کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف نے کہا ہے کہ کوچ غیرملکی نہیں ہونا چاہئے جبکہ سرفراز احمد کو تینوں فارمیٹ کپتان برقرار رکھنے کی حمایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے سابق وکٹ کیپر بلے باز راشد لطیف سرفراز احمد کی حمایت میں سامنے آگئے اور سرفراز کو تینوں فارمیٹ کا کپتان برقرار رکھنے کا مطالبہ کردیا۔
راشد لطیف نے کہا کہ بابر اعظم کو کپتان بنانا جلد بازی ہوگی۔ ایک سوال کے جواب میں راشد لطیف نے کہا کہ جب تک سسٹم ٹھیک نہیں ہوگا میرے سلیکٹر بننے سے بھی کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
امام الحق کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ کرکٹرز کو احتیاط کرنی چاہئے، امام الحق کا ذاتی مسئلہ ہے لہٰذا اس پر کوئی بات نہیں کرسکتا ہوں۔
راشد لطیف کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کا سسٹم ٹھیک ہونا چاہئے، ملک میں کلب کرکٹ ختم ہوچکی ہے، کلب کرکٹ ہوگی تو ہی اچھے کرکٹرز سامنے آسکیں گے۔
سابق کھلاڑی کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد کے علاوہ ابھی کوئی کپتان دکھائی نہیں دیتا ہے اور تینوں فارمیٹ کا کپتان بھی ایک ہی ہونا چاہئے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے ٹیسٹ، ٹی ٹوینٹی اور ون ڈے کی کپتانی سرفراز سے واپس لینے کی تجویز دی تھی اور حارث سہیل کو کپتان بنانے کا مطالبہ کیا تھا۔
اس کے برعکس سابق لیگ اسپنر عبدالقادرنے پی سی بی سے سرفراز احمد کو پاکستان کرکٹ ٹیم کے تینوں فارمیٹس کی قیادت برقرار رکھنے اور بابر اعظم کو نائب کپتان بنانے کا مطٓالبہ کیا ہے۔
کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر راشد لطیف کی والدہ رضائے الٰہی سے انتقال کرگئیں۔
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز راشد لطیف کی والدہ انتقال کرگئیں، چیئرمین پی سی بی احسان مانی اور سابق موجودہ کرکٹرز نے راشد لطیف سے والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے۔
سرکاری اسپورٹس چینل کے معروف اینکر نعمان نیاز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر یہ افسوس ناک خبر صارفین کے ساتھ شیئر کی۔
: إِنَّا لِلّهِ وَإِنَّـا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ Mother of ex Pakistan Captain, my closest friend, contemporary, & colleague Rashid Latif’s mother died short while ago. We stand together in his grief. All commiserations to the family.
50 سالہ راشد لطیف نے 1992 سے 2003 کے دوران 37 ٹیسٹ اور 166 ون ڈے میچز میں پاکستانی ٹیم کی نمائندگی کی جبکہ 6 ٹیسٹ میچز میں قومی ٹیم کی قیادت کے فرائض بھی انجام دئیے۔
راشد لطیف آج کل سرکاری اسپورٹس چینل پر بطور اینالسٹ کام کررہے ہیں اور وقتاً فوقتاً قومی ٹیم کی خامیوں اور خوبیوں پر تبصرے کرتے نظر آتے ہیں۔
کراچی: نیا ناظم آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں ایکشن سے بھرپور میلہ سج گیا، کراچی کنگز "سندھ کے شہزادے” کرکٹ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس میں اسٹار کرکٹر شاہد آفریدی، راشد لطیف اور صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ شریک ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ کے شہزادے کرکٹ ٹورنامنٹ میں 75 کھلاڑی اور 5 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، افتتاحی میچ میں ہوم امیج کراچی اور برج پاور حیدر آباد کی ٹیمیں آمنے سامنے آئیں گی۔
