Tag: رجسٹریشن

  • سعودی عرب: نئے ورک ایگریمنٹ کی رجسٹریشن کے حوالے سے وضاحت

    سعودی عرب: نئے ورک ایگریمنٹ کی رجسٹریشن کے حوالے سے وضاحت

    ریاض: سعودی عرب میں غیر ملکی کارکنان کے نئے ورک ایگریمنٹ کی رجسٹریشن کے حوالے سے معلومات جاری کردی گئیں، رجسٹریشن کا عمل نئے مجوزہ قوانین کے تحت کیا جا رہا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود آبادی کا کہنا ہے کہ مملکت میں غیر ملکی کارکنوں کے ورک ایگریمنٹ وزارت کے پلیٹ فارم مدد میں رجسٹر کروائے جائیں۔

    ملازمت کے معاہدے کی رجسٹریشن کا عمل نئے مجوزہ قوانین کے تحت کیا جا رہا ہے جن کا نفاذ 15 مارچ 2021 سے کیا جائے گا۔

    وزارت افرادی قوت کی جانب سے ہینڈ بل جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق ملازمت کے معاہدے کی رجسٹریشن نجی شعبے کے لیے ہے تاکہ نیا لاگو ہونے والے قانون پر بہتر طور پر عمل کیا جاسکے۔

    ورک ایگریمنٹ کی رجسٹریشن کے حوالے سے وزارت افرادی قوت کا کہنا ہے کہ رجسٹر کیے جانے والے ملازمت کے معاہدے کو جامع انداز میں مرتب کیا گیا ہے جس کا مقصد مملکت میں لیبر مارکیٹ کو منظم کرنا ہے۔

    رجسٹریشن کے اہداف کے حوالے سے وزارت کا کہنا ہے کہ یکساں ملازمت کے معاہدے سے دو طرفہ حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا جبکہ وزارت کے پلیٹ فارم مدد میں رجسٹر کیے جانے والے معاہدے کی اہمیت وزارت میں تسلیم کی جائے گی جس سے فریقین کے حقوق کو تحفظ ملے گا اور کسی بھی اختلاف کی صورت میں معاہدے کے نکات کے تحت فیصلہ کیا جائے گا۔

    یکساں معاہدے کی ایک کاپی آجر اور دوسری اجیر کے پاس ہوگی، فریقین معاہدے کی منظوری کے بعد اسے وزارت کے پلیٹ فارم مدد پر رجسٹر کروانے کے لیے اپ لوڈ کیا جائے گا جس کے بعد کارکن کو یہ اختیار ہوگا کہ وہ 7 دن کے اندر اس پر عمل کرے، اگر مقررہ مدت کے دوران معاہدے پر عمل شروع نہ کیا جائے تو وہ از خود معطل ہو جائے گا۔

    اگر کارکن معاہدے کو منظور نہیں کرے گا تو اسے 7 دن کی مہلت ہوگی اس دوران وہ اپنے اعتراض کے بارے میں آجر کو تحریری طور پر مطلع کرے۔

    خیال رہے کہ سعودی عرب میں وزارت افرادی قوت کی جانب سے غیر ملکی کارکنوں کے لیے ملازمت کے نئے قوانین مرتب کیے جارہے ہیں، جس کے تحت کارکنوں کو یہ سہولت ہوگی کہ وہ بہتر جگہ روزگار حاصل کر سکے اس کے لیے انہیں اپنی مطلوبہ کمپنی یا ادارے سے ورک ایگریمنٹ حاصل کرنا ہوگا۔

    نئے قانون میں ورک ایگریمنٹ ہی اہم ہوگا جس کے تحت کارکن مملکت میں قانونی طور پر کسی بھی جگہ کام کرنے کا اہل ہوسکے گا۔

  • سعودی عرب: کرونا وائرس ویکسین کے لیے 1 لاکھ افراد کی رجسٹریشن

    سعودی عرب: کرونا وائرس ویکسین کے لیے 1 لاکھ افراد کی رجسٹریشن

    ریاض: سعودی عرب میں کرونا وائرس ویکسین کے لیے، موبائل ایپ پر رجسٹریشن شروع ہونے کے ایک روز کے اندر 1 لاکھ افراد نے خود کو رجسٹر کروا لیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق مملکت میں کرونا وائرس ویکسین کے لیے رجسٹریشن کروانے والوں کی تعداد 1 لاکھ ہوگئی ہے۔

