Tag: رجسٹریشن

  • امریکا آنے والے غیر ملکیوں کو 30 دن سے زائد قیام پر کیا کرنا ہوگا؟

    امریکا آنے والے غیر ملکیوں کو 30 دن سے زائد قیام پر کیا کرنا ہوگا؟

    واشگٹن: امریکا آنے والے غیر ملکیوں کو 30 دن سے زائد قیام پر لازمی رجسٹریشن کرانا ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق سیکریٹری ڈی ایچ ایس کرسٹی نوئم کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایگزیکٹیو آرڈر کے تحت غیر ملکیوں کی رجسٹریشن کا ایکٹ نافذ کر دیا گیا ہے، اب امریکا آنے والے غیر ملکیوں کو 30 دن سے زائد قیام پر لازمی رجسٹریشن کرانا ہوگی۔

    غیر ملکیوں کو رجسٹریشن ساتھ رکھنے کی ہدایت کر دی گئی ہے، ورک پرمٹ اور گرین کارڈ ہولڈر اس سے مستثنٰی قرار دیے گئے ہیں، غیر ملکیوں کا رجسٹرڈ نہ ہونا جرم ہے، جس پر قید اور جرمانے ہوں گے۔

    یاد رہے کہ صدر ٹرمپ نے 20 جنوری کو امیگریشن سسٹم کے تحت غیر ملکیوں کی رجسٹریشن ایکٹ پر دستخط کیے تھے، 14 سال کی عمر کو پہنچنے والے غیر ملکیوں کو بھی رجسٹرڈ ہونے کی ہدایت کی گئی ہے، تمام غیر ملکیوں کو رجسٹریشن ہر وقت پاس رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔


    امریکا میں غیرملکیوں کی رجسٹریشن کی ڈیڈ لائن ختم، سخت احکامات جاری


    واضح رہے کہ امریکا میں غیر ملکیوں کی سخت جانچ پڑتال کا آغاز ہو گیا ہے، غیرملکیوں کی رجسٹریشن کی ڈیڈ لائن ختم ہو گئی ہے، اور غیر رجسٹرڈ افراد مجرم قرار دے دیے گئے ہیں، امریکا میں موجود غیر ملکیوں کی رجسٹرڈ ہونے کے لیے آخری تاریخ 11 اپریل تھی۔

    سیکریٹری ہوم لینڈ سیکیورٹی کرسٹی نوئم نے ایک بیان میں کہا ہے کہ غیر قانونی طور پر امریکا میں موجود غیر ملکی اب چلے جائیں، اگر غیر ملکی ابھی چلے جاتے ہیں تو واپس لوٹنے کا موقع مل سکتا ہے۔ انھوں نے کہا ہمیں یہ جاننا ہے کہ امریکیوں کی سلامتی کے لیے ہمارے ملک میں کون موجود ہے۔

    ترجمان وائٹ ہاؤس کیرولائن لیوٹ نے کہا ہے کہ ملکی سلامتی کے لیے ضروری ہے ہر غیر ملکی کی جانچ پڑتال ہو، نئے کانگریس بل کے تحت ووٹر کو امریکی شہریت کا ثبوت دکھانا ہوگا۔

  • سعودی عرب: عازمین حج کے لئے بڑی خوشخبری

    سعودی عرب: عازمین حج کے لئے بڑی خوشخبری

    سعودی عرب میں وزارت حج وعمرہ نے کہا ہے کہ 104 ممالک کے لیے نسک پلیٹ فارم کے ذریعے ڈائریکٹ حج پیکیجز کی رجسٹریشن کا آغاز کل بروز اتوار سے ہوجائے گا۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزارت حج وعمرہ کی جانب سے 104 ممالک کے شہریوں کے لیے نسک پلیٹ فارم کے ذریعے براہ راست حج پیکجز بک کرنے کی سہولت فراہم کردی گئی ہے۔

    وزارت کے مطابق جو ممالک اس کیٹگری میں شامل ہیں ان سے آنے والے عازمین کو حج پیکیج میں تمام خدمات فراہم کی جاتی ہیں جن میں فلائٹ بکنگ کے علاوہ دیگر تمام سروسز شامل ہیں۔

