Tag: رائیونڈ

  • 30 روپے کے تنازع پر 2 بھائیوں کو قتل کرنے والا  مرکزی ملزم گرفتار

    30 روپے کے تنازع پر 2 بھائیوں کو قتل کرنے والا مرکزی ملزم گرفتار

    لاہور : رائیونڈ میں 30 روپے کے تنازع پر 2 بھائیوں کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم اویس کوگرفتار کرلیا گیا، ملزم کی نوجوان کوبلا مارنے کی فوٹیج سامنے آئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے رائیونڈ میں پھل فروشوں کے ساتھ 30 روپے کے تنازع پر ہونے والے تشدد کے افسوسناک واقعے میں دو بھائیوں کی ہلاکت کے واقعے میں پیش رفت ہوئی۔

    پولیس نے بتایا کہ دو بھائیوں کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم اویس کوگرفتارکرلیا، ملزم اویس کی نوجوان کو بلا مارنے کی فوٹیج سامنے آئی تھی۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ اویس اور تیمور سمیت دو ملزمان پہلے ہی گرفتار کیے جا چکے ہیں جبکہ مزید چار ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور واقعے کی تفتیش سی سی ڈی چوہنگ کے حوالے کر دی گئی ہے۔

    یاد رہے لاہور کے علاقہ تھانہ رائے ونڈ سٹی کے علاقے میں صرف 30 روپے کی خاطر پھل فروش نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر دو بھائیوں پر بہیمانہ تشدد کیا تھا۔

    جھگڑے میں دونوں بھائی شدید زخمی ہو گئے تھےم جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں کچھ دیر بعد 21 سالہ واجد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا تھا جب کہ 17 سالہ راشد کو تشویشناک حالت میں اؔئی سی یو منتقل کیا گیا تھا، جہاں وہ زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد دم توڑ گیا تھا۔

    مزید پڑھیں : صرف 30 روپے کی خاطر پھل فروش کے تشدد سے زخمی دوسرا بھائی بھی دم توڑ گیا

    بعد ازاں رائے ونڈ پولیس نے واقعہ کا مقدمہ نوجوانوں کے والد کی مدعیت میں درج کر کے ایک ملزم پھل فروش تیمور کو گرفتار کیا تھا۔

    پولیس کا یہ بھی کہنا تھا کہ حملہ آور جب بھائیوں پر تشدد کر رہے تھے تو وہاں موجود ہجوم انہیں بچانے کی بجائے ویڈیو بناتا رہا، خون میں لت پت لڑکا اپنے بے ہوش بھائی کا سر گود میں لیے بیٹھا تھا، ایک ملزم نے آگے بڑھ کر زخمی بھائی کے سر پر زور سے بیٹ مارا تو وہ بھی بے ہوش ہو گیا۔

  • ڈاکو شوروم کے مالک سے لاکھوں روپے اور موبائل فونز چھین کر فرار

    ڈاکو شوروم کے مالک سے لاکھوں روپے اور موبائل فونز چھین کر فرار

    لاہور: نواحی علاقے رائیونڈ میں موٹر سائیکل شوروم کے مالک سے ڈکیت لاکھوں روپے اور موبائل فونز چھین کر فرار ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور کے نواحی علاقے رائیونڈ میں موٹر سائیکل شوروم میں ڈکیتی کی واردات کا واقعہ پیش آیا ہے جہاں 2 ڈاکو شوروم  کے مالک سے ڈھائی لاکھ روپے، موبائل فونز چھین کر فرار ہوگئے۔

    پولیس کا یہ بھی بتانا ہے کہ  ملزمان نے  شوروم مالک سمیت شوروم پر آئے خریدار کو بھی لوٹ لیا ہے، خریدار  نقدی رقم اور موبائل فونز سے محروم ہوگئے۔

    شوروم میں ڈکیتی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی، سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے 2 ڈاکو کیش کاؤنٹر سے لوٹ مار کر رہے ہیں۔

  • میں ڈرنے والی نہیں ہوں: مریم نواز

    میں ڈرنے والی نہیں ہوں: مریم نواز

    لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ حکومت چاہے جتنے ہتھکنڈے آزمالے، وہ ڈرنے والی نہیں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق آج لاہور میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحب زادی مریم نواز نے نیب دفتر میں پیشی کے لیے رائیونڈ سے روانہ ہوتے وقت غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا ‘میں ڈرنے والی نہیں ہوں۔’