    وزارت صحت کا کہنا ہے کہ موبائل ایپ میں رجسٹریشن کے آغاز سے اب تک 1 لاکھ سے زائد شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں نے خود کو رجسٹرڈ کیا ہے۔

    وزارت نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ کرونا ویکسین لینے کے خواہشمند مزید شہری و غیر ملکی موبائل ایپ میں خود کو رجسٹرڈ کرلیں۔

    وزارت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ویکسین کی دستیابی پر پہلے رجسٹریشن کرنے والوں کو پہلے بلایا جائے گا اور انہیں قریبی مرکز میں پیشگی وقت دیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز وزارت صحت نے کرونا وائرس ویکسین لینے کے خواہشمندوں کو موبائل ایپ میں رجسٹریشن کی ہدایت کی تھی، وزارت کے مطابق 3 مراحل میں ویکسین دی جائے گی، یہ شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے لیے بالکل مفت ہوگی۔

    پہلے مرحلے میں ان افراد کو ویکسین دی جائے گی جن کی عمریں 65 سال سے زیادہ ہیں، وہ افراد جو کرونا وائرس کے مریضوں سے براہ راست رابطے میں ہیں اور وہ جو مستقل بیماریوں میں مبتلا ہیں۔

    دوسرے مرحلے میں ان افراد کو شامل کیا جائے جن کی عمریں 50 سال سے زائد ہیں، صحت عملہ اور مستقل بیماریوں میں مبتلا افراد بھی اس مرحلے میں شامل ہوں گے۔

    تیسرے مرحلے میں یہ ان تمام شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے لیے فراہم ہوگی جو ویکسین لینے کے خواہشمند ہوں گے۔

  • سعودی عرب: کرونا وائرس ویکسین کے لیے رجسٹریشن کیسے ہوگی؟

    سعودی عرب: کرونا وائرس ویکسین کے لیے رجسٹریشن کیسے ہوگی؟

    ریاض: سعودی عرب میں کرونا وائرس کی ویکسین لگانے کے لیے رجسٹریشن کا طریقہ کار وضع کردیا گیا، رجسٹریشن توکلنا ایپ کے ذریعے ہوگی جو شروع کی جاچکی ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی ویکسی نیشن کمپنی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر مازن حسنین کا کہنا ہے کہ مملکت میں کرونا وائرس ویکسین لگانے کے لیے توکلنا ایپ کے ذریعے رجسٹریشن کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    ڈاکٹر مازن حسنین نے ایک مقامی ٹی وی کو انٹرویودیتے ہوئے کہا کہ وزارت صحت کے شیڈول کے مطابق سب سے پہلے ویکسین کرونا وائرس کے خطرناک مریضوں کو دی جائے گی۔

    ویکسین کی فراہمی کے حوالے سے ڈاکٹر حسنین کا کہنا تھا کہ ویکسینشن کا طریقہ کار سینٹرلائزڈ کیا جائے گا جس کے لیے توکلنا ایپ پر مریضوں کو رجسٹر کرنے کے بعد مرحلہ وار انہیں ویکسین لگائی جائے گی۔

    پہلے مرحلے میں جن افراد کو ویکسین دی جائے گی اس کا تعین وزارت صحت کی جانب سے کیا جا چکا ہے، ابتدائی طور پر معمر اور خطرناک امراض کا شکار لوگوں کو ویکسین دی جائے گی۔

    ویکسی نیشن کا آغاز ترجیحی طور پر بڑے شہروں سے کیا جائے گا جس طرح کرونا وائرس ٹیسٹنگ کے لیے طریقہ کار ماضی میں وزارت صحت کی جانب سے اختیار کیا گیا تھا۔

    ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر مازن نے کہا کہ ُفائزر بائیونٹک کمپنی کی تیار کردہ ویکسین 16 برس سے زائد عمر کے افراد کے لیے ہی ہے، اس لیے ابتدائی طور پر یہ ویکسین 16 برس اور اس سے زائد عمر کے افراد کو ہی دی جائے گی۔

    ڈاکٹر حسنین نے مزید کہا کہ کمپنی کی جانب سے جلد ہی 16 برس سے کم عمر بچوں کے لیے بھی ویکسین تیار کرلی جائے گی۔

