Tag: راہل گاندھی

  • ’راہل گاندھی تمہارا حشر بھی تمہاری دادی کی طرح ہوگا‘

    ’راہل گاندھی تمہارا حشر بھی تمہاری دادی کی طرح ہوگا‘

    نئی دہلی: بھارت کی اپوزیشن پارٹی کانگریس کی جانب سے ایک ویڈیو کلپ شیئر کیا گیا ہے، جس میں بی جے پی کا رہنما راہل گاندھی کو دھمکی دے رہا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کانگریس کا اس دھمکی سے متعلق کہنا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ اتنے سنگین معاملے پر خاموش نہیں رہ سکتے۔

    دہلی بی جے پی کے سکھ سیل کے ارکان کی جانب سے راہل گاندھی کے خلاف ان کی رہائش گاہ کے قریب احتجاج کیا گیا اور سکھ برادری کے بارے میں امریکہ میں کئے گئے ان کے ریمارکس پر ان سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔

    پلے کارڈ اٹھائے ہوئے مظاہرین نعرے لگاتے ہوئے، کانگریس لیڈر کی رہائش گاہ کی طرف بڑھنے کی کوشش کی لیکن پولیس نے انہیں روک دیا۔

    دہلی بی جے پی لیڈر اور سابق ایم ایل اے ترویندر سنگھ مارواہ نے احتجاج کے دوران کہا ”راہل گاندھی، رکو، ورنہ مستقبل میں تمہارا بھی وہی حشر ہوگا جو تمہاری دادی کا ہوا تھا۔“

    کانگریس نے کہا یہ بی جے پی لیڈر ملک کے اپوزیشن لیڈر کو قتل کرنے کی کھلے عام دھمکی دے رہا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی، آپ اپنی پارٹی کے اس لیڈر کی دھمکی پر خاموش نہیں رہ سکتے۔

    کنگا رناوت نے اپنی پارٹی بی جے پی کی ناک میں دم کردیا

    کانگریس کے مطابق یہ بہت سنجیدہ معاملہ ہے۔ یہ آپ کی پارٹی کی نفرت کی فیکٹری کی پیداوار ہے، اس پر کارروائی کرنا ہوگی۔

  • راہل گاندھی  نے جے شاہ کو آئینہ دکھا دیا

    راہل گاندھی نے جے شاہ کو آئینہ دکھا دیا

    اننت ناگ: رکن پارلیمنٹ اور لوک سبھا میں اپوزیشن رہنماء راہل گاندھی نے ایک بار پھر مودی حکومت اور بی جے پی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق راہل گاندھی نے امیت شاہ کے بیٹے جے شاہ کے آئی سی سی چیئرمین بننے پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ امیت شاہ کے بیٹے نے کبھی کرکٹ کا بیٹ نہیں اٹھایا لیکن وہ کرکٹ کا انچارج بن گیا ہے۔

    جموں کے رامبن ضلع میں عوامی ریلی سے خطاب میں اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ آپ نے دیکھا ہوگا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس کے لوگ پورے ملک میں تشدد اور خوف پھیلانے میں مصروف ہیں۔

    اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر کی ریاست کا درجہ چھین لیا گیا ہے، آپ کے حقوق کو غضب کیا جارہا ہے، ہم نے ملک کو اس کا آئین دیا ہے اور آپ کا مال باہر والوں کو دیا جا رہا ہے۔

    اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ہم چاہتے تھے کہ آپ کو انتخابات سے پہلے ریاست کا درجہ مل جائے اور پھر انتخابات ہوں، مگر بی جے پی ایسا نہیں چاہتی۔ بی جے پی چاہے یا نہ چاہے، ہم ان پر اتنا دباؤ ڈالیں گے کہ انہیں ریاست کا درجہ بحال کرنا پڑے گا۔

    پانڈیا کی سابقہ اہلیہ نتاشا سربیا سے ممبئی پہنچ گئیں، ویڈیو سامنے آگئی

    واضح رہے کہ جموں و کشمیر میں 18 ستمبر سے یکم اکتوبر تک تین مرحلوں میں الیکشن منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ نتائج کا اعلان 8 اکتوبر کو کیا جائے گا۔

