لاہور میں اسموگ کا راج آج بھی برقرار ہے، دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں لاہور دوسرے نمبر پر ہے۔
ائیر کوالٹی انڈیکس کے مطابق لاہور میں اسموگ کی اوسط شرح دوسواڑسٹھ ریکارڈ کی گئی ہے، شدید دھند کے سبب پنجاب میں مختلف مقامات پر موٹرویز کے مختلف سیکشنز بند کر دیے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق لاہور سیالکوٹ موٹروے کو شدید دھند کے سبب بند کردی گئی جبکہ موٹر وے ایم ون، رشکئی تا پشاور بھی بند ہے، کے پی، پنجاب اور سندھ کے کئی علاقے رات گئے سے دھند کی لپیٹ میں ہیں۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی علاقوں میں شدید سردی کی لہر ہے، لہہ منفی 11، اسکردو منفی 8، کالام منفی 5، گلگت منفی 4، قلات اور گوپس میں منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا۔
محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پنجاب، خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں رات کے اوقات میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