Tag: رائے ونڈ مارچ

  • جو ریفرنسز ٹھیک لگے وہ ہی آگے ارسال کیے، ایاز صادق

    جو ریفرنسز ٹھیک لگے وہ ہی آگے ارسال کیے، ایاز صادق

    لاہور: اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا ہے کہ میرے پاس اراکین اسمبلی سے متعلق 150 ریفرنسز آئے ان میں سے جو دستاویزات کے مطابق درست لگے انہیں الیکشن کمیشن کو ارسال کردیا،سیاسی جماعتوں کو آئینی جدوجہد کے لیے پارلیمنٹ میں آنا ہوگا اگر ایوان کا کورم پورا نہیں ہوگا تو فیصلے کہیں اور ہوں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ انہیں اسپیکر نہ ماننے والے آئین اور قانون سمیت ملک کے کسی بھی ادارے کو نہیں مانتے، اگر وہ کسی بھی ادارے کو مانتے ہوتے تو آج وہ سڑکوں پر نہ ہوتے۔

    انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں مائیک بند کرنے کا واویلا مچانے والے ارکان کی باتوں کو سنجیدہ نہ لیا جائے، بطور اسپیکر آئین اور قانون کے مطابق ہر رکن کو بولنے کا حق دیا جاتا ہے ایوان میں کبھی کسی ممبر کی حق تلفی نہیں کی۔

    سی پیک منصوبے پر تبصرہ کرتے ہوئے اسپیکر اسمبلی نے کہا کہ پاک چین اقتصادری راہداری سے ملک کی معاشی صورتحال بہتر ہوگی اور اس کے ملک میں اجالے آئیں گے۔ اُن کا کہنا تھا کہ بھارت کبھی دوست نہیں بنا اور نہ ہی بن سکتا ہے۔

    پڑھیں:  عمران خان کی نواز شریف کومحرم تک ڈیڈ لائن، اسلام آباد بند کرنے کا اعلان

    ایاز صادق کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کو اہمیت دینا تمام جماعتوں کی ذمہ داری ہے اگر اسمبلی اجلاسوں میں ممبران کی حاضری پوری نہیں ہوئی تو پھر فیصلے کہیں اور ہوں گے۔

    اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا کہ میرے پاس وزیراعظم نواز شریف اور تحریک انصاف کے چیئرمین کو نااہل قرار دینے سمیت 150 ریفرنسز آئے، شواہد اور دستاویزات کی بنا پر جو مجھے درست لگے وہ الیکشن کمیشن کو ارسال کردیے۔

    انہوں نے کہا کہ اب ان ریفرنسز کی اگلی منزل الیکشن کمیشن یاعدالت ہے اور فیصلہ وہیں ہوں گا۔۔

    مزید پڑھیں:  بھارت کومنہ توڑ جواب دیا ہے،عاصم باجوہ

    رائے ونڈ جلسے میں عمران خان کی تقریر پر تنقید کرتے ہوئے اسپیکر اسمبلی نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف نے گزشتہ روز جلسے میں وزیر اعظم کو بزدل کہہ کر پوری قوم کے حوصلوں کو پست کرنے کی کوشش کی مگر سیاست میں انتشار پھیلانے والوں کی ہر حکمتِ عملی ناکام ہوگی کیونکہ عوام جمہوریت کی اہمیت سے اچھی طرح واقف ہیں۔
    انہوں نے کہا کہ سی پیک کو متنازع نہ بنایا جائے، سی پیک سے ہی ملک کی اقتصادی صورتحال بہتر ہو گی۔ اُن کا کہنا تھا کہ پڑوسی ملک بھارت کبھی دوست نہیں تھا، نہ ہے اور نہ اچھا ہمسایہ بن سکتا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: بھارت دہشت گرد ملک ہے،مشال ملک

    انہوں نے کہا کہ جلسوں کی تقاریر میں ملک کے سربراہ کے خلاف غلط زبان استعمال کی جاتی ہے، دھرنوں اور مارچ پر یقین رکھنے والی جماعتیں ملک کے کسی ادارے کو تسلیم نہیں کرتیں،

    ممبران قومی اسمبلی کو خبردار کرتے ہوئے ایاز صادق نے کہا کہ اسمبلی اجلاسوں کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے سیاسی جماعتوں کے نمائندے اپنی حاضری یقینی بنائیں اگر منتخب نمائندے پارلیمنٹ کو اہمیت نہیں دینگے تو پھر فیصلے کہیں اور ہوں گے، اسمبلی میں ممبران کا کورم پورا کرنا تمام جماعتوں کی ذمہ داری ہے۔

