Tag: ربادا

  • کاگیسو ربادا اچانک آئی پی ایل چھوڑ کر گھر روانہ

    کاگیسو ربادا اچانک آئی پی ایل چھوڑ کر گھر روانہ

    جنوبی افریقا کے مایہ ناز فاسٹ بولر کاگیسو ربادا اچانک آئی پی ایل چھوڑ کر گھر روانہ ہوگئے۔

    کاگیسو ربادا آئی پی ایل میں گجرات ٹائٹنز کی نمائندگی کررہے ہیں وہ دو میچز کھیلنے کے بعد اچانک جنوبی افریقا روانہ ہوگئے، وہ رائل چیلنجزز بنگلور کے خلاف تیسرا میچ نہیں کھیلیں گے۔

    ربادا سے متعلق کہا جارہا ہے کہ وہ نجی مصروفیات کی وجہ سے جنوبی افریقا روانہ ہوئے ہیں تاہم ان کی واپسی سے متعلق کوئی اطلاع نہیں دی گئی ہے۔

    ربادا کی جگہ ویرات کوہلی کو آؤٹ کرنے والے فاسٹ بولر ارشد خان کو ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔

    ربادا نے گجرات ٹائٹنز کی جانب سے پنجاب کنگز اور ممبئی انڈینز کے خلاف میچز کھیلے اور دونوں میچ میں ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    یاد رہے کہ رباڈا نے 2017 میں آئی پی ایل ڈیبیو کیا اور 82 میچز میں 119 وکٹیں حاصل کیں، وہ دہلی کیپیٹلز اور پنجاب کنگز کے لیے کھیل چکے ہیں۔

    جنوبی افریقی فاسٹ بولر رباڈا کو گجرات ٹائٹنز نے آئی پی ایل 2025 کی میگا نیلامی میں 10 کروڑ 75 لاکھ بھارتی روپے میں خریدا تھا۔

    واضح رہے کہ آئی پی ایل کے پوائنٹس ٹیبل پر دو میچ جیت کر گجرات ٹائٹنز کی ٹیم چوتھی پوزیشن پر موجود ہے۔

  • ربادا کی زدران کو آؤٹ کرکے جملنے کسنے کی ویڈیو وائرل

    ربادا کی زدران کو آؤٹ کرکے جملنے کسنے کی ویڈیو وائرل

    آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے تیسرے میچ میں جنوبی افریقی فاسٹ بولر کاگیسو ربادا کی زدران کو آؤٹ کرکے جملے کسنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

    کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقا کی جانب سے دیے گئے 316 رنز کے تعاقب میں افغانستان کی ٹیم 48.3 اوورز میں 208 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

    رحمت شاہ کے 90 رنز کی اننگز کے علاوہ کوئی بھی بیٹر خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا۔

    رحمان اللہ گرباز 10، ابراہیم زدران 17، کپتان حمشت اللہ شاہدی صفر اور محمد نبی 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، راشد خان 18 رنز بنا کر مہاراج کا نشانہ بنے۔

    جنوبی افریقا کی جانب سے ربادا نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ویان ملڈر اور لنگی نگیدی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

    تاہم 10ویں اوور میں ابراہیم زدران نے کاگیسو ربادا کو لانگ آن پر چھکا مارا اس کے بعد ربادا نے انہیں کلین بولڈ کردیا اور جب وہ جانے لگے تو انہیں جملے بھی کسے۔

    تاہم ابراہیم زدران نے کچھ نہیں بولا اور خاموشی سے پویلین کی جانب روانہ ہوگئے۔

    زدران کے آؤٹ ہوتے ہی افغانستان کی وکٹیں گرتی رہیں اور بڑے ہدف کے تعاقب کی امیدیں دم توڑ گئیں۔

  • ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ، یاسر شاہ کی تنزلی، دسویں نمبر پر پہنچ گئے

    ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ، یاسر شاہ کی تنزلی، دسویں نمبر پر پہنچ گئے

    دبئی: آئی سی سی نے نئی ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ جاری کردی ہے جس کے مطابق قومی لیگ اسپنر یاسر شاہ ایک درجہ تنزلی کے بعد دسویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان پرتھ ٹیسٹ کے اختتام کے بعد آئی سی سی نے نئی ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ جاری کی جس کے مطابق بیٹسمین رینکنگ میں بھارت کے ویرات کوہلی کی پہلی پوزیشن برقرار ہے۔

    ٹاپ ٹین بلے بازوں میں اظہر علی دسویں پوزیشن پر موجود ہیں، ویرات کوہلی پہلے، نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن دوسرے نمبر پر براجمان ہیں، آسٹریلوی کھلاڑی اسٹیو اسمتھ نے تیسری، بھارت کے پجارا چوتھی اور انگلینڈ کے جوئے روٹ نے پانچویں پوزیشن پر قبضہ جما رکھا ہے۔

    یہ پڑھیں: آئی سی سی ون ڈے رینکنگ، بابر اعظم پانچویں نمبر پر براجمان

    بولرز رینکنگ میں جنوبی افریقہ کے فاسٹ بولر رباڈا کی حکمرانی برقرار ہے، انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن دوسری پوزیشن پر موجود ہیں، جنوبی افریقہ کے ورنن فلیندر تیسرے، پاکستان کے محمد عباس چوتھے رویندر جڈیجا پانچویں نمبر پر موجود ہیں، لیگ اسپنر یاسر شاہ کا دسواں نمبر ہے۔

    پرتھ ٹیسٹ میچ میں بھارت کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے آسٹریلوی اسپنر نیتھن لیون ساتویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

    ٹیسٹ آل راؤنڈر رینکنگ میں بنگلہ دیش کے شکیب الحسن نے پہلی پوزیشن پر قبضہ برقرار رکھا ہے، بھارت کے رویندر جڈیجا دوسرے، ورنن فلیندر تیسرے، ونڈیز کے جیسن ہولڈر چوتھے اور انگلینڈ کے بین اسٹوکس پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