Tag: رائیونڈ مارچ

  • تحریک انصاف کے مارچ میں را کی دہشت گردی کا خدشہ

    تحریک انصاف کے مارچ میں را کی دہشت گردی کا خدشہ

    لاہور: تحریک انصاف کے رائے ونڈ مارچ میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کی جانب سے دہشت گردی کا خدشہ ہے، محکمہ داخلہ پنجاب نے اس ضمن میں مراسلہ جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی جانب سے کرپشن کے خلاف منعقد کیے گئے رائے ونڈ مارچ میں دہشت گردی کے ممکنہ حملے کے پیش نظر محکمہ داخلہ پنجاب نے مراسلہ جاری کردیا، جس میں کہا گیا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی را کی جانب سے ریلی کے شرکاء کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔

    محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کیے گئے مراسلے میں آگاہ کیا گیا ہے کہ ’’رائے ونڈ مارچ میں دہشت گردی کے لیے بھارتی خفیہ ایجنسی را نے حملے کا منصوبہ تیار کرلیا ہے، مارچ کے دوران حملے میں دہشت گردی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

    پڑھیں:  تاریخی مارچ سے مودی کو جواب دیں گے، عمران خان

     پنجاب حکومت نے مراسلے میں تحریک انصاف کی قیادت کو آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’بھارتی خفیہ ایجنسی را نے افغان ایجنسی این ڈی ایس کی مدد سے پی ٹی آئی کی ریلی کو نشانہ بنانے کا منصوبہ تیار کرلیا ہے، جس کے تحت تحریک انصاف کی ریلی کو ٹارگٹ کیا جاسکتاہے‘‘۔

    صوبائی حکومت نے تحریک انصاف کی قیادت کو معاملے کی سنگینی سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’ریلی کے دوران فول پروف سیکیورٹی کے اقدامات کیے جائیں اور  انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں‘‘۔

    مزیر پڑھیں:  رائے ونڈ مارچ قوم کی تقدیر کا فیصلہ کرے گا،عمران خان

     یاد رہے کہ کرپشن اور پاناما لیکس کے خلاف تحریک انصاف کی جانب سے ملک گیر سطح پر ریلیوں کا انعقاد کیا گیا تھا جس کا آخری سلسلہ رائے ونڈ مارچ ہے، تحریک انصاف کی جانب سے کل جمعہ 30 ستمبر کے روز مارچ کا اعلان کیا گیا ہے۔

    تحریک انصاف کے چیئرمین نے امید ظاہر کی ہے کہ عوام کی بڑی تعداد ریلی میں شرکت کر ے گی اور کرپٹ حکمرانوں سے نجات اور پاناما لیکس کی تحقیقات کے لیے حکمرانوں کو مجبور کرے گی۔

    یہ بھی پڑھیں:  لاہور ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کو رائے ونڈ میں جلسے کی اجازت دے دی

    چیئرمین تحریک انصاف نے رائے ونڈ مارچ کو امید کی کرن ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’قوم کے پاس یہ آخری موقع ہے کہ وہ حکمرانوں سے لوٹے ہوئے پیسوں کا حساب طلب کریں، اس کام کے لیے انہیں رائے ونڈ مارچ میں ضرور شرکت کرنی ہوگی‘‘۔
  • تاریخی مارچ سے مودی کو جواب دیں گے، عمران خان

    تاریخی مارچ سے مودی کو جواب دیں گے، عمران خان

    لاہور: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ کل رائیونڈ میں تاریخی مارچ کر کے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو وہ جواب دیں گے جو پاکستان کے وزیر اعظم کو دینا چاہیےتھا۔

    تفصیلات کے مطابق سربراہ تحریک انصاف عمران خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی اور بلااشتعال فائرنگ کی سخت مذمت کرتے ہیں‘‘۔