  • رائے ونڈ مارچ روکنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ، کل سنایا جائیگا

    رائے ونڈ مارچ روکنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ، کل سنایا جائیگا

    لاہور ہائی کورٹ کے فل بنچ نے تحریک انصاف کے رائے ونڈ مارچ کو روکنے کے لیے دائر درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا، جو کل 29 ستمبر کو سنایا جائے گا، عدالت نے ریمارکس دئیے ہیں کہ عدلیہ عام آدمی کی جان و مال کا تحفظ چاہتی ہے احتجاجی ریلی کے بعد بھی تو حتمی فیصلہ عدالت کو  ہی کرنا ہے پھر ریلی کیوں نکالی جا رہی ہے؟

    لاہور ہائی کورٹ کے قائم مقائم چیف جسٹس شاہد حمید ڈارکی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے درخواست کی سماعت کی۔

    شرکا کی سیکیورٹی کے لیے پی ٹی آئی نے تجاویز دیں؟؟ عدالت

    عدالت نے تحریک انصاف کے وکیل سے استفسار کیا کہ مارچ کا مقصد کیا ہے اور کیا شرکا کی سیکیورٹی کے لیے پی ٹی آئی نے حکومت کو تجاویز دی ہیں یا نہیں؟

    آئینی حدود کے اندر رہ کر احتجاج کرنا چاہتے ہیں،پی ٹی آئی

    تحریک انصاف کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ تحریک انصاف آئینی حدود کے اندر رہ کر احتجاج کرنا چاہتی ہے ،پاناما لیکس کے معاملے پر حکومت پر الزامات ہیں ہم نے ہر فورم سے رجوع کیا مگر شنوائی نہیں ہوئی۔

    مارچ کو پرامن رکھنے کی ضمانت دیتے ہیں، پی ٹی آئی

    انہوں نے کہا کہ مارچ کو پرامن رکھنے کی ضمانت دیتے ہیں اگر کنٹینرز اور رکاوٹیں کھڑی نہ کی جائیں تو عام شہریوں کو بھی مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا اور احتجاج بھی پرامن ہو گا،ہر فورم سے مایوسی کے بعد ہم اپنا اخلاقی فرض سمجھتے ہوئے عام آدمیوں کو اپنے موقف سے آگاہ کرنے جارہے ہیں۔

    اگر ہر شہری احتجاج کرے تو نظام کیسے چلے گا؟عدالت

    عدالت نے استفسار کیا کہ معاملہ سپریم کورٹ میں ہے تو احتجاج کا کیا جواز ؟ اگر ہر شہری اس طرح احتجاج کرنا شروع کر دے تو نظام کیسے چلے گا؟

    سابقہ دھرنے کے سبب چینی صدر پاکستان نہ آسکے، ایڈیشنل اٹارنی جنرل

    ایڈیشنل اٹارنی جنرل نصیر بھٹہ نے کہا کہ گزشتہ دھرنے کے وقت تحریک انصاف کے کارکن اسلام آباد میں ریڈ زون میں گئے،پی ٹی وی میں گھسے،پارلیمنٹ میں گھسنا چاہتے تھے،فوج کو بلایا اور وزیر اعظم ہاؤس کا گھیراؤ کیا گیا،ان کے دھرنے کی وجہ سے چینی صدر پاکستان میں نہیں آ سکے پوری دنیا پاکستان کی جگ ہنسائی ہوئی،اگر یہ اڈا پلاٹ جائیں گے تو وہاں یہ کس جگہ پڑاؤ کریں گے اور کس طرح اپنی حدود کا تعین کریں گے؟

    عمران خان تقاریر میں بازاری زبان استعمال کرتے ہیں، درخواست گزار

    درخواست گزار اے کے ڈوگر نے کہا کہ عمران خان اپنی تقاریر میں بازاری زبان استعمال کرتے ہیں ،عمران خان کی زبان پڑھے لکھوں والی نہیں،عمران خان اور تحریک انصاف کی بے ضابطگیوں پر جسٹس وجہیہ الدین استعفی دے چکے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ عمرا ن خان ہر ادارے کے سربراہ کے خلاف توہین آمیز تقریر کرتے ہیں اور گو نواز گو کے نعرے لگواتے ہیں۔