  • بال کاٹنے کے پیسے مانگنے پر نوجوان قتل

    بال کاٹنے کے پیسے مانگنے پر نوجوان قتل

    بھارت کے نصیر آباد میں بال کاٹنے کے پیسے مانگنے پر دلت خاندان سے تعلق رکھنے والے نوجوان کو موت کی نیند سلادیا گیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارت میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی آج تیز بارش کے دوران بریلی کے نصیر آباد کے ایک گاؤں پہنچے، جہاں انہوں نے ظلم کے شکار ایک خاندان سے ملاقات کی۔

    ظلم کا شکار ہونے والے نوجوان کی ماں شیو دُلاری نے قتل کی پوری داستان راہل گاندھی کو سنائی، اُنہوں نے کہا ملزمان بار بار مفت میں بال کٹواتے تھے، جب پیسے مانگے تو بیٹے کو گھر سے زبردستی بلا کر لے گئے اور قتل کردیا۔

    ارجن پاسی کی ماں نے الزام عائد کیا کہ پولیس متاثرین کا ساتھ نہیں دے رہی اور اصل ملزم کو گرفتار نہیں کیا جارہا۔

    راہل گاندھی کو واقعہ کی تفصیل بتاتے ہوئے مقتول ارجن کی ماں روتی رہی، مقتول کی ماں نے بتایا کہ ملزم اس کی دکان پر پہلے بھی 6-5 بار بال کٹانے آیا تھا اور پیسے نہیں دیے تھے۔

    راہل گاندھی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ اس خاندان کے ساتھ نا انصافی ہوئی ہے، انصاف ملنا ان کا حق ہے، اُنہوں نے کہا کہ دلت کنبہ ہونے کی وجہ سے پولیس ملزمان کے خلاف کارروائی نہیں کررہی، مگر میں یہاں دلتوں کی حفاظت کے لئے پہنچ گیا ہوں۔

  • راہل گاندھی نے بھارتی آئین کا پاکٹ سائز ایڈیشن ’وائرل‘ کر دیا

    راہل گاندھی نے بھارتی آئین کا پاکٹ سائز ایڈیشن ’وائرل‘ کر دیا

    نئی دہلی: انتخابی مہم کے دوران جب سے اپوزیشن کے رہنما راہل گاندھی نے بھارتی آئین کا پاکٹ سائز ایڈیشن اپنے پاس رکھنا شروع کیا ہے، تب سے یہ عوام میں بھی بہت مقبول ہو گیا ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق راہل گاندھی نے دستورِ ہند کے پاکٹ سائز ایڈیشن کو اتنا مشہور کر دیا ہے، کہ صرف 3 ماہ کے اندر اس کی 5 ہزار سے زائد کاپیاں فروخت ہو گئی ہیں۔

    بھارت کے عام انتخابات میں انڈیا بلاک کے رہنماؤں، خصوصاً راہل گاندھی نے بھارتی آئین کی حفاظت کو اپنی انتخابی مہم کا بنیادی حصہ بنایا تھا، عوام نے بھی ان پر اعتماد کیا، یہاں تک کہ وہ ایک مضبوط اپوزیشن کی صورت میں لوک سبھا پہنچے۔

    دل چسپ بات یہ ہے کہ راہل گاندھی پوری انتخابی مہم کے دوران اور پھر لوک سبھا میں بہ طور اپوزیشن لیڈر حلف لینے کے وقت بھی بھارتی آئین کا پاکٹ سائز ایڈیشن ہاتھ میں پکڑے نظر آئے، جس کی وجہ سے اس پاکٹ سائز کی فروخت اچانک بڑھ گئی۔

    پاکٹ ایڈیشن چھاپنے والی ایسٹرن بُک کمپنی (ای بی سی) نے کہا ہے کہ محض تین مہینے میں ہی دستورِ ہند کے پاکٹ ایڈیشن کی ہزاروں کاپی فروخت ہو چکی ہیں، انگریزی روزنامہ ’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق بھارتی آئین کا یہ پاکٹ سائز ایڈیشن ایک علامت بن گیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ای بی سی نے یہ پاکٹ ایڈیشن پہلی مرتبہ 2009 میں پرنٹ کیا تھا، تب سے اس کے 16 ایڈیشن چھپ چکے ہیں، اور گزشتہ تین ماہ میں اس کی فروخت 2023 کے پورے سال کی فروخت شدہ کاپیوں کی تعداد کے برابر ہے۔

