لاہور: صوبہ پنجاب کے علاقے رائے ونڈ میں خاتون نے شادی سے انکار پر نوجوان کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے رائے ونڈ میں طلاق یافتہ خاتون نے شادی سے انکار پر نوجوان کو فائرنگ کرکے قتل کردیا، پولیس کے مطابق محلہ مشن کالونی کے رہائشی مدثر نے شادی شدہ خاتون فضا کو شادی کا جھانسہ دیا تھا۔
ملزمہ فضا نے مدثر سے شادی کرنے کے لیے اپنے شوہر سے طلاق لی تھی، مدثر فضاء کے بجائے کسی اور خاتون سے شادی کرلی جس پر ملزمہ نے انتقام لینے کے لیے مدثر کو گولی مار کر قتل کردیا۔
پولیس نے مطابق ملزمہ فضا خود ہی آلہ قتل سمیت تھانے میں پیش ہوگئی، پولیس نے ملزمہ فضا کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز احمر کھوکھر کے مطابق مقتول مدثر کو مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا ہے۔
واضح رہے گزشتہ سال نومبر میں لاہور کے علاقے لنک روڈ کے رہائشی عثمان کی اپنی بیوی سے ڈھائی سال سے ناراضگی تھی جس پر اس نے انتہائی قدم اٹھاتے ہوئے بیوی بچے کو مار کر خودکشی کرلی تھی۔
پولیس کا کہنا تھا کہ عثمان نے فون کر کے بیوی کو میکے سے بلایا اور بیوی بچے کو لانے کے لیے آن لائن ٹیکسی بھی خود بھیجی۔
بیوی عائشہ اور چار سالہ بچہ ارتضیٰ جیسے ہی پہنچے عثمان نے گھر سے نکلتے ہی دونوں پر فائرنگ کر دی جس سے وہ موقع ہی پر جاں بحق ہو گئے تھے۔
لاہور: معروف مبلغ مولانا طارق جمیل کو ناسازیٔ طبع کی بنا پر اسپتال منتقل کیا گیا ہے، بتایا جارہا ہے کہ انہیں عارضہ قلب کی شکایت درپیش ہے۔
تفصیلات کے مطابق مولانا طارق جمیل کو دل میں تکلیف کے سبب طبی امدارد کے لیے لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں واقع نجی اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جہاں ڈاکٹرز ان کی نگہداشت میں مصروف ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ طارق جمیل کی حالت اب خطرے سے باہر ہے تاہم ممکنہ طور پر ڈاکٹرز ان کی انجیوگرافی کریں گے او ر اس کے بعد آگے مزید طبی علاج کا لائحہ عمل طے کریں گے۔ خیال رہے کہ انجیو گرافی کے ذریعے دل اور اس کی مرکزی شریانوں میں خرابی کی نوعیت کی جانچ کی جاتی ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ مولانا طارق جمیل تبلیغ سے متعلق اپنی مصروفیات کے سلسلے میں گزشتہ کچھ دنوں سے کینیڈا میں تھے اور گزشتہ رات ہی وطن واپس پہنچے تھے۔
طارق جمیل اپنے اندازِ بیان کے باعث مشہور ہیں۔ انہوں نے تبلیغی جماعت کے ساتھ 6 براعظموں کا سفر کیا ہے۔ انٹرنیٹ کے اس دور میں آن لائن ان کے بیانات سننے والوں اور ان سے عقیدت رکھنے والے بڑی تعداد میں موجود ہیں۔
طارق جمیل کا تعلق ایک زمیندار گھرانے سے ہے اور ان کی پیدائش ضلع خانیوال کے مياں چنوں علاقے میں ہوئی۔ انھوں نے ابتدائی تعلیم کے حصول کے بعد لاہور کی کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں ایم بی بی ایس کے لیے داخلہ لیا تھا۔
دورانِ تعلیم وہ تبلیغی جماعت سے متعارف ہوئے اور پھر اُس سے متاثر ہوکر مذہبی تعلیم کے حصول کے لیے جامعہ عربیہ رائے ونڈ میں داخلہ لیا تھا اور وہیں سے اپنی دینی خدمات کا سلسلہ شروع کیا اور اسے جاری وساری رکھا۔
لاہور: تبلیغی جماعت کے امیر حاجی عبدالوہاب طویل علالت کے بعد 95 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
تفصیلات کے مطابق تبلیغی جماعت کے امیر حاجی عبدالوہاب طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے، تبلیغی مرکز رائے ونڈ کے اعلامیے کے مطابق مولانا عبدالوہاب نجی اسپتال میں زیرعلاج تھے۔
مولانا حاجی عبدالوہاب کی نماز جنازہ بعداز نماز مغرب اجتماع گاہ رائے ونڈ میں ادا کی جائے گی۔ وہ تبلیغی جماعت کے تیسرے امیر تھے۔
