Tag: رجب طیب اردوان

  • حماس نے جنگ بندی تجویز قبول کر لی، اسرائیل انکار کر رہا ہے: اردوان

    حماس نے جنگ بندی تجویز قبول کر لی، اسرائیل انکار کر رہا ہے: اردوان

    انقرہ: ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کے لیے امریکا اور یورپی ممالک اپنا کردار ادا نہیں کر رہے ہیں۔

    استنبول میں مسلم اسکالرز سے خطاب میں صدر اردوان نے کہا کہ حماس نے گزشتہ ہفتے قطر اور مصر کی جانب سے پیش کردہ جنگ بندی تجویز کو قبول کر لیا ہے، لیکن اسرائیلی حکومت جنگ بندی نہیں چاہتی۔

    انھوں نے کہا امریکا اور یورپی ممالک جنگ بندی پر رضامند ہونے کے لیے اسرائیل پر نہ دباؤ بڑھا رہے ہیں اور نہ ہی امن کے لیے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا حماس نے قطر اور مصر کی جانب سے ایک ’’پائیدار جنگ بندی کی جانب ایک قدم‘‘ کی تجویز کو قبول کیا لیکن نیتن یاہو کی حکومت جنگ کا خاتمہ نہیں چاہتی، نیتن یاہو نے اس تجویز پر یہ رد عمل دیا کہ رفح میں معصوم لوگوں پر حملہ کر دیا، اس سے یہ واضح ہو گیا ہے کہ کون امن اور مذاکرات کا ساتھ دیتا ہے اور کون چاہتا ہے کہ جھڑپیں جاری رہیں اور مزید خوں ریزی ہو۔

    اسرائیل نے چڑھائی کی کوشش کی تو اپنا جوہری نظریہ تبدیل کر دیں گے: ایران

    اردوان نے کہا کہ کیا نیتن یاہو نے اپنے اس بگڑے ہوئے رویے پر کوئی شدید ردعمل دیکھا؟ نہیں، نہ تو یورپ اور نہ ہی امریکا نے ایسا ردعمل ظاہر کیا جو اسرائیل کو جنگ بندی پر مجبور کرے۔

    دوسری طرف حماس کے رہنماؤں نے دوحہ میں ترک انٹیلیجنس چیف سے ملاقات کی ہے، حماس کے پولیٹ بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ اور گروپ کے ایک سینئر وفد نے قطر کے دارالحکومت میں ترک انٹیلیجنس کے سربراہ ابراہیم قالن سے ملاقات کی۔

    اسرائیل کے پاس رفح میں شہریوں کے تحفظ کا کوئی ’قابل اعتبار منصوبہ‘ موجود نہیں: انٹونی بلنکن

    حماس نے ایک بیان میں کہا کہ اس ملاقات کا مقصد گزشتہ ہفتے رونما ہونے والے واقعات پر غور و فکر کرنا تھا۔ خیال رہے کہ حماس نے تو ثالثوں کی طرف سے جنگ بندی کی تجویز پر اتفاق کر لیا تھا لیکن اسرائیل نے اس کے نتیجے میں رفح پر حملہ کیا۔

    ہنیہ نے اسرائیل کے خلاف ترکی کے اقدامات کی تعریف کی، جس میں بین الاقوامی عدالت انصاف میں نسل کشی کے مقدمے میں شامل ہونا اور اسرائیل کے ساتھ تجارت کو روکنا شامل ہے۔ انھوں نے انٹیلیجنس چیف کو مبینہ طور پر کچھ فائلیں بھی حوالے کیں جن میں اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینیوں پر تشدد کے ثبوت بھی شامل ہیں، جن میں سے کچھ جاں بحق ہو گئے تھے۔

  • کیا بلدیاتی انتخابات اردوان کا آخری الیکشن ہے؟

    کیا بلدیاتی انتخابات اردوان کا آخری الیکشن ہے؟

    انقرہ: ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے بلدیاتی انتخابات کو اپنا آخری الیکشن قرار دے دیا ہے۔

    ترک سرکاری خبر رساں ایجنسی انادولو کے مطابق جمعہ کو ترک صدر رجب طیب اردوان نے بلدیاتی الیکشن کو اپنا آخری الیکشن قرار دیتے ہوئے کہا کہ 31 مارچ کو ہونے والے بلادیاتی انتخابات ان کا آخری الیکشن ہوگا۔