    پاناما لیکس پر جلد سماعت کریں گے، تو پھر احتجاج کیوں؟عدالت

    عدالت نے ریماکس دیے کہ سپریم کورٹ نے تحریک انصاف کی پٹیشن پر اعتراض ختم کر دیا ہے عدالت عظمیٰ کے فیصلے تک احتجاج روکنے کی تجویز پر کیوں غور نہیں کیا جا رہا، سپریم کورٹ ملک کا سب سے اعلیٰ اور بڑا فورم ہے،عدالت عظمی کے تین ججز پر مشتمل فل بنچ پاناما لیکس سے متعلق کیس کی سماعت کرے گا پھر احتجاج کیوں کیا جا رہا ہے؟ریلی کے بعد بھی تو حتمی فیصلہ عدالت کو ہی کرنا ہے۔

    ریلی کے راستوں پر کنٹینر نہیں لگائیں گے، ڈی سی او لاہور کی یقین دہانی

    ڈی سی او لاہور نے پیش ہو کر بتایا کہ پرامن احتجاج کی اجازت دے دی گئی ہے اور ریلی کے راستوں میں کنٹینر بھی نہیں لگائے جائیں گے۔

    عدالت نے تحریک انصاف کے رائیونڈ مارچ کو روکنے اورتحریک انصاف کے کارکنوں کو ہراساں کیے جانے کے خلاف دائر درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا جو 29 ستمبر کو سنایا جائے گا۔

  • رائیونڈ مارچ، ضلعی انتظامیہ لاہور کا ضابط اخلاق جاری

    رائیونڈ مارچ، ضلعی انتظامیہ لاہور کا ضابط اخلاق جاری

    لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے 30 ستمبر کو رائیونڈ میں جلسے سے متعلق لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے 39 نکات پر ضابطہ اخلاق جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے تیس ستمبر کو رائیونڈ میں جلسے کے لیے ضلعی انتظامیہ لاہور نے ضابطہ اخلاق جاری کردیا ضابطہ اخلاق میں کہا گیا ہے کسی بھی املاک کو نقصان پہنچنے کی ذمہ داری تحریک انصاف پر عائد ہوگی۔

    ضابطہ اخلاق میں کہا گیا ہے کہ مرکزی اسٹیج کی لمبائی بیس فٹ سے زیادہ نہیں ہو، کنٹینر پولیس اور پی ٹی آئی کی مشروط رضا مندی سے لگائے جائیں گے، مرکزی اسٹیج پر قائدین کے سوا کسی کو بیٹھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

    ضابطہ اخلاق کے مطابق تحریک انصاف کسی بھی صورت اڈا پلاٹ کے اطراف کی دکانیں بند نہیں کروائے گی ساتھ ہی ضابطہ اخلاق میں منتظمین کو رات نو بجے جلسہ ختم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    دوسری جانب چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ 30 ستمبر کو ملک میں نئی تاریخ رقم کریں گے،آپ میرے لیے نہیں ملک کے لیے رائے ونڈ پہنچیں۔

  • تیس ستمبر کو نئی تاریخ رقم کریں گے،عمران خان

    تیس ستمبر کو نئی تاریخ رقم کریں گے،عمران خان

    لاہور: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ 30 ستمبر کو ملک میں نئی تاریخ رقم کریں گے،آپ میرے لیے نہیں ملک کے لیے رائے ونڈ پہنچیں۔


    Imran asks all Pakistanis to reach Raiwind by arynews
    بادامی باغ پہنچنے کے بعد کارکنوں سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ رائے ونڈ میں کل سے جشن شروع ہوجائےگا، عوام میرے لیے نہیں بلکہ ملک بچانے کے لیے رائے ونڈ مارچ میں شامل ہوں۔

    اس موقع پر تحریک انصاف کے کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا استقبال کیا اور حکومت کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔

  • رائے ونڈ مارچ قوم کی تقدیر کا فیصلہ کرے گا،عمران خان

    رائے ونڈ مارچ قوم کی تقدیر کا فیصلہ کرے گا،عمران خان

    لاہور : پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا تھا کہ 30 ستمبر کا دن قوم کی تقدیر کا فیصلہ کرے گا اس لیے پوری قوم بھرپورتعداد میں رائے ونڈ مارچ میں شرکت کرے۔

    عمران خان لاہورمیں تحریک انصاف کے پنجاب آفس کے باہرمیڈیا سے گفتگو کررہے تھے اُنہوں نے پورے ملک کی عوام کو مارچ میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ رائے ونڈ مارچ میں پوری قوم کو شریک ہونا چاہیے کیوں کہ یہ دن قوم کی تقدیر کا فیصلہ کرے گا۔