    پرویز رشید اور خرم دستگیر سمیت دیگر لیگی رہنماؤں کے ساتھ ایک قافلے کی صورت نیب دفتر کے لیے روانہ ہونے والی مریم نواز نے کہا کہ حکومت جتنی مرضی ہتھکنڈے آزما لے، میں اور میرے والد اپنے مؤقف پر قائم ہیں، میرے اوپر بنایا گیا اراضی کیس جعلی طور پر بنایا گیا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ایک سال قبل بھی 8 اگست کو نیب نے کورٹ لکھپت جیل سے مجھے گرفتار کیا تھا۔

    مریم نواز کی نیب میں پیشی، ن لیگی قیادت نے کارکنان کو بھی بلالیا

    خیال رہے کہ مریم نواز آج قومی احتساب بیورو (نیب) میں پیش ہو رہی ہیں، ن لیگی رہنما پر رائیونڈ میں خلاف قانون سستی اراضی خریدنے کا الزام ہے، نیب نے ان سے چودہ سو چوالیس کنال اراضی پر جواب طلب کر رکھا ہے۔

    نیب میں پیشی کے موقع پر لیگی قیادت کی جانب سے کارکنوں کو بھی رائیونڈ اور قومی احتساب بیورو (نیب) دفتر پہنچنے کی ہدایت کی گئی تھی، تاہم جب لیگی خواتین کارکنان نیب دفتر پہنچیں تو انھیں دفتر سے باہر نکال دیا گیا۔

    اس موقع پر ن لیگی کارکنوں کی رکاوٹیں توڑنے کی کوشش پولیس نے ناکام بنا دی، نیب میں مریم نواز کی پیشی پر ٹھوکر نیازبیگ سے ملتان روڈ دونوں اطراف سے بند کی گئی ہے، ملتان سے لاہور داخل ہونے والا ٹریفک ای ایم ای روڈ کی طرف موڑا جا رہا ہے۔

    لیگی رہنما رانا ثنا اللہ نے اس موقع پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج مریم نواز کو نیب میں جھوٹی انکوائری کے لیے بلایا گیا ہے، ہر چوک پر جان بوجھ کر ہمارے کارکنوں کو روکا جا رہا ہے، لوگ میلوں سے پیدل چل کر آ رہے ہیں، پورے لاہور میں ٹریفک جام ہے، یہ ثبوت ہے کہ لوگ نواز شریف، شہباز شریف، مریم کے ساتھ ہیں۔

  • شقی القلب ماں نے 2 بچے پانی کی ٹینکی میں ڈبو دیے

    شقی القلب ماں نے 2 بچے پانی کی ٹینکی میں ڈبو دیے

    لاہور: بچوں کے لیے حفاظتی حصار سمجھی جانے والی ماں شقی القلب بن گئی، اپنے 2 معصوم بچوں کو ماں نے پانی کی ٹینکی میں ڈبو دیا۔

    تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ لاہور کے علاقے رائیونڈ میں پیش آیا، جس میں ماں ہی کے ہاتھوں دو بچے قتل ہو گئے، بچوں کو پانی کی ٹینکی میں ڈبونے کے بعد ماں نے بھی خود کشی کی کوشش کی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ بچوں کو قتل کرنے والی ملزمہ نے شوہر کے ساتھ جھگڑا کیا تھا جس کے بعد اس نے بچوں کو پانی کی ٹینکی میں ڈبو دیا اور اپنی جان لینے کی بھی کوشش کی، تاہم وہ بچ گئی اور اسے زخمی حالت میں ٹی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    تازہ ترین:  7 سال کی معصوم بچی مبینہ زیادتی کے بعد قتل، ملزم گھر کا فرد نکلا

    پولیس کے مطابق جاں بحق بچوں کی شناخت 4 سالہ ابراہیم اور 5 سالہ مہوش کے نام سے ہوئی ہے۔ ریسکیو ٹیم کا کہنا تھا کہ بچوں کی لاشیں ٹینکی سے ملیں، قتل کے بعد خاتون نے اپنی گردن پر چھری مار کر خود کشی کی کوشش کی تھی۔ پولیس نے بچوں کی لاشیں قبضے میں لے کر ضابطے کی کارروائی شروع کر دی ہے۔