    رجب طیب اردوان جدید ترکی کے سب سے کامیاب سیاست دان ہیں جنھوں نے گزشتہ دو دہائیوں سے زیادہ عرصے تک ملک کی قیادت کی، 2002 کے بعد سے ایک درجن سے زیادہ انتخابات میں فاتح قرار پائے۔

    اردوان مئی 2023 میں ہونے والے انتخابات کے دوران 5 سال کی مدت کے لیے دوبارہ منتخب ہوئے، اردوان نے کہا کہ قانون کے ذریعے دیے گئے مینڈیٹ کے تحت یہ میرا آخری الیکشن ہے، جو بھی نتیجہ نکلے گا وہ میرے بعد آنے والے بہن بھائیوں کو میراث کی منتقلی ہوگا۔

  • اردوان نے یوکرینی صدر کے 10 نکاتی فارمولے کی حمایت کر دی

    اردوان نے یوکرینی صدر کے 10 نکاتی فارمولے کی حمایت کر دی

    انقرہ: رجب طیب اردوان نے یوکرینی صدر کے 10 نکاتی امن فارمولے کی حمایت کر دی ہے، ترک صدر نے بدھ کو کہا کہ ترکی روس اور یوکرین کے درمیان دوبارہ امن مذاکرات کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔

    ترک میڈیا رپورٹس کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردوان نے روس یوکرین میں امن مذاکرات کے لیے ثالثی کی ایک بار پھر پیشکش کر دی، انھوں نے کہا کہ ترکی روس اور یوکرین کے درمیان امن مذاکرات کے لیے ثالث کے طور پر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔

    ترک صدر نے کہا کہ روس اور یوکرین کو ایک دوسرے کے قریب لانے اور پرامن مذاکرات کی کوششیں ناکافی ہیں، اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے ہر ممکنہ راستے سے اعلیٰ ترین سطح پر سفارتی ذرائع کا استعمال کرنا ہوگا۔

    یوکرین-جنوب مشرقی یورپ سمٹ کے لیے بھیجے گئے ایک ویڈیو پیغام میں انھوں نے مزید کہا کہ وہ یوکرین کے صدر ولودمیر زیلنسکی کے 10 نکاتی امن فارمولے کی اصولی طور پر حمایت کرتے ہیں۔ اردوان نے کہا یوکرین کی آزادی، خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے لیے ترکی کی حمایت سب کو معلوم ہے۔ ’’ہم اپنے کریمیائی تاتار ہم وطنوں کے حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے بھی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔‘‘

    دوسری طرف روس اور یوکرین کے درمیان تنازع ختم ہونے کا نام نہیں لے رہا، روس نے یوکرین میں گولہ بارود کے ڈپو کو نشانہ بنایا، جب کہ یوکرین نے دعویٰ کیا ہے کہ انھوں نے روس کا لڑاکا طیارہ مار گرایا ہے۔

  • اسرائیل ذہنی توازن کھو بیٹھا: رجب طیب اردوان

    اسرائیل ذہنی توازن کھو بیٹھا: رجب طیب اردوان

    انقرہ: ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے محصور شہر غزہ میں وحشیانہ بمباری کرنے والی صہیونی ریاست پر کھل کر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’حماس سے جنگ میں اسرائیل ذہنی توازن کھو بیٹھا ہے۔‘‘

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کو ترکیہ کے صدر اردوان نے کہا کہ جو لوگ آج غزہ کے ہزاروں بچوں کی موت کو خاموشی سے دیکھ رہے ہیں ان کے ساتھ کل جو کچھ ہوگا، اس پر کہنے کو کچھ نہیں بچے گا۔

    کابینہ اجلاس کے بعد ایک بیان میں رجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ اسرائیل غزہ کی پٹی میں جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے، جتنا جلدی ممکن ہو ہمیں اسرائیل کو روکنا چاہیے، ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ غزہ میں جنگی جرائم کے ذمہ داروں کا احتساب ہو۔

