Tag: رابعہ ذاکر

  • پاکستانی مصورہ رابعہ ذاکر کا ترک صدر کے لیے خوب صورت تحفہ

    پاکستانی مصورہ رابعہ ذاکر کا ترک صدر کے لیے خوب صورت تحفہ

    اسلام آباد: مصورہ رابعہ ذاکر نے ترک صدر رجب طیب اردوان کے دورہ پاکستان کا خیر مقدم کرتے ہوئے ان کا شان دار پورٹریٹ تیار کر لیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستانی مصورہ رابعہ ذاکر نے دورے پر آنے والے ترک صدر کا پورٹریٹ تیار کر لیا ہے، جو رجب طیب اردوان کو تحفتاً پیش کیا جائے گا۔

    ترک صدر رجب طیب اردوان کے اس پورٹریٹ کی تیاری میں ایک ہفتہ لگا، رابعہ ذاکر نے ترک صدر کی پینٹ کوٹ میں آفیشل تصویر کو کینوس میں اتارا، پورٹریٹ ترک صدر کو دورہ پاکستان پر عوام کی طرف سے بہ طور تحفہ پیش کیا جائے گا۔

    رابعہ ذاکر ترکی پیس آرٹ کی مڈل ایسٹ کی نائب صدر بھی ہیں، پاکستانی مصورہ نے ترک صدر کے پورٹریٹ کو پاکستانی عوام کی جانب سے تحفہ قرار دے دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ ہم ترک قوم کو محبت کا جواب محبت میں دیں گے۔ اپنے ویڈیو پیغام میں انھوں نے کہا کہ میرا تیار کردہ پورٹریٹ ترک صدر کو دورہ پاکستان کی یاد دلائے گا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ برس اکتوبر میں برطانوی پرنس ولیم اور کیٹ میڈلٹن جب پاکستان کے دورے پر آئے تھے تو رابعہ ذاکر نے ان کی شادی کا پورٹریٹ تیار کر کے انھیں تحفے میں پیش کیا تھا، پورٹریٹ میں رائل چہروں کے خال و خد واضح کرنے کے لیے مصورہ کو یورپی آرٹسٹ سے مشاورت کرنا پڑی تھی۔

    اس سے قبل مارچ 2019 میں پاکستانی آرٹسٹ رابعہ ذاکر نے شہزادہ محمد بن سلمان کا پورٹریٹ بھی تیار کیا تھا، یہ تحفہ سعودی سفارت خانے میں سفیر نے وصول کیا تھا۔

  • پاکستانی آرٹسٹ نے شہزادہ محمد بن سلمان کی پورٹریٹ سعودی سفیر کے حوالے کردی

    پاکستانی آرٹسٹ نے شہزادہ محمد بن سلمان کی پورٹریٹ سعودی سفیر کے حوالے کردی

    اسلام آباد : پاکستانی آرٹسٹ رابعہ ذاکر کی جانب سے شہزادہ محمد بن سلمان کی پورٹریٹ کا تحفہ سعودی سفیر نے وصول کرلیا، سعودی سفارت خانہ پاکستانی آرٹسٹ کی یہ یادگار پورٹریٹ ولی عہد تک پہنچائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے موقع پر پاکستانی آرٹسٹ رابعہ ذاکر نے ان کے لیے پورٹریٹ کا تحفہ تیار کیا تھا۔

    رابعہ ذاکر نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی آئل پینٹنگ سعودی سفیر کے حوالے کی، جس کے بعد سعودی سفارت خانہ پاکستانی آرٹسٹ کی یہ یادگار پورٹریٹ ولی عہد تک پہنچائے گا۔

    اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رابعہ ذاکر نے کہا کہ میں انتہائی خوش ہوں کیونکہ میرا پورٹریٹ بنانے کا مقصد پورا ہوگیا، اس موقع پر رابعہ ذاکر کا کہنا تھا کہ وہ اب تک کئی اہم شخصیات کے پورٹریٹ تیار کرچکی ہیں، ولی عہد کےچہرے کےجلالی اور جمالی تاثرات بنانا مشکل کام تھا۔

    واضح رہے کہ رابعہ ذاکر نامی آرٹسٹ نے یہ پورٹریٹ ہاتھ سے تیار کی ہے اور اس کی تیاری میں آرٹسٹ کو ولی عہد کی آئل پینٹنگ تصویر مکمل کرنے میں ایک ہفتہ کا وقت لگا۔ پورٹریٹ میں روایتی عرب لباس اور رومال کو بھی آئل پینٹنگ کی مدد سے حقیقی رنگ دیئے گئے ہیں۔

    رابعہ ذاکر پاک رومانیہ دوستی ایسوسی ایشن کی چیئر پرسن ہیں اور ساتھ ہی ساتھ پیس آرٹس کونسل ترکی سے بھی منسلک ہیں، انہوں نے آرٹس کی تعلیم نیشنل کالج آف آرٹس لاہور سے حاصل کی ہے۔

  • پاکستانی آرٹسٹ کا سعودی ولی عہد کے لیے تحفہ

    پاکستانی آرٹسٹ کا سعودی ولی عہد کے لیے تحفہ

    اسلام آباد: سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے موقع پر پاکستانی آرٹسٹ نے ان کے لیے پورٹریٹ کا تحفہ تیار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق رابعہ ذاکر نامی آرٹسٹ نےسعودی ولی عہدکی یہ پورٹریٹ  ہاتھ سے تیار کی ہے اور اس کی تیاری میں آرٹسٹ کوولی عہدکی آئل پینٹنگ تصویرمکمل کرنےمیں ایک ہفتہ لگا ہے۔ روایتی عرب لباس،رومال کوبھی آئل پینٹنگ  کی مدد سے حقیقی رنگ دیئےگئے ہیں۔

    اس موقع پر رابعہ ذاکر کا کہنا ہے کہ  وہ کئی اہم شخصیات کے پورٹریٹ تیار کرچکی ہیں۔ ولی عہدکےچہرےکےجلالی اورجمالی تاثرات بنانامشکل کام تھا۔

    تصویر میں سعودی ولی عہد سیاہ رنگ کی سنہری حاشیے والی روایتی شاہی عبا میں ملبوس ہیں، ان کے سر پر سعودی عرب کا سرخ اور سفید چارخانے والا رومال بھی موجود ہے۔

    رابعہ ذاکر چاہتی ہیں کہ دورہ پاکستان کے موقع پر وہ یہ پورٹریٹ ازخود ولی عہد کی خدمت میں پیش کریں،  لیکن ساتھ ہی ان کا کہنا ہے کہ اگر محمد بن سلمان کے انتہائی مصروف شیڈول کے سبب یہ موقع نہ ملا تو وہ اس پورٹریٹ کو سعودی سفارت خانے کے سپرد کردیں گی ،تاکہ یہ ولی عہد تک پہنچ جائے۔

    رابعہ ذاکر  پاک رومانیہ  دوستی ایسوسی ایشن کی چیئر پرسن ہیں اور ساتھ ہی ساتھ پیس آرٹس کونسل ترکی سے بھی منسلک ہیں۔ انہوں نے آرٹس کی تعلیم نیشنل کالج آف آرٹس لاہور سےحاصل کی ہے۔