Tag: راکٹ

  • نصف صدی بعد چاند پر انسانی قدم، ناسا کا راکٹ آج اڑے گا

    نصف صدی بعد چاند پر انسانی قدم، ناسا کا راکٹ آج اڑے گا

    پچاس سال بعد چاند پر ایک بار پھر انسانی قدم رکھنے کے لیے امریکا آج راکٹ روانہ کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کی نصف صدی بعد ایک بار پھر چاند پر انسانی مشن بھیجنے کی تیاریاں مکمل ہو چکیں، چاند کے لیے پہلا آزمائشی مشن آج فلوریڈا کے اسپیس اسٹیشن سے روانہ ہوگا۔

    امریکا نے 2025 تک خلا بازوں کو بھیجنے کی منصوبہ بندی کی ہے، یہ ایک طویل قیام کی منصوبہ بندی ہے، کیوں کہ چاند مشن 2040 کی دہائی میں مریخ کے لیے پروازوں کی بنیاد رکھے گا۔

    امریکی خلائی ایجنسی ناسا اپنے اس دیوہیکل نئے چاند راکٹ کو آج فلوریڈا کے اسپیس اسٹیشن سے روانہ کرے گا، ناسا کے مطابق چاند پر انسانی مشن بھیجنے میں کامیابی انسانوں کو مریخ پر اتارنے کی راہ ہموار کرے گی۔

    اس بار خلا باز طویل عرصے تک چاند پر قیام کریں گے اور مریخ مشن کے لیے ڈیٹا اکٹھا کریں گے۔

    SLS ناسا کی اب تک کی سب سے طاقتور گاڑی ہے، اور یہ اس کے آرٹیمس (Artemis) پروجیکٹ کے لیے ایک بنیاد کی مانند ثابت ہوگی، جس کا مقصد 50 سال کی غیر موجودگی کے بعد لوگوں کو چاند کی سطح پر واپس لانا ہے۔

    ناسا کے مطابق اس راکٹ کا کام اورین نامی ٹیسٹ کیپسول کو زمین سے بہت دور چاند کی طرف پہنچانا ہے، یہ خلائی جہاز 6 ہفتوں کے دوران واپسی سے قبل چاند کے گرد ایک بڑے قوسی دائرے میں گھومے گا اور پھر بحر الکاہل میں آ کر گر جائے گا۔

    ناسا کے خلاباز رینڈی بریسنک نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ آرٹیمیس I کی پرواز کے ہم یہ دیکھنا چاہ رہے ہیں کہ کیا کیا خطرات پیش آ سکتے ہیں، جس کی وجہ سے آرٹیمیس II کے عملے کے مشن کے لیے خطرہ کم ہو جائے گا۔

  • بھارتی گاؤں میں آسمان سے پراسرار چیزیں آ گریں (ویڈیو)

    بھارتی گاؤں میں آسمان سے پراسرار چیزیں آ گریں (ویڈیو)

    ممبئی: بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے ایک گاؤں میں آسمان سے پراسرار چیزیں زمین پر آ گریں، جس نے دیہاتیوں کو خوف زدہ کر دیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی میڈیا پر ایسی ویڈیوز اور تصاویر کی بھرمار ہو گئی ہے جن میں آسمان سے پراسرار چیزیں گرتی دکھائی دے رہی ہیں، اور مختلف قسم کی چیزیں دیہاتیوں کو ملیں۔

    حکام نے بتایا کہ مہاراشٹرا میں چندر پور پولیس اور انتظامیہ نے ہفتے کی شام کو مبینہ طور پر آسمان سے گرنے والی دو اشیا کو قبضے میں لے لیا ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ ان کا خیال ہے کہ یہ پرزے کسی چینی سیٹلائٹ کے ہیں۔

