Tag: راہول گاندھی

  • راہول گاندھی کا مقبوضہ کشمیر سے متعلق ٹوئٹ میں مودی حکومت پر تنقید

    راہول گاندھی کا مقبوضہ کشمیر سے متعلق ٹوئٹ میں مودی حکومت پر تنقید

    نئی دہلی: کانگریس رہنما راہول گاندھی نے مقبوضہ کشمیر سے متعلق ٹوئٹ میں مودی حکومت پر ایک بار پھر سخت تنقید کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت میں کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بے دخلی مہم پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بے جے پی) کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

    راہول گاندھی تے لکھا کہ یہ خطہ روزگار، بہتر کاروبار اور محبت چاہتا ہے لیکن اسے اس کی بجائے بی جے پی کا بلڈوزر ملا۔

    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کانگریس، نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی جیسی بڑی بھارتی سیاسی جماعتوں نے مقبوضہ کشمیر میں اس مہم کے خلاف اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے اور اسے فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

    ہندی میں ایک ٹوئٹ میں راہول گاندھی نے کہا کہ جموں و کشمیر روزگار، بہتر کاروبار اور محبت چاہتا ہے، لیکن اسے کیا ملا؟ بی جے پی کا بلڈوزر!

    انھوں نے کہا کہ جس زمین کو لوگوں نے کئی دہائیوں تک اپنی محنت سے سینچا تھا، وہ ان سے چھینی جا رہی ہے۔

    راہول گاندھی نے لکھا کہ امن اور کشمیریت کا تحفظ متحد ہونے سے کیا جائے گا، لوگوں کو تقسیم کرنے سے نہیں۔ راہول گاندھی نے ایک میڈیا رپورٹ بھی ٹیگ کی، جس میں کہا گیا ہے کہ بے دخلی مہم نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔

  • آج ہندوستانی قوم پوچھ رہی ہے کہ آخر گوتم اڈانی ہے کون؟ راہول گاندھی کے انکشافات

    آج ہندوستانی قوم پوچھ رہی ہے کہ آخر گوتم اڈانی ہے کون؟ راہول گاندھی کے انکشافات

    نئی دہلی: بھارتی لوک سبھا کے اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے اڈانی اور مودی گٹھ جوڑ پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق لوک سبھا میں خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی نے بی جے پی دور حکومت میں کروڑ پتی بننے والے گوتم اڈانی پر متعدد چبھتے سوالات اٹھائے۔

    راہول گاندھی نے کہا کہ مودی سرکار میں ایک نام ہمیں سب جگہ سننے کو ملا وہ ہے اڈانی، سیب سے لے کر کیلوں کے کاروبار تک ہر جگہ اڈانی ہی چلتا ہے، اڈانی کسی بھی بزنس میں فیل نہیں ہوتا، آخر کیوں؟

    راہول گاندھی نے کہا آج ہندوستانی قوم پوچھ رہی ہے کہ آخر یہ اڈانی ہے کون؟ 2014 میں گوتم اڈانی امیر لوگوں کی فہرست میں 609 نمبر پر تھا، اور آج 2023 میں وہ دوسرے نمبر پر ہے۔

    انھوں نے سوالات اٹھائے کہ گوتم اڈانی کا بھارتی وزیر اعظم مودی سے کیا رشتہ ہے؟ اڈانی نیٹ ورک 2014 سے 2022 تک 8 سے 140 بلین ڈالر کیسے ہو گیا؟

    راہول گاندھی نے کہا بنگلادیشی پاور ڈیولپمنٹ بورڈ 25 سال کا کنٹریکٹ اڈانی کے ساتھ سائن کر دیتا ہے، اور ہمارا وزیر اعظم سری لنکا جا کر کہتا ہے کہ بجلی کا پراجیکٹ اڈانی کو دے دیں، یہ فارن پالیسی نہیں بلکہ یہ اڈانی کے بزنسز بنانے کی فارن پالیسی ہے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ ’’فرق صرف یہ ہے کہ پہلے اڈانی کے جہاز میں مودی جاتے تھے، اب مودی کے جہاز میں اڈانی جاتا ہے۔‘‘

    کانگریس رہنما نے کہا ’’مودی جی سے سوال ہے کہ غیر ملکی دوروں پر وہ کتنی بار اڈانی کے ساتھ گئے؟ اور ان دوروں کے دوران اڈانی کو کتنے کنٹریکٹس ملے؟ ضروری سوال تو یہ بھی ہے کہ اڈانی نے پچھلے 20 سال میں کتنے پیسے دیے؟‘‘