    تحریک انصاف کے چیرمین کا کہنا تھا کہ کرپٹ حکمرانوں نے ملک کے اداروں کو کوکھلا کردیا ہے اور جب ادارے تباہ ہو جاتے ہیں تو ملک تباہ ہوجاتا ہے اس لیے پوری قوم سے اپیل ہے کہ ملک کو بچانے کے ہمارے ہمراہ نکلیں۔

    انہوں نے وزیر اعظم پاکستان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ادارے بادشاہ سلامت سے ڈرتے ہیں کہ کہیں انتقامی کارروائی نہ ہوجائے اس لیے یہ ادارے میاں برادران کے خلاف فیصلے کیسے کریں گے یہی وجہ ہے کہ ہم کرپشن کا کیس عوام کی عدالت میں لے آئے تا کہ عوام کو انصاف ملے اور ملک کرپشن سے پاک ہو۔

    سربراہ تحریک انصاف عمران خان کا پنجاب میں کسانوں کی گرفتاری پر کہنا تھا کہ کسان تنظیموں کے رہنما ہمارے پاس آئیں ہم کسانوں اور مزدوروں کے مسائل حل کریں گے ،ان کے خلاف ہونے والے ظلم و تشدد پرکسانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

    قبل ازیں عمران خان نے تحریک انصاف کے وکلاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت نے انصافی کارکنان کے خلاف جھوٹے مقدمات بنا کر مارچ کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی تو وکلاء کارکنان کی قانونی مدد کے لیے ہروقت موجود رہیں۔

  • سرحدوں پرکشیدگی،نوازشریف شاپنگ کررہے ہیں: عمران خان

    سرحدوں پرکشیدگی،نوازشریف شاپنگ کررہے ہیں: عمران خان

    اسلام آباد: تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا ہے کہ سرحدوں پر کشیدگی ہے اور وزیراعظم لندن میں شاپنگ اورچھٹیاں منارہے ہیں۔

    تفصیلات کےمطابق پی ٹی آئی کےچیئرمین عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹویٹ کیا کہ سرحدوں پر کشیدگی ہےاور وزیراعظم لندن میں چھٹیاں منارہے ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے 28 ستمبر کو لاہور میں ریلی نکالنے کا اعلان کیا تھا۔

    مزید پڑھیں: پاکستان کا آئین پُرامن احتجاج کا حق دیتا ہے،عمران خان

    اس سے قبل عمران خان نے اسلام آباد میں اپنی رہاہش گاہ بنی گالہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کا آئین پُرامن احتجاج کا حق دیتا ہے۔

    تحریک انصاف کے سربراہ کا کہنا تھا کہ اگررائے ونڈ مارچ کی راہ میں رکاوٹیں ڈالی گئیں تو اس کا ردعمل آئے گا جو حکومت برداشت نہیں کر پائے گی۔

    چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ہم نے ہر ادارے کے در پر دستک دی لیکن کسی ادارے نے ہماری بات نہیں سنی اس لیے احتجاج کا فیصلہ کیا اگر کسی نے روکا تو آئین کے اندر رہتے ہوئے ہر قدم ممکنہ اُٹھائیں گے۔

    واضح رہے کہ عمران خان کا کہنا تھا کہ کرپشن کی وجہ سے مزدوراور کسان کا کوئی پرسان حال نہیں کیوں کہ ادارے کمزور ہیں اور جب ادارے کمزور ہوں تو کرپشن عام ہوتی ہے اور جتنی کرپشن زیادہ ہوگی غربت اتنی ہی بڑھے گی۔

  • پاکستان کا آئین پُرامن احتجاج کا حق دیتا ہے،عمران خان

    پاکستان کا آئین پُرامن احتجاج کا حق دیتا ہے،عمران خان

    بنی گالہ : پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا آئین پُرامن احتجاج کا حق دیتا ہے

    وہ بنی گالہ میں اپنے گھر سے باہر میڈیا سے بات کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ اگررائے ونڈ مارچ کی راہ رکاوٹیں ڈالیں گے تو اس کا ردعمل آئے گا جو حکومت برداشت نہیں کر پائے گی

    چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ہم نے ہر ادارے کے در پر دستک دی لیکن کسی ادارے نے ہماری بات نہیں سنی اس لیے احتجاج کا فیصلہ کیا اگر کسی نے روکا تو آئین کے اندر رہتے ہوئے ہر قدم ممکنہ اُٹھائیں گے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ کرپشن کی وجہ سے مزدوراور کسان کا کوئی پرسان حال نہیں کیوں کہ ادارے کمزور ہیں اور جب ادارے کمزور ہوں تو کرپشن عام ہوتی ہے اور جتنی کرپشن زیادہ ہوگی غربت اتنی ہی بڑھے گی

    ایک سوال کے جواب میں تحریک انصاف کے سربراہ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے ساری جماعتوں کو رائے ونڈ مارچ میں شرکت کی دعوت دی ہے اس حوالے میں کراچی بھی گیا تھا تحریک انصاف کو پورے پاکستان کی حمایت حاصل ہے،مارچ بہت بڑا ہو گا اور کامیاب ہو گا۔

    پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما جسٹس وجہیہ الدین کی جانب سے نئی پارٹی بنانے کے اعلان کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں سربراہ تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ جسٹس وجہیہ کی رکنیت معطل کر دی تھی اب اگرجسٹس وجیہہ نئی پارٹی بنانا چاہتے ہیں تو میں ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔

  • رائے ونڈ مارچ والوں کو کرایہ بھی دیں گے اور سواری بھی، رانا ثناء اللہ

    رائے ونڈ مارچ والوں کو کرایہ بھی دیں گے اور سواری بھی، رانا ثناء اللہ

    لاہور : پنجاب کے وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے رائے ونڈ مارچ میں جانے والوں کو ہم کرایہ بھی دیں گے اور سواری بھی۔ تحریک انصاف کے کارکنان کو رائے ونڈ مارچ میں مکمل سکیورٹی اور کھلے راستے دیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، رانا ثناء اللہ نے کہا کہ رائے ونڈ مارچ کے شرکاء کو ہم کرایہ بھی دیں گے اور ان کو سواری بھی فراہم کی جائے گی تاکہ احتجاج کرنے والے آرام سے جلسہ کر سکیں۔

    انہوں نے کہا کہ اگر اس کے باوجود بھی عمران خان رائے ونڈ مارچ میں پانچ لاکھ تو دور کی بات اگر دو لاکھ افراد بھی جمع نہ کر پائے تو احتجاج کرنے والوں کو قوم سے معافی مانگ کر سیاست چھوڑ دینی ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی میڈیا میں زندہ رہنے کے لئے رائے ونڈ مارچ کے بارے میں تمام منفی خبریں خود پھیلا رہی ہے، قائد نواز شریف کی ہدایت پر رائے ونڈ مارچ کے روٹ پر کوئی لیگی کارکنان یا ڈنڈا بردار فورس نہیں ہو گی اور پنجاب بھر سے پی ٹی آئی کے قافلوں کو حفاظت کے ساتھ لاہور آنے دیا جائے گا۔

     

  • رائے ونڈ مارچ روکنے کی درخواست پر سماعت 28 ستمبر کو ہوگی

    رائے ونڈ مارچ روکنے کی درخواست پر سماعت 28 ستمبر کو ہوگی

    لاہور: چیف جسٹس نے تحریک انصاف کے 30 ستمبر کو رائے ونڈ مارچ روکنے کی درخواست پر 28 تاریخ کو سماعت کی تاریخ مقرر کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں تحریک انصاف کے سربراہ کی جانب سے رائے ونڈ مارچ کو روکنے کے حوالے سے درخواست دائر کی گئی تھی ، جس پر عدالت نے سماعت کے لیے 28 تاریخ مقرر کردی ہے۔

    درخواست کی سماعت لاہور ہائیکورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس شاہد حمید ڈار کی سربراہی میں تین رکنی فل بنچ درخواست پر سماعت کرے گا۔ بنچ کے دیگر ارکان میں جسٹس انوار الحق اور جسٹس قاسم خان شامل ہیں۔

    پڑھیں:  رائے ونڈ مارچ کے لیے تحریک انصاف کی تیاریاں زور و شور سے جاری

    رائے ونڈ مارچ روکنے کے حوالے سے درخواست مقامی شہری عاطف نے دائر کی ہے، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ’’عمران خان کرپشن کو بنیاد بنا کر حکمراں جماعت کے خلاف پورے ملک میں نفرت انگیز تقاریر کررہے ہیں جس سے ملک میں انتشار پھیلنے کا خدشہ ہے‘‘۔