    ان چیزوں میں سے ایک گول رِنگ اور ایک دھاتی صراحی نما چیز تھی جو کہ زمین پر گرنے تک گرم تھی، اِن چیزوں کے گرنے پر جہاں دیہاتی آسمانی مخلوق کے دیہات کے قریب ہی ہونے کا خدشہ ظاہر کر رہے ہیں وہیں انٹرنیٹ صارفین کی جانب سے انھیں راکٹ کا ملبہ قرار دیا جا رہا ہے۔

    ہفتہ کے روز ضلع کے سیکڑوں دیہاتیوں نے آسمان پر جلتی ہوئی چیز کو دیکھا تھا، جس سے خوف و ہراس پھیل گیا تھا، لیکن چندر پور انتظامیہ کے اہل کاروں نے کہا کہ صورت حال قابو میں ہے۔

    بعض صارفین کی جانب سے کہا جا رہا ہے کہ یہ دونوں اشیا راکٹ کا ملبہ ہیں جن میں سے ایک کو راکٹ میں استعمال ہونے والے کیمیکل کی ٹنکی قرار دیا جا سکتا ہے۔

    ٹویٹر پر ایک صارف نے لکھا کہ راکٹ میں استعمال ہونے والا یہ کیمیکل نہایت مضر صحت ہوتا ہے، ان دیہاتیوں کو اس آلے کو ہاتھ لگانا تو دور اس کے پاس کھڑے بھی نہیں ہونا چاہیے جب کہ دیہاتی اسے پکڑ کر باقاعدہ تصویریں بنوا رہے ہیں۔

    دوسری جانب چند صارفین نے مذاقاً کہا کہ یہ پراسرار چیزیں خلائی مخلوق کے ہونے کا ثبوت ہیں، ہالی ووڈ کی فلمیں جھوٹ بولتی ہیں، خلائی مخلوق امریکا سے قبل بھارت میں آئے گی۔ ایک اور انٹرنیٹ صارف کا کہنا ہے کہ یہ کچھ بھی نہیں ہے، یہ فلم کرش 4 کی پروموشن کی جا رہی ہے۔

    مہاراشٹرا کے چندر پور ضلع کی تحصیل سندواہی کے لاڈبولی گاؤں میں ہفتہ کی رات 8 بجے کے قریب 8 سے 10 فٹ قطر کی دھات کی ایک رِنگ ملی، گاؤں والوں نے جلتی ہوئی چیز کو آسمان سے گرتے ہوئے دیکھا تھا، اب اس چیز کو پولیس اسٹیشن میں رکھ دیا گیا ہے۔

    ماہرین فلکیات کے مطابق آسمان سے گرتی نظر آنے والی شے کوئی شہاب ثاقب نہیں بلکہ ایک سیٹلائٹ ہے جو زمین کی فضا سے رابطے میں آنے کے بعد تباہ ہو کر مختلف علاقوں میں گرتا ہے، کام پورا ہونے کے بعد سیٹلائٹ کو عموماً کنٹرولڈ طریقے سے تباہ کر دیا جاتا ہے، لیکن ایسا معلوم ہوتا ہے کہ یہ سیٹلائٹ کنٹرول سے باہر ہو کر زمین کی فضا میں داخل ہو گیا، انھوں نے کہا کہ ریاست میں ایسا واقعہ تقریباً 15 سال بعد رونما ہوا ہے۔

  • آسمان میں نمودار ہونے والی تیز روشنی نے لوگوں کو خوفزدہ کر دیا

    آسمان میں نمودار ہونے والی تیز روشنی نے لوگوں کو خوفزدہ کر دیا

    ہونولولو: امریکی ریاست ہوائی میں آسمان میں ہفتے کی رات نمودار ہونے والی عجیب روشنی نے لوگوں کو خوف زدہ کر دیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق جزیرہ ہوائی کے سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ ہفتے کی رات ہونولولو کے آسمان میں تیز روشنی چمکی تھی، جسے دیکھ کر لوگ ڈر گئے تھے۔

    جزیرے کے مختلف مقامات سے متعدد لوگوں نے تیز روشنی دیکھنے کی تصدیق کی، ان کا کہنا تھا کہ رات 10 بجے کے فوراً بعد ہی انھوں نے آسمان میں اچانک نہایت تیز روشنی دیکھی۔

