Tag: رام مندر کا افتتاح

  • مودی رام مندر کے افتتاح کو بطور سیاسی چال استعمال کررہا ہے، مشعال ملک

    مودی رام مندر کے افتتاح کو بطور سیاسی چال استعمال کررہا ہے، مشعال ملک

    مشعال ملک نے کہا ہے کہ بدنام زمانہ نریندر مودی رام مندر کے افتتاح کو سیاسی چال کے طور پر استعمال کررہا ہے۔

    وزیراعظم کی معاون خصوصی انسانی حقوق و ترقی نسواں مشعال ملک نے بابری مسجد کے مقام پر رام مندر کا افتتاح کرنے پر بھارتی وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مودی دور میں ہندوستان میں مسلم کمیونٹی کو ہر طرح کی مشکلات کا سامنا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان اور اسرائیل اس وقت دنیا کے دو سب سے بڑے دہشت گرد ملک ہیں۔ اسرائیل نےغزہ میں سینکڑوں مساجد کو نقصان پہنچایا۔

    مشعال ملک نے کہا کہ بی جے پی حکومت 2014 سے ہندوستان سے اسلامی تہذیب مٹانے میں مصروف ہے۔

    معاون خصوصی انسانی حقوق و ترقی نسواں کا مزید کہنا تھا کہ مسلم دنیا سے بھارت کے سفارتی بائیکاٹ کی اپیل کرتی ہوں۔

    انھوں نے کہا کہ عالمی برادری کو بھارتی حکومت کے جبر، نسل کشی کی پالیسیوں اور اقدامات کا نوٹس لینا چاہیے۔

  • رام مندر کا افتتاح: کوہلی، دھونی سمیت نامور بھارتی کرکٹرز بھی مدعو

    رام مندر کا افتتاح: کوہلی، دھونی سمیت نامور بھارتی کرکٹرز بھی مدعو

    رام مندر کی افتتاحی تقریب کے لیے مودی سرکار کی جانب سے کئی بھارتی اسٹار کرکٹرز کو بھی مدعو کرلیا گیا ہے۔

    لٹل ماسٹر سچن ٹنڈولکر سے لے کر لیجنڈری کرکٹر ایم ایس دھونی اور ویرات کوہلی تک، بھارتی حکومت نے کئی نامور کرکٹرز کو بھی 22 جنوری کو ایودھیا، اتر پردیش میں رام مندر ’پران پرتیشتھا‘ کی تقریب میں شرکت کے لیے مدعو کیا ہے۔

    نامور کرکٹرز کو دعوت نامے مل گئے ہیں جبکہ منگل کو سابق کپتان ویرات کوہلی نے بھی ایودھیا میں ہونے والی تقریب کے لیے کارڈ وصول کیا ہے۔

    کوہلی اور ان کی بیوی بالی وڈ اداکارہ انوشکا شرما کو ممبئی میں ان کے گھر پر دعوت نامہ موصول ہوا۔ اس سے قبل دھونی اور بیٹنگ لیجنڈ سچن ٹنڈولکر کو بھی رام مندر کے حوالے سے ’پران پرتیشتھا‘ کی تقریب میں مدعو کیا گیا تھا۔

    اس سے قبل سابق بھارتی اوپنر گوتم گمبھیر نے دعوت نامہ موصول ہونے کے بارے میں ایک پوسٹ شیئر کی تھی۔ انھوں نے ’ایکس‘پر لکھا کہ میرے والد کو رام مندر کی افتتاحی تقریب کا دعوت نامہ موصول ہوا ہے۔

    واضح رہے کہ بابری مسجد شہید کر کے اس پر تعمیر کے گئے متنازع رام مندر کے افتتاح پر مودی سرکار کی ہٹ دھرمی برقرار ہے، تاہم بڑے ہندو مذہبی پیشواؤں نے اس کے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے افتتاحی تقریب سے لاتعلقی ظاہر کر دی ہے۔

    مودی سرکار نے 22 جنوری کو ایودھیا میں متنازع مندر کے افتتاح کا اعلان کیا ہے اور بھارتی وزیراعظم اس کا افتتاح کریں گے تاہم کانگریس نے اس پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک نا مکمل مندر کا افتتاح انتخابی مہم کی ایک چال ہے۔

    خیال رہے کہ ایودھیا میں تاریخی بابری مسجد کو ہندو انتہا پسندوں نے 6 دسمبر 1992 میں شہید کر دیا تھا۔ مودی اور بی جے پی بابری مسجد کو شہید کرنے اور اس کی جگہ مندر تعمیر کرنے کی مہم میں شریک تھے۔