد ہونے والے انٹرنیشنل پیس سٹکنگ 2023 کے مقابلے اختتام پذیر ہوگئے۔

    مقابلوں میں پاکستان آرمی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری پوزیشن حاصل کی، پاکستان آرمی نے 2018ء میں پہلی بار انٹرنیشنل پیس سٹکنگ کے مقابلوں میں حصہ لیا۔

    سالانہ منعقد ہونے والے منفرد طرز کے مقابلوں میں اب تک مجموعی طور پاکستان آرمی نے سال 2018ء، 2019ء اور 2020ء میں پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ سال 2022ء اور 2023ء میں پاکستان آرمی کی ٹیم دوسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔

    سال 2021ء میں کو رونا کی وبا کی وجہ سے مقابلے منسوخ کر دیئے گئے تھے تاہم سال 2023ء کے مقابلوں میں پاکستان آرمی کے حوالدار نعمان کو بہترین انفرادی ڈرل سارجنٹ کے اعزاز سے نوازا گیا۔

    انٹرنیشنل پیس اسٹکنگ 2023 میں کل 16 ملکوں کی ٹیموں نے حصہ لیا، اختتامی تقریب میں پاکستان سے کل پانچ ڈرل سارجنٹس نے حصہ لیا۔

    پاکستان ملٹری اکیڈمی کے مایہ ناز ڈرل اسکواڈ کی کارکردگی کو برطانوی ناظرین کی طرف سے پسند کیا گیا اور بے حد سراہا۔

  • امید ہے پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات مزید بلندیوں پرجائیں گے، آرمی چیف

    امید ہے پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات مزید بلندیوں پرجائیں گے، آرمی چیف

    لندن : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے رائل ملٹری اکیڈمی سے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کومبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا امید ہے پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات مزید بلندیوں پرجائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمرجاوید باجوہ نےرائل ملٹری اکیڈمی سینڈہرسٹ میں پاسنگ آؤٹ پریڈ میں بطورمہمان خصوصی شرکت کی۔

    اس موقع پر جوانوں نے پاکستانی آرمی چیف کو پروقار سلامی دی، جنرل قمر جاوید باجوہ نے پریڈ کا معائنہ کیا اور کیڈٹ سے بھی ملے۔

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے رائل ملٹری اکیڈمی کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام حاضرین اور ناظرین کو سلام کرتا ہوں۔

    جنرل قمر جاوید باجوہ نے تمام پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے تمام کیڈٹس کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

    آرمی چیف نے کہا آج کی پاسنگ آؤٹ پریڈمیں پاکستان کے 2 کیڈٹس بھی شامل ہیں، پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شامل نوجوانوں پر اتنا ہی فخر ہے جتنا 2 پاکستانی کیڈٹس پر ہے، اس کے علاوہ 41 غیرملکی کیڈٹس بھی پاس آؤٹ ہو رہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اوربرطانیہ کےدرمیان تعلقات دوطرفہ باہمی دوستی،احترام پرمبنی ہیں ، دور حاضر کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے نوجوان جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھائیں۔

    جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ امید ہے پاکستان اور برطانیہ کے روابط مزید بلندیوں پر جائیں گے،

    خیال رہے جنرل قمرجاوید باجوہ پاکستان کے پہلے فوجی سربراہ ہیں جنہوں نے رائل ملٹری اکیڈمی کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکت کی۔

  • پاک فوج کے میجرعمرفاروق  کے لئے برطانوی اعزاز

    پاک فوج کے میجرعمرفاروق کے لئے برطانوی اعزاز

    لندن : برطانیہ میں قائم صدیوں پرانی ملٹری اکیڈمی میں پاک فوج کے میجر عمرفاروق نے دنیا بھر سے آئے کیڈٹس کو ٹریننگ دی اوربہترین پلاٹون کا اعزاز جیت کر قوم کا سر فخرسے بلند کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق رائل ملٹری اکیڈمی سندرشٹ میں ایک سو تہترویں کمیشن کورس میں ساورن پریڈ کا انعقاد ہوا، جس میں پاکستانی میجر عمرفاروق کی پلاٹون کو بہترین قرار دیا گیا۔

    پاک فوج کے میجرعمر برطانوی رائل ملٹری اکیڈمی کی پلاٹون کے کمانڈر ہیں جبکہ ان کا نام رائل ملٹری اکیڈمی کی لائبریری کے اعزازی بورڈ پر بھی درج کیا جائے گا۔

    برطانوی رائل ملٹری اکیڈمیں میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب میں پاکستانی ہائی کمشنر، اعلیٰ فوجی شخصیات اور کیڈٹس کے اہل خانہ اور متعدد ممالک کے سفیروں نے بھی شرکت کی۔

    ملکہ الزبتھ نے پلاٹون کو غیرمعمولی مہارت پر اعزاز عطا کیا جبکہ شاندار کارکردگی پر پاک فوج کے افسر عمر کی بھی تعریف کرتے ہوئے شاندار خدمات کے اعتراف پر سرٹیفکیٹ بھی عطا کیا۔

    پاکستان کے ہائی کمشنر صاحبزادہ احمد خان نے میجر عمر فاروق اور ان کی پلاٹون کے ارکان کو مبارکباد دی۔

    خیال رہے کہ پاکستان واپس جانے والے میجر عقبہ ملک کی جگہ میجر عمر نے گزشتہ سال بطور انسٹرکٹر برطانوی ملٹری اکیڈمی جوائن کی اور کیڈٹس کو پیشہ ورانہ تربیت دی۔

    واضح رہے پاک فوج کے میجر عقبہ ملک کو برطانوی ملٹری اکیڈمی سینڈہرسٹ میں تربیت دینے والے پہلے پاکستانی فوجی افسرکا اعزاز حاصل ہیں۔