    ہونولولو کے علاقے مولوکائی کے ایک شہری نے بتایا کہ روشنی دیکھ کر میں نے اس کی ویڈیو بنانی شروع کی، لیکن جب وہ قریب آتی گئی تو میں گھبرا گیا اور میرے منہ سے نکلا، یہ کیا شے ہے؟

    اس علاقے کے ایک اور شہری نے کہا کہ ہمیں نہیں پتا تھا کہ یہ کیا چیز ہے، کہاں سے آئی، ہاں لیکن اسے دیکھنے کا احساس خوف زدہ کرنے والا تھا۔

    آخر کار فلکیاتی سائنس دانوں نے لوگوں کو مطمئن کرنے کے لیے اس کی توجیہہ پیش کی، انھوں نے کہا کہ یہ ’عجیب روشنی‘ دراصل لگ بھگ 12 سال پرانے ایک راکٹ کی تھی جو اتنے سال بعد دکھائی دی ہے۔

    ماؤناکائی آبزرویٹریز کے ماہرین نے بتایا کہ لوگوں نے جو دیکھا وہ دراصل ایک راکٹ بوسٹر کی پھر سے آمد تھی، یعنی ایک راکٹ جو 2008 میں چھوڑا گیا تھا وہ پھر سے اس مقام سے گزرا، یہ ایک چینی راکٹ کی باقیات تھی جس نے وینزویلا کے لیے ایک مواصلاتی مصنوعی سیارے (کمیونی کیشن سیٹلائٹ) کو اوپر پہنچایا تھا۔

    انھوں نے بتایا کہ بارہ سال کے عرصے میں یہ راکٹ بوسٹر بوسیدہ ہو گیا ہے، ماہرین فلکیات نے اس شے کے پرواز کے راستے کا نقشہ بھی معلوم کر لیا ہے جو جزیرہ ہوائی کے قریب تھا۔

    کینیڈا، فرانس اور ہوائی کے ایک فلکیاتی ادارے کے ڈائریکٹر میری بیتھ لیچک نے بتایا کہ ہم سو فی صد یقین سے تو کچھ نہیں کہہ سکتے کیوں کہ ہمارے پاس ملبے کا کوئی ٹکڑا موجود نہیں ہے، تاہم ہم نے اپنے ٹائم لیپس میں جس طرح کی روشنی دیکھی، اسے اس نقشے کے ساتھ جوڑ کر دیکھنے سے یہی کہا جا سکتا ہے کہ یہ ’وینی سیٹ 1‘ تھا جو ہماری فضا میں پھر سے داخل ہوا تھا۔

    واضح رہے کہ وینی سیٹ وَن 29 اکتوبر 2008 کو ایک چینی کیریئر راکٹ پر لانچ کیا گیا تھا، یہ سیٹلائٹ مارچ 2020 سے بے کار ہو چکا ہے۔

  • پولیس اہلکار غلطی سے راکٹ چلا بیٹھا

    پولیس اہلکار غلطی سے راکٹ چلا بیٹھا

    پشاور: خیبرپختونخوا میں پولیس اہلکار سے غیر ارادی طور پر راکٹ چل گیا، خوش قسمتی سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا اور راکٹ ایک خالی پلاٹ میں جاگرا۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے شہر پشاور میں سینٹرل جیل میں تعینات پولیس اہلکار سے راکٹ چل گیا، پولیس اہلکار راکٹ لانچر ٹھیک کررہا تھا کہ اچانک غلطی سے چل گیا، راکٹ جوڈیشل اکیڈمی کے قریب خالی پلاٹ میں گرا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں کسی قسم کے جانی یامالی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔

    متعلقہ ادارے نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور اطراف میں کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کا جائزہ لیا، واقعے سے متعلق تمام پہلوؤں پر بھی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے جلد مکمل حقائق سامنے آئیں گے۔

