Tag: راجستھان

  • بھارت: انڈوں کی فروخت پر پابندی

    بھارت: انڈوں کی فروخت پر پابندی

    جے پور (27 اگست 2025): بھارت کی ریاست راجستھان میں پہلی بار انڈوں کی فروخت پر پابندی لگا دی گئی ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق راجستھان میں ہندو تہواروں پریوشن اور سموتساری کے دوران سالانہ برت کی رسوم کے موقع پر انڈوں کی فروخت پر پابندی لگانے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

    ان مواقع پر اب تک صرف گوشت اور مچھلی فروخت کرنے والی دکانوں کو بند رکھنے کو کہا جاتا تھا، لیکن اب انڈوں کی فروخت پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔

    اس حوالے سے مقامی انتظامیہ نے پیر کو حکم نامہ جاری کیا، جس میں واضح طور پر ذکر کیا گیا ہے کہ 28 اگست کو پریوشن اور سموتساری کے موقع پر اور 6 ستمبر کو اننت چتردشی کے موقع پر ریاست بھر میں تمام نان ویج دکانیں، ذبح خانے اور انڈے فروخت کرنے والی دکانیں بند رکھی جائیں گی۔

    شادی کا کھانا 6 ہزار روپے پلیٹ ہونے پر دلہن نے فوٹوگرافرز کو ہوٹل سے نکال دیا

    بلدیات کے سربراہ نے کہا کہ مذہبی تنظیموں کی طرف سے ان تہواروں کے دوران عدم تشدد کے اصولوں پر عمل کرنے کا مسلسل مطالبہ کیا جا رہا ہے، جس کے پیش نظر حکومت نے اس بار انڈوں کی فروخت پر بھی پابندی لگا کر روایت کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    انڈوں کی فروخت پر پابندی کا یہ حکم ریاست بھر میں لاگو ہوگا، میونسپل کارپوریشنوں اور میونسپل کونسلوں کے تحت آنے والے علاقوں میں بھی انڈے فروخت نہیں کیے جا سکیں گے۔

    واضح رہے کہ جین مت کا ماننا ہے کہ اگر کچھ انڈے غیر زرخیز ہوں تو بھی ان میں زندگی کا امکان ہے، اس لیے انڈے کھانا بھی تشدد کے برابر سمجھا جاتا ہے۔

    خیال رہے کہ روایتی طور پر صرف گوشت اور مچھلی کی دکانیں بند رکھی جاتی تھیں، لیکن اس سال پہلی بار ’اہنسا پرمو دھرم‘ کے اصول پر عمل کرتے ہوئے انڈوں کی فروخت پر بھی پابندی لگائی گئی ہے۔

  • یاتریوں کی گاڑی ٹرک سے ٹکرا گئی،11 جان سے گئے

    یاتریوں کی گاڑی ٹرک سے ٹکرا گئی،11 جان سے گئے

    بھارتی ریاست راجستھان میں یاتریوں کی گاڑی سڑک کے کنارے کھڑے ہوئے ٹرک سے ٹکرا گئی، جس کے باعث 11 افراد لقمہ اجل بن گئے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق راجستھان کے شہر داؤسا میں یاتریوں کو لے جانے والی گاڑی کھڑے ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے باعث 7 بچے اور 3 خواتین سمیت 11 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    رپورٹس کے مطابق المناک حادثہ بدھ کی صبح 4 بجے پیش آیا اور حادثے میں 9 افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ یاتری اتر پردیش کے رہائشی تھے جو سالاسر بالاجی مندر سے دو پک اپ وینز میں واپس آ رہے تھے جس دوران ایک وین حادثے کا شکار ہوگئی۔

    امریکا میں بھارتی طالبہ سڑک حادثے میں ہلاک:

    امریکا میں پیش آئے دلخراش حادثے میں بھارت کے حیدرآباد کے میڑچل سے تعلق رکھنے والی طالبہ سریجا ورما زندگی کی بازی ہار گئی۔

    رپورٹ کے مطابق سریجا ورما اعلیٰ تعلیم کے لیے امریکا میں مقیم تھی اور حال ہی میں اس نے ایم ایس مکمل کیا تھا۔

    رپورٹس کے مطابق وہ اپنے اپارٹمنٹ سے کھانے کے لیے کار میں سوار ہوکر ہوٹل روانہ ہوئیں، کھانے کے بعد واپسی پر ان کی کار کو ایک ٹرک نے ٹکر مار دی۔