مولانا حاجی عبدالوہاب یکم جنوری 1923 کونئی دہلی میں پیدا ہوئے، مولاناعبدالوہاب نے اسلامیہ کالج لاہور سے گریجویشن کیا۔
تقسیم ہند سے پہلے مولانا عبدالوہاب نے بطور تحصیل دار فرائض انجام دیے، مولانا عبدالوہاب تحصیل دارکاعہدہ چھوڑکرتبلیغی سرگرمیوں میں مصروف ہوئے۔
قیام پاکستان کے بعد مولانا عبدالوہاب نے اہل خانہ کے ہمراہ بھارت سے ہجرت کی۔
لاہور: سابق وزیراعظم نوازشریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی میت جاتی امرا پہنچا دی گئی ہے، نماز جنازہ جاتی امرا کے میڈیکل سٹی گراؤنڈ میں ادا کی جائے گی، مولانا طارق جمیل نمازہ جنازہ پڑھائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف آج صبح بیگم کلثوم نواز کی میت کے ہمراہ لندن سے لاہور ایئرپورٹ پہنچے۔ کلثوم نواز کی میت پاکستان لانے والی پرواز پی کے 758 کو سوا گھنٹہ تاخیر کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
میت کے ہمراہ ان کی صاحبزادی اسما نواز، حسن نواز اور حسین نواز کے صاحبزادے شہبازشریف اور دیگر اہلِ خانہ سمیت 13 افراد وطن واپس پہنچے ہیں۔
بیگم کلثوم نواز کی میت کو ایئرپورٹ پروصول کرنے کے لیے شریف خاندان کے دیگر افراد بھی موجود تھے۔
سابق وزیراعظم کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ اور تدفین شریف میڈیکل کمپلیکس رائے ونڈ جاتی امرا میں کی جائے گی۔ انہیں نوازشریف کے والد میاں محمد شریف کے پہلو میں سپرد خاک کیا جائے گا۔
نماز جنازہ کے لیے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، جنازہ گاہ میں صفحوں کی نشاندہی کے لیے لائنیں لگائی گئی ہیں جبکہ لاؤڈ اسپیکر بھی نصب کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق جاتی امرا کے اطراف میں 3 مقامات پرسیکیورٹی ہائی الرٹ رکھی گئی ہے جبکہ کارکنان کو سوئی گیس سوسائٹی کی جانب سے آنے کی اجازت ہوگی۔
اس سے قبل گزشتہ روز سابق وزیراعظم نوازشریف کی اہلیہ کلثوم نواز کی نماز جنازہ لندن کے ریجنٹ پارک کی مسجد میں ادا کی گئی تھی ۔ اس موقع پر لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی تھی۔
نماز جنازہ میں کلثوم نواز کے دونوں صاحبزادے حسن اور حسین نواز، شہبازشریف، سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار، سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار، سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ثناء اللہ زہری بھی شریک تھے۔
چکوال: ڈھوک پٹھان کے مقام پر بس پل سے نیچے گر گئی جس کے نتیجے میں 27 افراد جاں بحق اور 40 سے زائد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق چکوال کے علاقے ڈھوک پٹھان پر مسافروں سے بھری بس پل کے نیچے گر گئی جس کے نتیجے میں 27 افراد جاں بحق اور 40 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اداروں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیوں کا آغاز کردیا تاہم رات ہونے اور لائٹوں کے انتظام نہ ہونے پر امدادی کاموں میں رکاوٹ کا سامنا ہے۔
ذرائع کے مطابق مسافر بس میں 60 سے زائد مسافر سوار تھے اور تبلیغی جماعت کے مرکز رائے ونڈ جا رہے تھے کہ ڈھوک پٹھان کے مقام پر حادثے کا شکار ہوگئے، جاں بحق ہونے والوں میں ایک ہی خاندان کے افراد بھی شامل ہیں۔
قبل ازیں ایمبولینس نہ ہونے کے باعث لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کاموں کا آغاز کیا تاہم اس دوران کئی زخمی اسپتال پہنچنے سے قبل ہیدم توڑ گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجہ کا فی الحال تعین نہیں ہوسکا، ہماری پہلی ترجیح حادثے کا شکار لوگوں کوطبی امداد مہیا کرنا ہے جس کے لیے رات ہوجانے کے باعث مشکل کا سامنا ہے۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔
اسلام آباد: وزیر اعظم نواز شریف کو تقریر میں فرعون کہہ کر مخاطب کرنے پر تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو قانونی نوٹس بھجوا دیا گیا۔
تفصیلات کےمطابق قانونی نوٹس جسٹس پارٹی کے سربراہ منصف اعوان کی جانب سے بھجوایا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے رائے ونڈ جلسہ میں اخلاقی ضابطوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے وزیر اعظم میاں نواز شریف کو فرعون کہہ کے مخاطب کیا۔
قانونی نوٹس کے مطابق عدالت عالیہ کے فل بنچ نے جلسے کے منتظمین کو اشتعال انگیز تقاریر نہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔عمران خان کی جانب سے وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف نازیبا الفاظ غیر قانونی اور غیر اخلاقی ہیں لہذا عمران خان قوم سے معافی مانگیں۔
منصف اعوان کی جانب سے قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اگر عمران خان نے قوم سے معافی نہ مانگی تو ان کے خلاف ایک ارب روپے ہرجانے کا دعوی دائر کرتے ہوئے قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے نواز شریف کو احتساب کے لیے محرم تک الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا تھا کہ اب ہم جلسہ نہیں کریں بلکہ محرم کے بعد اسلام آباد بند کردیں گے اور حکومت چلنے نہیں دیں گے کارکنان تیاری کریں۔
لاہور: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے نواز شریف کو احتساب کے لیے محرم تک الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب ہم جلسہ نہیں کریں بلکہ محرم کے بعد اسلام آباد بند کردیں گے اور حکومت چلنے نہیں دیں گے کارکنان تیاری کریں۔
یہ الٹی میٹم انہوں نے اڈہ پلاٹ پر رائے ونڈ مارچ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔ عمران خان ہیلی کاپٹر کے ذریعے جلسہ گاہ پہنچے اور کئی رہنماؤں کے خطاب کے بعد آخری خطاب کیا۔
اسٹیج پر عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید،وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک،تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی، جہانگیر ترین، نعیم الحق، عبدالرشید، چوہدری سرور، شفقت محمود، اسد عمر، اعجاز چوہدری،عارف علوی، عمران اسماعیل اور دیگر موجود تھے۔
سرحدی صورتحال مخدوش نہ ہوتی تو عوام کو یہی روک لیتا
عمران خان نے اعلان کیا کہ اب ہم جلسہ نہیں کریں گے، نواز شریف کو خبردار کرتے ہیں وہ محرم تک اپنے اپ کو احتساب کے لیے پیش کردیں ورنہ ماہ محرم الحرام نواز شریف کو حکومت کرنے نہیں دیں گے، اگر سرحدی صورتحال ٹھیک ہوتی تو میں عوام کو یہیں رائے ونڈ میں روک لیتا۔
فرعون کے گڑھ میں جلسہ کرکے خوف کا بت توڑا
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ خواتین مارچ کے لیے گھروں سے باہر نکلیں، کارکن میری بات آخر تک سنیں میں آخر میں اہم اعلان کروں گا،کارکنوں نے فرعون کے خلاف جلسہ کیا اور اپنے خوف کا بت توڑا وہ خراج تحسین کے قابل ہیں۔
جاتی امرا کی دیواروں پر 60 کروڑ اور سیکیورٹی پر ساڑھے 8ارب خرچ ہوئے
انہوں نے کہا کہ نواز شریف فرعون ہیں اور ان کے گھر کی صرف دیواروں پر عوام کا 60 کروڑ روپیہ لگا ہوا ہے،جاتی امرا کی سیکیورٹی پر ساڑھے آٹھ ارب روپے خرچ ہوئے، وہ خوف زدہ ہیں، کرپشن سے اتنا پیسہ کمالیا کہ وہ اب بزدل ہوگئے ہیں جتنا وزیراعظم کا اسٹاف ہے اس کا نصف اسٹاف وائٹ ہائوس کا ہے۔
بڑے بڑے فرعون دیکھے، نواز شریف کا بھی وقت آچکا
انہوں نے کہا کہ میں وقت کے فرعون کو بتادینا چاہتا ہوں کہ میں نے بڑے بڑے فرعون دیکھے، شاہ ایران کی بہت دہشت تھی لیکن جب عوام سڑکوں پر نکل آئے تو شاہ ایران کے جہاز کو لینڈنگ کے لیے بھی کوئی ملک تیار نہیں تھا، حسنی مبارک،قذافی اور صدام حسین کا انجام نواز شریف نہ بھولیں،نواز شریف کا بھی آخری وقت آچکا ہے۔