    بچوں کے دادا عطا اللہ نے پولیس کو بچوں کے قتل پر مقدمے کے لیے درخواست دے دی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ قتل کا واقعہ شوہر اور بیوی میں جھگڑے کے باعث پیش آیا، ماں نے جھگڑے کے بعد بچوں کو پانی کی ٹینکی میں پھینک کر قتل کیا۔

    واضح رہے کہ آج راولپنڈی میں بھی ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے، ڈھوک چوہدریاں میں 7 سال کی ایک معصوم بچی مبینہ زیادتی کے بعد قتل کر دی گئی، قتل کے الزام میں بچی کے چچا کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

  • چابی گم ہونے پر پولیس کو ہتھکڑی کھلوانے کے لیے ملزم کو لاک ماسٹر کے پاس لے جانا پڑا

    چابی گم ہونے پر پولیس کو ہتھکڑی کھلوانے کے لیے ملزم کو لاک ماسٹر کے پاس لے جانا پڑا

    رائیونڈ: ریلوے پولیس سے ملزم کو لگائی گئی ہتھکڑی کی چابی گم ہو گئی، ہتھکڑی کھلوانے کے لیے لاک ماسٹر کے پاس لے جانا پڑا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سے لاہور جانے والی عوام ایکسپریس جب ساہیوال ریلوے اسٹیشن پہنچی تو ٹرین میں موجود مسافر جبرائیل اور محمد عرفان کے مابین سیٹ پر بیٹھنے پر جھگڑا ہوگیا جس پر ٹرین گشت پر مامور لاہور ریلوے پولیس نے جبرائیل نامی مسافر کو ہتھکڑی لگا دی۔

    پولیس کے مطابق جبرائیل کا تعلق کرم ایجنسی جب کہ محمد عرفان کا بہاول پور سے تعلق ہے۔

    رائیونڈ پہنچنے پر فریقین میں صلح ہوئی تو ریلوے پولیس کے اہل کار نے ملزم کی ہتھکڑی کھولنے کے لیے جیب سے چابی نکالنی چاہی تو معلوم ہوا کہ چابی کھو چکی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  جرائم میں ملوث تین ملزمان گرفتار، اسحلہ اور مسروقہ سامان برآمد

    بعد ازاں ملزم کو رائے ونڈ کے مختلف تھانوں میں لے جایا گیا مگر ہتھکڑ ی نہ کھل سکی جس پر ریلوے پولیس اہل کار مسافر کو مین بازار میں موجود لاک ماسٹر کے پاس لے گئے جہاں ملزم کو ہتھکڑی کاٹ کر رہائی نصیب ہوئی۔

    ریلوے پولیس افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ٹرین گشت پارٹی کے پاس موجود ہتھکڑی سرکاری نہیں ہے، سرکاری ہتھکڑی مضبوط اور دیسی ساخت کی ہوتی ہے جب کہ ٹرین گشت پارٹی کے پاس چائنا ساخت کی ہتھکڑی تھی جس کی چابی کسی بھی تھانے کے پاس نہیں ہوتی۔

  • رائیونڈ : تبلیغی اجتماع کے پہلے مرحلے کا اختتام، دوسرا مرحلہ آٹھ نومبر سے ہوگا

    رائیونڈ : تبلیغی اجتماع کے پہلے مرحلے کا اختتام، دوسرا مرحلہ آٹھ نومبر سے ہوگا

    رائیونڈ : تبلیغی اجتماع کا پہلا مرحلہ اتحاد امت اور عالمی امن کی دعاﺅں کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا، دوسرا مرحلہ آٹھ نومبر سے شروع ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق رائے ونڈ میں سالانہ تبلیغی اجتماع کے دوسرے مرحلے کا اختتام ہوگیا، شرکاء نے اپنی زندگیاں دین کے لیے وقف کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ جبکہ پورے سال کے لیے تبلیغی جماعتیں تشکیل دے دی گئیں۔

    لاکھوں فرزندان توحید نے تین دن تک دین اسلام کی تبلیغ سیکھنے میں لگا کر اخروی زندگی کا سامان اکٹھا کرنے کی کوشش کی۔ اختتامی دعا بھارت سے آئے مولانا ابراہیم نے کروائی۔

    علماء کرام کے بیانات سے شرکاء اجتماع بہت متاثر ہوئے، ان کا کہنا تھا کہ تبلیغ کے کام نے ان کی تو زندگی ہی بدل دی ہے۔ شرکا کا کہنا تھا کہ انہیں دوبارہ موقع ملا تو ضرور آئیں گے۔