    اٹھارہویں لوک سبھا کے پہلے اجلاس کے لیے کانگریس نے بھی بھارتی آئین کے اس پاکٹ سائز ایڈیشن سے بھرے 4 باکس خریدے تھے، اس پاکٹ سائز ایڈیشن کی قیمت 895 روپے ہے، اس میں 624 صفحات ہیں، آئن لائن فروخت پر 10 فی صد رعایت کی جا رہی ہے۔

  • کسانوں کو قرضہ کتنی بار معاف ہوگا؟ راہل گاندھی کا انوکھا اعلان

    کسانوں کو قرضہ کتنی بار معاف ہوگا؟ راہل گاندھی کا انوکھا اعلان

    لدھیانہ: مودی سرکار کی شدید ترین مخالف پارٹی کانگریس کے رہنما راہل گاندھی نے کسانوں سے بڑا وعدہ کر لیا ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کو شہر لدھیانہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں کو جتنی مرتبہ قرض معافی کی ضرورت پڑے قرض معاف کیا جائے گا۔

    انھوں نے کہا ’’اگر انڈیا بلاک اقتدار میں آتا ہے تو وہ ’کسان قرض معافی‘ اسکیم لائیں گے اور کسانوں کو ’جتنی بار ضرورت ہو‘ قرض معاف کیا جائے گا۔‘‘

    راہول گاندھی نے کہا ’’یہ تاریخ میں پہلی بار ہے کہ ہم نے الیکشن آئین کو بچانے کے لیے لڑا ہے، مودی سرکار نے کھلے عام کہا ہے کہ وہ آئین کو بدلیں گے اور اسے پھاڑ دیں گے، لیکن یہ صرف ایک کتاب نہیں بلکہ غریبوں کی آواز ہے۔‘‘

    انھوں نے وعدہ کیا کہ ہم کسان دوست فصل انشورنس پالیسی لائیں گے، حکومت بنتے ہی ہم پنجاب اور پورے ہندوستان کے کسانوں کے قرضے معاف کر دیں گے، اور صرف ایک بار قرضے معاف نہیں کریں گے، بلکہ ایک کمیشن بنائیں گے اور اسے کسان قرضہ کا نام دیں گے۔

    راہل گاندھی نے کہا ’’جتنی بار کسانوں کو معافی کی ضرورت ہوگی، کمیشن اس کے بارے میں حکومت کو دو بار، تین بار بتائے گا، جتنی بار کسان کی ضرورت ہوگی، ہم کھیتی کے قرض معاف کریں گے۔‘‘

    انھوں نے کہا ’’وزیر اعظم مودی نے 22-25 لوگوں کے 16 لاکھ کروڑ روپے کے قرضے معاف کیے، لیکن جب کسانوں نے ایم ایس پی کا مطالبہ کیا تو مودی نے کھل کر کہا کہ وہ ایم ایس پی نہیں دیں گے۔‘‘

    واضح رہے کہ بھارت میں عام انتخابات کا سلسلہ جاری ہے، مرکز کے زیر انتظام علاقے چندی گڑھ کے ساتھ پنجاب کی 13 سیٹوں پر ووٹنگ ایک ہی مرحلے میں یکم جون کو ہوگی، جب کہ ووٹوں کی گنتی 4 جون کو ہوگی۔

  • ’’اگر ایسا ہوا تو بھارت کو 22 ارب پتی چلائیں گے‘‘

    ’’اگر ایسا ہوا تو بھارت کو 22 ارب پتی چلائیں گے‘‘

    اڈیشا: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر مودی سرکار جیت گئی تو وہ آئین کو ختم کر دے گی، ایسا ہوا تو ہندوستان کو پھر 22 ارب پتی چلائیں گے۔

