Tag: راجہ اظہر

  • لوڈ شیڈنگ قصداً کی جا رہی ہے، امتحانات دینے والے بچے مایوسی کا شکار ہیں، راجہ اظہر کا وزیر اعظم کو خط

    لوڈ شیڈنگ قصداً کی جا رہی ہے، امتحانات دینے والے بچے مایوسی کا شکار ہیں، راجہ اظہر کا وزیر اعظم کو خط

    کراچی: پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے صدر راجہ اظہر نے ایک خط میں صوبائی اور وفاقی حکومتوں کو لوڈ شیڈنگ کی طرف متوجہ کرایا ہے، کہ کراچی میں بچوں کے امتحانات پھر شروع ہو گئے ہیں حکومت لوڈشیڈنگ کے عذاب سے امتحانی مراکز اور عوام کی جان چھڑائے۔

    وزیر اعظم شہباز شریف، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، سی ای او کے الیکٹرک سید مونس عبداللہ علوی، اور وفاقی وزیر توانائی اویس احمد خان لغاری کے نام لکھے گئے خط میں راجہ اظہر نے کہا لوڈ شیڈنگ قصداً کی جا رہی ہے، امتحانات دینے والے بچے سخت مایوسی کا شکار ہیں۔

    انھوں نے لکھا کراچی والوں کی زندگی کو مسلسل ڈراؤنے خواب اور اذیت میں بدل دیا گیا ہے، موجودہ حالات کی مکمل ناکامی وفاقی و صوبائی حکومت کے سر ہے، ہمارے بچوں کے تعلیمی مراکز اندھیروں میں ڈوبے ہوئے ہیں، علم کے یہ ننھے چراغ کیسے جلیں گے اگر ان کی اعصابی حالت ہی ٹھیک نہیں ہوگی۔

    راجہ اظہر کا کہنا تھا کہ یہ رویہ غیر انسانی اور غیر اخلاقی ہے، اسے برداشت نہیں کیا جا سکتا، عوام پہلے ہی احتجاج کر چکے ہیں لیکن کے الیکٹرک پر ہماری شکایتوں کا کوئی اثر نہیں ہو رہا، کراچی کے نوجوانوں کے ساتھ یہ غفلت مجرمانہ ہے، ہمارے بچوں کے مستقبل اور تعلیم کو پامال کیا جا رہا ہے۔

    انھوں نے کہا کراچی کے باسیوں کے حقوق کے وقار کو یہ براہ راست چیلنج ہے، کراچی کے عوام کے الیکٹرک کے خلاف بھرپور احتجاج کے لیے تیار ہیں، ہمارا مطالبہ کہ لوڈ شیڈنگ فوری طور پر ختم کی جائے ورنہ عوامی قوت کے ساتھ سامنا کرنے کے لیے تیار رہیں۔

  • تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی راجہ اظہر کی گرفتاری کیلئے پولیس کے چھاپے

    کراچی : پولیس نے تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی راجہ اظہر کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے ، راجہ اظہر کا کہنا ہے کہ بتایا جائے ہمارا جرم کیا ہے؟

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی راجہ اظہر کی گرفتاری کیلئے رات گئے پولیس نے چھاپے مارے۔

    پی ٹی آئی ایم پی اے راجہ اظہر نے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ بلدیاتی الیکشن میں پیپلزپارٹی نے پولیس گردی کی انتہا کردی، پولیس گھروں پر چھاپے مار رہی ہے۔

    راجہ اظہر کا کہنا تھا کہ بتایا جائے ہمارا جرم کیا ہے، دھاندلی روکنا جرم ہے تو یہ جرم کرتے رہیں گے۔

    پی‌ ٹی آئی رکن اسمبلی نے کہا کہ تحریک انصاف کی مقبولیت سے پیپلزپارٹی قیادت خوفزدہ ہے، کراچی نے ثابت کردیا عمران خان کے ساتھ ہے۔

    خیال رہے کراچی میں پی ٹی آئی کے رہنماؤں کے خلاف بلدیاتی انتخابات میں پولنگ میٹریل چھیننے اور ہنگامہ آرائی کے الزامات کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔

  • لانگ مارچ والے دن غیر قانونی گرفتاری، پی ٹی آئی رکن سندھ اسمبلی کا بڑا اقدام

    لانگ مارچ والے دن غیر قانونی گرفتاری، پی ٹی آئی رکن سندھ اسمبلی کا بڑا اقدام

    کراچی : پی ٹی آئی کے ایم پی اے راجہ اظہر نے 25 مئی کو غیرقانونی گرفتاری پر ایس ایچ او کلیم موسیٰ کو ہتک عزت پر 50 لاکھ کا لیگل نوٹس بھجوادیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے ایم پی اے راجہ اظہر نے 25مئی کو غیر قانونی گرفتاری پر ایس ایچ اوکلیم موسیٰ کیخلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کردیا۔

    رکن سندھ اسمبلی راجہ اظہر نے ایس ایچ اوکلیم موسیٰ کو ہتک عزت پر 50لاکھ کانوٹس بھجوایا اور ایس ایس پی ملیر سمیت ایس ایچ او تھانہ ائیرپورٹ کو خط لکھ دیا۔

    راجہ اظہر نے کہا ہے کہ 25 مئی کونجی ائیرلائن کے ذریعے اسلام آباد سے کراچی پہنچا، ایس ایچ او کلیم موسیٰ اور 4 نامعلوم صورت شناس افرادنےزدوکوب کیا، تعارف کروانے کے باوجود میری آنکھوں پر پٹی باندھی اور تلاشی لی اور ڈیڑھ گھنٹے گاڑی میں گھمایا۔

    رکن سندھ اسمبلی نے الزام لگایا کہ دوران تلاشی جیب سے 50ہزارکلیم موسیٰ سمیت ساتھیوں نےنکالے اور اسپیکر کی اجازت لیے بغیر گرفتاری اور پھر سینٹرل جیل منتقل کردیا۔

    خط میں کہا گیا کہ سپرنٹنڈنٹ جیل کےانکارکےباوجودکلیم نےاپنےاثرورسوخ کا استعمال کیا، کلیم موسیٰ کیجانب سےسپریم کورٹ احکامات کی کھلی خلاف ورزی کی گئی۔

    راجہ اظہر کا کہنا تھا کہ کلیم موسیٰ اور ساتھیوں کیخلاف کارروائی کی اپیل کرتا ہوں، بغیر وارنٹ گرفتار کرنے، تشدد، دھمکیاں دینے جیب سے رقم نکالنے کیخلاف کارروائی کی جائے اورمجھے جان ومال عزت کا تحفظ اور انصاف فراہم کیا جائے۔

  • رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت کی پارٹی رکنیت ختم کی جائے،پی ٹی آئی رہنما کی درخواست

    رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت کی پارٹی رکنیت ختم کی جائے،پی ٹی آئی رہنما کی درخواست

    کراچی : پی ٹی آئی سندھ کے نائب صدر و رکن سندھ اسمبلی راجہ اظہر نے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت کی پارٹی رکنیت ختم کرنے کی درخواست کردی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما راجہ اظہر نے پارٹی کے سیکرٹری جنرل اسد عمر کو خط لکھا ، جس میں درخواست کی ہے کہ رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت کی پارٹی رکنیت ختم کی جائے۔

    راجہ اظہر کا کہنا تھا کہ عامر لیاقت حسین کی سوشل میڈیا پر ویڈیوز کیخلاف پارٹی قیادت ایکشن لے، انھوں نے اپنے بیانات اور ویڈیوز میں بانی ایم کیو ایم سے یکجہتی ظاہر کی۔

    خط میں کہا گیا کہ عامر لیاقت پی ٹی آئی کے درمیان رہتےہوئےپارٹی کونقصان پہنچارہےہیں، ان کی نامناسب حرکات اور ناشائستہ زبان سے ورکرز خوش نہیں۔

    پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ عامر لیاقت سے پارٹی قیادت اب سختی سے نمٹے۔

  • صدر مملکت کے ساتھ بی آر ٹی میں سفر کے بعد جب ہم کراچی پہنچے؟

    صدر مملکت کے ساتھ بی آر ٹی میں سفر کے بعد جب ہم کراچی پہنچے؟

    کراچی: شہر قائد کی سڑکوں کا حال ایک طرف اور دوسری طرف ٹرانسپورٹ کی بری حالت، اس شہر پر ایک عرصہ گزر گیا اور نہ اس کی سڑکوں نے ترقی کی، نہ اس پر روزانہ لاکھوں لوگوں کو منزلوں تک پہنچانے کے لیے دوڑنے والی ٹرانسپورٹ میں کچھ بہتری آئی۔