    کینیڈا: بس اسٹاپ پر کھڑی بھارتی طالبہ فائرنگ سے ہلاک

    ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں بھارتی طالبہ کو شدید چوٹیں آئیں اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گئی۔ حادثے کے وقت سریجا کے ساتھ اس کی ایک دوست بھی کار میں موجود تھی۔

  • مودی سرکار نے اردو دشمنی میں بڑا قدم اٹھا لیا

    مودی سرکار نے اردو دشمنی میں بڑا قدم اٹھا لیا

    جے پور: بھارتی ریاست راجستھان میں مودی حکومت نے ریاست کے سرکاری اسکولوں میں اردو کی جگہ سنسکرت کو تیسری زبان کے طور پر متعارف کرانے کا حکم دے دیا ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق راجستھان کے محکمہ سیکنڈری ایجوکیشن نے بیکانیر کے ہائر سیکنڈری اسکول میں اردو ادب کی جگہ سنسکرت ادب کو شامل کرنے کا حکم جاری کیا ہے، جو اپریل 2025 سے نافذ العمل ہوگا۔

    اس سے قبل جے پور کے مہاتما گاندھی سیکنڈری اسکول اور کئی دیگر اسکولوں میں بھی ایسے ہی احکامات جاری کیے جا چکے ہیں، اس فیصلے کے تحت جن اسکولوں میں اردو پڑھنے والے طلبہ نہیں ہیں یا وہ دل چسپی نہیں رکھتے، وہاں اب سنسکرت پڑھائی جائے گی۔

    محکمہ تعلیم کے ڈائریکٹر آشیش مودی نے مؤقف پیش کیا کہ بیکانیر کے ناپاسر اسکول میں صرف ایک طالب علم اردو پڑھ رہا تھا، جو اب بارہویں کلاس مکمل کر کے کالج جا رہا ہے، چوں کہ وہاں مزید کوئی اردو پڑھنے والا نہیں ہے، اس لیے اردو کی جگہ سنسکرت کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    بھارت میں آئرش خاتون کی عصمت دری، قتل کرنیوالے شخص کو عمرقید کی سزا

    اس فیصلے پر اساتذہ اور سماجی تنظیموں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے، اردو کے اساتذہ نے بھی احتجاج کیا ہے، ناقدین کا کہنا ہے کہ حکومت اردو کو اسکولوں سے ختم کرنے کی کوشش کر رہی ہے، جو ریاست میں لسانی تنوع کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔

    اساتذہ نے الزام لگایا ہے کہ بی جے پی حکومت جان بوجھ کر اردو زبان کو کمزور کر رہی ہے اور سنسکرت کو زبردستی مسلط کیا جا رہا ہے۔

    ادھر راجستھان کے وزیر داخلہ جواہر سنگھ بے دھم نے سوشل میڈیا پر ایک متنازع بیان جاری کر کے معاملے کو اور ہوا دی ہے، انھوں نے دعویٰ کیا کہ اردو کے اساتذہ جعلی ڈگریوں پر بھرتی ہوئے ہیں۔

  • نوجوان آن لائن 750 روپے کی فراڈ اسکیم بیچ کر امیر بن گیا

    نوجوان آن لائن 750 روپے کی فراڈ اسکیم بیچ کر امیر بن گیا

    بارہویں پاس نوجوان نے اپنے شاطر دماغ کا استعمال کرتے ہوئے ملک بھر میں آن لائن 750 روپے کی اسکیم بیچ کر خوب پیسے کمالیے۔

    بھارتی ریاست راجستھان کے بھیلواڑا میں پولیس نے 12ویں پاس نوجوان کو گرفتار کیا ہے جس پر آن لائن دھوکہ دہی کے الزامات ہیں، پولیس نے بتایا کہ ملزم نے پورے بھارت میں سیکڑوں لوگوں کو 750 کی ایک اسکیم کے تحت دھوکہ دیا تھا اور انہیں لوٹا۔

    بھیم گنج پولیس نے بتایا کہ کورونا کی وبا کے بعد گزشتہ 18 ماہ میں ملزم دھوکہ دہی کے ذریعے کافی امیر ہوگیا، نوجوان کے اکاؤنٹ میں گزشتہ ماہ کے دوران حیران کن ٹرانزیکشن کی گئی۔