    کے پی کے پولیس اہلکار کی جانب سے یہ اپنی نوعیت کی مختلف غلطی سرزد ہوئی۔

  • شمالی کوریا کاہائی پرفامنس راکٹ کاتجربہ

    شمالی کوریا کاہائی پرفامنس راکٹ کاتجربہ

    شمالی کوریا میں ریاستی میڈیا کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کی فوج نے ایک نئے ہائی پرفامنس راکٹ کا تجربہ کیا ہے۔

    شمالی کوریا کے ریاستی خبررساں ادارے کےمطابق کم جونگ ان نے نئے ہائی پرفارمنس راکٹ کے ٹیسٹ کوملک کی راکٹ انڈسٹری کے لیے انتہائی اہم قرار دیا ہے۔

    خیال شمالی کوریا نے حالیہ مہینوں میں میزائل اور جوہری ہتھیاروں کے دیگر تجربات بھی کیے ہیں جس سے خطے میں کشیدگی کا ماحول ہے۔

    مزید پڑھیں:شمالی کوریا کی جانب سے4میزائل فائر

    اس سےقبل رواں ماہ شمالی کوریا کی جانب سے چارمیزائل لانچ کیےگئےتھےجن میں سے تین جاپان کےسمندر میں جاگرے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہواتھا۔

    جنوبی کوریا کا کہنا تھا کہ یہ میزائل امریکی اڈوں کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا تھا۔امریکہ نے میزائل تجرے کی کوشش پرتنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس سے مزید اشعال انگیزی بڑھے گی۔

    یاد رہےکہ گزشتہ دنوں امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹیلرسن نے اپنے دورۂ جنوبی کوریا کے دوران کہا تھا کہ شمالی کوریا کے خلاف فوجی کارروائی بھی ’ایک آپشن ہے‘ یعنی ضرورت پڑنے پر فوجی کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔

    واضح رہےکہ امریکی فوج نےجنوبی کوریا میں میزائل ڈیفینس سسٹم ’تھاڈ‘ کی تنصیب کا عمل شروع کر دیا گیا ہے اور یہ نظام شمالی کوریا کی جانب سے درپیش خطرات سے نمٹنے کے لیے لگایا جا رہا ہے۔

  • اسپیس ایکس راکٹ خلا میں جانے سے قبل تباہ

    اسپیس ایکس راکٹ خلا میں جانے سے قبل تباہ

    فلوریڈا: امریکی ریاست فلوریڈا میں نجی کمپنی کی جانب سے خلا میں بھیجا جانے والا راکٹ آزمائشی پرواز کے دوران تباہ ہوگیا تاہم حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا.

    تفصیلات کے مطابق ریاست فلوریڈا میں راکٹ اسپیس ایکس فالکن 9 خلا میں جانے کے لیے تیار تھا اور جیسے ہی اس نے پرواز بھری تو زور دار دھماکا ہوا جس کے بعد دھویں کے بادل فضا میں بلند ہونے لگے تاہم حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا.

    دوسری جانب امریکی خلائی ایجنسی ناسا کا کہنا ہے کہ حادثہ صبح 9 بجے پیش آیا جب راکٹ نے خلا کا سفر کرنے کے لیے اڑان بھری تھی.

    نجی کمپنی اسپیس ایکس کا کہنا ہے کہ راکٹ کے فضا میں بلند ہونے سے قبل راکٹ پیڈ پر بے قاعدگی دیکھی گئی جس کے باعث حادثہ پیش آیا اور حادثے کے نتیجے میں راکٹ مکمل طور پر تباہ ہوگیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا.

    یاد رہے کہ اسپیس ایکس کمپنی نے گزشتہ ماہ جاپان کا کمیونی کیشن سیٹیلائٹ کامیابی سے خلا میں بھیجا تھا۔

    اپریل میں کیلیورنیا میں قائم کمپنی کا فالکن 9 نامی راکٹ کامیابی سے ایک سمندری پلیٹ فارم پر اترا تھا۔ اس سے پہلے کمپنی کی چار کوششیں ناکام رہی تھیں.