    براہ راست حج پیکیج کی بکنگ کرانے والوں کو اپنی مرضی کے مطابق فلائٹ کا انتخاب کرنے کا اختیار ہوگا، اس کے علاوہ وہ اپنے اہل خانہ کے لیے بھی پیکیج حاصل کرسکتے ہیں۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب نے مقامی عازمین کے لیے بھی حج 1446 کی رجسٹریشن کھول دی ہے۔

    وزارت حج و عمرہ نے مقامی عازمین بشمول شہریوں اور رہائشیوں کے لیے حج 1446 رجسٹریشن کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے درخواست گزاروں سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنی درخواستیں نسک ایپ یا سرکاری ای پورٹل کے ذریعے جمع کرائیں۔

    حج آپریشن میں خدمت کرنے والوں کیلئے اہم خبر

    وزارت نے یہ بھی واضح کیا کہ جن لوگوں نے پہلے حج نہیں کیا ان کو ترجیح دی جائے گی۔

  • فری لیپ ٹاپ اسکیم  میں رجسٹریشن کرانے والے طلبا ہوشیار ہوجائیں !

    فری لیپ ٹاپ اسکیم میں رجسٹریشن کرانے والے طلبا ہوشیار ہوجائیں !

    لاہور : وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے لیپ ٹاپ اسکیم میں رجسٹریشن کرانے والے طلبا کو خبر دار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے لیپ ٹاپ اسکیم کے حوالے سے بیان میں کہا کہ اسکیم کے حوالے سے گردش کرنیوالے تمام لنکس جعلی ہیں، نوجوان محتاط رہیں، غیر مستند لنکس مت کھولیں۔

    یہ لنک صارفین کو ایک ویب سائٹ پر لے جاتا ہے جہاں ان سے ذاتی تفصیلات فراہم کرنے کو کہا جاتا ہے، بشمول ان کا نام، تعلیمی پس منظر وغیرہ۔

    ان کا کہنا تھا کہ مستند لنکس و معلومات کیلئے صرف ایچ ای ڈی کی ویب سائٹ یا پیج کو وزٹ کریں۔

    مزید پڑھیں : مفت لیپ ٹاپ حاصل کرنے کا طریقہ کار سامنے آگیا

    خیال رہے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے چند ماہ قبل اعلان کیا تھا کہ لیپ ٹاپ اسکیم 2025 کے تحت اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء میں مفت لیپ ٹاپ تقسیم کیے جائیں گے۔

    حکومت ہونہار طلباء میں 50,000 جدید ترین لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔

    چیف منسٹر کے لیپ ٹاپ پروگرام کے تحت طلباء کو 13ویں جنریشن کے کور 7 آئی لیپ ٹاپ ملیں گے، اقلیتی طلبہ اور سیکنڈری اور ہائر سیکنڈری اسکول کے امتحانات میں بہترین کارکردگی دکھانے والوں کو بھی لیپ ٹاپ سے نوازا جائے گا۔

  • بیرون ملک جانے والے خواہشمند  میڈیکل طلبا پر بڑی پابندی عائد

    بیرون ملک جانے والے خواہشمند میڈیکل طلبا پر بڑی پابندی عائد

    اسلام آباد : بیرون ملک جانے والے خواہشمند میڈیکل طلبا پر بڑی پابندی عائد کردی گئی اور روانگی رجسٹریشن سے مشروط کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے بیرون ملک جانے والے میڈیکل طلبا کی رجسٹریشن کا فیصلہ کرلیا، ذرائع نے بتایا کہ طلبا کی بیرون ملک روانگی رجسٹریشن سے مشروط کر دی گئی ہے، اب ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس کیلئے باہر جانے والوں کی رجسٹریشن لازم ہوگی۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ پی ایم ڈی سی بیرون ملک جانے والے طلبا رجسٹرڈ کرے گی، طلبا پی ایم ڈی سی رجسٹریشن کے بغیر بیرون ملک نہیں جا سکیں گے۔