    پڑھیں: رائے ونڈ مارچ قوم کی تقدیر کا فیصلہ کرے گا،عمران خان

     انہوں نے کہا کہ ’’اگر پاکستان پر حملہ کیا گیا تو ملک کے عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوکر بھارت کو ہر قسم کا جواب دینے کو تیار ہیں، انڈیا کو جنگ سے خبردار رہنا چاہیے تاہم اگر جنگ میں پہل کی گئی تو مادرِ وطن کے دفاع کے لیے کوئی بھی شخص پیچھے نہیں رہے گا‘‘۔

    چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ کل 30 ستمبر کو رائے ونڈ میں تاریخی مارچ ہوگا اور ملک بھر کے عوام اس میں شرکت کر کے بھارتی وزیراعظم کو وہ جواب دیں گے جو نوازشریف بطور وزیر اعظم نہیں دے سکے۔

    مزید پڑھیں: لاہور ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کو رائے ونڈ میں جلسے کی اجازت دے دی

     پی ٹی آئی کے سربراہ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کرپشن کے خلاف کل ہونے والے احتجاجی مارچ میں بڑی تعداد میں شرکت کر کے قوم کا لوٹا ہوا پیسہ واپس لانے کی جدوجہد میں شامل ہوں۔
  • لاہور ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کو رائے ونڈ میں جلسے کی اجازت دے دی

    لاہور ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کو رائے ونڈ میں جلسے کی اجازت دے دی

    لاہور : لاہور ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ تحریک انصاف رائے ونڈ میں مقررہ تاریخ کو جلسہ کرنے کے لیے آزاد ہے،تاہم دونوں فریقین طے شدہ ضابطہ اخلاق پر عملداری کو یقین بنائیں۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں تحریک انصاف کو رائے ونڈ میں جلسہ کرنے سے روکنے کے لیے درخواستوں کی سماعت ہوئی،کیس کی سماعت تین رکنی بینچ نے قائم مقام چیف جسٹس شاہد حمید ڈار کی سربراہی میں کی جس نے متفقہ طور پر تحریک انصاف کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے رائے ونڈ میں جلسہ کرنے کی اجازت دے دی۔

    لاہور ہائی کورٹ کے تفصیلی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ انتظامیہ اور حکومت کا فرض ہے کہ وہ ہر شہری کے بنیادی حقوق کا تحفظ کرے ،کسی بھی شخص یا جماعت کا احتجاج کرنا بنیادی حق ہے جسے روکا نہیں جا سکتا اس لیے جلسہ شروع ہونے سے ختم ہونے تک کارکنوں کو اکٹھا اور منتشر ہونے کا موقع فراہم کیا جائے اور جلسے کے شرکاء کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے۔

    فیصلے میں تحریک انصاف سے کہا گیا ہے کہ کارکنان کو نظم و ضبط کی پابندی کا پابند بناتے ہوئے جلسے میں ایسے اشتعال انگیز یا قابل اعتراض بیان بازی سے پرہیز کیا جائے جس سے انتشار کا خدشہ ہو اور امن وامان کی صورت حال بگڑ جائے۔

    ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں مزید کہا کہ تحریک انصاف اور متعلقہ ڈی سی او کے درمیان طے پانے والے ضابطہ اخلاق پر عملدار کو دونوں جانب سے یقینی بنایا جائے۔

  • رائے ونڈ مارچ قوم کی تقدیر کا فیصلہ کرے گا،عمران خان

    رائے ونڈ مارچ قوم کی تقدیر کا فیصلہ کرے گا،عمران خان

    لاہور : پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا تھا کہ 30 ستمبر کا دن قوم کی تقدیر کا فیصلہ کرے گا اس لیے پوری قوم بھرپورتعداد میں رائے ونڈ مارچ میں شرکت کرے۔

    عمران خان لاہورمیں تحریک انصاف کے پنجاب آفس کے باہرمیڈیا سے گفتگو کررہے تھے اُنہوں نے پورے ملک کی عوام کو مارچ میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ رائے ونڈ مارچ میں پوری قوم کو شریک ہونا چاہیے کیوں کہ یہ دن قوم کی تقدیر کا فیصلہ کرے گا۔

