Tag: رانا ثنا گرفتار

  • رانا ثنا کی گرفتاری کے بعد پہلی تصویر سامنے آ گئی

    رانا ثنا کی گرفتاری کے بعد پہلی تصویر سامنے آ گئی

    لاہور: سابق وزیر قانون پنجاب اور اے این ایف کے ہاتھوں منشیات اسمگلنگ کیس میں گرفتار ایم این اے رانا ثنا اللہ کی گرفتاری کے بعد پہلی تصویر منظر عام پر آ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما کی اینٹی نارکوٹکس فورس کے ہاتھوں گرفتاری کے بعد سلاخوں کے پیچھے پہلی تصویر سامنے آ گئی۔

    تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ رانا ثنا کیمپ جیل لاہور میں سلاخوں کے پیچھے کھڑے ہیں۔

    خیال رہے کہ رانا ثنا منشیات کیس میں 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں، دو دن قبل رانا ثنا کو ضلع کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا تھا۔

    عدالت نے رانا ثنا اللہ سمیت 6 ملزمان کو 16 جولائی کو پیش کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  منشیات برآمدگی کا الزام :عدالت نے رانا ثنا اللہ کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا

    اینٹی نارکوٹکس فورس کی جانب سے رانا ثنا اللہ کے خلاف درج مقدمے میں کہا گیا ہے رانا ثنا اللہ کی گاڑی سے 21 کلو سے زائد منشیات برآمد ہوئی، برآمد منشیات میں 15 کلو ہیروئن بھی شامل ہے، روکنے پر رانا ثنا اللہ نے اہل کاروں کے ساتھ ہاتھا پائی کی۔

    اے این ایف ذرایع کے مطابق گرفتار اسمگلر نے دوران تفتیش رانا ثنا اللہ کا منشیات اسمگلنگ میں معاونت کا انکشاف کیا تھا۔

  • رانا ثنا اللہ کی ضلع کچہری میں پیشی، پولیس کا سیکورٹی پلان تیار

    رانا ثنا اللہ کی ضلع کچہری میں پیشی، پولیس کا سیکورٹی پلان تیار

    لاہور: ایم این اے رانا ثنا اللہ کی ضلع کچہری میں پیشی کے موقع پر پولیس کا سیکورٹی پلان تیار کر لیا گیا، پولیس اور اینٹی رائٹ فورس کے 400 سے زائد اہل کار سیکورٹی پر مامور ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر قانون رانا ثنا کو ضلع کچہری میں پیش کیا جائے گا، جس کے لیے سیکورٹی پلان تیار کر لیا گیا ہے، ایس پی سیکورٹی کا کہنا ہے کہ اس موقع پر چار سو سے زائد سیکورٹی اہل کار نگرانی کریں گے۔

    ایس پی سیکورٹی فیصل شہزاد نے بتایا کہ اینٹی رائٹ فورس کی 6 ریزورز مکمل تیاری کے ساتھ تعینات ہوں گی، اینٹی رائٹ فورس کے ساتھ مقامی پولیس بھی تعینات ہوگی، پولیس کی واٹر کینن بھی کچہری کے باہر موجود ہوگی۔

    ایس پی سیکورٹی کے مطابق سادہ لباس میں پولیس انٹیلی جنس کے اہل کار بھی ڈیوٹی دیں گے، قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجازت کسی کو نہیں دی جائے گی، سیکورٹی پلان میں رد و بدل اے این ایف کی مشاورت سے کیا جا سکتا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  اے این ایف نے رانا ثنا اللہ کو حراست میں لے لیا، نا معلوم مقام پر منتقل

    انھوں نے کہا کہ رانا ثنا کی پیشی کے وقت کچہری جانے والے راستے عارضی طور پر بند کیے جائیں گے، شہریوں کی سہولت کے پیش نظر ٹریفک وارڈن تعینات ہوں گے۔

    خیال رہے کہ آج اینٹی نارکوٹکس فورس نے سابق وزیر قانون پنجاب اور ایم این اے رانا ثنا کو گرفتار کر کے تفتیش کے لیے نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ انھیں منشیات کے اسمگلروں سے تعلق کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔

  • اے این ایف نے رانا ثنا اللہ کو حراست میں لے لیا، نا معلوم مقام پر منتقل

    اے این ایف نے رانا ثنا اللہ کو حراست میں لے لیا، نا معلوم مقام پر منتقل

    لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ کو اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے حراست میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق لیگی رہنما رانا ثنا اللہ کو اے این ایف نے حراست میں لے لیا ہے، اے این ایف کے ترجمان نے حراست میں لیے جانے کی تصدیق کر دی۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ اے این ایف نے رانا ثنا اللہ کو تفتیش کے لیے نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ اے این ایف نے رانا ثنا اللہ کو سکھیکی کے قریب سے حراست میں لیا، اینٹی نارکوٹکس فورس نے یہ کارروائی منشیات فروشوں کے خلاف حالیہ آپریشن کے بعد کی ہے۔

    رانا ثنا اللہ کے اہل خانہ نامعلوم مقام پر منتقل ہو گئے، اہلیہ، بیٹی، داماد اور بچے 3 گاڑیوں پر گھر سے روانہ ہوئے، داماد احمد شہریار کو رانا ثنا کا سیاسی جانشین سمجھا جاتا ہے، رانا ثنا کے خاندان کی گھر سے روانگی کی فوٹیج اے آر وائی نیوز کو موصول ہو گئی۔

    ترجمان اے این ایف نے بتایا کہ رانا ثنا اللہ کو ریجنل ڈائریکٹوریٹ پنجاب نے موٹر وے سے حراست میں لیا، گرفتاری سے متعلق تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔

    رانا ثنا اللہ کو ریجنل ڈائریکٹوریٹ لاہور یا پنڈی منتقل کیے جانے کا امکان ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ لیگی رہنما کا منشیات کے اسمگلروں کے ساتھ تعلقات کا انکشاف ہوا ہے، اسمگلرز فیصل آباد میں رانا ثنا کے ڈیرے پر بھی پناہ لیتے تھے، رانا ثنا و دیگر افراد کی تفتیش بریگیڈیئر خالد محمود کریں گے۔

    ذرایع نے بتایا کہ رانا ثنا اللہ کی گرفتاری منشیات اسمگلر کے تفتیش میں نام اگلنے کے بعد عمل میں آئی ہے، اے این ایف شام تک تفتیشی رپورٹ اعلیٰ حکام کو بھجوائے گی، منشیات اسمگلرز کو گرین سگنل دینے سے لاہور سے اہم گرفتاریاں متوقع ہیں، رانا ثنا کے قریبی ساتھیوں کو بھی اے این ایف گرفتار کرے گی۔