Tag: راول ڈیم

  • راول ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہونے پراسپل ویزکھول دیے گئے

    راول ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہونے پراسپل ویزکھول دیے گئے

    اسلام آباد: گزشتہ دنوں بارش کے سبب راول ڈیم کی سطح بلند ہونے کے بعد ڈیم کے اسپل ویزکھول دیئےگئے، ڈیم میں پانی گنجائش سے زیادہ ہوگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق راول ڈیم کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈیم میں گزشتہ روز پانی سطح انتہائی بلندہونےپر اسپل ویزکھولےگئے ہیں، سطح سمندرکےلحاظ سےڈیم میں پانی کی گنجائش1752فٹ ہے۔

    ڈیم انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ڈیم میں پانی کی سطح 1752.20فٹ پہنچنےپراسپل ویزکھولےگئے ہیں ، چندگھنٹےاسپل ویزکھول کر2 فٹ تک پانی کم کیاجائےگا۔

    یہ بھی بتایا گیا ہے کہ گزشتہ رات کی بارش سےڈیم میں پانی کی سطح بلندہوئی تھی جس کے سبب ایمرجنسی کی صورتحال پیدا ہوئی تھی۔ راول ڈیم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسپل ویز 11 بجے کھولےگئے،اسپل ویزکھولنےسےپہلےسائرن بھی بجائےگئے ہیں تاکہ ڈیم کے اسپل ویز کے کناروں پرا ٓباد افراد ہشیار ہوجائیں۔

    متعلقہ اداروں کی جانب سے راولپنڈی کے نشیبی علاقوں میں رہنے والےشہریوں کو انتباہ کیا گیا ہے کہ وہ ایک گھنٹے کے اندرمحفوظ مقامات پر منتقل ہوجائیں۔

    حالیہ بارشوں کے باعث ڈیم میں پانی کی آمد کا سلسلہ جاری ہے،اسپل ویز کھولنے کا مقصد مزید بارشوں میں فلڈ کنٹرول لیول حاصل کرنا ہے۔راول ڈیم سے راول پنڈی شہر کو پینے کا پانی سپلائی کیا جاتا ہے۔

  • لالچی ماہی گیروں نے راول ڈیم کے پانی میں زہر ملا دیا

    لالچی ماہی گیروں نے راول ڈیم کے پانی میں زہر ملا دیا

    اسلام آباد: لالچی ماہی گیروں نے راول ڈیم کے پانی میں ایک بار پھر زہر ملا دیا، محکمہ فشریز اور دیگر اداروں نے پر اسرار خاموشی اختیار کی ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ فشریز اور دیگر اداروں کی مبینہ نا اہلی سنگین رخ اختیار کر گئی ہے، مچھلیوں کے شکار کے لیے راول ڈیم کے پانی میں چوتھی بار زہر ملا دیا گیا ہے۔

    بتایا گیا ہے کہ ڈیم کے پانی میں زہر ملانے میں مقامی افراد اور کشتی مافیا ملوث ہیں، جن کے خلاف کئی ایف آئی آر درج کی جا چکی ہیں۔

    دوسری طرف ایف آئی آر درج کرائی جانے کے باوجود ملوث افراد کے خلاف کسی کارروائی کا نہ ہونا متعلقہ اداروں پر سوالیہ نشان بن گیا ہے۔

    شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پانی کو زہریلا بنانے والے عناصر کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے۔

    خیال رہے کہ ماضی میں بھی ماہی گیر مچھلیوں کے شکار کے لیے راول ڈیم میں زہر ملاتے رہے ہیں، جس کی وجہ سے راول جھیل کا پانی زہریلا ہو جاتا ہے اور مقامی آبادی کی صحت کے لیے خطرناک ہو جاتا ہے۔

    ادھر اداروں نے پانی کو زہریلا بنانے والے مافیا کے خلاف چپ سادھ رکھی ہے، پانی میں زہر ملا کر ایک طرف اگر مچھلیوں کی نسلوں کو نقصان پہنچتا ہے تو دوسری طرف انسانوں کی صحت بھی خطرے سے دوچار ہو جاتی ہے۔