    مودی نے فوج پر آر ایس ایس کی اسکیم مسلط کی، سابق فوجیوں کا انکشاف

    واضح رہے کہ گوتم اڈانی بھارت کے بزنس ٹائیکون اور نریندر مودی کے قریبی دوست ہیں، امریکی کمپنی ہنڈن برگ ریسرچ نے 24 جنوری کو اڈانی گروپ پر 2 سالہ تحقیقات کے بعد الزام عائد کیا کہ اس نے حصص میں ہیرا پھیری کی اور اکاؤنٹنگ فراڈ کا ارتکاب کیا۔

    اس رپورٹ کے بعد اڈانی کی کمپنیوں کے بہت زیادہ حصص فروخت ہو گئے، جس سے انھیں مارکیٹ ویلیو میں 68 ارب ڈالر سے زیادہ کا نقصان ہوا، اور کچھ اسٹاکس میں ٹریڈنگ عارضی طور پر روک دی گئی۔

  • مودی منصوبہ ناکام، ہندو پنڈت مقبوضہ کشمیر سے بھاگ کر بھارت پہنچ گئے

    مودی منصوبہ ناکام، ہندو پنڈت مقبوضہ کشمیر سے بھاگ کر بھارت پہنچ گئے

    نئی دہلی: نریندر مودی کا مذموم منصوبہ ناکامی سے دوچار ہو گیا ہے، ہندو پنڈت مقبوضہ کشمیر سے بھاگ کر بھارت پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی کا مقبوضہ کشمیر میں ہندو پنڈتوں کو بسانے کا منصوبہ ناکام ہو گیا، ہندو پنڈت مقبوضہ وادی سے فرار کر بھارت پہنچ گئے، اور واپس جانے سے انکار کر دیا۔

    اپوزیشن رہنما راہول گاندھی نے نریندر مودی کو خط لکھ کر کہا کہ ہندو پنڈتوں کو زبردست مقبوضہ وادی میں واپس جانے پر مجبور کرنا ظالمانہ عمل ہے۔

    واضح رہے کہ بھارتی حکومت نے 4 ہزار ہندو پنڈتوں کو وادی میں ملازمتیں دی تھیں۔

    راہول گاندھی نے لکھا ’’میں نے جموں میں کشمیری پنڈتوں کے ایک وفد سے ملاقات کی جنھوں نے مجھے بتایا کہ سرکاری اہل کار انھیں کشمیر واپس جانے پر مجبور کر رہے ہیں، حکومت انھیں کسی دوسرے محمکوں میں کھپائے۔‘‘

    راہول گاندھی نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی جانب سے کشمیری پنڈتوں کو ’بھکاری‘ کہنے پر بھی احتجاج کیا، اور مودی کو خط میں لکھا کہ ’’ایسے الفاظ استعمال کرنا نہایت غیر ذمہ داری کا مظاہرہ ہے، شاید آپ مقامی انتظامیہ کی بے حسی سے واقف نہیں ہیں۔‘‘

  • چین کا معاملہ، راہول گاندھی نے مودی کو آڑے ہاتھوں لے لیا

    چین کا معاملہ، راہول گاندھی نے مودی کو آڑے ہاتھوں لے لیا

    نئی دہلی: چین کے معاملے پر راہول گاندھی نے مودی کو آڑے ہاتھوں لے لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کے اپوزیشن رہنما راہول گاندھی مودی حکومت پر برہم ہو گئے، انھوں نے کہا چین کے معاملے پر حکومت اپنی غلطیاں تسلیم کرے اور فوج کے پیچھے نہ چھپے۔

    نئی دہلی میں جلسے سے خطاب میں راہول گاندھی نے کہا کہ چین نے ہماری 2 ہزار مربع کلومیٹر زمین کو اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے لیکن وزیر اعظم کہتے ہیں کہ کسی نے ہمارے علاقوں پر قبضہ نہیں کیا۔

    راہول گاندھی کا کہنا تھا کہ حکومت غلط فیصلے کرتی ہے تو اسے فوج، بحریہ اور فضائیہ کے پیچھے نہیں چھپنا چاہیے۔

  • بھارت: راہول گاندھی گرفتار

    بھارت: راہول گاندھی گرفتار

    نئی دہلی: کانگریس رہنما راہول گاندھی کو دھرنے کے دوران گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق دہلی پولیس نے منگل کو وجے چوک میں راہول گاندھی اور پارٹی کے کئی دیگر ارکان کو حراست میں لے لیا ہے۔