    نوجوان کے خلاف مہاراشٹر، ادیشہ اور اتراکھنڈ میں شکایات درج کی جاچکی ہیں، پولیس اسکی مالی معاملات کی تفتیش کر رہی ہے۔

    تفتیش کے دوران پولیس نے نوجوان کے قبضے سے 29 ڈیپٹ اورکریڈیٹ کارڈ، 9 اسکینرز، 11 بینک کے چیک بکس، 23 پین ڈرائیوز، 9 اسکینرز، ایک کارڈ ریڈر، 5 سم کارڈز، تین سیلس اور دیگر کاغذات ضبط کئے ہیں۔

    پولیس آفیسر جتین جین نے بتایا کہ ’’ایس پی دھرمیندر سنگھ کی نگرانی میں بھیلواڑا میں سائبر فراڈ کوختم کرنے کیلئے آپریشن اینٹی وائرل نافذ کیا گیا تھا، آپریشن کے دوران انمول نگر کے رہائشی وحید حسین نامی نوجوان کو پکڑا گیا۔

    انھوں نے بتایا کہ 2022 میں سائبر مجرم بنٹی بابا نے وحید کو ٹریننگ دی تھی، بعدازاں وحید نے فیک سوشل میڈیا اکاؤنٹس بنائے اور لوگوں کو فیک ویب سائنٹس کا اشتہار دینے کی شروعات کی۔

  • خاتون برہنہ پریڈ کیس میں سسرال کے ملوث ہونے کا انکشاف

    خاتون برہنہ پریڈ کیس میں سسرال کے ملوث ہونے کا انکشاف

    راجستھان: بھارتی ریاست راجستھان کے شہر پرتاب گڑھ میں ایک حاملہ خاتون کو شوہر نے برہنہ کر کے پریڈ کروایا، پولیس نے انکشاف کیا ہے کہ واقعے میں سسرال والے بھی ملوث تھے، جس پر 8 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق راجستھان کے شہر پرتاپ گڑھ میں 31 اگست کو خاندانی جھگڑے کے باعث سسرال والوں نے 21 سالہ حاملہ خاتون کو برہنہ کر کے راستے میں پریڈ کروایا جس کی دل دہلا دینے والی ویڈیو وائرل ہو گئی ہے۔

    واقعے پر وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے پولیس حکام کو سخت کارروائی کی ہدایت کی جس کے بعد پولیس نے 8 افراد کو گرفتار کر لیا ہے، جب کہ واقعے میں ملوث شوہر کو پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے۔ یہ افسوس ناک واقعہ دریاواڑ تھانے کی حدود میں گاؤں نچل کوٹا میں پیش آیا، متاثرہ خاتون اور ملزم دونوں کا تعلق قبائلی برادری سے ہے، پولیس کے مطابق ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔

    حاملہ بیوی کو برہنہ کر کے سرِ عام پریڈ کروانے والا شوہر گرفتار

    ریاستی حکومت اس کیس کو سنجیدگی سے لے رہی ہے، وزیر اعلیٰ گہلوت کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمہ فاسٹ ٹریک کورٹ میں چلایا جائے گا۔ بھارت کی مختلف ریاستوں میں آئے دن خواتین کے ساتھ انسانیت سوز سلوک کے اسی طرح کے واقعات رونما ہو رہے ہیں، پرتاپ گڑھ کے اس واقعے پر وومین کمیشن نے بھی سخت نوٹس لیا ہے۔

  • شادی سے چند روز قبل لڑکی اغوا، جبراً شادی کی ویڈیو وائرل

    شادی سے چند روز قبل لڑکی اغوا، جبراً شادی کی ویڈیو وائرل

    جیسلمیر: بھارت میں شادی سے چند روز قبل  دلہن کو اغوا کرنے اور صحرا کے بیچ جبراً شادی کرنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق راجستھان کے شمال مغربی میں واقع جیسلمیر ضلع میں ایک 23 سالہ نوجوان خاتون کو اس کی شادی سے کچھ دن قبل اغوا کیا گیا تھا، لڑکی کے گھر والوں کو شادی روکنے کے لیے جبراً اسے اٹھا کر پھیرے لینے کی کوشش کی جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

    وایرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ آگ کے گرد گھوم کر شادی کی رسم ادا کرنے کے دوران متاثرہ لڑکی مدد مانگ رہی ہے جبکہ اردگرد دیگر لوگ اور ایک خاتون بھی موجود ہے۔