قوم کا پیسہ کھانے پر نواز شریف کو دل کا نہیں معدے کا مسئلہ ہے
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو دل کا نہیں معدے کا مسئلہ ہے، وزیراعظم نے عوام کے اربوں روپے کھائے ہیں انہیں بدہضمی ہورہی ہے وہ اپنے دل کا نہیں بلکہ معدے کا علاج کرائیں۔
حسین، حسین،مریم اور نواز شریف کے پاناما لیکس پر بیانات دکھائے گئے
عمران خان نے خطاب کے دوران اسٹیج پر موجود بڑی اسکرین پر ویڈیو دکھائی جس میں پاناما لیکس کی کرپشن کے متعلق دستاویزات دکھائی گئیں،مریم نواز کا ایک بیان دکھایا گیا جس میں وہ کسی بھی آف شور کمپنی کی ملکیت سے انکار کررہی تھیں۔
عمران خان نے کہا کہ اس ویڈیو میں مریم نواز نے انکار کیا لیکن پاناما لیکس میں مریم نواز کی کمپنیاں نکل آئیں اور یہ ہم نےنہیں آئی سی آئی جے نے کہا ہے، مریم نواز کے پاس پیسے ہی نہیں تھے تو ان کے نام پر پراپرٹی کیسے نکل آئی؟؟؟ وہ کہتی تھیں کہ میری پاکستان تو دور کی بات باہر بھی کوئی پراپرٹی نہیں ، اللہ آپ کو سچ بولنے ہدایت کرے۔
انہوں نے ویڈیو میں نواز شریف کے بیٹوں حسین اور حسن نواز کے بیانات بھی دکھائے جس میں تضاد بیانی آنے پر عمران خان نے تینوں کو تنقید کا نشانہ بنایا بعدازاں نواز شریف کا اسمبلی میں دیا گیا بیان دکھایا گیا جس میں نواز شریف نے جدہ اسٹیل مل اور لندن کے فلیٹس خریدنے کے لیے پاکستان سے ایک بھی روپیہ جانے سے انکار کیا اور چوہدری نثار سمیت دیگر وزرا کے ویڈیو بیانات دکھائے جن میں فلیٹس کی خریداری سے متعلق تضاد بیانی تھی۔
پورے شریف خاندان کا بیان جھوٹ صرف کلثوم نواز کا بیان سچ ہے
عمران خان نے کہا کہ ادھر وزیراعظم انکار کرتے ہیں کہ پاکستان سے پیسہ باہر نہیں گیا اور دوسری جانب ان ہی کے بیٹے اور بیگم کلثوم نواز کے فلیٹ کے متعلق دیے گئے بیانات میں تضاد ہے، چوہدری نثار کہتے ہیں کہ فلیٹس 20 سال قبل خریدے گئے جب کہ نواز شریف کہتے ہیں 7 سال قبل خریدے گئے، دراصل بیگم کلثو م نواز کا بیان درست ہے ان کے سوا سب جھوٹ بول رہے ہیں انہوں نے سال 2000ء میں کہا تھا کہ فلیٹس ہمارے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے کہ نواز شریف نے کرپشن کرکے پیسہ حاصل کیا، منی لانڈرنگ کرکے پیسہ باہر بھیجا اور اپنے بچوں کے نام پر پراپرٹیز خریدیں۔
نیب، ایف بی آر اور ایف آئی اے کرپشن پر پکڑ دھکڑ کیوں نہیں کرتے
انہوں نے قومی احتساب بیورو(نیب) کے چیئرمین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ چند لاکھ روپے کھانے والوں کو پکڑنے میں لگے ہوئے ہیں لیکن اربوں روپے کھانے والوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہورہی،اسی طرح ایف بی آر اور ایف آئی اے بھی پاناما لیکس میں شامل افراد کے خلاف کچھ نہیں کررہے، پہلے سپریم کورٹ ہر بات پر سوموٹو ایکشن لیتی تھی لیکن اب اتنے بڑے معاملے پر کچھ نہیں کررہی۔
خواجہ آصف سن لیں، پاناما لیکس بھولنے نہیں دوں گا
انہوں نے ن لیگ کے وزیر خواجہ آصف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے وزیراعظم کو مشورہ دیا کہ میاں صاحب فکر نہ کریں قوم جلد اس معاملے کو بھول جائے گی، ایسے درباری سن لیں، نہ لوگ پاناما لیکس کو بھولیں گے اور نہ میں انہیں بھولنے دوں گا۔
کچھ نہ بھی کروں تب بھی اللہ کا دیا بہت کچھ ہے
انہوں نے کہا کہ مجھے اللہ نے اتنا دیا ہے کہ اگر ساری زندگی کچھ نہ بھی کروں تب بھی زندگی بادشاہوں کی طرح گزر جائے لیکن میں یہ سب کچھ انصاف کی خاطر کررہا ہوں۔
نجم سیٹھی اور پیمرا پر بھی تنقید