    تحریک انصاف کے چیرمین کا کہنا تھا کہ کرپٹ حکمرانوں نے ملک کے اداروں کو کوکھلا کردیا ہے اور جب ادارے تباہ ہو جاتے ہیں تو ملک تباہ ہوجاتا ہے اس لیے پوری قوم سے اپیل ہے کہ ملک کو بچانے کے ہمارے ہمراہ نکلیں۔

    انہوں نے وزیر اعظم پاکستان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ادارے بادشاہ سلامت سے ڈرتے ہیں کہ کہیں انتقامی کارروائی نہ ہوجائے اس لیے یہ ادارے میاں برادران کے خلاف فیصلے کیسے کریں گے یہی وجہ ہے کہ ہم کرپشن کا کیس عوام کی عدالت میں لے آئے تا کہ عوام کو انصاف ملے اور ملک کرپشن سے پاک ہو۔

    سربراہ تحریک انصاف عمران خان کا پنجاب میں کسانوں کی گرفتاری پر کہنا تھا کہ کسان تنظیموں کے رہنما ہمارے پاس آئیں ہم کسانوں اور مزدوروں کے مسائل حل کریں گے ،ان کے خلاف ہونے والے ظلم و تشدد پرکسانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

    قبل ازیں عمران خان نے تحریک انصاف کے وکلاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت نے انصافی کارکنان کے خلاف جھوٹے مقدمات بنا کر مارچ کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی تو وکلاء کارکنان کی قانونی مدد کے لیے ہروقت موجود رہیں۔

  • نوازشریف طاقت کے نشے سے باہر آئیں،نعیم الحق

    نوازشریف طاقت کے نشے سے باہر آئیں،نعیم الحق

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق کا کہنا ہے کہ نوازشریف سچ پر پردہ نہ ڈالیں،طاقت کےنشے سے باہر آئیں اور عوام کا امتحان نہ لیں۔

    تفصیلات کےمطابق اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رائیونڈ مارچ ثابت کرےگا کہ قوم حکمرانوں سے تنگ آچکی اور نواز شریف رسوا ہوکر عہدے سے نکالے جائیں گے۔

    تحریک انصاف کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس پر نواز شریف کو ڈیڑھ ماہ قبل پہلا نوٹس ملا لیکن انہوں نے جواب ہی جمع نہیں کرایا۔

    مزید پڑھیں: رائیونڈکسی کی جاگیر نہیں،پورےپاکستان سے لوگوں کو رائیونڈ لے کرجائیں گے،عمران خان

    نعیم الحق کا کہناتھا کہ نواز شریف کے وکلا نے قانون کی دھجیاں اڑائی ہیں اور وہ سر چھپا کر نکل گئے،وہ کسی فورم پر جواب دینا نہیں چاہتے۔

    مزید پڑھیں: کسانوں پر ظلم ہوا، رائے ونڈ مارچ میں شریک ہوجائیں، عمران

    انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف سچ پر پردہ نہ ڈالیں،طاقت کے نشے سے باہر آئیں اور عوام کے غصے کا امتحان نہ لیں،یہ قانون کی جنگ نہیں عوام کی جنگ ہے۔

    پی ٹی آئی کے ترجمان نعیم الحق کا کہنا تھا کہ 30 ستمبر کو عوام کا سیلاب لاہور آرہا ہے اب مہلت ختم ہوگئی۔

  • عمران خان کو انڈہ مارنے والے کیلئےایک لاکھ روپے انعام کا اعلان

    عمران خان کو انڈہ مارنے والے کیلئےایک لاکھ روپے انعام کا اعلان

    گوجرانوالہ : پی ٹی آئی کے رائیونڈ مارچ کو روکنے کی تیاریاں تیز کردی گئی ہیں، نواز لیگ کے کارکنان نے انڈے اور ٹماٹروں سے حملے کرنے کی تربیت لینا شروع کردی۔ عمران خان کو انڈہ مارنے والے کیلئےایک لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لیگی کارکنوں نے رائے ونڈ مارچ روکنے کیلئے کمر کس لی، کھلاڑیوں کی بلّا فورس کے جواب میں ن لیگ کے متوالے انڈے اور ٹماٹروں سے لیس ہوگئے۔