    بھارتی ریاست اڈیشا کے علاقے بولنگیر میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا بی جے پی رہنما کہتے ہیں کہ وہ آئین کو ختم کر دیں گے، جب کہ ہندوستانی عوام کو جو کچھ ملا ہے وہ آئین سے ملا ہے، یہ ختم ہو گیا تو پورے پبلک سیکٹر کی نج کاری ہو جائے گی اور ہندوستان کو 22 ارب پتی چلائیں گے۔

    انھوں نے کہا اس الیکشن میں سب سے بڑی بات آئین کو بچانے کی ہے، اگر آئین ختم ہو گیا تو عوام کے حقوق ختم ہو جائیں گے، ریزرویشن ختم ہو جائے گا۔ اپنے خطاب میں راہل گاندھی نے مودی حکومت کو کھرب پتیوں کے مفاد میں کام کرنے والی حکومت قرار دیا، اور کہا مودی حکومت نے پبلک سیکٹر کو سرمایہ داروں کے ہاتھوں فروخت کر دیا ہے۔

    انھوں نے کہا نریندر مودی نے کسانوں کا قرضہ معاف نہیں کیا، طلبہ کا اسٹڈی لون معاف نہیں کیا اور چھوٹے کاروباریوں کو تو قرض دیا ہی نہیں، لیکن ملک کے بائیس ارب پتیوں کا 16 لاکھ کروڑ روپے معاف کر دیا، یہ حکومت عوام کے لیے نہیں بلکہ 25-22 لوگوں کے لیے کام کرتی ہے۔

    راہل گاندھی نے الیکٹرانک میڈیا کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا، کہا کہ ٹی وی میڈیا والے امبانی کی شادی دکھائیں گے، مودی کی ویڈیو دکھائیں گے لیکن کسان، مزدور اور بے روزگار نوجوانوں کی آواز کبھی نہیں دکھائیں گے، کیوں کہ میڈیا کے مالکان کی فہرست میں دلت، قبائلی یا پس ماندہ طبقے کا ایک شخص نہیں ملے گا۔

  • پورے ہندوستان کو دبوچنے والی ’شکتی‘ کون سی؟ راہل گاندھی نے وضاحت کر دی

    پورے ہندوستان کو دبوچنے والی ’شکتی‘ کون سی؟ راہل گاندھی نے وضاحت کر دی

    نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ نریندر مودی ان کی ہر بات کو گھما کر اس کا مطلب بدل دیتے ہیں، بدعنوانی اور جھوٹ مودی کی اصل طاقت ہے۔

    پیر کے روز راہل گاندھی نے ’شکتی‘ والے بیان سے متعلق کھڑے ہونے والے سیاسی تنازع پر پی ایم مودی کو آڑے ہاتھوں لیا، انھوں نے کہا میں نے جس ’شکتی‘ کا ذکر کیا تھا اس کا ’مکھوٹا‘ وزیر اعظم خود ہیں، اس شکتی نے سبھی اداروں اور آئینی ڈھانچوں کو اپنے چنگل میں دبوچا ہوا ہے۔

    سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں راہل گاندھی نے لکھا کہ ’’مودی جی کو میری باتیں اچھی نہیں لگتیں، کسی نہ کسی طرح انھیں گھما کر وہ ان کا مطلب ہمیشہ بدلنے کی کوشش کرتے ہیں، کیوں کہ وہ جانتے ہیں کہ میں ایک گہری حقیقت بیان کی ہے۔‘‘

    انھوں نے لکھا جس شکتی کا میں نے ذکر کیا، اور جس شکتی سے ہم لڑ رہے ہیں، اس شکتی کا مکھوٹا مودی جی ہیں، وہ ایک ایسی شکتی ہے جس نے آج ہندوستان کی آواز کو، اداروں کو، سی بی آئی، انکم ٹیکس محکمہ، ای ڈی، الیکشن کمیشن، میڈیا، ہندوستان کی صنعتی دنیا اور ہندوستان کے پورے آئینی ڈھانچے کو اپنے چنگل میں دبوچ لیا ہے۔

