Tag: راولاکوٹ

  • راولاکوٹ میں غار میں چھپے 4 دہشت گرد ہلاک، 2 اہلکار شہید

    راولاکوٹ میں غار میں چھپے 4 دہشت گرد ہلاک، 2 اہلکار شہید

    راولاکوٹ: آزاد کشمیر کے شہر راولاکوٹ میں ایک غار میں چھپے 4 دہشت گرد پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گئے، جب کہ 2 اہلکار شہید ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی راولاکوٹ ریاض مغل نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ حسین کوٹ کے جنگل میں دہشت گرد موجود ہیں، جس پر جنگل میں چھاپا مارا گیا، دہشتگرد ایک غار میں چھپے تھے۔

    ایس ایس پی کے مطابق پولیس نے غار کا محاصرہ کیا اور دہشت گردوں کو پکڑنے کی کوشش کرنے لگی، تاہم ایک دہشتگرد نے دستی بم پھینک دیا، جس کے جواب میں پولیس نے فائرنگ کی، جس سے چاروں دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

    ایس ایس پی راولاکوٹ ریاض مغل
    ایس ایس پی راولاکوٹ ریاض مغل

    ریاض مغل کے مطابق دہشتگروں کی فائرنگ سے 2 اہلکار گلزار اور طارق بشیر شہید ہو گئے ہیں، جب کہ ہلاک دہشت گردوں میں زرنوش نسیم، اس کا بھائی جبران نسیم، الفت اور ایک نامعلوم شخص شامل ہے۔


    راولاکوٹ میں گاڑی کھائی میں گرنے سے 5 پولیس اہلکار شہید


    دہشتگردوں سے 3 کلاشنکوف، گرینیڈ، 4 خود کش جیکٹس اور راؤنڈز برآمد ہوئے، ان کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی سے ہے، جن کو افغانستان سے ڈاکٹر رؤف ہینڈل کر رہا تھا، دہشت گرد آزاد کشمیر میں بڑی کارروائی کرنا چاہتے تھے۔

    ایس ایس پی راولاکوٹ کے مطابق دہشتگرد زرنوش نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ اس سے قبل شجاع آباد میں پولیس اہلکار سجاد ریشم کو قتل کیا تھا۔

  • پاک بھارت سیزفائر، راولاکوٹ میں بازاروں کی رونق چہل پہل بڑھ گئی، ویڈیو

    پاک بھارت سیزفائر، راولاکوٹ میں بازاروں کی رونق چہل پہل بڑھ گئی، ویڈیو

    پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی جنگ میں سیز فائر کے بعد راولاکوٹ میں زندگی معمول پرآنے لگی، بازاروں میں چہل پہل بھی بڑھ گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق راولا کوٹ کا بیف تکا اور چپلی کباب بہت شوق سے کھائے جاتے ہیں، خاص طور پر حالیہ دنوں میں لائن آف کنٹرول پر جو ٹینشن رہی اور جنگ کا ماحول رہا اس کے بعد یہاں زندگی معمول پر آنا شروع ہوگئی ہے۔

    راولاکوٹ میں ڈھابوں اور ہوٹلوں پر گہما گہمی ہے، سیزفائر سے پہلے بھی یہاں بازار کھلے تھے لیکن اب رونقیں بڑھی ہیں تو کاروبار بھی بڑھ گیا ہے۔

    ایک ڈھابے کے مالک نے بتایا کہ چپلی کباب اور تکے یہ کاروبار میرے والد صاحب نے 1978 میں شروع کیا تھا اب ہم اسے چلارہے ہیں، ہمارا مقصد یہ ہوتاہے کہ لوگ یہاں سے مطمئن ہوکر جائیں۔

    ہوٹل میں آئے ایک صارف نے بتایا کہ یہاں کی سب سے مشہور چیز کباب ہے، یہاں پر لوگ بہت آتے ہیں، یہاں کا نظام اور سروس اچھا ہے جبکہ صفائی کا بھی بہت خیال رکھا جاتا ہے۔

    اسلام آباد سے آئے ایک شخص نے کہا کہ میں یہاں پہلی بار آیا ہے، کباب بہت اچھے ہیں اور میں لوگوں سے کہوں گا کہ یہاں آئیں تو کباب ضرور کھائیں،

    پاکستان بھر کی طرح راولا کوٹ میں بھی کوئٹہ ہوٹل موجود ہیں اور یہاں لوگ چپلی کباب اور تکے کھانے کے بعد چائے پیتے نظرآتے ہیں، یہاں پر کشمیری چائے بھی بہت معروف ہے۔