    اس واقعے کے حوالے سے مقامی پولیس نے بتایا کہ اہلخانہ نے الزام لگایا کہ ملزم  زبردستی ان کی بیٹی کو گھر کے باہر سے اٹھا لے گئے تھے، اس دوران انہوں نے بیٹی سے زبردستی شادی کی اور اس کی ویڈیو بنائی۔

    اہلخانہ کا کہنا ہے کہ ان کی بیٹی کو یکم جون کو گھر کے باہر سے مردوں کے ایک گروپ نے اغوا کیا تھا۔

    پولیس نے بتایا کہ لڑکی کو اسی دن بچا لیا گیا تھا اور مرکزی ملزم کی شناخت پسپیندر سنگھ (28) کے نام سے ہوئی ہے جسے جیل بھیج دیا گیا ہے۔

    تاہم منگل کو کچھ شرپسندوں نے ویڈیو کو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پھیلا دیا۔

    ویڈیو وائرل ہونے کے بعد لڑکی کے خاندان نے جیسلمیر میں ضلع کلکٹریٹ کے دفتر کے باہر احتجاج کیا اور اس معاملے میں کارروائی کا مطالبہ کیا۔

    اہلخانہ کا کہنا ہے کہ میری بیٹی کی شادی 12 جون کو مقرر ہے اور ملزمان اس کی شادی میں خلل ڈالنے کے لیے ہمیں مسلسل دھمکیاں دے رہے ہیں۔

    اہلخانہ نے الزام لگایا کہ پولیس نے صرف ایک ملزم کو گرفتار کیا ہے جبکہ باقی آزاد گھوم رہے ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی جائیداد ضبط کر دی جائے گی، اور مفرور ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

  • اسلاموفوبیا: ایک اور بھارتی پروفیسر کی کلاس میں توہین آمیز باتیں، طالبہ کی ویڈیو وائرل

    اسلاموفوبیا: ایک اور بھارتی پروفیسر کی کلاس میں توہین آمیز باتیں، طالبہ کی ویڈیو وائرل

    بلوترا: بھارتی ریاست راجستھان کے شہر بلوترا میں ایک کالج کے پروفیسر نے اسلام کے بارے میں توہین آمیز باتیں کر کے مسلم طلبہ کو ہراساں کیا، تاہم ان کے خلاف تاحال کوئی کارروائی سامنے نہیں آئی۔

    سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ایک ویڈیو کے مطابق بھارت میں ایک اور ’ٹیچر‘ اسلاموفوبیا کا شکار ہو کر مسلم طلبہ کو ہراساں کرنے لگے ہیں، تازہ واقعہ ریاست راجستھان میں پیش آیا ہے۔

    بلوترا میں واقع مول چند بھگوان داس رنگ والا کالج میں ایک ہندو انتہا پسند پروفیسر پدم سنگھ نے ہسٹری کی کلاس کے دوران اسلام کے بارے میں توہین آمیز باتیں کیں اور مسلمانوں کو دہشت گرد قرار دے ڈالا۔

    ویڈیو: ہندو پروفیسر کو بھری کلاس میں مسلم طالب علم سے معافی مانگنی پڑ گئی

    مسلمان طالبہ حسینہ بانو نے شکایت بھی درج کروائی لیکن پروفیسر کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی بلکہ حسینہ بانو کو دھمکیاں دی گئیں کہ اگر تھانے گئیں تو تمھارا حشر نشر کر دیں گے۔

    اس سلسلے میں بی اے فرسٹ ایئر کی طالبہ حسینہ بانو ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے، جس میں انھوں نے کہا کہ ہسٹری کی کلاس چل رہی تھی اور وہاں تقریباً 150-200 طلبہ بیٹھے تھے اور گوتم بدھ بحث کا موضوع تھے، ٹیچر نے اچانک کہا کیا آپ سب جانتے ہیں کہ آفتاب نے شردھا واکر کے 35 ٹکڑے کر دیے ہیں اور اسے رحم بھی نہیں آیا، مسلمان کتنے بے رحم ہیں۔