    لیکن اس شہر پر قبضہ جمانے، اور اس کی ملکیت کے دعوے دار کئی ایک ہیں، اور شہر کی حالت زار دیکھتے ہوئے بھی دعوے داروں کو کبھی حیا نہ آئی، کبھی انھوں نے اپنی ‘ذمہ داری’ کو ‘اون’ نہیں کیا۔

    اس صورت حال کو نمایاں کرنے کے لیے آج پاکستان تحریک انصاف کراچی کے کچھ پارلیمنٹیرینز نے ایک مختصر سی دل چسپ ویڈیو بنائی اور صحافیوں سے شیئر کی۔

    پی ٹی آئی کے ایم پی ایز نے صدر مملکت عارف علوی کے ساتھ کچھ دیر قبل بی آر ٹی میں سفر کیا، اور پھر انھوں نے کراچی کی ٹرانسپورٹ کا ‘مزا’ لینے کا تجربہ کیا، ان شخصیات میں راجہ اظہر، سعید آفریدی اور راسبتان خان شامل تھے، جنھوں نے بی آر ٹی کے آرام دہ سفر کے بعد رکشے میں سفر کیا۔

    ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ایم پی اے راجہ اظہر نے بتایا کہ تھوڑی دیر پہلے ہم وی آئی پی بی آر ٹی گرین لائن میں صدر پاکستان کے ساتھ سفر کر رہے تھے، ہم نے نمائش چورنگی تا پٹیل پاڑہ اچھا سفر کیا، اور اب ٹوٹی سڑکوں پہ سفر کر رہے ہیں، ہماری کمر دکھ گئی ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ صوبائی اسمبلی کے اراکین اچھے موڈ کے ساتھ رکشے میں سفر کر رہے ہیں، لیکن لگنے والے جھٹکے بتاتے ہیں کہ کراچی کی سڑکوں پر رکشے میں بیٹھنا کیسا ہوتا ہے، یہی وجہ ہے کہ زیادہ تر لوگ بیمار افراد کو رکشے میں نہیں لے کر جاتے۔

    راجہ اظہر نے ویڈیو میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ صاحب، کراچی کو سڑکیں اور ٹرانسپورٹ دیں، ہم نے ابھی کچھ دیر قبل جو بی آر ٹی میں سفر کیا تو دیکھا کہ وہاں لوگ وزیر اعظم کو دعائیں دے رہے ہیں، تو مراد علی شاہ صاحب آپ بھی دعائیں سمیٹ سکتے ہیں۔

  • فیصل ایدھی کی کشتی سمندر میں کیسے ڈوبی، اور کون سوار تھا؟

    فیصل ایدھی کی کشتی سمندر میں کیسے ڈوبی، اور کون سوار تھا؟

    کراچی: آج شہر قائد میں دو دریا کے مقام پر لاپتا افراد کی تلاش میں نکلنے والے ایدھی رضاروں کی کشتی الٹنے کا واقعہ پیش آیا تھا، اس سلسلے میں فیصل ایدھی نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا اچانک انجن بند ہونے سے حادثہ پیش آیا تھا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق فیصل ایدھی نے واقعے کے بارے میں بتایا کہ وہ رضاکاروں کے ساتھ ملیر ندی کے اطراف میں لاپتا 8 افراد کی تلاش کر رہے تھے، سی ویو کی جانب سے واپس آنے لگے تو کشتی کا انجن بند ہو گیا۔

    انھوں نے بتایا سمندر کی تیز لہروں کے باعث ہماری کشتی الٹ گئی، کشتی میں ہمارے ساتھ صوبائی اسمبلی کے رکن راجہ اظہر بھی تھے، 5 دیگر افراد بھی کشتی پر سوار تھے۔

    فیصل ایدھی کا کہنا تھا کہ ان سب نے چوں کہ لائف جیکٹ پہن رکھی تھی اس لیے وہ نہیں ڈوبے، تاہم آدھے گھنٹے تک وہ سمندر میں تیرتے رہے، اس دوران ابراہیم حیدری سے آنے والی ماہی گیروں کی کشتی نے انھیں ریسکیو کیا۔