  • آزاد کشمیر میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے ایک بار پھر احتجاج کی کال دے دی

    آزاد کشمیر میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے ایک بار پھر احتجاج کی کال دے دی

    راولاکوٹ: مشترکہ عوامی ایکشن کمیٹی نے صدارتی آرڈیننس کے خلاف احتجاج کے لیے آزاد جموں و کشمیر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال دیدی۔

    تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے ایک بار پھر احتجاج کی کال دے دی، مشترکہ عوامی ایکشن کمیٹی نے صدارتی آرڈیننس کے خلاف احتجاج کے لیے آزاد جموں و کشمیر میں 5 دسمبر کو شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کیا۔

    راولاکوٹ اور میرپور میں حالیہ گرفتاریوں کے بعد جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کیا گیا۔

     جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے کہا کہ صدارتی آرڈیننس کے خاتمے اور چارٹر آف ڈیمانڈ پر عمل کیا جائے، واضح رہے کہ نئے  صدارتی آرڈیننس کے تحت کسی بھی احتجاج کیلئے انتظامیہ کی اجازت لازمی قرار دی گئی تھی۔

  • راولاکوٹ میں جیل سے سزائے موت کے 20 قیدی پولیس اہلکار کو یرغمال بنا کر فرار

    راولاکوٹ میں جیل سے سزائے موت کے 20 قیدی پولیس اہلکار کو یرغمال بنا کر فرار

    راولاکوٹ: آزاد کشمیر میں ایک ڈسٹرکٹ جیل سے 20 قیدی فرار ہو گئے، جن میں سے ایک قیدی پولیس فائرنگ سے ہلاک ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق راولاکوٹ شہر میں ڈسٹرکٹ جیل سے بیس قیدی پولیس اہلکار کو یرغمال بنا کر فرار ہو گئے، فائرنگ کے تبادلے میں ایک قیدی ہلاک ہو گیا، فرار ہونے والوں میں انتہائی خطرناک قیدی بھی شامل ہیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مفرورملزمان میں زیادہ تر سزائے موت کے قیدی شامل ہیں، جنھیں دوبارہ پکڑنے کے لیے شہر کے اطراف ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔

    ایس ایس پی راولاکوٹ کے مطابق ہلاک ہونے والا قیدی خیام منشیات کے کیس میں گرفتار تھا، واقعے پر ڈسٹرکٹ جیل راولاکوٹ کے عملے کو گرفتار کر کے سٹی تھانہ منتقل کر دیا گیا ہے، جب کہ ڈسٹرکٹ جیل کا انتظام بھی راولاکوٹ پولیس نے سنبھال لیا ہے۔

    واقعے کے بعد کمشنر، ڈی آئی جی اور پولیس کی بھاری نفری جیل میں پہنچ گئی تھی۔ پولیس نے ڈسٹرکٹ جیل سے فرار قیدیوں کی فہرست بھی جاری کر دی ہے، بتایا گیا ہے کہ 19 قیدی فرار ہوئے جب کہ ایک قیدی گولی لگنے سے ہلاک ہوا۔

  • راولاکوٹ میں مکان کی چھت گر گئی، ملبے تلے دبنے سے 10 افراد جاں بحق

    راولاکوٹ میں مکان کی چھت گر گئی، ملبے تلے دبنے سے 10 افراد جاں بحق

    راولاکوٹ: تتہ پانی کے مقام پر ایک مکان کی چھت گر گئی، جس کے ملبے تلے دب کر 10 افراد جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کے شہر راولاکوٹ میں تتہ پانی کے مقام پر مکان کی چھت گرنے سے دس افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔

    ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق افراد میں 7 بچے اور 3 خواتین شامل ہیں، متاثرہ مکان میں 2 خاندان رہائش پذیر تھے، جب کہ حادثے کے وقت کچھ مہمان بھی گھر میں موجود تھے۔

    پونچھ کھکھریالی میں یہ حادثہ بارش کی وجہ سے پیش آیا، شدید بارش میں مکان کی چھت اچانک زمیں بوس ہو گئی، حادثے میں ملک افسر نامی شہری کے خاندان کے افراد جاں بحق ہوئے، جب کہ زخمیوں کو کوٹلی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

    وزیر اعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس نے تتہ پانی میں دس افراد جاں بحق ہونے پر ان کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا، اور مرحومین کے لیے دعائے مغفرت کی۔

    وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ہم جاں بحق افراد کے لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، غم کی اس گھڑی میں ہم لواحقین کے ساتھ ہیں۔

  • راولاکوٹ میں اسکول وین کو خوف ناک حادثہ، 3 بچے جاں بحق

    راولاکوٹ میں اسکول وین کو خوف ناک حادثہ، 3 بچے جاں بحق

    آزاد کشمیر: ضلع پونچھ کے شہر راولاکوٹ میں ایک اسکول وین کھائی میں گر گئی، حادثے میں 3 بچے جاں بحق ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق راولاکوٹ میں کھائیگلہ کے قریب تولی پیر روڈ پر اسکول وین کھائی میں گرنے سے 3 بچے جاں بحق، جب کہ 15 زخمی ہو گئے۔

    زخمی بچوں کو طبی امداد کے لیے شیخ زید راولاکوٹ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ہائی ایس اسکول وین ایک لوڈ ٹرک سے ٹکرا گئی تھی، جس کے باعث وہ کھائی میں جا گری۔

    اطلاعات کے مطابق وین میں 30 کے قریب طلبہ طالبات سوار تھے، حادثے میں کئی بچے شدید زخمی ہو گئے ہیں۔

  • آزاد کشمیر میں بارش کے بعد راولاکوٹ میں لینڈ سلائیڈنگ، 7 افراد جاں بحق

    آزاد کشمیر میں بارش کے بعد راولاکوٹ میں لینڈ سلائیڈنگ، 7 افراد جاں بحق

    راولاکوٹ: آزاد کشمیر میں بارش کے بعد راولاکوٹ میں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے 7 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر میں تیز بارش کے بعد راولاٹ میں لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں سات افراد جاں بحق ہو گئے، پاک فوج کے جوان امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

    راولاکوٹ میں لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔ شدید بارش کے باعث ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے جب کہ حکام نے مزید لینڈ سلائیڈنگز کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔

    بارشوں کے نتیجے میں لینڈ سلائیڈنگ کا واقعہ ضلع راولا کوٹ کے علاقے پوٹھی چھپریاں میں پیش آیا، جس کے باعث 4 مکانات ملبے کا ڈھیر بن گئے۔

    یہ بھی پڑھیں:  راولاکوٹ، بھارتی فوج کی گولہ باری، خاتون شہید، بزرگ شہری زخمی

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں کے باعث ہزارہ، مالاکنڈ ڈویژن، گلگلت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔

    ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، سوات، مردان اور کرک سمیت خیبر پختون خوا کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

    ادھر راولپنڈی، اسلام آباد، سرائے عالم گیر، جہلم، سیالکوٹ، اور ڈسکہ پھالیہ میں بھی بادل شدت سے برس پڑے ہیں۔

    دریائے چناب، راوی، ستلج، بیاس اور جہلم میں سیلاب کا خدشہ ہے، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا۔

  • راولاکوٹ، بھارتی فوج کی گولہ باری، خاتون شہید، بزرگ شہری زخمی

    راولاکوٹ، بھارتی فوج کی گولہ باری، خاتون شہید، بزرگ شہری زخمی

    راولپنڈی: راولاکوٹ میں لائن آف کنٹرول کے گوئی سیکٹر میں بھارتی فوج کی گولہ باری سے ایک خاتون شہری شہید ہوگئی، تتہ پانی سیکٹر پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے 60 سالہ بزرگ شہری زخمی ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج نے ایک بار پھر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شہری آبادی کو نشانہ بنایا، بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے گوئی سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی جس کے نتیجے میں ایک خاتون جان بیگم شہید ہوگئیں۔

    بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے تتہ پانی سیکٹر پر بھی شہری آبادی کو نشانہ بنایا، بھارتی فوج کی فائرنگ سے سہڑہ گاؤں کے رہائشی 60 سالہ سردارنسیم زخمی ہوگئے۔

    بھارتی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے بزرگ شہری کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر کوٹلی منتقل کردیا گیا۔

    مزید پڑھیں: ایل او سی پر بھارتی فورسز کی بلا اشتعال گولہ باری، حوالدار منظور عباسی شہید

    ذرائع کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے گولہ باری اور فائرنگ کا سلسلہ دوپہر ڈھائی بجے سے شروع ہوا جبکہ پاک فوج کی جانب سے بھی بھرپور جوابی کارروائی کی جارہی ہے۔