    ذرائع نے کہا کہ بیرون ملک جانے والے طلبا کی سہولت کیلئے رجسٹریشن کا فیصلہ ہوا ہے، طلبا پی ایم ڈی سی ایکٹ کے تحت رجسٹرڈ ہوں گے۔

    ذرائع کا مزید بتانا تھا کہ باہر جانے طلبا کی رجسٹریشن پی ایم ڈی سی ویب سائٹ پر ہو گی اور سال 2025 میں بیرون ملک جانے والے طلبا پر فیصلے کا اطلاق ہوگا۔

    ذرائع کے مطابق پی ایم ڈی سی باہر جانے کے خواہشمند میڈیکل طلبا کو گائیڈ کرے گی اور باہر جانے والے طلبا کو مصدقہ فارن میڈیکل کالج بارے رہنمائی دی جائے گی۔

    رجسٹریشن کا مقصد بیرون ملک جانے والے طلبا کی حفاظت یقینی بنانا ہے کیونکہ 2024 میں کرغزستان میں پاکستانی طلبا پر تشدد کے واقعات سامنے آئے تھے، رجسٹریشن کا مقصد پی ایم ڈی سی سے مصدقہ کالجز میں داخلے یقینی بنانا ہے۔

    ذرائع نے کہا کہ میڈیکل طلبا کی بیرون ملک معیاری تعلیم یقینی بنانے کیلئے فیصلہ ہوا ہے، فارن میڈیکل کالجز میں زیرتعلیم پاکستانی طلبا مشکلات کا سامنا کرتے ہیں اور غیر مصدقہ فارن میڈیکل کالجز کے طلبا کو وطن واپسی پر مشکلات ہوتی ہیں جبکہ غیر مصدقہ فارن میڈیکل کالجز کی ڈگریوں کی رجسٹریشن میں مسائل ہوتے ہیں۔

    ہزاروں پاکستانی طلبا فارن میڈیکل کالجز میں زیر تعلیم ہیں، پاکستانی میڈیکل طلبا چین، کیوبا، وسطی ایشیائی ممالک میں زیرتعلیم ہیں۔

  • وفاقی حکومت کا مدارس رجسٹریشن سے متعلق صدارتی آرڈیننس لانے کا فیصلہ

    وفاقی حکومت کا مدارس رجسٹریشن سے متعلق صدارتی آرڈیننس لانے کا فیصلہ

    وفاقی حکومت نے مدارس رجسٹریشن سے متعلق صدارتی آرڈیننس جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    حکومتی ذرائع کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری مدارس کی رجسٹریشن سے متعلق ایک آرڈیننس جاری کریں گے، آرڈیننس جاری کرنے کا فیصلہ وزیر اعظم کی مولانا فضل الرحمان اور صدر آصف زرداری سے ملاقاتوں میں کیا گیا۔

    ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ مدارس کی رجسٹریشن سے متعلق آرڈیننس پر جمعیت علمائے اسلام سمیت دیگر اسٹیک ہولڈرز نے اتفاق کرلیا، نئے آرڈیننس میں ڈائریکٹوریٹ جنرل مذہبی تعلیم اور سوسائٹی رجسٹریشن ترمیمی ایکٹ کے تحت مدارس کو قانونی تحفظ فراہم کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمان رواں برس اکتوبر میں 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری میں اپنی پارٹی اراکین کے ووٹوں کی اہمیت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مدارس کی رجسٹریشن کے لیے سوسائٹی ایکٹ میں ترمیم کے بل کی منظوری کی شرط منوانے میں کامیاب ہوئے تھے۔

    مدارس رجسٹریشن سے متعلق بل 20 اکتوبر کو سینیٹ سے منظور ہوا اور اگلے ہی روز 21 اکتوبر کو قومی اسمبلی نے اس کی منظوری دی تھی جس کے بعد اسی روز اسے دستخط کے لیے صدرِ پاکستان آصف علی زرداری کو بھجوا دیاگیا تھا۔