    کانگریس رہنما سونیا گاندھی کی ای ڈی میں پیشی کے خلاف سراپا احتجاج تھے، راہول گاندھی اور دیگر اراکان نے ایوان صدر جانے کی کوشش کی، جس کے بعد پولیس نے راہول گاندھی اور دیگر ارکان کو گرفتار کر لیا۔

    راہول گاندھی کا کہنا ہے مودی سرکار کی جانب سے تحقیقاتی ایجنسیوں کا مبینہ غلط استعمال کیا جا رہا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق راہول گاندھی نے دیگر کانگریس ممبران پارلیمنٹ کے ساتھ پارلیمنٹ کے احاطے میں واقع گاندھی کے مجسمے سے وجے چوک کی طرف احتجاجی مارچ نکالا تھا۔

    واضح رہے کہ کانگریس صدر سونیا گاندھی سے نیشنل ہیرالڈ اخبار سے منسلک منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) میں دوسری بار پوچھ گچھ کی جا رہی تھی، پہلی بار ان سے پوچھ گچھ 21 جولائی کو کی گئی تھی۔

    راہول گاندھی اور دیگر رہنما وجے چوک پر دھرنا دینا چاہتے تھے تاہم پولیس نے انھیں چوک پر جانے سے روک دیا، راہول گاندھی کا کہنا تھا کہ ہمیں وجے چوک پر بیٹھنے نہیں دیا جا رہا ہے، یہ ہے بھارت کی حقیقت کہ یہ ایک پولیس ریاست ہے۔

    انھوں نے وزیر اعظم نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک ‘راجہ’ بنے ہوئے ہیں۔

  • ہندوستان کا نیا نعرہ "ہر گھر میں بے روزگاری”

    ہندوستان کا نیا نعرہ "ہر گھر میں بے روزگاری”

    نئی دہلی: کانگریس کے رہنما راہول گاندھی کا کہنا ہے کہ ہر گھر میں بے روزگاری بھارت کا نیا نعرہ بن گیا ہے۔

    کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ملک میں بے روزگاری کے حوالے سے رپورٹ شیئر کرتے ہوئے مودی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا، انہوں نے کہا کہ ’’نئے ہندوستان کا نیا نعرہ ہے، ہر گھر بے روزگاری، گھر گھر بے روزگاری۔

    انہوں نے کہا کہ 75 سالوں میں مودی جی ملک کے پہلے وزیر اعظم ہیں جن کے ’ماسٹر اسٹروک‘ کی وجہ سے 45 کروڑ سے زیادہ لوگوں نے نوکری کی امید چھوڑ دی ہے۔‘‘

    یہ بھی پڑھیں: برطانوی وزیراعظم کو دھوکا دینے کیلیے مودی حکومت کا اچھوتا اقدام، ویڈیو دیکھیں

    ایک رپورٹ کے مطابق بھارت میں گزشتہ پانچ سال کے دوران دو کروڑ سے زائد ملازمتیں ختم ہو چکی ہیں،۔ اس رپورٹ میں چونکا دینے والا انکشاف سامنے آیا ہے کہ ملک میں 45 کروڑ لوگ ایسے ہیں جنہوں نے نوکری کی تلاش ترک کردی ہے۔

    رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ سب سے زیادہ خراب حالت خواتین کی ہے، بھارت میں صرف 9 فیصد خواتین ایسی ہیں جن کے پاس کام ہے یا وہ بھی کام کی تلاش میں ہیں۔

  • بھارتی خاتون نے زندگی بھر کی جمع پونجی راہول گاندھی کے نام کردی

    بھارتی خاتون نے زندگی بھر کی جمع پونجی راہول گاندھی کے نام کردی

    بھارت میں 85 سالہ خاتون نے اپنی زندگی بھر کی جمع پونجی کانگریس لیڈر راہول گاندھی کے نام کردی، بزرگ خاتون گاندھی خاندان کی قربانیوں کی معترف ہیں۔

    85 سالہ پشپا منجیال نے راہول گاندھی کے نظریات سے متاثر ہو کر اپنی عمر بھر کی جمع پونجی ان کے نام کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

    اس سلسلے میں پشپا منجیال نے باضابطہ طور پر ضلعی کورٹ میں وصیت نامہ بھی دے دیا ہے، سوموار کے روز انہوں نے سابق حزب مخالف لیڈر پریتم سنگھ کو بھی اپنا وصیت نامہ پیش کردیا۔

