Tag: راستے

  • عمان کا زمینی، فضائی اور سمندری راستے کھولنے کا اعلان

    عمان کا زمینی، فضائی اور سمندری راستے کھولنے کا اعلان

    مسقط: عمان نے اپنی زمینی، فضائی اور سمندری سرحدیں کھولنے کا اعلان کردیا، سرحدیں 29 دسمبر بروز منگل سے کھول دی جائیں گی۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق عمان نے 29 دسمبر سے اپنے زمینی، فضائی اور سمندری راستے کھولنے کا اعلان کردیا۔

    حکومتی ٹویٹر پر کیے جانے والے ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ تمام ممالک سے آنے والوں کے لیے سفر سے 72 گھنٹے قبل کیا جانے والا کووڈ کا منفی ٹیسٹ ضروری ہوگا جبکہ دوسرا ٹیسٹ کسی بھی ایئر پورٹ پر پہنچنے کی صورت میں کیا جائے گا۔

    عمان نے کرونا وائرس کی نئی قسم سے بچنے کے لیے پچھلے ہفتے ہی اپنی سرحدیں بند کی تھیں۔

    کووڈ 19 سپریم کمیٹی کا کہنا ہے کہ ہوائی اور سمندری سرحدیں بند کرنے کا فیصلہ دوسرے ممالک میں وائرس کی نئی شکل سامنے آنے کی وجہ سے کیا گیا تھا۔

    وائرس کی نئی شکل کی طبی وجوہات وہی ہیں جو پچھلے کی ہیں تاہم یہ ستر گنا زیادہ متعدی ہے۔ اس کی نشاندہی برطانیہ اور دیگر یورپی ممالک سمیت آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ میں ہوئی۔

    اس حوالے سے برطانوی وزیر صحت کا کہنا ہے کہ یہ قابو سے باہر ہو گیا ہے۔ وائرس کی نئی شکل ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا، برطانیہ اور چین میں کرونا کی ویکسین تیار کر لی گئی اور یہ امید پیدا ہو گئی تھی کہ عالمی وبا کو شکست دے دی جائے گی۔

  • ایس 400 بحران کے بعد امریکا نے ترکی کے سامنے راستے بند کردئیے

    ایس 400 بحران کے بعد امریکا نے ترکی کے سامنے راستے بند کردئیے

    واشنگٹن : امریکا نے ایس 400 دفاعی میزائل سسٹم بحران حل کرنے کےلیے مشترکہ ایکشن گروپ کی تشکیل پر غور شروع کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی وزارت دفاع پنٹاگون کا کہنا ہے کہ امریکا ترکی کے ساتھ ایک مشترکہ ایکشن گروپ کی تشکیل پر غور کررہا ہے تاکہ دونوں ملکوں کے درمیان روس کے ایس 400 دفاعی نظام اور امریکا کے ایف 35 جنگی جہازوں کے منصوبے کے حوالے سے پیدا ہونے والے بحران کا کوئی حل نکالا جاسکے۔

    امریکی وزارت دفاع کے ترجمان اریک باھن کا کہنا تھا کہ تکنیکی ایکشن گروپ کی تشکیل اس مرحلے پر ضروری نہیں اور نہ ہی امریکا اسے تنازع کے حل کے ایک وسیلے کے طور پردیکھتا ہے۔

    دوسری جانب ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان کئی مرتبہ اپنے بیانات میں یہ کہہ چکے ہیں کہ وہ روسی ساختہ S-400 میزائل سسٹم معاہدے سے ہر گز پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایردوان اپنے عوام کے سامنے یہ موقف پیش کرنے کے خواہش مند ہیں کہ وہ امریکی دباؤ پر نہیں جھکتے۔

    مزید پڑھیں : امریکا نے ترکی کو ایف 35 لڑاکا طیاروں کی فراہمی روک دی

    یاد رہے کہ گزشتہ روز امریکا نے لاک ہیڈ مارٹن کارپوریشن کے ساختہ ایف 35 لڑاکا جیٹ کے آلات ترکی کو مہیا کرنے کا عمل روک دیا ہے۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کا کہنا ہے امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کے ایک ترجمان نے اس فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا پہلے مرحلے پر ایف35 طیاروں کے پرزوں کی فراہمی روکی گئی ہے، پرزوں کے بعد ترکی کوایف35 طیارے فراہم کرنا تھے۔

    ذرائع کا کہنا ہے امریکا کا اپنے نیٹو اتحادی ملک کے خلاف یہ پہلا ٹھوس اقدام ہے اور اس نے یہ فیصلہ ترکی کی جانب سے روس سے میزائل دفاعی نظام ایس400 کی خریداری پر اصرار کے ردعمل میں کیا ہے۔

    مزید پڑھیں : روس سے دفاعی نظام ایس 400 کی خریداری، ترکی نے امریکی دباؤ مسترد کردیا

    خیال رہے کہ روس سے دفاعی نظام ایس 400 کی خریداری میں امریکی دباؤ کو مسترد کردیا، 29 مارچ کو انقرہ نے واضح کیا تھا کہ دفاعی نظام سے متعلق پہلے ہی معاہدہ طے پاچکا ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ترک وزیر خارجہ نے اپنے روسی ہم منصب کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا تھاکہ ہم نے روس کے ساتھ معاہدہ کرلیا ہے اور اس کے پابند ہیں، دیگر ممالک کی جانب سے دباؤ عالمی قوانین کے منافی ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ ترکی نے امریکی کمپنی کے تیار کردہ ایف 35 جنگی طیارے کے پروگرام میں شراکت دار کے حوالے سے تمام قواعد پر عمل درآمد کیا ہے۔

    وزیر خارجہ نے بتایا تھا کہ ایف 35 منصوبے میں ترکی شراکت دار ہے اور انقرہ میں ہی طیارے کے بعض حصے تیار ہوں گے۔