Tag: ربیع الاوّل

  • ربیع الاول کے چاند سے متعلق اعلان

    ربیع الاول کے چاند سے متعلق اعلان

    کراچی (24 اگست 2025): ربیع الاوّل کا چاند نظر نہیں آیا یکم ربیع الاول منگل 26 اگست کو جب کہ جشن ولادت رسول ﷺ ہفتہ 6 ستمبر کو منایا جائے گا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں محکمہ موسمیات کے دفتر میں چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت ہوا جب کہ صوبائی درالحکومتوں میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس ہوئے۔

    اجلاس کے بعد مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر اؔزاد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے ماہ ربیع الاول کا چاند نظر نہ آنے کا باضابطہ اعلان کیا۔

    چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آج اکثر مقامات پر مطلع ابر آلود رہا اور ملک کے کسی بھی مقام سے چاند دیکھنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی۔

    مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ ملک کے کسی بھی حصے سے چاند دیکھنے کی شہادت نہ ملنے پر آج ربیع الاول کا چاند نظر نہ آنے کا باضابطہ اعلان کیا جاتا ہے۔ یکم ربیع الاول منگل 6 اگست کو ہوگئی جب کہ 12 ربیع الاول (جشن عید میلاد النبی ﷺ) ہفتہ 6 ستمبر کو ہوگی۔

    خیال رہے عید میلاد النبی ﷺ مسلمانوں کے لیے ایک اہم موقع ہے کیونکہ اہل ایمان اس دن رسول پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت کا دن جوش وخروش سے مناتے ہیں۔ اس دن ریلیاں، جلسے، جلوس اور محافل میلاد کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ علما نبی کریم ﷺ کی شان بیان کرتے جب کہ نعت خواں بارگاہ رسالت ﷺ میں عقیدت کے پھول نچھاور کرتے ہیں۔

  • ربیع الاوّل کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا

    ربیع الاوّل کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا

    کراچی(24 اگست 2025): ماہ ربیع الاوّل کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج کراچی میں ہوگا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق ماہ ربیع الاوّل کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج کراچی میں ہوگا، اجلاس کی صدارت چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد  کریں گے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ رویت ہلال کمیٹی کا مرکزی اجلاس نماز عصر کے بعد میٹ آفس کراچی میں ہوگا، رویت ہلال کمیٹی کراچی کے ممبران، وزارت مذہبی امور کے نمائندے شریک ہوں گے۔

    اس کے علاوہ سپارکو، محکمہ موسمیات، وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے نمائندگان بھی شریک ہوں گے، اسلام آباد، لاہور، کوئٹہ، پشاور سمیت دیگر علاقوں میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس ہونگے۔

    محیکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ چاند کی رویت کا حتمی اعلان چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد  کریں گے۔

    دوسری جانب سعودی عرب میں ہجری مہینے ربیع الاول کا چاند نظر آگیا اور یکم ربیع الاول 1447 ہجری 24 اگست 2025 کو ہوگا، حرمین کے ایکس اکاؤنٹ میں تصویر کے ساتھ لکھا کہ ربیع الاول کا چاند نظر آنے پر مکہ میں کلاک ٹاور کو روشن کرکے ربیع الاول آنے کی خبر دی گئی ہے۔

  • 12 ربیع الاول کب ہوگی؟ ممکنہ تاریخ سامنے آگئی

    12 ربیع الاول کب ہوگی؟ ممکنہ تاریخ سامنے آگئی

    اسلام آباد : ربیع الاوّل کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا گیا ، جس میں چاند نظر آنے کا یا نہ آنے کا اعلان کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ربیع الاوّل کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 4 ستمبر کو طلب کرلیا گیا۔

    اسلام آباد میں اجلاس کی صدارت مولانا سید محمد عبدالخبیرآزاد کریں گے جبکہ جبکہ دیگر صوبوں میں زونل کمیٹیوں کا اجلاس ہوگا۔

    اجلاس میں چاند کی رویت کا اعلان کیا جائے گا، اگر 4 ستمبر بروز بدھ کو روز چاند نظر آجاتا ہے تو 12 ربیع الاول 16 ستمبر بروز پیر کی ہوگی جبکہ چاند نظر نہ آنے کی صورت میں عید میلاد النبیﷺ 17 ستمبرکو منگل کے روز منائی جائے گی۔

    ماہِ ربیع الاوّل کی اہمیت

    واضح رہے ماہ ربیع الاول امت مسلمہ کے لیے خاص اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس مہینے نبی آخرالزماں ﷺ کی دنیا میں آمد ہوئی، پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم پوری دنیا کے لئے عملی نمونہ بن کر آئے اور وہ ہر شعبے میں اس اوج کمال پر فائز ہیں کہ ان جیسا کوئی تھا اور نہ ہی قیامت تک آسکتا ہے۔

  • ربیع الاوّل : موبائل فون سروس سندھ کے مخصوص علاقوں میں بند رکھنے کا فیصلہ

    ربیع الاوّل : موبائل فون سروس سندھ کے مخصوص علاقوں میں بند رکھنے کا فیصلہ

    کراچی : حکومت سندھ نے فیصلہ کیا ہے کہ موبائل فون سروس مخصوص علاقوں میں بند رہے گی، محکمہ داخلہ سندھ نے وفاقی حکومت سے کل بروز بدھ موبائل فون سروس بند کرنے کی سفارش کی ہے، اس کے علاوہ موٹر سائیکل پر ڈبل سواری کی پابندی بھی برقرار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے 12 ربیع الاول کے موقع پر کراچی سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں آج بروز بدھ موبائل فون سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے محکمہ داخلہ سندھ نے وفاق سے سفارش بھی کردی ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ داخلہ سندھ نے وفاق سے کل بروز بدھ موبائل فون سروس بند کرنے کی سفارش کی ہے، محکمہ داخلہ سندھ کے مراسلہ میں کراچی سمیت 15اضلاع میں موبائل فون سروس بند رکھنے کی سفارش کی گئی ہے۔

    محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق کراچی میں صدر، کورنگی، ملیر، نیوکراچی میں موبائل سروس بند ہوگی جبکہ حیدرآباد، سکھر، نوابشاہ اور دیگراضلاع میں بھی موبائل سروس کی جزوی بندش ہوگی۔

    موبائل فون سروس صبح 6سےرات11تک بند رکھنے کا کہا گیا ہے۔ محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق موبائل فون سروس مخصوص علاقوں میں بند رہے گی۔

    مزید پڑھیں: ماہ ربیع الاوّل ، کراچی میں ڈبل سواری پر پابندی کی مدت میں کمی کا اعلان

    علاوہ ازیں 12 ربیع الاوّل کے موقع پر  محکمہ داخلہ سندھ نے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری سے متعلق دو روز قبل نوٹیفکیشن جاری کیا، حکم نامے کے تحت پابندی اب دس ربیع الاوّل سے13ربیع الاوّل تک ہوگی۔

    شہر میں قیام امن اور سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ شہریوں کے اسلحہ لے کر چلنے اور لاؤڈ اسپیکر کےاستعمال پر پابندی ہوگی۔