    مزید پڑھیں:   رائے ونڈ مارچ کی تاریخ کیلئے پی ٹی آئی کا اہم اجلاس طلب

    درخواست گزار نے مزید کہا ہے کہ ’’چیئرمین تحریک انصاف نے وزیر اعظم پاکستان کی رہائش گاہ پر دھرنا دینے کا اعلان کیا ہے جس کے بعد دونوں جماعتوں کے درمیان مختلف گروپس بنانے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے، اگر تحریک انصاف نے 30 ستمبر کو رائے ونڈ کا رُخ کیا تو دونوں جماعتوں کے کارکنان میں تصادم کا خدشہ ہے‘‘۔

    درخواست میں ہائی کورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ ’’تحریک انصاف کو رائے ونڈ دھرنا دینے سے فوری روکتے ہوئے اس کے خلاف احکامات جاری کیے جائیں‘‘۔لاہور ہائی کورٹ نے درخواست کو قابل سماعت قرار دیتے ہوئے فریقین کو 28 تاریخ کو طلب کرلیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  رائیونڈ مارچ: فیصل آباد میں پی ٹی آئی کی خواتین نے بلا فورس تیار کرلی

    یاد رہے تحریک انصاف کی جانب سے ملک میں کرپشن کے خلاف تحریک احتساب ریلی کا آغاز کیا گیا تھا، جو ملک کے مختلف علاقوں میں نکالی گئیں تاہم عمران خان نے رائے ونڈ مارچ کو فائنل راؤنڈ قرار دیتے ہوئے قوم سے اس ریلی میں شرکت کی اپیل کی ہے۔

    دوسری جانب حکمراں جماعت کی جانب سے تحریک انصاف کی ریلی کو روکنے کے لیے کارکنان پر مبنی فورس تشکیل دی گئی ہے جس کے جواب میں پی ٹی آئی کی مقامی قیادتوں نے جوابی فورس بنا دی ہے۔

  • ادارے مضبوط نہیں اس لیے کرپشن عام ہے،عمران خان

    ادارے مضبوط نہیں اس لیے کرپشن عام ہے،عمران خان

    بنی گالہ : تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے اپنے خصوصی ویڈیو پیغام میں کہا ہےکہ تمام ریاستی اداروں سےانصاف نہ ملنے کے بعد رائے ونڈ مارچ کا فیصلہ کیا ہے۔

    اپنے ویڈیو پیغام میں عمران خان نے بیرون ملک پاکستانیوں سے کرپشن کے خاتمے کے لیے کی جانے والی مہم میں مدد کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں نے خورشید خانم کیسر اسپتال کے موقع پر کھول کر مدد کی تھی اب بھی پاکستان کے اداروں کی بقاء کے لیے اپنا کردار ادا کرٰنا چاہیے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم اپنی کرپشن میں پکڑے گئے ہیں جس کے بعد چھ مہینے سے ملک کے ہر ادارے کا دروازے پر دستک دے رہے ہیں،پارلیمنٹ میں، الیکشن کمیشن گئے،عدالت بھی گئے نیب میں درخواست بھی جمع کرائی لیکن کہیں سے انصاف نہیں ملا۔

    اس لیے انتہائی قدم اُٹھاتے ہوئے 30 ستمبر کو پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع کرنے جا رہے ہیں بڑی تعداد میں لوگ رائے ونڈ مارچ کا حصہ بنیں گے تا کہ کرپشن کے خلاف انصاف ملے،پاکستان میں آج تک صرف ٖغریب جیل جاتا تھا ہے جب کہ بڑا طبقہ جو سب سے زیادہ کرپشن کرتا ہے وہ محفوظ رہتا ہے۔

    جو خوشحال ممالک ہیں ان کے ادارے مضبوط ہیں وہاں کرپشن کم ہے جب کہ جو غریب ممالک ہیں وہاں ادارے کمزور ہیں جس کی وجہ سے وہاں کرپشن زیادہ ہے اب پاکستان اپنی تاریخ کے فیصلہ کن موڑ پر ہےاب نوازشریف نہیں بلکہ نیب سمیت ملک کے بعض اہم ادارے ٹرائل پرہیں۔

    آخر میں انہوں نے کہا کہ رائے ونڈمارچ ملکی کاز ہے ایک مشن ہے جس کی تکمیل کے لیے مجھے اوورسیز میں موجود پاکستانیوں کی مدد دکار ہے جس طرح خورشید خانم میموریل اسپتال کے لیے فنڈنگ دی تھی اسی طرح ملک کو کرپشن سے نجات دلانے کے لیے اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