    بھارت میں ایک اور مسلمان پر جنونیوں کا بہیمانہ تشدد، ویڈیو وائرل

    حسینہ بانو کے مطابق، ٹیچر نے پوچھا یہاں مسلمان کون ہے؟ کیا یہاں کوئی مسلمان ہے؟ کسی نے جواب نہیں دیا تو اس نے کہا ’’کیا تم جانتے ہو کہ مسلمان کہتے ہیں کہ ایک ہندو کو مارو تو حج کرنے کے برابر ہے اور دو ہندوؤں کو مارو تو جنت میں داخل ہو جاؤ گے، وہ ہمیں (ہندو) کافر کہتے ہیں، وہ دہشت گرد اور پاکستانی ہیں، وہ ہمارے خلاف ہیں اور ان سے دور رہیں۔‘‘

    حسینہ بانو نے کہا ’’وہ وہاں سے اٹھی تو ٹیچر نے مجھ سے پوچھا تم کہاں جا رہی ہو؟ میں نے کہا آپ ایسی باتیں کیسے کہہ سکتے ہو؟ کیا اس کا تعلق بحث کے موضوع سے ہے؟ ٹیچر نے کہا نہیں۔ پھر میں نے کہا کہ آپ یہ کیسے کہہ رہے ہیں؟ ٹیچر نے جواب دیا، یہ قرآن میں لکھا ہے۔ میں نے کہا میں نے قرآن پڑھا ہے، بتاؤ کہاں لکھا ہے؟ ٹیچر نے کہا کہ وہ لا کر دکھا دے گا۔‘‘

    حسینہ بانو کے مطابق اس کے بعد وہ کلاس سے چلی گئی اور دفتر گئی اور ٹیچر کے خلاف شکایت کی لیکن ملوث ٹیچر کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ حسینہ بانو کے مطابق یہ واقعہ 21 نومبر کو پیش آیا اور رپورٹ 27 نومبر کو لکھی گئی۔

  • سڑک کنارے کھڑے افراد کے ساتھ اچانک دل دہلا دینے والا واقعہ (کمزور دل افراد ویڈیو نہ دیکھیں)

    سڑک کنارے کھڑے افراد کے ساتھ اچانک دل دہلا دینے والا واقعہ (کمزور دل افراد ویڈیو نہ دیکھیں)

    جے پور: بھارتی ریاست راجستھان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے، جو ایک ہولناک منظر پر مبنی ہے۔

    راجستھان کی ایک غیر معمولی ویڈیو کو جب انٹرنیٹ پر سوشل میڈیا صارفین نے دیکھا تو وہ خوف زدہ ہو گئے، 5 افراد ایک دکان کے باہر موجود تھے کہ اچانک وہ کچھ ہو گیا جس کا کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک مکینک کی دکان کے باہر کچھ لوگ کھڑے ہیں اور آپس میں باتیں کر رہے ہیں، کہ اچانک ان کے پیروں تلے سے زمین سچ مچ میں کھسک گئی۔

    ویڈیو میں نظر آتا ہے کہ کھڑے افراد کے قدموں کے نیچے زمین اتنی اچانک دھنس گئی کہ دیکھنے والوں کو بھی جھٹکا لگ جاتا ہے۔

    جیسے ہی زمین دھنس گئی چاروں افراد نیچے گر کر غائب ہو گئے اور پاس کھڑی موٹر سائیکل بھی کھسک کر زمین میں بننے والے گڑھے میں گر گئی۔

    پاس ہی ایک اور بندہ زمین پر بیٹھے کام میں مگن ہے، وہ بھی زمین میں نمودار ہونے والے خلا میں پھسل کر غائب ہو جاتا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق یہ ایک نالا تھا جس پر بنی چھت اچانک ڈھ گئی تھی، تاہم خوش قسمتی سے گرنے والے افراد کو کوئی شدید چوٹ نہیں آئی۔

  • بھارتی فوجی نے بیٹی کو ڈانٹنے پر ٹیچر کو گولی مار دی

    بھارتی فوجی نے بیٹی کو ڈانٹنے پر ٹیچر کو گولی مار دی

    جے پور: بھارتی ریاست راجھستان میں ایک بھارتی فوجی نے بیٹی کو ڈانٹنے پر ٹیچر پر گولی داغ دی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق راجستھان کے بھرت پور ضلع میں ایک ٹیچر کی جانب سے بیٹی کو تھپڑ پڑنے پر فوجی جوان نے اسکول کے ڈائریکٹر پر گولی چلا دی، لیکن بد قسمتی سے وہ گولی اس کی اپنی بیوی کو لگ گئی۔