    پشپا منجیال کی جمع پونجی 50 لاکھ روپے اور 10 تولہ سونا ہے جسے انہوں نے راہول گاندھی کے نام کر دیا ہے، سونے کی موجودہ قیمت کم از کم 5 لاکھ روپے ہے۔

    بزرگ خاتون نے 40 لاکھ روپے کی ایف ڈی بھی راہول گاندھی کے نام کر دی ہے، وہ 5 ہزار روپے ماہانہ اولڈ ایج ہوم کا کرایہ بھی دیتی ہیں۔

    پشپا کا کہنا ہے کہ وہ راہول گاندھی کے نظریات سے بے حد متاثر ہیں، راہول گاندھی کے خاندان نے ملک کی آزادی سے لے کر آج تک ہمیشہ آگے بڑھ کر ملک کے لیے اپنی قربانیاں دی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اندرا گاندھی ہو یا راجیو گاندھی، انہوں نے اس ملک کے اتحاد اور سالمیت کے لیے اپنی جان قربان کر دی۔

  • ہم جانتے ہیں پیگاسس ویئر کے ذریعے وہ کیا پڑھ رہے ہیں؟ راہول گاندھی

    ہم جانتے ہیں پیگاسس ویئر کے ذریعے وہ کیا پڑھ رہے ہیں؟ راہول گاندھی

    نئی دہلی: کانگریس رہنما راہول گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم جانتے ہیں پیگاسس ویئر کے ذریعے وہ کیا پڑھ رہے ہیں؟

    تفصیلات کے مطابق کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے اسرائیلی سافٹ ویئر پیگاسس کے ذریعے اپوزیشن لیڈرز، میڈیا اہل کاروں اور دیگر اہم افراد کے فون کی جاسوسی کے معاملے پر ایک طنزیہ ٹوئٹ کیا ہے.

    پیگاسس پروجیکٹ کے حوالے سے راہول گاندھی نے اپنے 16 جولائی کے ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہم جانتے ہیں کہ وہ کیا پڑھ رہے ہیں، آپ کے فون پر موجود ہر چیز۔‘

    فون کو آسانی سے ہیک کرنے والا پیگاسس کیا ہے؟

    اس سے قبل سولہ جولائی کو راہول گاندھی نے ٹوئٹ کیا تھا کہ میں حیران ہوں کہ تم لوگ ان دنوں آخر کیا پڑھ رہے ہو۔

    واضح رہے کہ ’دی وائر‘ نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا تھا کہ ملک کے کم از کم 40 صحافیوں کے فون نمبر لیک ہونے والی فہرست میں پائے گئے ہیں اور فورنسک جانچ سے جن کی تصدیق ہوئی ہے کہ یا تو ان نمبروں کی جاسوسی ہوئی یا انھیں ٹارگٹ کیا گیا، اور اس کے لیے اسرائیلی ہیکنگ سافٹ ویئر پیگاسس کا استعمال کیا گیا۔

    اسرائیلی ہیکنگ سافٹ ویئر عمران خان کےخلاف بھی استعمال ہونے کا انکشاف

    ادھر اسرائیلی ہیکنگ کا معاملہ دوسرا وکی لیکس بن گیا ہے، جہاں ہوش ربا انکشافات کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، واشنگٹن پوسٹ کی جانب سے جاری رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ اسرائیلی ہیکنگ سافٹ ویئر نواز شریف کی حکومت میں عمران خان کے خلاف بھی استعمال ہوا، ذرائع کا کہنا ہے کہ ریکارڈ کے مطابق مختلف نمبرز میں ایک نمبر عمران خان کے زیر استعمال تھا، اس کے علاوہ نواز حکومت میں یہی سافٹ ویئر حساس اداروں اور سیاست دانوں کے خلاف بھی استعمال ہوا۔

    دوسری جانب اسرائیلی سوفٹ ویئر سے بھارتی اپوزیشن لیڈرز کی جاسوسی پر انڈیا میں کھبلی مچ گئی ہے اور مودی سرکار کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔

  • ملک کے بڑے اداروں میں آر ایس ایس کا قبضہ ہوتا جا رہا ہے: راہول گاندھی

    ملک کے بڑے اداروں میں آر ایس ایس کا قبضہ ہوتا جا رہا ہے: راہول گاندھی

    نئی دہلی: بھارت کے اپوزیشن رہنما راہول گاندھی کا کہنا ہے کہ ملک کے تمام بڑے اداروں میں آر ایس ایس کا قبضہ ہوتا جا رہا ہے، مودی حکومت کے فیصلوں سے ملک کی معیشت تباہ ہوگئی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے کورنیل یونیورسٹی کے پروفیسر کوشک باسو سے بذریعہ ویڈیو لنک گفتگو کی اور ہندوستان کی موجودہ صورتحال کے ساتھ ساتھ مختلف مسائل پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