    واضح رہے کہ دو روز قبل لائن آف کنٹرول پر بھارتی فورسز نے بلااشتعال گولہ باری کی تھی جس کے نتیجے میں پاک فوج کے ایک جوان نے جام شہادت نوش کیا تھا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارتی فورسز نے ایل او سی پر بلااشتعال گولہ باری کی تھی جس کے نتیجے میں حوالدار منظور عباسی شہید ہوئے تھے۔

    دوسری طرف پاک فوج نے بھی بھرپور اور مؤثر جوابی کارروائی کی اور بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا تھا، پاک فوج کی جوابی کارروائی سے بھارتی چوکی کو شدید نقصان پہنچا تھا۔

  • بھارتی فوج کی راولاکوٹ سیکٹرمیں شہری آبادی پر بلا اشتعال فائرنگ

    بھارتی فوج کی راولاکوٹ سیکٹرمیں شہری آبادی پر بلا اشتعال فائرنگ

    راولپنڈی: بھارت جارحیت سے باز نہ آیا، بھارتی فوج کی جانب سے ایک بار پھر ایل او سی کی خلاف ورزی کی گئی ہے.

    پاکستان فوج کے شعبہ برائے تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارت نے راولا کوٹ سیکٹر میں شہری آبادی پر بلااشتعال فائرنگ کی۔

    بھارتی فائرنگ سے خاتون سفینہ بی بی زخمی ہوگئی، جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا.

    خیال رہے کہ 5 مئی 2019 کو بھارتی فوج نے ایل او سی سیکٹرز پر سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک خاتون اور ایک لڑکے کو شہید کر دیا تھا.

    مزید پڑھیں: ایل او سی: پاک فوج کا بھارتی اشتعال انگیزی کا منہ توڑ جواب، پانچ بھارتی فوجی ہلاک

    مزید پڑھیں: ایل او سی پر بھارتی فورسز کی فائرنگ، خاتون اور لڑکا شہید

    بھارتی فائرنگ سے شہید ہونے والوں میں 45 سال کی نسرین بی بی اور  12 سال کا محمد زاہد شامل تھے،  پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کی اور بھارتی پوسٹوں کو نشانہ بنایا.

  • بھارتی فوج کی عباس پورسیکٹر میں شہری آبادی پرگولہ باری

    بھارتی فوج کی عباس پورسیکٹر میں شہری آبادی پرگولہ باری

    راولاکوٹ: لائن آف کنٹرول پربھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کا پاک فوج نے بھرپور جواب دیتےہوئے دشمنوں کی توپیں خاموش کرادیں۔

    تفصیلات کےمطابق بھارتی فوج کی جانب سے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول پر سیز فائرمعاہدےکی خلاف ورزی کرتےہوئے عباس پورسیکٹر میں شہری آبادی پرگولہ باری کی گئی۔

    بھارتی فوج نےعباس پور سیکٹرمیں پولیس گاؤں اور تروٹی گاؤں کو نشانہ بنایا،پاک فوج کی جانب سے بھارتی اشتعال انگیزی کا منہ توڑ جواب دیاگیا۔

    خیال رہےکہ اس سے قبل دفترخارجہ کےترجمان نفیس زکریا کا کہناتھاکہ بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر سیزفائرکی خلاف ورزیوں کا عالمی برادر ی نوٹس لے۔

    دفترخارجہ کےترجمان نفیس زکریا کا کہناتھاکہ بھارت کی جانب سے 3سال کےدوران1400سے زائد بار ایل اوسی پرسیزفائرکی خلاف ورزی کی گئی ہے۔

    مزید پڑھیں:پاکستان ایل او سی پربھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ‘خاتون زخمی

    یاد رہےکہ تین روز قبل لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی جانب سے بھمبرسیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ میں ایک خاتون زخمی ہوگئی تھی۔پاک فوج کی جانب سےبھارتی جارحیت کا منہ توڑجواب دیاگیاتھا۔

    مزید پڑھیں:بھارت کی جانب سے ظفروال سیکٹر میں ایل اوسی کی خلاف ورزی: آئی ایس پی آر

    واضح رہےکہ گزشتہ ماہ بھارتی فوج نے ظفروال ورکنگ باؤنڈری لمبڑیال اوراکرم شہید چوکی پربلا اشتعال فائرنگ کی تھی،تاہم پنجاب رینجرزکی جانب سےبھرپور جوابی کارروائی کے بعد بھارتی سورماؤں کی توپیں خاموش ہوگئی تھیں۔