    نواز لیگ کے کارکنان نے چارپائی پر انڈے اور ٹماٹر رکھ کر پی ٹی آئی کا علامتی جنازہ بھی نکالا۔ گوجرانوالہ کے متوالوں نے پی ٹی آئی اور عمران خان کیخلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔

    پنجاب ن لیگ یوتھ ونگ کے صدر ولید بٹ نے اعلان کیا ہے کہ جو کارکن عمران خان کے منہ کا نشانہ لے کر ان کو انڈہ یا ٹماٹر مارے گا اس کو ایک لاکھ روپے کیش انعام دیا جائے گا۔

    اس موقع پر عمران خان کے پتلے پر انڈے اور ٹماٹر مار کر کارکنان کو تربیت بھی دی گئی۔

     

  • پاکستان بھر سے لوگ 30 ستمبر کو رائے ونڈ پہنچیں، عمران خان

    پاکستان بھر سے لوگ 30 ستمبر کو رائے ونڈ پہنچیں، عمران خان

    اسلام آباد : سربراہ تحریک انصاف عمران خان نے 30 ستمبر کو رائے ونڈ میں احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے پاکستان بھر کے عوام سے رائے ونڈ پہنچنے کی درخواست کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کارکنان سمیت ملک بھر کے عوام سے 30ستمبر کو رائے ونڈ پہنچنے کی ہدایت کی ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع ہوگا۔

     چیئرمین تحریک انصاف نے اپنے کارکنان سے اپیل کی کہ وہ رائیونڈ مارچ کے لیے مزدوروں، کسانوں سے رابطے کریں، یہ مارچ عمران خان کے لیے نہیں بلکہ ہر اُس محکوم کے لیے ہے جو حکمرانوں کی کرپشن کی زد میں ہے۔

    عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ’’یہ سلسلہ رائیونڈ مارچ پر ختم نہیں ہوگا اگر حکومت نے رائیونڈ مارچ برداشت کرلیا تو ہم آئندہ کی حکمتِ عملی تیار کریں گے، یہ وقت اداروں میں کرپٹ افسران جو قوم کے لیے نہیں بلکہ حکمرانوں کے لیے کام کرتے ہیں اُن کے خلاف جہاد کا ہے۔

    عمران خان نے کہا کہ میں نے ٹی وی پر ن لیگ کے چند مسٹنڈوں کو دیکھا جو ڈرانے کی کوشش کر رہے تھے۔ ان کو قیمے والے نان کھلائے گئے تھے وہ تو اپنے ہوش میں ہی نہیں تھے۔

    مجھے یہ سین دیکھ کر وہ رنگ باز یاد آگئے جو میرے ساتھ میچ شروع ہونے پر کہتے تھے کہ میں متھا رنگ دونگا میں اکیلا ہی کافی ہوں لیکن جب میچ شروع ہوتا تھا تو سب سے پہلے یہ رنگ باز ہی بھاگتے تھے۔

    ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں ان سے یہ سوال کرتا ہوں کہ جب مشرف نے دھکے مار کر واپس بھیجا تھا تو یہ رنگ باز کہاں تھے۔ سب اپنی دمیں دبا کر اپنے بلوں میں گھس گئے تھے۔

    عمران خان نے کہا کہ نواز شریف باہر چلا گیا ہے اور شہزادی نے ایک بار پھر وزیراعظم ہاؤس سنبھال لیا۔ مریم نواز تو ٹی وی پر جھوٹ بولتے پکڑی گئی۔ حمزہ شہباز پنجاب میں قاتلوں کی سرپرستی کر رہا ہے وہ اپنے باپ کی غیر موجودگی میں وزیراعلیٰ بن جاتا ہے۔

  • رائیونڈ مارچ اور جلسہ 100 فیصد ہوگا، عمران خان

    رائیونڈ مارچ اور جلسہ 100 فیصد ہوگا، عمران خان

    اسلام آباد : چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ کرپشن کے خلاف رائیونڈ مارچ اور جلسہ ضرور ہوگا تاہم اگر ہمیں  طاقت کے ذریعے روکنے کی کوشش کی گئی تو اس کی ذمہ دار مسلم لیگ ن خود ہوگی۔