    تاہم صدر پاکستان نے تاحال اس بل پر دستخط نہیں کیے جس کی وجہ سے مدارس کی رجسٹریشن کا بل قانون کی صورت اختیار نہیں کر پایا ہے۔

  • دبئی میں دلچسپ ونٹر کیمپ کا انعقاد، رجسٹریشن شروع

    دبئی میں دلچسپ ونٹر کیمپ کا انعقاد، رجسٹریشن شروع

    دبئی میں بچوں کے لیے تعلیمی اور تفریحی پروگرام ونٹر اسپیس ایکسپلورر کیمپ کا انعقاد کیا جارہا ہے جو مختلف سرگرمیوں پر مشتمل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محمد بن راشد اسپیس سینٹر (ایم بی آر ایس سی) نے "ونٹر اسپیس ایکسپلورر کیمپ 2024” کے لیے رجسٹریشن کا اعلان کیا ہے جو 23 سے 26 دسمبر تک سینٹر کے ہیڈ کوارٹر میں منعقد ہوگا۔

    رپورٹ کے مطابق ونٹر اسپیس ایکسپلورر کیمپ 2024 7 سے 10 سال کے بچوں کے لیے ایک تعلیمی اور تفریحی پروگرام ہے۔

    یہ کیمپ مختلف سرگرمیوں پر مشتمل ہے جو بچوں میں خلا کے بارے میں تجسس اور دلچسپی کو پروان چڑھاتی ہیں۔ اس سال یہ کیمپ ایک ایڈیشن کی صورت میں منعقد ہوگا جس میں لڑکے اور لڑکیاں دونوں شرکت کرسکتے ہیں۔ کیمپ کی سرگرمیوں میں تعلیمی اور عملی ورکشاپس، مقابلے اور تفریح شامل ہیں۔

    اس موقع پر شرکاء کو خلا میں روبوٹکس کے کردار کے بارے میں جاننے کا موقع ملے گا۔ ایم بی آر ایس سی کی خلائی کاوشوں کا جائزہ لیا جائے گا۔

    تھری ڈی خلائی تخلیقات کا ڈیزائن، سائنسی تجربات اور اماراتی خلا بازوں سے ملاقات کی جائے گی تاکہ وہ اپنے مشن اور تربیتی تجربات کو شیئر کر سکیں۔

    اس حوالے سے ڈائریکٹر اسٹریٹجک کمیونیکیشن کا کہنا ہے کہ "ونٹر اسپیس ایکسپلورر کیمپ کے ذریعے طلباء اپنی چھٹیوں میں تعلیمی اور تفریحی سرگرمیوں کے ذریعے اپنی سائنسی اور عملی صلاحیتوں کو بڑھا سکتے ہیں۔

    مذکورہ کیمپ متحدہ عرب امارات کے خلائی شعبے میں ترقی اور کامیابیوں کو تقویت دینے کے لیے مستقبل کے سائنس دانوں، انجینئرز اور خلا بازوں کی پرورش کے ایم بی آر ایس سی کے ہدف کے مطابق ہے۔

    دلچسپی رکھنے والے افراد کیمپ میں شرکت کے لیے درج ذیل لنک پر رجسٹر کرسکتے ہیں:
    Winter Space Camp2024 – MBRSC

  • وی پی این کی رجسٹریشن سے متعلق پی ٹی اے کا اہم اعلان

    وی پی این کی رجسٹریشن سے متعلق پی ٹی اے کا اہم اعلان

    اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے کہا ہے کہ اداروں اور فری لانسرز کیلئے وی پی این کی رجسٹریشن مزید آسان کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں وی پی این (ورچوئل پرائیوٹ نیٹ ورک) کی رجسٹریشن کے حوالے سے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ سافٹ ویئر ہاؤسز، کال سینٹرز اور بینک پی ٹی اے کی ویب سائٹ پر اس سلسلے میں رجسٹریشن کراسکتے ہیں۔

    پی ٹی اے نے کہا کہ سفارتخانے، فری لانسرز ویب سائٹ پر وی پی اینز باآسانی رجسٹرڈ کرسکتے ہیں، سافٹ ویئرایکسپورٹ بورڈ کے ممبران بھی سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