انہوں نے نجم سیٹھی اور پیمرا پر بھی تنقید کی اور کہا کہ کرپشن کرنے والے اور الیکشن فکسنگ کرنے والےنجم سیٹھی کو کرکٹ بورڈ کاسربراہ اور ن لیگ کے کارکن کو پیمرا کا چیئرمین لگادیا گیا، جب ملک کا وزیراعظم خود چور ہو تو دوسرے چوروں کا باہر موجود پیسہ کیسے واپس لاسکتا ہے، نوازشریف آصف زرداری کو کیسے کہہ سکتے ہیں کہ زرداری سوئس بینکوں میں رکھا اپنا پیسہ واپس لائیں۔
نواز شریف کو برطانیہ کا وزیراعظم بنادیا جائے
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو برطانیہ کا وزیراعظم بنادیا جائے تو پانچ برس میں برطانیہ کا دیوالیہ نکل جائے گا۔
مودی سے کہا پاکبھارت ایٹمی طاقتیں ہیں، جنگ کا سوچنا بھی نہیں چاہیے
انہوں نے کہا کہ میں جنگوں پر نہیں امن پر یقین رکھتا ہوں اور جنگوں کے خلاف ہوں، عراق اور افغان پر بمباری کا مخالف رہا، ہندوستان جا کر نریندر مودی سے ملا کہ جنگوں کے بجائے پیسہ عوام پر خرچ کیا جائے، جنگ کے بجائے بات چیت سے مسائل حل کیے جائیں کیوں کہ بھارت اور پاکستان دونوں ایٹمی ممالک ہیں ان کو تو جنگ کا سوچنا بھی نہیں چاہیے۔
مودی سن لیں، ہر پاکستانی نواز شریف کی طرح بزدل نہیں
انہوں نے کہا کہ مودی کان کھول کر سن لیں ہر پاکستانی نواز شریف نہیں، یہاں سب ایک ہیں، ہر پاکستان نواز شریف کی طرح بزدل نہیں، مسئلہ کشمیر حل کرنا ہوگا اور کشمیری باشندوں کو ان کے حقوق دینے ہوں گے،ہمارے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور کسی صورت اس کی حمایت سے دست بردار نہیں ہوں گے، گولیوں اور بندوقوں سے کشمیری عوام کو روکا نہیں جاسکتا، ہم ملک کا پانی بند کرنے یا ایل او سی پر حملے کامنہ توڑ جواب دیں گے۔
مودی پاکستان کو تنہا کریں میں پیسہ اکٹھا کرکے دکھاؤں گا
انہوں نے مودی کو چیلنج دیا کہ وہ پاکستان کو تنہا کرکے دکھائیں میں اسی پاکستان سے پیسہ اکٹھا کرکے دکھا دوں گا۔
اقوام متحدہ میں نواز شریف کشمیر پر یہ باتیں کرنا نہیں چاہتے تھے
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں نواز شریف نے کشمیر کے متعلق اچھی باتیں کیں میں ان کی شکل دیکھ رہا تھا وہ یہ باتیں کرنا نہیں چاہ رہے تھے لگ رہا تھا کہ ان سے یہ باتیں کروائی گئی ہیں۔
مشرف مجرم ہے، ڈالر کی خاطر وزیرستان میں فوج بھیجی
انہوں نے کہا کہ جنرل مشرف قوم کے مجرم ہیں جنہوں نے ڈالر کی خاطر وزیرستان میں فوج بھیجی،فوج کبھی بھی مسئل کا حل نہیں رہی، قبائل اور بگٹی کے خلاف بھی فوجی آپریشن کا مخالف رہا۔
پنجاب حکومت نے قوم کا 30ارب اشتہارات پر خرچ کیا
عمران خان نے کہا کہ پنجاب حکومت نے قوم کا 30 ارب روپیہ اشتہارات پر خرچ کیا، خیبر پختون خوا میں کرپشن کا کوئی ایک بھی کیس ہے تو بتادیں۔
نواز شریف نے دو ٹی وی چینلز کو اپنی حمایت میں پیسہ دیا
انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ملک کے دو ٹی وی چینلز کو پیسہ دیا ہواہے اپنی کمپین چلانے کے لیے، وہ کون سے دو ٹی وی چینلز ہے عوام مجھے جواب دیں، جس پر مجمع نے ایک ٹی وی چینل جیو کا نام لیا۔
کراچی کے 47فیصد لوگ باہر جا کر کمانا چاہتے ہیں
انہوں نے کہا کہ کراچی کے 47فیصد نوجوان ملک سے باہر جا کر کمانے کے خواہش مند ہیں، انہیں کہتا ہوں کہ یہ زمین سونا ہے صرف یہاں موجود ڈاکوئوں کے ٹولے کو شکست دینی ہے، نواز شریف کی جدہ اسٹیل مل چل رہے ہی لیکن پاکستان اسٹیل مل نہیں۔
بھارت واہگہ سے آلو ٹماٹر اور چمن بارڈر سے دہشت گردبھیجتا ہے، شاہ محمود قریشی
اپنے خطاب میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت واہگہ سے آلو ٹماٹر اور طور خم بارڈر سے دہشت گردبھیجتا ہے، سنا ہے مودی سرجیکل اسٹرائیک کے بارے میں سوچ رہے ہیں انہیں خبردار کرتا ہوں کہ وہ ایسی حماقت نہ کریں ورنہ بیس کروڑ عوام کھڑے ہوجائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مودی کی سیاست بے نقاب ہوگئی،بھارتی وزیراعظم کی بغل میں چھری اور منہ پر رام رام ہے ،بھارت نے سارک سربراہ کانفرنس میں شرکت نہ کرکے خطے کی خوشحالی میں رکاوٹ ڈالی۔