    دی ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق اردوان نے غزہ کی پٹی میں ہونے والے جرائم پر یروشلم کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا عزم کیا اور الزام لگایا کہ امریکا اور یورپ اس میں ملوث ہیں۔ ترکیہ صدر نے کہا ’’مجھے یقین ہے کہ ہمیں اسرائیل کو روکنا چاہیے جو ایسا لگتا ہے جیسے مکمل طور پر ذہنی توازن کھو بیٹھا ہے، ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ غزہ میں جنگی جرائم کے ذمہ داروں کو انصاف کا سامنا کرنا پڑے۔‘‘

    واضح رہے کہ اردوان کی حکومت نے حال ہی میں اسرائیل کے ساتھ مکمل سفارتی تعلقات بحال کیے ہیں، تاہم غزہ جنگ کے دوران ان کی جانب سے اسرائیل پر تنقید بتدریج بڑھتی جا رہی ہے۔ اس ہفتے کے شروع میں انھوں نے زور دے کر کہا تھا کہ حماس دہشت گرد تنظیم نہیں ہے بلکہ اپنی سرزمین اور لوگوں کے لیے لڑنے والے مجاہدین کا ایک آزادی پسند گروپ ہے۔

    ہفتے کے روز استنبول میں ایک بہت بڑی ریلی سے خطاب میں اردوان نے کہا کہ ان کا ملک غزہ میں بمباری کے لیے اسرائیل کو ’’جنگی مجرم‘‘ قرار دینے کی تیاری کر رہا ہے۔

  • اردوان نے اقوام متحدہ میں پاکستان اور بھارت کو مذاکرات کی تجویز دے دی

    اردوان نے اقوام متحدہ میں پاکستان اور بھارت کو مذاکرات کی تجویز دے دی

    نیویارک: ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے اقوام متحدہ میں پاکستان اور بھارت کو مذاکرات کی تجویز دے دی ہے، ان کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا میں علاقائی امن و استحکام اور خوش حالی کے لیے کشمیر میں امن ناگزیر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اٹھتر ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر نے کہا کہ ترکیہ نے ہمیشہ ہر عالمی فورم پر بھارتی بربریت کے خلاف آواز اٹھائی ہے، اور مقبوضہ کشمیر کی غیر مشروط حمایت کی۔

    انھوں نے مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان اور پاکستان میں بات چیت سے کشمیر میں دیرپا امن لایا جا سکتا ہے، رجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کو حل کرنے سے علاقائی استحکام پیدا ہوگا، پاکستان اور بھارت بات چیت سے مسئلہ کشمیر حل کریں، ترکیہ اس سمت میں اٹھائے جانے والے اقدامات کی حمایت جاری رکھے گا۔

    ادھر نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے نیویارک میں ایشیا سوسائٹی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر سمیت تمام مسائل کے حل کے لیے پرامن مذاکرات کی حمایت کرتا ہے، انھوں نے یہ بھی کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیاں جاری ہیں۔

  • ویڈیو: ایلون مسک اپنے بیٹے ایکس کے ساتھ اردوان سے ملاقات کے لیے پہنچ گئے

    ویڈیو: ایلون مسک اپنے بیٹے ایکس کے ساتھ اردوان سے ملاقات کے لیے پہنچ گئے

    نیویارک: ایلون مسک اپنے بیٹے ایکس کے ساتھ ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کے لیے پہنچ گئے، اردوان نے مسک کے صاحب زادے کے ساتھ کھیلنے کی بھی کوشش کی۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جب رجب طیب اردوان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے لیے نیویارک کے دورے پر گئے تو ایلون مسک اور ان کے بیٹے ایکس نے ان کے ساتھ ملاقات کی، اور اس دوران ان میں دل چسپ گفتگو ہوئی۔

    جب دونوں شخصیات ترکی میں ٹیسلا کے مستقبل کے بارے میں تبادلہ خیال کر رہے تھے تو چھوٹا X اردوان کے تحفے سے متاثر ہوتا نظر نہیں آیا۔

    ترک صدر اردوان نے نیویارک سٹی میں ایلون مسک سے ملاقات میں ان کے بیٹے سے کھیلنے کی کوشش کی، اور فٹ بال تحفے میں دی اور کہا پلیز لے لو، لیکن مسک کا بیٹا باپ کی گود میں چڑھا رہا اور فٹبال پکڑنے کی بالکل کوشش نہیں کی۔