    کراچی: سی ویو کے قریب کشتی الٹ گئی، فیصل ایدھی سمیت 6 افراد کو بچا لیا گیا

    واضح رہے کہ آج ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی بال بال بچ گئے، فیصل ایدھی کورنگی کاز وے پر ڈوبنے والے افراد کی تلاش میں نکلے تھے، اس دوران ان کی کشتی کاز وے سے ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے دو دریا کی سمت نکل گئی۔

    ایدھی حکام کا کہنا تھا کہ دو دریا کے قریب فیصل ایدھی کی کشتی تیز پانی کی وجہ سے پلٹ گئی، قریب سے گزرنے والے ماہی گیروں نے فیصل ایدھی کو ریسکیو کیا، واقعے کے بعد فیصل ایدھی کو ابراہیم حیدری جیٹی منتقل کیا گیا۔

    ادھر کشتی میں موجود پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی راجہ اظہر کا جناح اسپتال میں طبی معائنہ کیا گیا، پی ٹی آئی کراچی کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر نے راجہ اظہر کی صحت کو تسلی بخش قرار دیا ہے۔

  • کراچی میں سیاسی اور مذہبی رہنماؤں کی تھلیسیمیا بچوں کے لیے خون کی اپیل

    کراچی میں سیاسی اور مذہبی رہنماؤں کی تھلیسیمیا بچوں کے لیے خون کی اپیل

    کراچی: شہر قائد میں کرونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاؤن کے بعد تھلیسیمیا کے مریض بچوں کے لیے خون کی فراہمی کا عمل شدید متاثر ہو گیا ہے، جس کے پیش نظر سیاسی اور مذہبی رہنماؤں نے عوام سے خون عطیہ کرنے کی اپیلیں کر دی ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سیاسی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے تھلیسیمیا کے مریضوں اور بچوں کو خون کا عطیہ دینے کے لیے نوجوانوں اور کارکنان سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرونا وائراس اور لاک ڈاؤن کے نتیجے میں جو صورت حال سامنے آئی ہے اس نے ایک سنگین مسئلے کو جنم دیا ہے۔

    فاروق ستار کا کہنا تھا کہ تھلیسیمیا کے مریضوں اور بچوں کو خون کی عدم دستیابی بہت بڑا مسئلہ ہے، ان مریضوں کو ہر 15 دن میں خون چڑھایا جاتا ہے، اگر انھیں یہ خون وقت پر نہ ملے تو پھر ان بچوں کی زندگیوں خطرہ لاحق ہو جاتا ہے، میں خاص طور پر ملک کے نوجوانوں، طالب علموں اور تحریک کے کارکنوں اور ساتھیوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنے گھروں کے قریب تھلیسیمیا سینٹرز پر خون کا عطیہ دیں۔

    پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی راجہ اظہر خون کا عطیہ دے رہے ہیں

    ادھر رکن سندھ اسمبلی راجہ اظہر بھی تھیلیسیمیا مرض میں مبتلا بچوں کے لیے خون عطیہ کرنے تھیلیسیمیا سینٹر پہنچے اور خون عطیہ کیا، انھوں نے مرض میں مبتلا بچوں سے ملاقات بھی کی، ان کا کہنا تھا کہ تھیلیسیمیا میں مبتلا بچوں کی زندگیاں بچانا ہم سب کا فرض ہے، عوام سے اپیل ہے غیر ضروری گھروں سے نہ نکلیں مگر تھلیسیمیا کے بچوں کی زندگیاں بچانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انھوں نے کہا لاک ڈاؤن کی صورت حال میں خون عطیہ کرنے والا عمل سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، شہریوں اور خصوصاً پی ٹی آئی کے ورکرز اور پارلیمنٹیرینز سے گزارش کروں گا وہ عطیات دیں۔

    دعوت اسلامی کے امیر مولانا الیاس قادری نے بھی عوام سے اپیل کی ہے کہ لاک ڈاؤن سے تھیلیسیمیا کے مریض پریشان ہیں، ملک میں 49 ہزار تھیلیسیمیا کے مرض میں مبتلا بچوں کی زندگی خطرے میں ہے، لاک ڈاؤن کے دوران خون دینے جاتے ہوئے حکومتی احکامات کو مدنظر رکھیں لیکن خون دینے ضرور جائیں۔ انھوں نے دعوت اسلامی کے کارکنان سے اپیل کی کہ ملک بھر سے ان بچوں کے لیے خون کے عطیات دیں۔

