Tag: رجسٹریشن منسوخ

  • کرونا وائرس ہدایات کی خلاف ورزی پر نجی اسکولوں کے خلاف بڑی کارروائی

    کرونا وائرس ہدایات کی خلاف ورزی پر نجی اسکولوں کے خلاف بڑی کارروائی

    کراچی: شہر قائد میں کرونا وائرس کے سلسلے میں جاری ہدایات کی خلاف ورزی پر پچاس سے زائد اسکولوں کی رجسٹریشن منسوخ کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے کرونا وائرس کے سلسلے میں اسکول بند رکھنے کی ہدایات کے باوجود کراچی کے متعدد علاقوں میں آج اسکول کھولنے پر 50 سے زائد اسکولوں کی رجسٹریشن منسوخ کر دی گئی۔

    اس سلسلے میں آج ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز کی ٹیموں نے مختلف اسکولوں کے دورے کیے، ڈی جی پرائیویٹ انسٹیٹوشنز کی ہدایت پر مختلف نجی اسکولوں کے خلاف کارروائی کی گئی، رجسٹرار پرائیویٹ اسکول رفیعہ جاوید بھی ہمراہ تھیں، چیئرمین بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کو بھی نجی اسکولوں کے خلاف فوری کارروائی کے احکامات جاری کر دیے گئے۔

    کرونا وائرس ، سندھ حکومت کا 13 مارچ تک تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان

    کارروائی کے دوران لانڈھی، لیاری، کورنگی، گلشن حدید سمیت مختلف علاقوں کے اسکولوں کے خلاف ایکشن لیا گیا ہے، ناظم آباد میں جے بی میموریل اسکول، پاک ماڈل، آکسفورڈ، پرسٹن گرامر، لانڈھی میں اقبال پبلک، توحید پبلک اور ایمیز پبلک اسکول، الہادی انٹرنیشنل، ڈی ایچ نیوجنریشن سرجانی کی رجسٹریشن کینسل کر دی گئی۔ گلشن حدید میں الشمس، ابدالی اکیڈمی، کورنگی میں اسٹار کڈز، اے بی سی اسکول، اقرا اطفال، لانڈھی میں سٹی اسکول، کورنگی میں ڈی ایس اے اسکولنگ سسٹم کی رجسٹریشن بھی معطل کر دی گئی۔

    کارروائی کے دوران کے ایم اے اسکول کھارادر، ماما بے بی کیئر اسکول نیو ٹاؤن،انٹر نیشنل گرامر اسکول گلستان جوہر، المخدوم اسکول لیاری کے علاوہ پرائمری اینڈ سیکنڈری اسکول بھی دورے کے موقع پر کھلے پائے گئے جن کے خلاف فوری ایکشن لیا گیا۔

    خیال رہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ کے اعلان کے بعد پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز سندھ نے تمام نجی اسکولوں کو پابند کر دیا تھا، ہدایت کی گئی تھی کہ وی آئی پی اور نامور بڑے نجی تعلیمی ادارے بھی 13 مارچ تک اسکول بند رکھنے کے احکامات کی پابندی کریں ورنہ کارروائی کی جائے گی، ڈی جی پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز ڈاکٹر منسوب صدیقی کا کہنا تھا کہ سی ایم سندھ کا فیصلہ صوبے کے سب اسکولوں پر لاگو ہوگا، کوئی بھی پرائیویٹ اسکول اپنے اساتذہ کو بھی نہیں بلائے گا، بیکن ہاؤس، دی ایجوکیٹر، سٹی، سمیت ڈی ایچ اے کے تمام اسکول بھی احکامات کے پابند ہیں۔

    نجی اسکول کھولنے والے تمام مالکان کو ڈائریکٹرآفس طلب کر لیا گیا ہے، اسکولوں کے خلاف کارروائی کے لیے چئیرمین بورڈ آف سیکنڈری کو بھی سفارش کر دی گئی ہے۔

  • قانون پر پورا نہ اترنے والی 278 سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن ختم

    قانون پر پورا نہ اترنے والی 278 سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن ختم

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سیاسی جماعتوں کی فہرست جاری کردی، چھانٹی کے بعد ملک میں سیاسی جماعتوں کی تعداد نصف سے بھی کم رہ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قانون کے تقاضے پورا نہ کرنے والی سیاسی جماعتوں کی چھانٹی کردی ہے، نئی لسٹ کے مطابق ملک میں اب رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کی تعداد 122 رہ گئی ہے۔

    الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ نئی فہرست  میں 278 سیاسی جماعتوں کو رجسٹریشن کی فہرست سے خارج کردیا گیا ہے ، اس سے قبل ملک میں رجسٹرڈ سیاسی  جماعتوں کی تعداد 400 تھی ۔

    یاد رہے کہ یہ تعداد پوری دنیا میں سب سے زیادہ ہے اور پاکستان سے کہیں زیادہ آبادی والے ممالک میں بھی اتنی سیاسی جماعتیں رجسٹرڈ نہیں ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے رجسٹریشن کے لیے دو لاکھ روپے فیس اور کم از کم دو ہزار رجسٹرڈ کارکنان کی تفصیلات طلب کی تھیں، جو جماعتیں قواعد پر پوری نہیں اتریں۔ ان کی رجسٹریشن خارج کی گئی ہے۔

    الیکشن کمیشن کی جانب سے جارہ کردہ فہرست دیکھنے کے لیے کلک کریں

    ملک کی تمام مرکزی جماعتیں، جن میں پاکستان تحریک انصاف، مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، ایم کیوایم، ایم ایم اے، مسلم لیگ ق، اے این پی، مہاجر قومی موومنٹ اور جماعت اسلامی اپنی رجسٹریشن قائم رکھنے میں با آسانی کامیاب رہی ہیں۔

    یہ نوٹی فکیشن الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 202(2) کے تحت جاری کیا گیا ہے اور متاثرہ سیاسی جماعتیں ڈی لسٹنگ کے تیس دن کے اندر عدالت سے رجوع کرسکتی ہیں۔

  • پی ٹی آئی کی رجسٹریشن منسوخی کے لیے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر

    پی ٹی آئی کی رجسٹریشن منسوخی کے لیے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کی پارٹی رجسٹریشن منسوخی کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں درخواست دائر کر دی گئی.

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان میں تحریک انصاف کی پارٹی رجسٹریشن کی منسوخی کےلیے جسٹس پارٹی کے منصف اعوان کی جانب سے درخواست جمع کروائی گئی ہے.

    الیکشن کمیشن میں دائر کی گئی درخواست میں عمران خان کے اس بیان کو بنیاد بنایا گیا ہے کہ اگر پاکستان میں ماشل لا لگا تو عوام مٹھائیاں بانٹیں گے.

    درخواست گزار نے مؤقف اپنایا ہے کہ عمران خان کا بیان آئین اور الیکن کمیشن کے رجسٹریشن قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے.

    *ملک کو خطرہ فوج سے نہیں نوازشریف کی بادشاہت سے ہے، عمران خان

    الیکشن کمیشن میں دائر درخواست میں کہا گیا ہےکہ تحریک انصاف کی پارٹی رجسٹریشن اور انتخابی نشان منسوخ کرنے اور آئینی حلف کی خلاف ورزی پر عمران خان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے.

    یاد رہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے آزاد کشمیر میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر پاکستان میں ماشل لا لگا تو عوام مٹھائیاں بانٹیں گے.

     

     

  • شمالی وزیرستان: بےگھر13ہزارسے زائد خاندانوں کی رجسٹریشن منسوخ

    شمالی وزیرستان: بےگھر13ہزارسے زائد خاندانوں کی رجسٹریشن منسوخ

    شمالی وزیرستان: حکومت نے شمالی وزیرستان سے بے گھرتیرہ ہزار سے زائد خاندانوں کی رجسٹریشن منسوخ کرلی ہے۔

    شمالی وزیرستان میں آپریشن ضربِ عضب کامیابی سے جاری ہے، سرکاری حکام نے اے آروائی نیوز کو بتایا کہ شمالی وزیرستان سے بے گھر خاندانوں کی تصدیق کا عمل جاری ہے، تیرہ ہزار نو سو نواسی خاندانوں کی رجسٹریشن منسوخ کردی گئی ہے ان خاندانوں نے ایک سے زائد مقامات پراپنی رجسٹریشن کرائی تھی۔

    حکام کے مطابق دوہری رجسٹریشن کی وجہ سے متاثرہ خاندانوں کو حکومتی معاوضہ اور دیگرسہولیات کی ادائیگی میں مشکلات بھی پیش آرہی تھی۔

    حکام کے مطابق شمالی وزیرستان کے تیراسی ہزار چار سو اسی خاندانوں کورجسٹرڈ کیا گیا ہے، سرکاری حکام کا کہنا تھا کہ ان خاندانوں کی رجسٹریشن منسوخ ہونے کے بعد دیگر لوگوں میں امداد کی فراہمی میں آسانی پیدا ہوگی۔