    اپنے انٹرویو میں راہول گاندھی کا کہنا تھا کہ ملک کے سبھی بڑے اداروں میں ایک سوچ کے لوگوں کو شامل کیا جارہا ہے جو ہندوستان کے لیے سخت نقصان دہ ہے، تمام بڑے اداروں پر آر ایس ایس کا قبضہ ہوتا جا رہا ہے۔

    راہول کا کہنا تھا کہ آج اپوزیشن لیڈروں کو بولنے سے روکا جا رہا ہے، انہیں آواز اٹھانے نہیں دی جارہی، لوک سبھا میں اگر حکومت کے خلاف کچھ بھی کہا جاتا ہے تو مائیک بند کردیا جاتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں آج صرف ماضی کی باتیں ہو رہی ہیں، حکومت مستقبل کی بات نہیں کرنا چاہتی، اگر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے تو آپ کو پرانی باتوں کو یاد نہیں کرنا چاہیئے بلکہ مستقبل کے بارے میں سوچنا چاہیئے۔

    راہول گاندھی نے مودی سرکار کی پالیسیوں پر بھی تنقید کی، انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کے نوٹ بندی اور جی ایس ٹی جیسے فیصلوں سے ملک کی معیشت بری طرح تباہ ہوئی، ان فیصلوں سے ملک کے چھوٹا کاروباری طبقہ برباد ہوگیا، اور اب حکومت کسانوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔

  • سرنڈر مودی ٹویٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا

    سرنڈر مودی ٹویٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا

    نئی دہلی: لداخ، گلوان وادی میں چین کے ہاتھوں بھارتی فوجیوں کی رسوا کن ہلاکت سے متعلق جھوٹا بیان مودی کو بھاری پڑ گیا ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی کو اپنے ہی ملک میں لداخ کے محاذ پر چین کے ہاتھوں پسپائی پر دیے جانے والے بیان کے تناظر میں کڑی تنقید کا سامنا ہے۔

    کانگریس پارٹی کے اپوزیشن رہنما راہول گاندھی نے نریندر مودی کو سرنڈر مودی کا نام دے دیا، جس کے بعد ‘سرنڈر مودی’ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹرینڈ بن گیا۔

    عام عوام ہو یا سیاسی رہنما سب وزیر اعظم مودی کو آڑے ہاتھوں لے رہے ہیں، کانگریس رہنما راہول گاندھی نے مودی پر تنقید کرے ہوئے ٹویٹ کیا یہ نریندر مودی نہیں سرنڈر مودی ہیں۔

    ایک اور کارنگریس رہنما وزیر اعظم مودی کے جھوٹ پر برس پڑے کہا مودی کتنا جھوٹ بولیں گے، ہمت ہے تو جواب دیں کہ بھارتی جوان کہاں شہید ہوئے؟ ٹویٹر پر ایک صارف نے لکھا مودی نے جھوٹ بول کر ملک کو دنیا کے سامنے شرمندہ کر دیا، ایک صارف نے تو سرنڈر مودی کی ٹی شرٹ بھی پہن لی۔

    بھارت نے نیا تنازع کھڑا کیا تو 1962 سے زیادہ رسوا ہوگا، چینی اخبار نے آئینہ دکھا دیا

    بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے لداخ میں بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد بیان دیا تھا کہ نہ تو ہماری سرحد میں کوئی اندر آیا ہے نہ ہی وہاں اب کوئی ہے، نہ یہ ہماری چوکیاں قبضہ کی گئیں۔ مودی نے چینی اور بھارتی فوجیوں کے درمیان لڑائی کے واقعے سے بھی انکار کیا۔

    واضح رہے کہ چینی اخبار گلوبل ٹائمز نے بھارت کو آئینہ دکھاتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بھارت نے نیا تنازع کھڑا کیا تو 1962 سے زیادہ رسوا ہوگا، مودی جانتے ہیں کہ وہ چین سے جنگ نہیں کر سکتے۔ مودی سخت بیانات دے کر محض انتہا پسندوں کو مطمئن کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، اور ساتھ ہی صورت حال کو ٹھنڈا کرنے کی بھی کوشش کر رہے ہیں، پڑوسیوں سے الجھنا بھارت کے لیے اچھا نہیں، بھارت اپنے ملک میں کرونا کی وبا اور معاشی مسائل پر توجہ دے۔