  • 5 سالہ بچی سے مبینہ زیادتی کی کوشش، پی ٹی آئی رکن اسمبلی تھانے پہنچ گئے

    5 سالہ بچی سے مبینہ زیادتی کی کوشش، پی ٹی آئی رکن اسمبلی تھانے پہنچ گئے

    کراچی: شہر قائد کے علاقے کورنگی میں 5 سالہ بچی سے مبینہ زیادتی کی کوشش پر ایم پی اے راجہ اظہر واقعے کا مقدمہ درج کرانے تھانے پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے ایم پی اے راجہ اظہر معصوم بچی کے اہل خانہ کی مدد کے لیے تھانے پہنچ گئے، کورنگی کے علاقے میں ایک پانچ سالہ بچی کے ساتھ مبینہ طور پر زیادتی کی کوشش کی گئی تھی، متاثرہ بچی کو واقعے کے بعد فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

    لیڈی ایم ایل او کی عدم موجودگی کے باعث میڈیکل رپورٹ مرتب نہیں کی جا سکی، جس کی وجہ سے واقعے کا مقدمہ بھی درج نہیں کیا جا سکا، بچی کے والد کا کہنا تھا کہ ذیشان نامی شخص نے ان کی بیٹی کو اغوا کیا کر کے زیادتی کی کوشش کی۔

    قومی اسمبلی: بچوں سے زیادتی کے مجرمان کو سرعام سزائے موت دینے کی قرارداد منظور

    واقعے کے خلاف راجہ اظہر ابراہیم حیدری تھانے پہنچے، انھوں نے کہا کہ وہ بچی کے اہل خانہ کو انصاف ملنے تک ان کے ساتھ کھڑے ہیں، کراچی میں زیادتی کے بڑھتے ہوئے واقعات افسوس ناک ہیں۔ ایم پی اے کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ سے پاس کردہ قانون پر عمل درآمد کا وقت آ چکا ہے، انسانی شکل میں چھپے حیوان کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

    یاد رہے کہ 7 فروری کو قومی اسمبلی میں بچوں سے زیادتی کے مجرمان کو سر عام سزائے موت دینے کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کی گئی تھی، جس کی مخالفت صرف پیپلز پارٹی نے کی۔

  • بنی گالا کو گھیرنے کی باتیں کرنے والے حدود میں رہیں، راجہ اظہر

    بنی گالا کو گھیرنے کی باتیں کرنے والے حدود میں رہیں، راجہ اظہر

    کراچی: تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی راجہ اظہر خان نے کہا کہ بنی گالا کو گھیرنے کی باتیں کرنے والے حدود میں رہیں، عمران خان کے جانثار ہیں، اسلام آباد میں موجود رہیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق مولانا فضل الرحمان کی بنی گالا کو گھیرنے کی دھمکی پر ردعمل دیتے ہوئے راجہ اظہر خان نے کہا کہ عمران خان کے جانثار ہیں،اسلام آباد میں موجود رہیں گے، بنی گالا کو گھیرنے کی باتیں کرنے والے حدود میں رہیں۔

    تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی راجہ اظہر کی قیادت میں کراٹے ٹیم کینٹ اسٹیشن سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوگئی۔

    آزادی مارچ: فضل الرحمان کی تنقید، حکومت کو 2 دن کی مہلت

    یاد رہے دو روز قبل جے یو آئی کے آزادی مارچ میں مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے شرکت کی تھی اور خطاب کرتے ہوئے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

    آزادی مارچ کے شرکا سے خطاب کے دوران فضل الرحمان نے اپنے مطالبات سامنے رکھتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت دو روز میں استعفیٰ دے ورنہ آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے، یہ مجمع قدرت رکھتا ہے کہ وزیراعظم کو گھر سے گرفتار کرلے، ادارے 2دن میں بتادیں موجودہ حکومت کی پشت پر نہیں کھڑے۔

    واضح رہے کہ وزیراعظم کی گرفتاری کی بات بغاوت قرار دے کر حکومت نے مولانا فضل الرحمان کے خلاف عدالت جانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ سینئر قانون دان بابر اعوان اور اٹارنی جنرل نے اس سلسلے میں مشاورت کی ہے، قانونی ماہرین نے بھی وزیر اعظم کی گرفتاری سے متعلق بیان کو جرم قرار دے دیا ہے۔