    راہل گاندھی کا کہنا تھا اسی شکتی کے لیے نریندر مودی ہندوستان کے بینکوں سے ہزاروں کروڑ روپے کے قرض معاف کراتے ہیں، جب کہ کسان چند ہزار روپے کا قرض نہ ادا کر پانے کے سبب خودکشی کرتا ہے، اس شکتی کو ہندوستان کے بندرگاہ، ہوائی اڈے دیے جاتے ہیں۔

    انھوں نے مزید لکھا ’’اس شکتی کو میں بھی پہچانتا ہوں، مودی بھی پہچانتے ہیں، یہ کوئی مذہبی شکتی نہیں ہے، بدعنوانی اور جھوٹ کی شکتی ہے۔‘‘

  • راہل گاندھی کارپنٹر بن گئے، معذور بچوں کے اسکول کے لیے فرنیچر بنا لیا

    راہل گاندھی کارپنٹر بن گئے، معذور بچوں کے اسکول کے لیے فرنیچر بنا لیا

    نئی دہلی: کانگریس پارٹی کے رہنما راہل گاندھی نے معذور بچوں کے اسکول کے لیے کارپنٹر بن کر فرنیچر بنا لیا، ان کا تیار کردہ فرنیچر گزشتہ روز پارٹی کی جانب سے اسکول پہنچایا گیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز دہلی کے ایک علاقے میں واقع گونگے بہرے بچوں کے اسکول پریمالابائی چوہان کو کانگریس کی جانب سے فرنیچر عطیہ کیا گیا، جس میں سے کچھ راہل گاندھی نے اپنے ہاتھوں سے تیار کیا تھا اور باقی کی تیاری کا خود آرڈر دیا تھا۔

    گزشتہ ماہ راہل گاندھی نے کیرتی نگر فرنیچر مارکیٹ میں جا کر کاریگروں کے ساتھ مل کر خود بھی کام کیا تھا، جس کی تصاویر اور ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر آئی تھیں۔

    فرنیچر حوالے کرتے ہوئے کانگریس کے مقامی رہنما اروندر سنگھ لولی نے کہا کہ وہ اپنے محبوب لیڈر راہل گاندھی کے ذریعے نفرت کے بازار میں محبت کی دکان کا پیغام پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، یہ قدم اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔

    رہنما نے کہا ’’کیرتی نگر مارکیٹ میں راہل جی کے بنائے گئے بنچوں کے استعمال کے لیے گونگے بہرے بچوں کے اسکول سے بہتر کوئی جگہ نہیں ہو سکتی، وہ ملک کے ہر غریب، مجبور اور بے سہارا لوگوں کی مدد کرنا چاہتے ہیں۔‘‘

    انھوں نے کہا کہ ایک وقت تھا جب گونگے بہرے بچوں کی پیدائش کو تکلیف دہ مانا جاتا تھا، لیکن کئی نظریہ ساز شخصیتوں نے اس کو دیکھنے کا نظریہ ہی بدل دیا، اور آج بولنے اور سننے کی صلاحیت سے معذور بچے بھی مختلف شعبوں میں اپنا لوہا منوا رہے ہیں۔

  • مودی نے کون سا خفیہ ٹیکس لگایا ہے؟ راہل گاندھی نے بتا دیا

    مودی نے کون سا خفیہ ٹیکس لگایا ہے؟ راہل گاندھی نے بتا دیا

    نئی دہلی: بھارتی سیاست دان راہل گاندھی نے وزیر اعظم مودی کے ’خفیہ ٹیکس‘ سے نقاب اتار پھینک دیا، انھوں نے کہا کہ مودی نے ملک کو دیمک کی طرح کھوکھلا کرنے والا ایک خفیہ ٹیکس لگا رکھا ہے، یہ ہے ’اڈانی ٹیکس۔‘

    تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے ایک ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں وہ تلنگانہ میں واقع سنگرینی کوئلہ کان کے مزدوروں کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ سنگرینی کوئلہ کان کے مزدوروں سے مل کر پتا چلا کہ ان کا استحصال بڑی سازش کا حصہ ہے، مودی نے پہلے ہندوستانی کانوں کی نجکاری کی، پھر بیرون ملک سے مہنگا کوئلہ درآمد کیا، اور پھر بجلی کا بل بڑھا کر عوام کی جیب کاٹنا شروع کر دیا۔ راہل گاندھی نے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے دراصل ملک کو دیمک کی طرح کھوکھلا کرنے والا ایک ’خفیہ ٹیکس‘ لگا رکھا ہے جو اڈانی ٹیکس ہے۔