انہوں نے سابق وزیر خارجہ ہونے کے ناطے موجودہ بھارتی وزیر خارجہ کو چیلنج کیا کہ وہ آئیں اور میرے ہمراہ سری نگر میں نعرہ لگائیں پتا چل جائے گا کہ کشمیری عوام کس کے ساتھ ہیں۔
بھارت کو اجمل قصاب کا پتا نواز شریف نے دیا ، شیخ رشید
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ مودی اور نواز شریف سرکار دونوں کی سوچ ایک جیسی ہے، بھارت کو اجمل قصاب کا پتا نواز شریف نے دیا تھا،یہ چور اور دہشت گردی را سے ملے ہوئے ہیں، بھارت کا حملہ لوگوں میں خوف پیدا کرنے کے لیے تھا،سچا لیڈر وہی ہے جو مودی کی آنکھ میں آنکھ ڈال کر بات کرے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں ڈنڈے دکھانے والے ڈوب مریں، جب بھی جلسہ کرتے ہیں حملہ ہونےکاپرچہ تھما دیاجاتا ہے،اگر خون درکار ہے تو سب سے پہلے خون میں دوں گا،عمران خان ہمیں حکم دیں تو جاتی امرا کی اینٹ سے اینٹ بجادیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی نے پاکستان پر حملہ کیا تو مندروں کی گھنٹیاں نہیں بجیں گی بلکہ بھارت بھرمیں کلمہ طیبہ کی آواز بلند ہوگی۔
نئے پاکستان میں نوجوان نوکری کیلئے پریشان نہ ہوں گے، جہانگیر ترین
جہانگیر ترین نے کہا کہ عمران خان نیا پاکستان بنائیں جہاں نوجوان ڈگریاں حاصل کرکے نوکریوں کے لیے مارے مارے نہ پھریں،کیا کارکنان نئے پاکستان کے لیے تیار ہیں؟ خان صاحب ہم دیر نہیں کرسکتے، بتائیں نئے پاکستان کے لیے کیا کرنا ہے؟
سب سے پہلے خطاب کرتے ہوئے عارف علوی نے کہا کہ کراچی میں را کا استعمال کیا گیا، قائد متحدہ الطاف حسین را کے ایجنٹ ہیں، جو پاکستان کے خلاف نعرہ لگائے گا اس کی زبان کھینچ لیں گے۔
بھارت کے خلاف فوج اور عوام متحد ہیں، چوہدری سرور
خطاب کرتے ہوئے چوہدری سرور نے کہا کہ کامیاب جلسے کے انعقاد پر تحریک انصاف مبارک باد کی مستحق ہے،بھارت کے خلاف پاک فوج اور عوام متحد ہیں،نعرہ تکبیر بلند کرنے سے بھارتی فوجیوں کو نیند نہیں آتی، کشمیریوں کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ قوم ان کے ساتھ ہے۔
خان صاحب گوگلیاں بہت ہوگئیں، اب بائونسر کی ضرورت ہے، پرویز خٹک
اپنے خطاب میں وزیراعلیٰ خیبر پختون خوا پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ خان صاحب گوگلیاں بہت ہوگئیں، اب بائونسر کی ضرورت ہے، ہم نے قربانیاں دی ہیں، کس کی مجال ہے ہمیں دھمکیاں دے۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو انتخابات تک جانے کا موقع کیوں دیا جائے، کارکنوں اٹھو اور ان دیواروں کو گرادو۔
کارکنوں کی دھکم پیل سے واک تھرو گیٹ گر گیا
قبل ازیں کارکنوں کو کافی دیر سے عمران خان کا بڑی بے چینی سے انتظار تھا، اپنے قائد کی آمد پر ان کے جوش و خروش اضافہ ہوگیا اور وہ جذبات کے سبب ایک دم غیر منظم ہوگئے جس پر ہونے والی دھکم پیل کے باعث واک تھرو گیٹ ٹوٹ گیا۔جلسہ گاہ میں بجتے ہوئے گانوں نے بھی کارکنوں کے جذبے کو تقویت دینے میں اہم کردار ادا کیا۔
سلمان احمد اور عطا اللہ عیسیٰ خیلوی نے نغمات پیش کیے
جلسہ گاہ میں گلوکار سلمان احمد نے پی ٹی آئی کا نغمہ پیش کیا ان کے ہمراہ اداکار فواد خان بھی موجود رہے بعدازاں مقررین کے خطابات کے بعد اور عمران خان کے خطاب سے قبل گلوکار عطا اللہ عیسیٰ خیلوی نے ’’ بنے گا نیا پاکستان‘‘ نغمہ سنایا۔
پنڈال میں 10 لاکھ افراد موجود ہیں ، پی ٹی آئی کا دعویٰ