    اجتماع میں ملک کی معروف شخصیات بھی شریک ہوئیں۔ تبلیغی اجتماع میں پاکستانی علماء کے علاوہ ہندوستان اور دیگر ممالک سے بھی تبلیغ دین کے لیے آنے والے رہنماؤں نے شرکاء کو اتحاد امت کا درس اور تفرقہ بازی سے دور رہنے کا درس دیا ۔

    اجتماع میں شریک لاکھوں فرزندان توحید کے لئے وسیع پارکنگ کا اہتمام کیا گیا تھا۔ تبلیغی اجتماع کے شرکاء کے لئے تما م خارجی راستے کھول کر عام ٹریفک کے لئے بند کردیئے گئے۔ تبلیغی اجتماع کا دوسرا مرحلہ8نومبر سے شروع ہوگا۔

  • رائیونڈ: پولیس چیک پوسٹ پر دھماکا، 9 افراد شہید، 14زخمی

    رائیونڈ: پولیس چیک پوسٹ پر دھماکا، 9 افراد شہید، 14زخمی

    لاہور : رائیونڈ میں پولیس چیک پوسٹ کے قریب دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 9 افراد شہید اور 9 پولیس اہلکاروں سمیت 14 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق رائے ونڈ میں تبلیغی اجتماع گاہ کے قریب واقع پولیس کی چیک پوسٹ پر ہونے والے زور دار دھماکے میں نو افراد شہید جبکہ نو پولیس اہلکاروں سمیت چودہ افراد زخمی ہوگئے، جاں بحق ہونے والوں میں پانچ پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

    دھماکے کے بعد امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا ان میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، زخمیوں میں اےایس پی رائیونڈ اور ایس ایچ او سندر بھی شامل ہیں، جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ۔

    ابتدائی اطلاعات کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر کارروائی کا آغاز کر دیا، حملے میں موٹر سائیکل استعمال کی گئی لیکن فی الحال دھماکے کی نوعیت کا اندازہ لگایا جا رہا ہے، دھماکے کی شدت کے باعث نثار چیک پوسٹ کے قریب کھڑی متعدد گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔

    ڈی آئی جی آپریشنز حیدراشرف کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں اے ایس پی رائیونڈ اور ایس ایچ او سندر بھی شامل ہیں، دھماکے میں پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایاگیا، دھماکا چیک پوسٹ کے اہلکاروں کی ڈیوٹی تبدیلی کے دوران ہوا، ان کا کہنا تھا کہ یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ دھماکا کس نوعیت کا تھا۔

    وزیرِ اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے رائے ونڈ دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

     


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔  

  • لاہور: ڈاکٹروں کی غفلت اور لاپرواہی، خاتون نے واش روم میں بچے کو جنم دے دیا

    لاہور: ڈاکٹروں کی غفلت اور لاپرواہی، خاتون نے واش روم میں بچے کو جنم دے دیا

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے علاقے رائیونڈ میں ڈاکٹروں کی غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے خاتون نے واش روم میں بچے کو جنم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق رائیونڈ کے علاقے میں بھٹہ مزدور کی بیوی کو زچگی کے لیے لایا گیا تاہم اسپتال کے عملہ نے سہولیات نہ ہونے کا کہہ کر خاتون کو نکال دیا۔

    خاتون جب گھر پہنچی تو واش روم میں ہی بچے کو جنم دے دیا جس کے بعد نومولود بچے کی طبیعت ناساز ہونے پر ماں اور بچہ دونوں کو دوبارہ اسپتال لایا گیا۔

    مزید پڑھیں: لاہور میں خاتون نے بچے کو راہداری میں جنم دے دیا

    متاثرہ خاتون نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ خادم اعلیٰ پنجاب اسپتالوں کو بند کردیں اگر غریبوں کو سہولیات میسر نہیں۔


    انکوائری کمیٹی تشکیل

    محکمہ صحت پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر نے واقعے کے بعد 3 رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی۔ انکوائری کمیٹی کو آج شام 4 بجے تک رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

    یاد رہے کہ چند ماہ قبل بھی رائیونڈ میں ڈاکٹروں کی غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے ایک خاتون نے سڑک پر بچے کو جنم دے دیا تھا۔

