Tag: رانا ثنااللہ گرفتار

  • رانا ثنااللہ کی ضمانت پر وفاقی وزرا ء کابینہ اجلاس میں برس پڑے

    رانا ثنااللہ کی ضمانت پر وفاقی وزرا ء کابینہ اجلاس میں برس پڑے

    اسلام آباد: مسلم لیگ(ن) کے رہنما و رکن قومی اسمبلی رانا ثنااللہ کی منشیات کیس میں ضمانت پر وفاقی وزراء کابینہ اجلاس میں برس پڑے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں راناثنااللہ منشیات کیس زیربحث آیا، ڈی جی اے این ایف نےکابینہ کو راناثنااللہ کیس پربریف کیا جس پر وفاقی وزراء نے ڈی جی اے این ایف سے سخت سوالات کیے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ کے بعض اراکین نے کیس کو مس ہینڈل کرنے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ راناثنااللہ کیس میں اےاین ایف کی نااہلی واضح ہے، تفتیش کے بنیادی پہلوؤں کو ملحوظ خاطر ہی نہیں رکھا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں: منشیات برآمدگی کیس: رانا ثنا اللہ ضمانت پر رہا

    وفاقی وزراء نے کہا کہ معاملے پر مبہم ایف آئی آردرج کی گئی اور یہ ایف آئی آر کیس کےساتھ سب سے بڑا مذاق تھا، پاکستان میں مقدمات بنانا آسان کام ہے لیکن ثابت کرنا مشکل ہے۔

    ایک وفاقی وزیر نے کہا کہ آپ صاف کہہ دیں کہ کہیں نا کہیں نااہلی ہوئی ہے کیونکہ اتنا مضبوط کیس تھا تو ضمانت کیسے ہو گئی۔

    واضح رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے منشیات برآمدگی کیس میں رانا ثنااللہ کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔

    تحریری فیصلے کے مطابق رانا ثنا اللہ پر 15 کلو ہیروئن رکھنے کا مقدمہ بنایا گیا لیکن ان کا جسمانی ریمانڈ ہی نہیں لیا گیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ اس مرحلے پر ملزم ضمانت کا حقدار ہے لہٰذا 10، 10 لاکھ کے دو ضمانتی مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی جاتی ہے۔

  • حکومت کا رانا ثنا اللہ کی گرفتاری سے کوئی تعلق نہیں: شہباز گل

    حکومت کا رانا ثنا اللہ کی گرفتاری سے کوئی تعلق نہیں: شہباز گل

    لاہور: ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز گل نے اپوزیشن رہنماؤں کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت رانا ثنا اللہ کی گرفتاری میں ملوث نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شہباز گل نے سابق وزیر قانون پنجاب کی اے این ایف کے ہاتھوں گرفتاری پر کہا ہے کہ رانا ثنا اللہ کی گرفتاری کی ہمارے پاس کوئی اطلاع نہیں تھی، پی ٹی آئی حکومت سیاسی انتقام پر یقین نہیں رکھتی۔

    سابق وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ دنیا کا کوئی ایسا جرم نہیں جو رانا ثنا نے نہ کیا ہو، رانا ثنا کے کالعدم تنظیموں سے بھی تعلقات ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  اے این ایف نے رانا ثنا اللہ کو حراست میں لے لیا، نا معلوم مقام پر منتقل

    وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے ایم این اے رانا ثنا کی گرفتاری پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ نے قانون کو اپنی باندی بنایا ہوا تھا، لیکن ہم احتساب کے عمل سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

    فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ ن لیگ میں گروپ بندی ہے، یہ ایک دوسرے کو خود گرفتار کرا رہے ہیں، محمد زبیر رانا ثنا اللہ کی گرفتاری پر بہت خوش ہیں کیوں کہ وہ مریم نواز گروپ کے ہیں۔

    مزید تازہ خبریں پڑھیں:  اپوزیشن رہنماؤں نے رانا ثنا کی گرفتاری کو سیاسی انتقام قرار دے دیا

    خیال رہے کہ اپوزیشن رہنماؤں شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری نے اے این ایف کے ہاتھوں رانا ثنا اللہ کی گرفتاری کو سیاسی انتقام قرار دے دیا ہے۔

    واضح ہو کہ آج اینٹی نارکوٹکس فورس نے سابق وزیر قانون پنجاب اور ایم این اے رانا ثنا کو گرفتار کر کے تفتیش کے لیے نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ انھیں منشیات کے اسمگلروں سے روابط کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