پاکستان تحریک انصاف کے متعدد رہنماؤں دعویٰ کیا ہے کہ جلسہ گاہ میں دو لاکھ 40 ہزار افراد موجود ہیں جب کہ رہنما فیصل جاوید نے دعویٰ کیا ہے کہ جلسہ گاہ میں موجود لوگوں کی تعداد دس لاکھ افراد سے تجاوز کرگئی جب کہ ن لیگ کے رہنما و وزیر قانون رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ جلسہ گاہ میں صرف تیس ہزار افراد موجود ہیں۔
شیریں مزاری نے دعویٰ کیا کہ پنڈال میں دو لاکھ افراد موجود ہیں، آج صرف جلسہ ہے عمران خان آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
جلسے سے قبل عمران خان کا انتظامات کا جائزہ
تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے گزشتہ رات رائے ونڈ مارچ کی تیاریوں کا جائزہ لیا،مارچ میں شرکت کے لیے مختلف شہروں سے قافلوں کی آمد جاری ہے،بڑی تعداد میں کارکن پہنچ بھی چکے ہیں،خواتین کی بڑی تعداد بھی احتجاج کے لیے رائے ونڈ اڈاہ پلاٹ پہنچی ہیں۔
خیال رہے کہ آج صبح گیارہ بجے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے لاہور میں اپنی رہاہش گاہ زمان پارک پر پارٹی رہنماؤں کا اجلاس طلب کیا تھا جس میں تحریک انصاف کے سربراہ کی تقریر سمیت دیگر اہم امور پر مشاوت کی گئی۔
مودی کے لیے واضح پیغام دیں گے، شاہ محمود قریشی
تحریک انصاف کے اجلاس کے پی ٹی آئی کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مشاورت کرلی گئی ہے آج رائے ونڈ کے میدان سے مودی کے لیے واضح پیغام آئے گا۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ قوم تیارہوجائے وطن کی مٹی پکار رہی ہے،انہوں نے کہا کہ امید ہے آج تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان قوم کو مایوس نہیں کریں گے۔
تحریک انصاف کے سینئر رہنما کا رائے ونڈ مارچ کے حوالے سے کہنا تھا کہ چار بجے پنڈال کے لیے روانہ ہوں گے اور حتمی فیصلہ اس وقت صورت حال کو دیکھ کر کیا جائے گا کہ عمران خان روڈ کے ذریعے یا ہیلی کاپٹر کے ذریعے پنڈال پہنچیں گے۔
ملک کرپشن کے ساتھ نہیں چل سکتا، وزیراعلیٰ کے پی کے
قبل ازیں جلسہ گاہ پہنچنے پر وزیراعلیٰ پرویز خٹک کاکہنا تھا کہ آج ثابت کردیں گے کہ ملک کرپشن کے ساتھ نہیں چل سکتا۔
رائےونڈ روڈ پر تحریک انصاف کے جلسے کے دوران ٹریفک کا بہاؤ بحال رکھنے کے لیے 2ایس پیز، 6ڈی ایس پیز، 42انسپکٹر، 112پٹرولنگ آفیسرزاور 760ٹریفک وارڈنز تعینات کر دیے گئے ہیں۔
چیف ٹریفک آفیسرلاہور طیب حفیظ چیمہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اڈاپلاٹ میں ہونےوالے جلسہ کے موقع پر سٹی ٹریفک پولیس نے شہریوں کی سہولت کےلیے انتظامات مکمل کر لیے۔
ٹریفک رواں رکھنے کے لیے 10لفٹر اور 4بریک ڈاؤن بھی ہوں گے۔کئی مقامات پر ٹریفک کو متبادل راستوں سےگزارا جائے گا۔شہر کے داخلی راستوں سے آنےوالی ایمبولینسوں کو اسپتالوں تک پہنچانے کی ہدایت بھی جاری کردی گئی ہے۔
واضح رہےکہ گزشتہ روز لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ رائے ونڈ میں تاریخی مارچ ہوگا پہلے نوازشریف کے لیے پیغام دینا تھااب نریندر مودی کو سخت پیغام دیں گے۔
فیصل آباد : وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ جاتی امرا کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ عابد شیر علی نے کہا کہ ہمارے گھروں پر حملہ ہوا تو خاموش نہیں رہیں گے ہم اپنے اوراپنے قائد کے گھرکی حفاظت کرنا اچھی طرح جانتے ہیں ہمارے گھر کی طرف اگر کوئی گیا تو وہ واپس نہیں آسکے گا۔
انہوں نے کہا عمران خان کو سیاست میں رہنے کیلئے چند لاشیں چاہئیں جو ہم نہیں گرنے دیں گے۔ پی ٹی آئی کی سیاست رائے ونڈ کی نہر میں غرق ہوجائے گی ۔ کوئی نقصان ہوا توعمران خان کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کرکے جیل میں ڈالیں گے۔
وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ عمران خان کی جھوٹی سیاست کو الیکشن کمیشن اورسپریم کورٹ نے بھی رد کردیا ہے، اس لیے وہ مایوسی کا شکار ہوگئے ہیں۔ انہوں نے پی ٹی وی اور پارلیمنٹ پر حملہ کیا۔