اس موقع پر صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت کراچی کنگز کے شابہ بشانہ اور اس کی کاوشوں کو سراہتی ہے، کراچی میں بڑے ایونٹس ہوئے، دنیا بھر سے لوگ یہاں آئے ہیں۔
شاہد آفریدی، سی ای او کراچی کنگز طارق وسیع اور اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک گروپ ڈائریکٹر محبوب عبد الرؤف
صوبائی وزیر نے کہا ’سندھ حکومت نوجوان کھلاڑیوں کو سہولتیں فراہم کرے گی، شاہد آفریدی اور سلمان اقبال کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، آپ لوگ اندرون سندھ کے ٹیلنٹ کو اجاگر کر رہے ہیں، جہاں کھلاڑیوں کے لیے مناسب سہولتیں موجود نہیں، سندھ کے شہزادے بہترین پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔‘
شاہد خان آفریدی
کراچی کنگز سندھ کے شہزادے ایونٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ’سندھ سے نوجوان کرکٹرز کی تلاش ضروری ہے، بد قسمتی سے اندرون سندھ سے کرکٹرز سامنے نہیں آتے۔‘
[bs-quote quote=”سندھ حکومت کراچی کنگز کے لیے گراؤنڈ یا زمین فراہم کرے: شاہد آفریدی” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]
بوم بوم شاہد آفریدی نے اندرون سندھ سے نوجوانوں کو منتخب کرنے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ راشد لطیف و دیگر نے اندرون سندھ سے ٹیلنٹ کو اجاگر کیا، سندھ حکومت بھی کراچی کنگز کے لیے گراؤنڈ یا زمین فراہم کرے۔
جارحانہ بیٹنگ کے لیے مشہور کرکٹ اسٹار اور کراچی کنگز کے صدر نے راشد لطیف کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا ’راشد لطیف کی پوری ٹیم نے اندرون سندھ میں زبردست کام کیا، پی ایس ایل فرنچائز کی اپنی کرکٹ اکیڈمی ہونی چاہیے۔‘
راشد لطیف
کراچی کنگز ٹیم کے ڈائریکٹر اور قومی ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف نے اس موقع پر کہا کہ اندرون سندھ اور کراچی میں بہت ٹیلنٹ ہے، ہم نے اندرون سندھ اور کراچی سے 75 سے زائد کھلاڑی منتخب کیے ہیں۔
[bs-quote quote=”پاکستان کے شہزادوں کے ٹیلنٹ کو بھی سامنے لائیں گے: راشد لطیف” style=”style-7″ align=”right” color=”#dd3333″][/bs-quote]
سندھ کے شہزادے ایونٹ کے سلیکٹر راشد لطیف نے کہا کہ سندھ کے بعد پاکستان کے شہزادوں کے ٹیلنٹ کو بھی سامنے لائیں گے، اس وقت پورے پاکستان میں کرکٹ کو پذیرائی مل رہی ہے۔
سابق وکٹ کیپر کا کہنا تھا ’نئے کھلاڑیوں کی ٹریننگ کے لیے کوچز کی کوئی کمی نہیں ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ کے کوچز نے قیمتی وقت بچوں کو دیا ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘
کراچی : کراچی کنگز کے مالک اور اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کے سربراہ سلمان اقبال نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو صحت مندانہ سرگرمیوں کے لیے ماحول پیدا کرنا اولین ترجیح ہے۔
وہ کراچی کنگز کے صدر شاہد آفریدی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے اس موقع پر مالک کراچی کنگ سلمان اقبال نے پاکستان سپر لیگ-3 کے لیے عماد وسیم کو کراچی کنگز کا کپتان مقرر کرنے کا اعلان کیا۔
کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے بعد کرکٹ میں بڑی تبدیلی آئی ہے۔ کرکٹ میں پاکستان میں بہت کام ہو رہا ہے۔ پاکستان سپر لیگ کے ذریعے نئے ہیرے سامنے لا رہے ہیں۔
اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کے سربراہ سلمان اقبال نے شائقین کو معیاری کھیل اور بہترین تفریح مہیا کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کنگز کے نام کو تجویز کرتے ہوئے میں نے کہا تھا کہ یہ شہزادے ہیں تو کنگز سے بہتر کیا نام ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دعا کریں گے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ واپس آجائے اور اگر کراچی میں کراچی کنگز اور لاہور کا فائنل ہوا تو بات ہی کچھ اور ہوگی کراچی کنگز کو جتنی سپورٹ ملی ہے پی ایس ایل میں کسی اور کو نہیں ملی ہے۔
کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ ناظرین کا دوسرا بڑا برینڈ بن چکا ہے اور اس بار بھی شائقین کرکٹ کو بہترین کرکٹ دیکھنے کو ملے گی اور ناظرین لطف اندوز ہوں گے۔
لاہور اور کراچی کے مابین متوقع فائنل پر انہوں نے برجستہ کہا کہ پی ایس ایل میں حصہ لینے والی کوئی بھی ٹیم جیتے، جیت صرف پاکستان کی ہی ہوگی اور اس ٹورنامنٹ کا مقصد بھی پاکستان کے نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانا ہے جیسا پچھلے ٹورنامنٹس کے بیشتر کھلاڑی آک قومی کرکٹ ٹیم کاحصہ ہیں اور اپنی بہترین کارکردگی سے ٹیم کو میچ جیتوا رہے ہیں۔
صدر کراچی کنگز شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں کراچی کی ٹیم اب پوری ہوگئی ہے کراچی کنگز کا حصہ بننا میرے لیے اعزاز ہے اور میں صدر ہی نہیں بلکہ ٹیم کا ممبر ہوں اور ابھی میری عمر کرکٹ کھیلنے کی ہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عماد جارحانہ کپتان ہے اور مجھے ایسے ہی کپتان پسند ہیں اس لیے ان کے ساتھ بہ طور ٹیم ممبر کھیلنے میں مزہ آئے گا اور ہماری مشترکہ کاوشیں کراچی کنگز کو فاتح بنائیں گی جس کے لیے پوری ٹیم اور مینیجمنٹ کا تعاون دستیاب ہے۔
شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ کراچی میں کرکٹ کا ہونا بہت ضروری تھا یہاں کرکٹ کے شیدائی رہتے ہیں جو جنون کی حد تک اس کھیل سے لگاؤ رکھتے ہیں اس لیے میری خواہش ہے کہ کراچی کے کرکٹ گراؤنڈز دوبارہ سے آباد ہوں۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانا اور نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہماری اولین ترجیح ہے جس کی تلاش کے لیے ہم صرف ۔کراچی نہیں بلکہ اندرون سندھ بھی جائیں گے اور ٹیلنٹ کو تلاش کر کے سامنے لائیں گے اور اس بار کراچی کو فتح یاب کریں گے۔
کراچی کنگز کے ڈائریکٹر راشد لطیف نے بتایا کہ عماد وسیم سے قبل شاہد آفریدی کو کپتان بنانے کا فیصلہ کیاکیا گیا تھا لیکن شاہد آفریدی کی دیگر ذمہ دایوں کے سبب ہم نے حکمت عملی تبدیل کی اور عماد وسیم پر اعتماد کا اظہار کیا تاکہ شاہد آفریدی اپنی مکمل صلاحیتوں کا اظہار کرسکیں اور عماد وسیم کو بھی سپورٹ رہے۔
عماد وسیم نے کراچی کنگز کا کپتان منتخب ہونے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم مینیجمنٹ کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا جس کے لیے مجھے شاہد آفریدی کی سپورٹ بھی حاصل ہوگی جب کہ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ بھی اچھی انڈر اسٹینڈنگ ہے۔