    رجسٹریشن کیلئے آن لائن فارم مکمل کرنا، بنیادی تفصیلات فراہم کرنا ضروری ہے، فری لانسرز کو اپنے پروجیکٹ یا کمپنی سے وابستگی کی تصدیق فراہم کرنا ہوگی، درخواست دہندگان کو وی پی این کنیکٹیوٹی کیلئے آئی پی ایڈریس بھی فراہم کرنا ہوگا۔

    پی ٹی اے کا مزید کہنا تھا کہ وی پی این رجسٹریشن کے عمل کے کوئی چارجز نہیں ہیں، اب تک 20 ہزار سے زائد کمپنیاں، فری لانسرز وی پی اینز رجسٹر کراچکے ہیں۔

  • غیر قانونی تارکین وطن کو رجسٹریشن، واپسی کے مواقع دیئے: وزیراعظم

    غیر قانونی تارکین وطن کو رجسٹریشن، واپسی کے مواقع دیئے: وزیراعظم

    نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان نے تارکین وطن کو فراخدلی سے سنبھالا ہے تارکین وطن کو رجسٹریشن اور واپسی کے مواقع دیئے جلد بازی سے کام لینے کا کہنا بالکل غلط ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے برطانیہ کے بڑے اخبار ٹیلی گراف میں لکھا کہ گزشتہ دہائیوں کے دوران آئرلینڈ کی آبادی کے برابر تارکین وطن آچکے ہیں اور ہم نے فراخدلی سے تارکین وطن کی اتنی بڑی تعداد کو سنبھالا ہے۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ مہمان نوازی پاکستان کے ڈی این اے میں شامل ہے، غیر قانونی تارکین وطن کو رضاکارانہ طور پر رجسٹریشن اور واپسی کے مواقع دیئے، یہ کہنا بالکل غلط ہے کہ پاکستان نے جلد بازی سے کام لیا۔

    انہوں نے کہا کہ بہت سے غیر قانونی لوگ بلیک مارکیٹ میں کام کرتے ہیں، کوئی ٹیکس نہیں دیتے، یہ لوگ انڈر ورلڈ کے استحصال کا شکار بھی ہیں، اگست 2021 سے کم از کم 16 افغانیوں نے پاکستان میں خودکش حملے کئے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان نے افغان حکومت کے ساتھ سیکیورٹی مسائل پر بات کی افغان حکومت نے ہمیں کہا اپنے اندرونی معاملات خود ٹھیک کریں پھر پاکستان نے فیصلہ کر لیا کہ ہم اپنے اندرونی معاملات ٹھیک کریں گے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ غیر قانونی تارکین وطن کے انخلا پر سوشل میڈیا پر غلط معلومات، بے بنیاد الزامات کی بھر مار ہے، غیر قانونی افراد کے ساتھ احترام اور دیکھ بھال کے ساتھ برتاؤ کرنے کے سخت احکامات ہیں، تقریباً 79 ٹرانزٹ مراکز قائم کیے جو مفت کھانا، پناہ گاہ اور طبی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔

    انوالحق نے کہا کہ اتنی بڑی تعداد میں غیر قانونی افراد کو قیام کی اجازت دیکر قومی سلامتی پر مزید سمجھوتہ نہیں کرسکتے ہمارا  مقصد پاکستان کو محفوظ، پر امن اور خوشحال بنانا ہےپاکستان میں تارکین وطن کا مسئلہ بالکل مختلف نوعیت کا ہے۔

    نگراں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں حکومتیں بڑے پیمانے پر تارکین وطن کیلئے پالیسیاں بنارہی ہیں، کئی ممالک معاشی، موسمیاتی تبدیلی مد نظر رکھ کر تارکین وطن کیلئے فیصلے کرتے ہیں۔