    جے پور پولیس نے پیر کو میڈیا کو بتایا کہ سپاہی پپو گُرجر کنواڈا گاؤں میں واقع ایک نجی اسکول کے ڈائریکٹر سے ملنے گیا تھا، اس کی 12 سالہ بیٹی نے گھر میں شکایت کی تھی کہ اسے ہوم ورک مکمل نہ کرنے پر ٹیچر نے تھپڑ مارا ہے۔

    اس معاملے پر دونوں کے درمیان جھگڑا ہوا، جس کے بعد گرجر نے اسکول کے ڈائریکٹر پر سرکاری پستول تان لی، تاہم اس کی بیوی راج بالا درمیان میں آ گئی اور ایک گولی اس کے بازو کو چھو کر نکل گئی، پولیس کے مطابق فوجی کی بیوی گولی لگنے سے زخمی ہو گئی ہیں۔

    دی انڈین ایکسپریس کے مطابق اسٹیشن ہاؤس آفیسر کاما دولت سنگھ نے بتایا کہ اس معاملے میں ایک کیس درج کیا گیا ہے، جب کہ واقعے کے بعد فوجی جوان موقع سے فرار ہوگیا اور اس کی تلاش جاری ہے۔

    پولیس نے بتایا کہ گُرجر چھٹی پر تھا اور جب وہ اسکول کے ڈائریکٹر سے ملنے گیا تو وہ اپنا سروس ریوالور اپنے ساتھ لے گیا تھا۔

    پولیس کے مطابق راج بالا کی حالت بہتر تھی اور توقع ہے کہ انھیں آج منگل کو اسپتال سے فارغ کر دیا جائے گا۔

  • بھارت: ملازمین کو ’منی ہائسٹ سیزن 5‘ دیکھنے کے لیے چھٹی مل گئی

    بھارت: ملازمین کو ’منی ہائسٹ سیزن 5‘ دیکھنے کے لیے چھٹی مل گئی

    راجستھان: بھارت میں ایک کمپنی نے ملازمین کو ’منی ہائسٹ سیزن 5‘ دیکھنے کے لیے چھٹی دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست راجستھان کی ایک کمپنی نے 3 ستمبر کے روز ملازمین کی جانب سے چھٹی کے لیے جھوٹ بہانے بنانے سے قبل ہی انھیں چھٹی دے دی ہے۔

    واضح رہے کہ نیٹ فلکس کی شہرہ آفاق ویب سیریز ’منی ہائسٹ‘ کے پانچویں سیزن کی ریلیز کی تاریخوں کا اعلان ہو چکا ہے، سیزن 5 کا پہلا حصہ 3 ستمبر جب کہ دوسرا 3 دسمبر کو ریلیز کیا جائے گا، جسے دیکھنے کے لیے دنیا بھر کے کروڑوں لوگ بےتاب ہیں۔

    بھارتی کمپنی نے اپنے ملازمین کو پروفیسر کی اپنی ٹیم کے ساتھ سانسیں تھما دینے والی چوری کو دیکھنے کے لیے چھٹی ہی دے دی ہے تاکہ وہ آرام سے گھر بیٹھ کر اس سے لطف اندوز ہو سکیں۔

    کمپنی کے سی ای او نے ملازمین کے نام ایک خط لکھا کہ 3 ستمبر کو منی ہائسٹ کا سیزن 5 ریلیز ہوگا لہٰذا ملازمین اس روز چھٹی کریں کیوں کہ ہم سمجھتے ہیں کہ تفریح کے کچھ لمحات آپ کے کام میں توانائی لانے کے لیے اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

    انتظار ختم، منی ہائسٹ سیزن 5 کی ریلیز تاریخوں کا اعلان، دل دھڑکا دینے والا ٹریلر بھی جاری

    کمپنی نے اپنے ان تمام ملازمین کا شکریہ بھی ادا کیا جنھوں نے کرونا وبا میں ورک فرام ہوم کر کے کمپنی کو اس مشکل وقت سے نکالنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ سی ای او نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں ذہنی دباؤ اور افراتفری جیسی صورت حال کے بعد ایک بریک تو بنتا ہے۔

    دل چسپ بات یہ ہے کہ اس خط کو ٹوئٹر پر نیٹ فلکس انڈیا کے آفیشل اکاؤنٹ نے ری ٹوئٹ کیا اور لکھا کہ ہمارے پاس کام کے لیے عذر موجود تھے لیکن یہ لاجواب ہے۔