عمران خان رات کو سوتے وقت وزیراعظم ہوتے ہیں، صبح اصل حالت میں آجاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ رائیونڈ مارچ کے بعد پی ٹی آئی کی سیاست رائے ونڈ میں ہی غرق ہوجائے گی۔
اسلام آباد : سربراہ تحریک انصاف عمران خان نے 30 ستمبر کو رائے ونڈ میں احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے پاکستان بھر کے عوام سے رائے ونڈ پہنچنے کی درخواست کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کارکنان سمیت ملک بھر کے عوام سے 30ستمبر کو رائے ونڈ پہنچنے کی ہدایت کی ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع ہوگا۔
چیئرمین تحریک انصاف نے اپنے کارکنان سے اپیل کی کہ وہ رائیونڈ مارچ کے لیے مزدوروں، کسانوں سے رابطے کریں، یہ مارچ عمران خان کے لیے نہیں بلکہ ہر اُس محکوم کے لیے ہے جو حکمرانوں کی کرپشن کی زد میں ہے۔
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ’’یہ سلسلہ رائیونڈ مارچ پر ختم نہیں ہوگا اگر حکومت نے رائیونڈ مارچ برداشت کرلیا تو ہم آئندہ کی حکمتِ عملی تیار کریں گے، یہ وقت اداروں میں کرپٹ افسران جو قوم کے لیے نہیں بلکہ حکمرانوں کے لیے کام کرتے ہیں اُن کے خلاف جہاد کا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ میں نے ٹی وی پر ن لیگ کے چند مسٹنڈوں کو دیکھا جو ڈرانے کی کوشش کر رہے تھے۔ ان کو قیمے والے نان کھلائے گئے تھے وہ تو اپنے ہوش میں ہی نہیں تھے۔
مجھے یہ سین دیکھ کر وہ رنگ باز یاد آگئے جو میرے ساتھ میچ شروع ہونے پر کہتے تھے کہ میں متھا رنگ دونگا میں اکیلا ہی کافی ہوں لیکن جب میچ شروع ہوتا تھا تو سب سے پہلے یہ رنگ باز ہی بھاگتے تھے۔
ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں ان سے یہ سوال کرتا ہوں کہ جب مشرف نے دھکے مار کر واپس بھیجا تھا تو یہ رنگ باز کہاں تھے۔ سب اپنی دمیں دبا کر اپنے بلوں میں گھس گئے تھے۔
عمران خان نے کہا کہ نواز شریف باہر چلا گیا ہے اور شہزادی نے ایک بار پھر وزیراعظم ہاؤس سنبھال لیا۔ مریم نواز تو ٹی وی پر جھوٹ بولتے پکڑی گئی۔ حمزہ شہباز پنجاب میں قاتلوں کی سرپرستی کر رہا ہے وہ اپنے باپ کی غیر موجودگی میں وزیراعلیٰ بن جاتا ہے۔
اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ اتوار کو اعلان کروں گا کہ کس دن رائے ونڈ جارہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ بنی گالہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کے تمام نمائندوں کو اتوار کو بلایا ہے اور اس ہی دن اعلان کروں گا کہ کس دن رائے وند جانا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ رائے ونڈ جانے کے حوالے سے دوسری سیاسی جماعتوں سے بات چیت کررہے ہیں تاہم شیخ رشید ان کی پارٹی کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ساری جماعتیں کہہ رہی ہیں کہ پاناما کی تحقیقات ہونی چاہییں.پاناما سے متعلق تفتیش تو ہوچکی اب یہاں اداروں کو کام کرنےکی ضرورت ہے۔
وزیراعظم نوازشریف کے دورہ امریکہ پرعمران خان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کا دورہ امریکہ زیرو پلس زیرو ہے۔
یاد رہےکہ اس سے قبل گزشتہ روز قومی اسمبلی کے قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا تھا کہ تین برس میں نواز شریف نے عوام کے لیے کچھ نہیں کیا،عوام زندہ ہوں گے تو ہی ٹرین میں بیٹھیں گے،میں عمران خان کی کامیابی کے لیے دعاگو ہوں۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا اے آروائی نیوز کے عید اسپیشل شو میں کہنا تھا کہ عوام میں شعور بڑھتا جارہا ہےرائےونڈ انصاف مانگنے جارہے ہیں۔