  • ’قطر: آئندہ حج سیزن کیلئے رجسٹریشن کی تاریخ سامنے آگئی‘

    ’قطر: آئندہ حج سیزن کیلئے رجسٹریشن کی تاریخ سامنے آگئی‘

    قطر میں آئندہ حج سیزن کیلئے رجسٹریشن کی تاریخ کا اعلان کردیا گیا، قطر کی وزارت اوقاف اور اسلامی امور کا کہنا ہے کہ آئندہ حج سیزن کے لیے رجسٹریشن کا جلد آغاز کردیا جائے گا۔

    قطر کی وزارت اوقاف اور اسلامی امور کی جانب سے گزشتہ روز ایک پریس کانفرنس کی گئی جس میں کہا گیا کہ شہریوں اور رہائشیوں کے لیے رجسٹریشن 20 ستمبر 2023 بروز بدھ صبح 8 بجے سے شروع ہوگی اور یہ hajj.gov.qa ویب سائٹ کے ذریعے ہوگی۔

    مزید یہ کہ رجسٹریشن کی مدت ایک پورے مہینے پر محیط ہوگی، جس کا اختتام 20 اکتوبر 2023 کو ہوجائے گا۔ اس کے بعد نومبر میں الیکٹرانک چھانٹی اور منظوری کا عمل شروع ہو گا۔

    عہدیدار نے سعودی حکام کی طرف سے مختص حج کوٹہ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ کوٹہ 4,400 عازمین تک مختص ہے، جس کی رجسٹریشن ہر کسی کے لیے ہے، چاہے وہ قطری ہو یا پھر وہاں کا رہائشی ہو۔

    قطریوں کے لیے، شہری کی عمر کم از کم 16 سال ہونی چاہیے، اس میں پانچ ساتھیوں کو شامل کرنا ممکن ہے۔

    وزارت کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ رجسٹریشن کے ابتدائی اعلان کا مقصد حج ٹور آپریٹرز (حملات) کو سعودی کمپنیوں کے ساتھ اپنے معاہدوں کو حتمی شکل دینے اور عازمین کے لیے خدمات کو بڑھانے کی اجازت دینا تھا۔

    سعودی وزارت حج نے حجاج کے لیے الیکٹرانک رجسٹریشن بھی شروع کردی ہے۔ جبکہ وزارت نے 30 جون کو حج سیزن کے لیے مختلف ممالک کے لیے مختص کوٹے کو عام کیا۔

  • کرونا ویکسینیشن: پاکستان میں 65 سال سے زائد عمر کے افراد کی رجسٹریشن کا آغاز

    کرونا ویکسینیشن: پاکستان میں 65 سال سے زائد عمر کے افراد کی رجسٹریشن کا آغاز

    اسلام آباد: پاکستان میں کرونا وائرس ویکسی نیشن کے لیے 65 سال اور اس سے زائد عمر کے افراد کی رجسٹریشن کا آغاز کردیا گیا، چین سے آنے والی ویکسین اب تک ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملے کو لگائی جاچکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ کرونا ویکسی نیشن کے لیے 65 سال اور اس سے زائد عمر کے شہریوں کی رجسٹریشن کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    اسد عمر نے کہا کہ اپنا شناختی کارڈ نمبر ٹائپ کر کے 1166 پر ایس ایم ایس کردیں، اس گروپ کے لیے ویکسی نیشن کا آغاز مارچ سے ہو جائے گا۔

    خیال رہے کہ چین سے آنے والی کووڈ 19 ویکسین ملک بھر کے ہیلتھ ورکرز، ڈاکٹرز اور پیرا میڈکس کو لگائی جارہی ہے، اس کی افادیت 79 سے 86 فیصد کے درمیان ہے۔

    پاکستان کو جلد کوویکس پلیٹ فارم سے فائزر ویکسین بھی مل جائے گی، اس کی اسٹوریج کے لیے 21 جدید ریفریجریٹرز خریدنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    جدید ریفریجریٹرزمیں فائزر کرونا ویکسین ذخیرہ کی جائے گی، ریفریجریٹرز منفی 70 سینٹی گریڈ پر ویکسین اسٹوریج کے حامل ہوں گے، پاکستانی ویکسین کولڈ چین سسٹم منفی 20 سینٹی گریڈ پر اسٹوریج کا حامل ہے۔