Tag: رات دیر تک جاگنا

  • رات دیر تک جاگنے کا عجیب و غریب فائدہ

    رات دیر تک جاگنے کا عجیب و غریب فائدہ

    بچپن سے سنتے آئے ہیں کہ رات کو جلدی سونا اور صبح سویرے اٹھنا انسان کو صحت مند اور توانا بناتا ہے، لیکن ایک نئی تحقیق میں اس کے متضاد رات دیر تک جاگنے کے فوائد بیان کیے گئے ہیں۔

    برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں یہ حیران کُن دعویٰ کیا گیا ہے کہ جو لوگ رات کو دیر تک جاگتے ہیں وہ صبح سویرے اٹھنے والوں سے ذہنی طور پر بہتر ہوتے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امپیریل کالج لندن کی اس تحقیق میں 26ہزار افراد کے ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا اور ان کی ذہانت، منطق، ردعمل کے وقت اور یادداشت کا موازنہ کیا گیا۔

    محققین نے مذکورہ افراد کی نیند کے دورانیے، معیار اور سونے کے وقت کا تجزیہ کیا اور یہ دیکھا کہ وہ ذہنی طور پر سب سے زیادہ چوکس کب تھے؟۔ نتائج سے معلوم ہوا کہ جو لوگ رات دیر تک جاگتے ہیں وہ صبح سویرے بیدار ہونے والوں سے ذہنی طور پر بہتر ہوتے ہیں۔

    تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ نیند کا دورانیہ دماغی کام کے لیے اہم ہے اور جو لوگ رات کو دیر تک جاگنے کے بعد 7 سے 9 گھنٹے سوتے ہیں وہ ذہنی ٹیسٹوں میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔

    محققین نے کہا کہ سونے کے وقت اور ذہنی چوکنا رہنے کو سمجھنا ضروری ہے، لیکن اس کے لیے کافی نیند لینا ہے، جو صحت مند دماغ کو سہارا دیتی ہے اور دماغی افعال کو فائدہ پہنچاتی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے دریافت کیا کہ نیند کا دورانیہ براہ راست دماغی افعال کو متاثر کرتا ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ تحقیق کچھ حد تک محدود ہے کیونکہ اس میں تعلیمی قابلیت کو مدنظر نہیں رکھا گیا اور چند دیگر پہلوؤں کو بھی نظر انداز کیا گیا ہے۔

    اس سے قبل اٹلی میں کی گئی ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ جو لوگ رات کو دیر تک جاگتے ہیں وہ زیادہ تخلیقی انداز میں سوچتے ہیں۔ تحقیق کے دوران دیر تک جاگنے والے افراد نے مختلف ٹیسٹ باآسانی پاس کیے جب کہ صبح سویرے بیدار ہونے والوں کو کچھ مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    محققین کے مطابق رات گئے تک جاگنے کی عادت لوگوں میں غیر روایتی سوچ کو فروغ دیتی ہے اور وہ مختلف چیزوں کے دلچسپ حل تلاش کرنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں۔

  • رات دیر تک جاگنے کے کیا سنگین نقصانات ہیں؟

    رات دیر تک جاگنے کے کیا سنگین نقصانات ہیں؟

    یہ بات شک و شبے سے بالا تر ہے کہ مناسب دورانیے کی نیند ہم میں سے ہر ایک کے لیے انتہائی اہم ہے اور رات کو دیر تک جاگنا جہاں جسمانی صحت کیلئے تباہ کن ہے وہیں ذہنی صحت بھی بہت متاثر ہوتی ہے۔

    انسانی جسم پورے دن کی مصروفیت اور دباؤ کے سبب جس تھکن کا شکار ہوتا ہے نیند نا صرف اس تھکن کو دور کر دیتی ہے بلکہ اس دوران ہمارا جسم نئے دن کے چیلنجز کے لیے خود کو تیار کرتا ہے۔

    بین الاقومی ویب سائٹ کے مطابق حال ہی میں کی گئی ایک تحقیق میں کہا گیا ہے کہ رات دیر تک جاگنے کی عادت ذہنی صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہے۔

    اس نئی تحقیق میں جامع شواہد پیش کیے گئے ہیں جن کے مطابق رات کو جلد سونا اور جاگنا ڈپریشن سے تحفظ فراہم کرتا ہے۔ تحقیق میں رات گئے یا علیٰ الصبح سونے یا جاگنے اور ڈپریشن کے درمیان تعلق کی نشاندہی کی گئی۔

    تحقیق میں بتایا گیا کہ جلد سونا یا رات گئے سونا موروثی عادات ہیں جو مادر رحم سے لوگوں میں منتقل ہوتی ہیں۔

    اگر آپ رات دیر سے سو کر دن چڑھنے کے بعد جاگتے ہیں تو جان لیں کہ آپ کی صحت کو ٹائپ 2 ذیابیطس اور عارضہ قلب کا شدید خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔

    ایک نئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ رات دیر گئے تک جاگنے والے افراد کا فٹنس لیول کم رہا اور آرام کرتے ہوئے یا دیگر سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہوئے وہ جلد سونے والے افراد کے مقابلے کم چکنائی جلاتے ہیں۔

    فزیولوجیکل سوسائٹی نامی جنرل میں شائع ہونے والی تحقیق میں یہ بھی کہا گیا کہ رات دیر سے سونے والوں کے جسم میں انسولین کے خلاف زیادہ مزاحمت کا امکان ہوتا ہے، یعنی ان کے پٹھوں کو زیادہ انسولین کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ وہ اپنی مطلوبہ توانائی حاصل کرسکیں۔

    رات کو دیر تک جاگنے سے ہارمونز کا توازن بگڑ جاتا ہے جس سے بھوک لگتی ہے اور کیلوریز سے بھرپور کھانے کھانے کا دل کرتا ہے۔ رات کو دیر سے ہائی کیلوریز والے فاسٹ فوڈ وغیرہ کھانے سے وزن بڑھتا ہے اور اس سے دیگر مسائل جنم لیتے ہیں۔