عماد وسیم نے کہا کہ میری خوش قسمتی ہے کہ میں نے ڈیبیو بھی شاہد آفریدی کی قیادت میں کیا تھا اور آج بھی ان کے مشوروں اور رہنمائی دستیاب ہو گی جس کی روشنی میں دوران میچ اہم فیصلے لینے میں آسانی رہے گی۔
کراچی : سابق قومی ٹیسٹ کرکٹر راشد لطیف نے کہا ہے کہ بائیس سال سے فکسرز کیخلاف لڑ رہا ہوں، فکسنگ کی پیشکش مجھے بھی ہوئی، پی سی بی کو کئی بار آگاہ کیا لیکن کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، پریس کانفرنس کے دوران سابق کپتان راشد لطیف نے بھی اہم انکشافات کردیئے۔
سابق وکٹ کیپرراشد لطیف نے بتایا کہ انہیں 10 ویں مرتبہ بکیز کی طرف سے فکسنگ کی پیشکش ہوئی تھی جس کے بارے بورڈ کو بتایا مگر پی سی بی نے اس بارے سنجیدگی سے کبھی ایکشن نہیں لیا۔ آفرز مجھے بھی ہوئی ہیں لیکن میں نے ہمیشہ ملک کیلئے کھیلا۔
راشد لطیف نے کہا کہ وہ بکیز اور فکسرز کیخلاف بائیس سال سے اکیلے جنگ لڑ رہے ہیں۔ بائیس سال میں ایک بکی بھی نہیں پکڑا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر بکیز کسی کھلاڑی سے رابطہ کریں تو کھلاڑی بورڈ کو آگاہ کرنے میں گھبراتا ہے کیونکہ بکیز کیخلاف کوئی ایکشن نہیں لیا جاتا مگر کھلاڑیوں پر پابندی لگا دی جاتی ہے۔
انہوں نے سوال کیا کہ بورڈ کا احتساب کون کرے گا ؟ بورڈ کے آفیشلز کی بھی تحقیقات ہونی چاہئیے، فکسنگ ایشو دبانے کی کوششیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کرکٹ کے قوانین درست کرنے کی ضرورت ہے، فکسنگ پاکستان کرکٹ کو بری طرح تباہ کررہی ہے، ان کا کہنا تھا کہ عمر امین نے پی سی بی کو اس بارے میں رپورٹ کی تھی مگر اب اسے اپنی جان کا خطرہ لاحق ہے۔
کراچی : کراچی کنگز کے ڈائریکٹر راشد لطیف نے کہا ہے کہ پاکستان میں ٹیلنٹ موجود ہے بس ڈومیسٹک کرکٹ کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔
یہ بات انہوں نے کراچی کنگز کے کھلاڑیوں کے ہمراہ دبئی سے وطن واپسی پر کراچی ایئر پورٹ پر بات کرتے ہوئے کہی اس موقع پر ان کے ہمراہ شاہ زیب حسن، خرم منظور، حسن محسن، سیف اللہ بنگش، سہیل خان اور ٹیم کے دیگر آفیشل بھی موجود تھے۔
کراچی ایئرپورٹ پرکراچی کنگز کے ڈائریکٹر راشدلطیف نے اے آر وائی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کے کھیل میں بہتری لانی ہے تو ڈومیسٹک کرکٹ کو بہتر کرنا ہوگا جس کے لیے موثر منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔
پی ایس ایل کے دوران میچ فکسنگ کے الزام میں باہر ہونے والے کرکٹر خالد لطیف اور شرجیل خان کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں راشد لطیف نے کہا کہ دونوں کھلاڑیوں پر لگے الزامات کے بارے میں پی سی بی سے پوچھاجائے کہ انکوائری کہاں تک پہنچی ہے۔
ڈائریکٹر کراچی کنگز راشد لطیف نے مزید کہا کہ مجھے دونوں کھلاڑیوں کے ساتھ پیش ہونے والے واقعہ کا کچھ علم نہیں ہے اس لیے بہتر ہوگا کہ اس حوالے سے سوالات پی سی بی کے کسی نمائندے پوچھے جائیں۔
راشد لطیف نے پی ایس ایل فائنل کا لاہور میں انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے کرکٹ کو فروغ ملے گا اور اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو براہ راست ایکشن میں دیکھ کر نوجوانوں کو سیکھنے کو بہت کچھ ملے گا تاہم انہوں نے عمران خان کے بیان پر کسی بھی قسم کے تبصرے سے گریز کیا۔