Tag: راہول گاندھی

  • نریندر مودی بھارت کے ڈونلڈ ٹرمپ ہیں، راہول گاندھی

    نریندر مودی بھارت کے ڈونلڈ ٹرمپ ہیں، راہول گاندھی

    نئی دہلی : کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے کہا ہے کہ امریکہ کو ابھی ڈونلڈ ٹرمپ ملا ہے جب کہ بھارت کو ڈھائی سال سے ڈونلڈ ٹرمپ مودی کی صورت میں میئسر ہیں۔

    وہ اترپردیش میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے انہوں نے اپنے خطاب میں نریندر مودی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بھارت کو مودی کی شکل میں ڈونلڈ ٹرمپ ملا ہے جو اپنے ہی ملک کی دیگر اکائیوں کے درمیان نفرت کو پروان چڑھاتے ہیں۔

    کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی کا کہنا تھا کہ نریندر مودی نے نوٹوں پر پابندی لگا کر نہ صرف کسانوں کا نقصان کیا جو اپنی فصلوں کا سودا نہیں کر سکے بلکہ عام آدمی بینک کی قطاروں میں لگے لگے اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت نفرت آمیز رویوں اور اشتعال انگیز کارروائیوں کا متحمل نہیں ہوسکتا کیوں کہ بھارت کئی اکائیوں کا مجموعہ ہیں جو برسہا برس سے ایک دوسرے کے ساتھ پُر امن طریقے سے رہ رہے ہیں۔

    راہول گاندھی نے ملک میں معیشت کی ذبوں حالی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بیروزگاری کا عفریت غریب لوگوں کو اپنی خوارک بنا رہا ہے جب کہ حکومت چپ سادھے ہاتھ پہ ہاتھ دھرے بیٹھی ہے۔

    انہوں نے نریندر مودی کو مخاطب کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ علاقائی سطح پر صنعتوں کا قیام عمل میں لایا جائے تاکہ ملک سے بیروزگاری کا خاتمہ ہو اور لوگوں کو اپنے ہی علاقے میں روزگار میئسر آ سکے۔

  • کرنسی نوٹوں کی بندش بھارت کی تاریخ کا بڑا گھپلا ہے، راہول گاندھی

    کرنسی نوٹوں کی بندش بھارت کی تاریخ کا بڑا گھپلا ہے، راہول گاندھی

    نئی دہلی : کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے پانچ سو اور ہزار روپے کے نوٹوں کی بندش کو بھارت کی تاریخ کا سب سے بڑا گھپلا قرار دے دیا۔ نریندر مودی کو ڈرپوک کہتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں بھاشن دینے والے مودی ایوان میں آنے سے خوف زدہ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی حکومت کی جانب سے پانچ سو اور ہزار روپے کے نوٹوں پر پابندی کے فیصلے سے عوام رُل گئے اور بینکوں کے باہرلائنوں میں لگے دھکے کھاتے رہے۔

    بھارت میں حزب اختلاف کی جماعت کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے موجودہ حکومت کی جانب سے کرنسی نوٹوں پر پابندی کے فیصلے کو ملکی تاریخ کا سب سے بڑا گھپلہ قرار دیا ہے۔ جمعے کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کرنسی کے معاملے پر پارلیمان میں ہونے والی بحث میں حصہ لینے سے خوفزدہ ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ‘حکومت مجھے بولنے سے روک رہی ہے کیونکہ انہیں معلوم ہے کہ اگر وہ مجھے بولنے دیں گے تو حقیقت سامنے آجائے گی۔ ملک میں زلزلہ آ جائے گا۔ میں بتاؤں گا کہ یہ اقدام کس کو فائدہ پہنچانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔

    بھارتی پارلیمنٹ کے باہر کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے مودی سرکار کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ نریندر مودی کو ڈرپوک کہتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں بھاشن دینے والے مودی ایوان میں آنے سے خوف زدہ ہیں۔

    واضح رہے کہ بھارتی حکومت نے آٹھ نومبر کو پانچ سو اور ہزار روپے کے کرنسی نوٹوں پر پابندی کا فیصلہ کیا تھا۔ اس کے بعد پارلیمنٹ کا اجلاس شروع ہونے کے بعد سے اب تک ایوان کی کارروائی اسی تنازع کی وجہ آگے نہیں بڑھ سکی۔

    مزید پڑھیں : کرنسی نوٹوں پر پابندی، بھارتی عوام اذیت میں مبتلا

    اس حوالے سے مشہور بھارتی ماہر اقتصادیات بھارت جھنجھنوالا نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کساد بازاری کا شکار ہوسکتی ہے۔ انہوں نے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو بتایا کہ ‘میں نوٹ بندی کے فیصلے کے خلاف ہوں، سرکار کالا دھن ختم کرنا چاہتی تھی لیکن اسے کوئی کامیابی نہیں ملی ہے۔

    ہنس مکھ آدھیا نے بھی اعتراف کیا ہے کہ جتنی بھی کرنسی ختم کی گئی تھی، اب امکان ہے کہ وہ ساری بینکنگ کے نظام میں لوٹ آئے گئی۔ ساڑھے گیارہ لاکھ کروڑ روپے پہلے ہی بنکوں میں جمع کرائے جا چکے ہیں اور اب صرف تقریباً چار لاکھ کروڑ روپے باقی بچتے ہیں۔ عام تاثر ہے کہ اس پالیسی پر وزیر اعظم کا سیاسی مستقبل داؤ پر لگا ہوا ہے۔

  • خدا مودی کو جہالت سے آزادی عطا فرمائے،راہول گاندھی

    خدا مودی کو جہالت سے آزادی عطا فرمائے،راہول گاندھی

    نئی دہلی : نائب صدر کانگریس راہول گاندھی نے وزیراعظم نریندرمودی پرشدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ مودی کیلئے دعا کرتے ہیں کہ خدا انہیں جہالت سے آزادی عطا کرے۔

    راہول گاندھی نئی دہلی میں پارٹی کے دفتر کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں مودی کے متنازعہ بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی نے بی جے پی کے مقابل میں اور کسی دیگرہندوستانی پارٹی کی بھی نسبت زیادہ قربانیاں دی ہیں۔

    سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئیٹرپراپنے ایک پیغام میں کانگریس کے نائب صدرراہول گاندھی نے نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے تحریرکیا ہے کہ مودی جی میں آپ کیلئے دعاکرتا ہوں” اساتوسا سدامیا تی سوما جیوترگامیا مرینورما امریتم گی! اوم شانتی شانتی شانتی”مجھے جہالت سے صداقت کی طرف، ظلمت سے نور کی طرف، موت سے ابدی زندگی کی طرف لے چل۔ تمام ذی حیات مخلوق کے لئے امن ہو۔

    واضح رہے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ بی جے پی کو آزاد ہندوستان میں اس سے زیادہ مصائب برداشت کرنے پڑے تھے جتنے کہ برطانوی دوراقتدارمیں کانگریس کو برداشت کرنے پڑے تھے۔