    بعد ازاں صوبائی وزیر صحت پنجاب عمران نذیر نے رائے ونڈ اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر عامر اور گائنا کولوجسٹ ڈاکٹرعاصمہ کو فرائض میں غفلت برتنے پر معطل کردیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • نوازشریف رائیونڈ کےبادشاہ اورمیں نارتھ ناظم آباد کا مکین ہوں‘ ڈاکٹرعاصم

    نوازشریف رائیونڈ کےبادشاہ اورمیں نارتھ ناظم آباد کا مکین ہوں‘ ڈاکٹرعاصم

    کراچی : پیپلزپارٹی کے رہنما ڈاکٹر عاصم حسین کا کہنا ہے کہ میرے اوپرجعلی کیسزنوازشریف اینڈ کمپنی نے بنائے، کیسز میں کوئی ثبوت نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں پیپلزپارٹی کے رہنما ڈاکٹرعاصم حسین اور دیگر ملزمان کے خلاف 462 ارب کرپشن ریفرنس کی سماعت ہوئی۔

    عدالت میں نیب کے گواہ حسین کی جانب سے دستاویزات پیش کی گئیں جس پر ڈاکٹر عاصم کے وکیل نے اعتراض کیا کہ گواہ کی پیش کردہ دستاویزات فوٹو کاپی ہیں۔

    نیب پراسیکیوٹرنے کہا کہ تمام دستاویزات اصل ہیں، عدالت نے گواہ حسین کا بیان قلمبند کرلیا۔

    احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹرعاصم نے کہا کہ میرے اوپرجعلی کیسزنوازشریف اینڈ کمپنی نے بنائے، کیسز میں کوئی ثبوت نہیں۔

    پیپلزپارٹی کے رہنما نے کہا کہ ٹارچرسیل میں نیب دباؤ ڈالتی ہے پھرعدالت میں پیش کرتی ہے۔

    ڈاکٹرعاصم حسین نے کہا کہ نوازشریف رائیونڈ کے بادشاہ ہیں میں نارتھ ناظم آباد کامکین ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ قانون سب کے لیے برابرہونا چاہیے، جو سلوک ہمارے ساتھ ہورہا ہے ان کے ساتھ ایسا بالکل نہیں ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز ڈاکٹرعاصم نے احتساب عدالت کے باہرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ نیب نے ایک ٹارچر سیل بنایا ہوا ہے جہاں گواہوں کو دھمکیاں دی جاتی ہیں۔

    یاد رہے کہ چار روز قبل پیپلز پارٹی کے رہنما ڈاکٹرعاصم نے ایم کیوایم کے تمام دھڑوں کو پیپلزپارٹی میں شمولیت کی دعوت دی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • وزیراعظم کی رائیونڈ میں نوازشریف اورشہبازشریف سےملاقات

    وزیراعظم کی رائیونڈ میں نوازشریف اورشہبازشریف سےملاقات

    لاہور: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے نااہل وزیراعظم نوازشریف اور شہبازشریف سے رائیونڈ میں ملاقات کی اور فیض آباد دھرنے کے خلاف آپریشن سے متعلق بریفنگ دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف آج صبح جب رائے ونڈ پہنچے تو سینیٹر آصف کرمانی نے ہیلی پیڈ پردونوں رہنماؤں کا استقبال کیا۔

    وزیراعظم پاکستان نے نوازشریف سے ملاقات میں فیض آباد دھرنے کے خلاف آپریشن سے متعلق بریفنگ میں بتایا کہ مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس استعمال کی جا رہی ہے۔

    سابق نا اہل وزیراعظم میاں محمد نوازشریف نے ہدایت کی کہ آپریشن کے دوران جانی نقصان سے ہر قیمت بچا جائے۔


    فیض آباد دھرنے کے خلاف آپریشن‘ پتھراؤ سےمتعدد اہلکارزخمی


    دوسری جانب فیض آباد انٹرچینج پر مذہبی جماعت کے دھرنے پر بیٹھے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے سیکورٹی اہلکاروں کی جانب سے آپریشن جاری ہے۔

    واضح رہے کہ فیض آباد آپریشن کے خلاف لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں مظاہرین کی جانب سے ہنگامہ آرائی کا سلسلہ جاری ہے اور مظاہرین کی جانب سے تورپھوڑ بھی کی جا رہی ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