    ترک صدر نے ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک کو ترکیےآنے کی دعوت بھی دی، اور کہا ترکیے میں ٹیسلا فیکٹری لگائیں، صدر اردوان نے ایلون مسک کو ترکیے کی تکنیکی پیش رفتوں کے ساتھ ساتھ ’’ڈیجیٹل ترکیے‘‘ کے وژن اور قومی مصنوعی ذہانت کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

    واضح رہے کہ X (سابقہ ٹویٹر) کی سخت دفتری میٹنگیں ہوں، یا خصوصی اعلیٰ سطح کی تقریبات، ایلون مسک اپنے ننھے بیٹے کو لانے سے نہیں شرماتے، اس چھوٹے بچے کا نام والدین نے ’X AE A-12‘ رکھا تھا۔

    ترک صدر کے ساتھ ملاقات کی کئی ویڈیوز سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں، ان وائرل ویڈیوز میں ایک میں اردوان نے ایلون مسک کی بیوی گِرم کے بارے میں پوچھا تو انھوں نے جواب میں کہا وہ سان فرانسسکو میں ہے، اب ہم الگ ہو چکے ہیں، اسی لیے میں اپنے بیٹے کا خیال رکھتا ہوں۔

  • ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کا آئندہ ماہ دورہ پاکستان کا امکان

    ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کا آئندہ ماہ دورہ پاکستان کا امکان

    اسلام آباد: ترکیہ کے  صدر رجب طیب اردوان کا آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کرنے کا امکان ہے۔

    سفارتی ذرائع کے مطابق ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کا آئندہ ماہ دورہ پاکستان کا امکان ہے، یہ دورہ اگست کے  پہلے ہفتے میں متوقع ہے۔

    سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ دورہ پاکستان میں ترکیہ صدر کے ہمراہ ایک وفد بھی پاکستان پہنچے گا، اس دورہ میں صدر اردوان کے ہمراہ ترکیہ کے وزیر خارجہ بھی ہوں گے۔

    سفارتی ذرائع کا بتانا ہے کہ ترکیہ وزیر خارجہ وزارت خارجہ میں بلاول بھٹو سے بھی ملاقات کریں گے جبکہ دورے میں ترک صدر کی وزیر اعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات ہوگی۔

    سفارتی ذرائع کا مزید بتانا ہے کہ اس دورہ میں  باہمی و دفاعی تعاون کے فروغ پر مفاہمتی یادداشتوں  پر دستخط کیے جائیں گے، وفد میں ترکیہ بحریہ کے اعلیٰ حکام بھی شریک ہوں گے۔

  • اردوان زیلنسکی ملاقات، روس کا رد عمل

    اردوان زیلنسکی ملاقات، روس کا رد عمل

    ماسکو: کریملن نے اردوان اور زیلنسکی ملاقات پر کہا ہے کہ اسے بہ غور دیکھا جا رہا ہے، ادھر ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے نیٹو ممبر شپ کے لیے یوکرین کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترک صدر طیب اردوان کی استنبول میں یوکرینی ہم منصب ولودیمیر زیلنسکی سے ملاقات ہوئی ہے، جس میں انھوں نے نیٹو ممبر شپ کے لیے یوکرین کی حمایت کی۔

    روس کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ زیلنسکی اور ترکی کے اردوان کے درمیان ملاقات کا بہ غور جائزہ لیا جا رہا ہے، نیز روس اس ملاقات کو اہم سمجھتا ہے۔ کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے صحافیوں کو بتایا کہ  مذاکرات کے نتائج پر گہری نظر رکھی جائے گی۔

    دوسری طرف اردوان زیلنسکی ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال ہوا، بعد ازاں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران ترک صدر نے اپنے یوکرینی ہم منصب ولودیمیر زیلنسکی کو اپنی حمایت کا یقین دلایا۔

    صدر اردوان نے کہا کہ یوکرین نیٹو میں شمولیت کا حق دار ہے، یوکرین اور روس کو امن مذاکرات کرنا چاہیے، انھوں نے مزید کہا کہ ترکیہ روس اور یوکرین میں جنگ ختم کرانے کے لیے کو ششیں جاری رکھے گا۔

  • عمران خان  کی رجب طیب اردوان  کو صدارتی انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد

    عمران خان کی رجب طیب اردوان کو صدارتی انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد

    لاہور : چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے   رجب طیب اردوان صدارتی انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ دعا ہے ان کی نئی 5سالہ مدت ترکیہ کے لوگوں کیلئےخوشحالی لائے۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ میں اپنے ملک کے لوگوں کی جانب سے رجب طیب اردوان کو کامیابی پر مبارکباد دیتا ہوں، ترکیہ پاکستان کا دوست ملک ہے، دعا ہے ان کی نئی 5سالہ مدت ترکیہ کے لوگوں کیلئےخوشحالی لائے۔

    یاد رہے رجب طیب اردوآن 54.47 فیصد ووٹ لے کر تیسری بار ترکیے کے صدر منتخب ہوئے، سپریم الیکشن کونسل کے چیئرمین احمت ینیرنے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ اردوآن نے چون اعشاریہ چار سات فیصد ووٹ حاصل کیے، کمال اوغلو نے سنتالیس فیصد ووٹ لیے، جس پر انہوں نے شکست تسلیم کرلی۔

    رجب طیب اردوآن تیسری بات صدر منتخب ہوئے تو صدارتی محل کے باہر عوام کا سمندر اُمڈ آیا اور صوفیہ تکبیر کے نعروں سے گونج اٹھا جبکہ استنبول اور انقرہ سمیت کئی شہروں میں ترک عوام نے جشن منایا اور شاندار آتش بازکی۔

    صدارتی محل کے باہر لاکھوں افراد سے خطاب میں اردوآن نے کہا یہ سلطنتِ عثمانیہ جیسا ٹرننگ پوائنٹ ہے، یہ متحد ہونے اور کام کرنے کا وقت ہے، ہم مل کر اسے ترکی کی صدی بنائیں گے۔

    رجب طیب اردوآن نے زلزلہ زدگان کی آبادکاری کو اولین ترجیح قراردیتے ہوئے مہنگائی کم کرنے کا بھی اعادہ کیا۔

  • ترک صدر رجب طیب اردوان نے اپنی جیت کا اعلان کر دیا

    ترک صدر رجب طیب اردوان نے اپنی جیت کا اعلان کر دیا

    انقرہ: ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے عام انتخابات میں‌اپنی جیت کا اعلان کر دیا۔

    ترک میڈیا کے مطابق ترکیہ صدارتی الیکشن میں ووٹوں کی گنتی مکمل ہو گئی ہے، رجب طیب اردوان 49.49 فی صد ووٹ لے کر آگے ہیں، جب کہ اپوزیشن رہنما کمال قلیچ دار اوغلو 44.79 فی صد ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر آئے ہیں۔

    ترک میڈیا کا کہنا ہے کہ صدارتی اور پارلیمانی الیکشن میں ووٹوں کا ٹرن آؤٹ 88 فی صد سے زائد رہا ہے۔

    گزشتہ دو دہائیوں سے حکمرانی برقرار رکھنے والے رہنما رجب طیب اردوان نے نتائج سامنے آنے کے بعد اپنی جیت کا اعلان کیا، انھوں نے کہا ’’ترکیہ کے عوام نے ہمیں منتخب کر لیا ہے، ترکیہ اور اس کے عوام الیکشن جیت گئے، ترک عوام کو کوئی شکست نہیں دے سکتا۔‘‘

    رجب طیب اردوان نے کہا کہ قوم کا فیصلہ سرکاری نتائج کے ساتھ ہی سامنے آ جائے گا، جس میں میں 50 فی صد سے زائد ووٹ لے کر انتخابات جیت جاؤں گا، ہم قومی رائے عامہ کا احترام کرتے رہیں گے۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ترک صدر کے حامیوں نے انقرہ میں آق پارٹی کے صدر دفتر کے باہر ایک پرجوش ریلی نکالی، اور وہ جیت کا جشن منا رہے ہیں۔ تاہم جس طرح ترکیہ میں دہائیوں بعد اتنے سخت مقابلے والے انتخابات لڑے گئے ہیں، صدر رجب طیب اردوان اور ان کے اہم حریف کے درمیان ’رن آف‘ کا امکان بڑھتا جا رہا ہے، یعنی دونوں کے درمیان اگر واضح فیصلہ نہ ہو سکا تو ایک بار پھر مقابلہ ہوگا۔

    واضح رہے کہ اگر دونوں میں سے کوئی بھی امیدوار 50 فی صد ووٹ حاصل نہیں کر پاتا تو دو ہفتوں کے اندر دوسری رائے شماری ہوگی۔