    راہل گاندھی نے کوئلہ کانوں کی نجکاری کو لیبر ایکٹ کی خلاف ورزی قرار دیا، اپنے یوٹیوب چینل پر شیئر کی گئی ویڈیو میں انھوں نے کہا کہ کان کنوں کے مسائل سننے کے بعد مجھے پتا چلا کہ ہر مسئلے کی جڑ کوئلہ کانوں کی نجکاری ہے، کانگریس کا رخ بہت واضح ہے، اسٹریٹجک شعبوں میں کوئی نجکاری نہیں ہونی چاہیے۔

    انھوں نے کہا اس نجکاری سے کچھ سرمایہ داروں کو فائدہ ہوگا اور نتیجہ وہی ہوگا جو میں طویل مدت سے کہتا آ رہا ہوں، یعنی امیر مزید امیر ہو جائیں گے، اور غریب مزید غریب ہو جائیں گے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ پہلے بھی کوئلے کی یہ کانیں اڈانی کو فروخت کرنے کی کوشش کی گئی تھی، لیکن ہم نے اسے رکوایا۔

  • ہندو ٹیچر کی شرمناک حرکت پر راہل گاندھی اور اسد الدین اویسی کا رد عمل

    ہندو ٹیچر کی شرمناک حرکت پر راہل گاندھی اور اسد الدین اویسی کا رد عمل

    نئی دہلی: بھارت کے ایک اسکول میں ہندو ٹیچر کی مسلمان بچے کے ساتھ شرمناک حرکت پر راہل گاندھی اور اسد الدین اویسی نے شدید رد عمل ظاہر کیا ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اتر پردیش کے مظفر نگر ضلع کے ایک اسکول کی ایک شرم ناک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، جس میں ایک پرائیویٹ اسکول کی ٹیچر ایک مسلمان بچے کو کلاس میں دوسرے بچوں سے پٹوا رہی ہے۔

    کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی بی جے پی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ٹوئٹ کیا کہ معصوم بچوں کے ذہنوں میں تعصب کا زہر گھولنا، اسکول جیسے مقدس مقام کو نفرت کا بازار بنانا، اس سے بدتر کوئی چیز نہیں ہے۔

    انھوں نے کہا ’’اس سے برا ایک استاد نہیں کر سکتا، یہ وہی مٹی کا تیل ہے جو بی جے پی نے پھیلایا ہے، جس نے ہندوستان کے کونے کونے کو آگ لگا دی ہے۔‘‘

    خاتون ٹیچر کی شرمناک حرکت ، مسلم طالب علم کو بچوں سے پٹواتی رہی، ویڈیو منظرعام پر آگئی

    اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اسد الدین اویسی نے بچے کی پٹائی کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے یوپی کی یوگی حکومت کو نشانہ بنایا، انھوں نے ٹوئٹ کیا ’’یہ ویڈیو اتر پردیش کی ہے، ٹیچر ایک مسلمان بچے کو کلاس کے باقی بچوں سے پٹوا رہی ہے اور اسے اس پر فخر ہے۔‘‘

    حیدرآباد کے ایم پی اسد الدین اویسی نے مزید لکھا ’’بچے کے باپ کا ماننا ہے کہ انھیں انصاف کی کوئی امید نہیں ہے اور انھیں ڈر ہے کہ ماحول خراب ہو جائے گا، سی ایم یوگی، جو لوگ جرم کریں گے انھیں سزا ملے گی، یہ آپ کی پالیسی ہے، ہے نا؟ اب کیوں؟ کیا پولس اس ٹیچر کو جانے دے رہی ہے؟‘‘

    انھوں نے مطالبہ کیا کہ پولیس کا کام ہے کہ وہ جوینائل جسٹس 2015 ایکٹ کے سیکشن 75 کے تحت ٹیچر کے خلاف سخت کارروائی کرے۔