    Imran Khan says date for Raiwind March could be… by arynews

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ بنی گالہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ کرپش ہے اور یہ ملک کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے جس کی ہم گزشتہ 30 سالوں سے نشاندہی کررہے ہیں۔

    پڑھیں:  عمران خان کا 24ستمبر کو رائے ونڈ کی طرف مارچ کا اعلان

     چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ رائیونڈ مارچ اور جلسہ سو فیصد منعقد ہوگا اس کے لیے دیگر جماعتوں سے رابطے بھی شروع کردیئے گئے ہیں تاہم شرکت کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ اپوزیشن جماعتوں کا ہوگا جبکہ اگر اپوزیشن جماعتوں نے ساتھ نہیں دیا تو بھی پاکستان تحریک انصاف کرپشن کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
    اُن کا کہنا تھا کہ ’’اگر دیگر جماعتیں چاہیں تو رائیونڈ مارچ کی تاریخ میں ردوبدل ہوسکتا ہے مگر یہ مارچ محرم سے قبل ہوگا‘‘۔

    مزید پڑھیں:  رائیونڈکسی کی جاگیر نہیں،لوگوں کو رائیونڈ لے کرجائیں گے، عمران خان

    سربراہ پی ٹی آئی نے کہا کہ ’’کرپشن کے خلاف ملک بھر سے عوام کو اکٹھا کر کے رائیونڈ جائیں گے اور وہاں پر اپنے اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے ۔حکومتی اراکین کی جانب سے آنے والی دھمکیوں کا مطلب ہے کہ وہ سب ہماری حکمت عملی سے گھبرائے ہوئے ہیں تاہم اب عوام ڈرنے والے نہیں ہیں کیونکہ اب سب کرپشن سے نجات حاصل کرنا چاہتے ہیں اور اگر حکومت نے ریلی یا جلسے کو روکنے کی کوشش کی تو پورا شہر بند کردیں گے جس کی ذمہ دار حکومت خود ہوگی‘‘۔

    خبر پڑھیں:  عمران خان کا ایاز صادق کو اسپیکر ماننے سے انکار

     عمران خان نے کہا کہ ’’جب کوئی راستہ نہیں ہوتا تو سڑکوں پر آنا پڑتا ہے ، ہم نے پاناما لیکس کا معاملہ ہر سطح پر اٹھایا مگر ایوان میں بھی اسپیکر نے جانبداری دکھاتے ہوئے اربوں روپے کی کرپشن کرنے والے افراد کو کوئی ریفرنس نہیں بھیجا۔
    انہوں نے کہا کہ ’’مجھے جو تقریر اسپیکر کے سامنے کرنی تھی وہی کل اسمبلی میں کی اب میں ایاز صادق کو اسپیکر اسمبلی تسلیم نہیں کرتا‘۔

    پی ٹی آئی کے سربراہ نے کہا کہ ’’جب آصف علی زرداری ملک کے صدر تھے تو ایوانِ صدر کا گھیراؤ کیا گیا تاہم اب مسلم لیگ ن رائیونڈ مارچ پر دھمکیاں دے رہی ہے مگر ہم گھبرائیں گے نہیں اور وہاں جلسہ ضرور کریں گے۔

    پنجاب پولیس پر تبصرہ کرتے ہوئے کپتان نے کہا کہ ’’پنجاب پولیس میں ایک عسکری ونگ ہے اگر مارچ کے دوران صوبائی حکومت نے پولیس کے ذریعے طاقت کا استعمال کیا صورتحال خراب ہوجائے گی‘‘۔

    حکومت کے رویے پر تبصرہ کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ’’جمہوری حکومت اور آمریت میں کوئی فرق نظر نہیں آتا، پرویز مشرف کے بعد سے آج تک کوئی ایسا ادارہ نہیں بنایا گیا جو خومختار اور آزاد ہو۔