    انہوں نے ایک بار پھر یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ ویکسین کے بارے میں انتہائی باریک بینی سے تمام تجربات کا جائزہ لیا جا چکا ہے جس کے بعد ہی مذکورہ ویکسین کو مملکت کے لیے درآمد کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔

    ڈاکٹر حسنین کا مزید کہنا تھا کہ ویکسین کی مملکت آمد کے ساتھ ہی اسے لگانے سے قبل ماہرین کو نمونے فراہم کیے جائیں گے جو ان کا تفصیلی جائزہ لیں گے تاکہ اس بارے میں پوری یقین دہانی کی جاسکے کہ جو کچھ ویکسین کی رپورٹس میں کہا گیا تھا وہ اس سے مطابقت رکھتی ہے۔

  • وزیراعظم کورونا ریلیف ٹائیگرز فورس کی رجسٹریشن کا باقاعدہ آغاز

    وزیراعظم کورونا ریلیف ٹائیگرز فورس کی رجسٹریشن کا باقاعدہ آغاز

    اسلام آباد : وزیراعظم کورونا ریلیف ٹائیگرز فورس میں نوجوانوں کیلئے رجسٹریشن کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا، عثمان ڈا ر کا کہنا تھا کہ نوجوانوں سے درخواست ہے کسی جعلی فارم پررجسٹریشن نہ کریں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کورونا ریلیف ٹائیگرز فورس کی رجسٹریشن کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ،  رجسٹریشن پاکستان سیٹیزن پورٹل پراوپن کر دی گئی ہے۔

    وزیراعظم آفس میں کنٹرول روم قائم اور مانیٹرنگ ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہے  ، معاون خصوصی عثمان ڈار نے وزیراعظم آفس میں قائم کنٹرول روم کا دورہ کیا اور خود کو بھی ٹائیگر فورس میں رجسٹرکرا یا۔

    رجسٹریشن کا آغاز ہوتے ہی 90 نوجوان ٹائیگرز پروگرام میں رجسٹرڈ ہوگئے۔

    وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ نوجوانوں کیلئے سیٹیزن پورٹل پر رجسٹریشن اوپن کر دی گئی ہے، نوجوان وزیراعظم کی ٹائیگر فورس کا حصہ بن سکتے ہیں۔

    ،عثمان ڈا ر کا کہنا تھا کہ نوجوانوں سے درخواست ہے کسی جعلی فارم پررجسٹریشن نہ کریں، رجسٹریشن صرف پاکستان سیٹیزن پورٹل کے ذریعے ہی ہوگی، خوشی ہے میں وزیراعظم کی ریلیف ٹائیگر فورس کا حصہ ہوں۔

    دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے پر اپنے بیان میں کہا نوجوان کورونا ٹائیگر فورس جوائن کر کے اس جنگ میں کردار ادا کریں، کورونا ٹائیگر فورس کورونا کی وبا کیخلاف جہاد کیلئے بنائی گئی ہے۔

    گزشتہ روزسٹیزن پورٹل پرلاکھوں ہٹس کی وجہ سےرجسٹریشن روک دی گئی تھی، سسٹم اپ گریڈ کرکے رات 2 بجے دوبارہ رجسٹریشن کاعمل شروع کیا گیا،  12 گھنٹے میں76ہزارسےزائدنوجوان کوروناریلیف ٹائیگرزپروگرام میں رجسٹرڈہوئے۔

    وزیراعظم عمران خان کے کورونا ریلیف ٹائیگرز پروگرام میں رجسٹریشن کا عمل جاری ہے ، پنجاب سے 55ہزار 524 ، خیبرپختونخوا سے9 ہزار 311، سندھ سے 6 ہزار 546 ، اسلام آباد کے 967 اور آزاد کشمیر سے 669  نوجوانوں کورونا ریلیف ٹائیگرز پروگرام میں رجسٹریشن کرائی۔

    کورونا ریلیف ٹائیگرز پروگرام میں رجسٹریشن کاعمل 10 اپریل تک جاری رہے گا۔

  • بچوں کو پولیو کے قطرے نہ پلانے پر 2 نجی اسکولز کی رجسٹریشن معطل

    بچوں کو پولیو کے قطرے نہ پلانے پر 2 نجی اسکولز کی رجسٹریشن معطل

    کراچی: انسداد پولیو مہم کے دوران پولیو ٹیم سے تعاون نہ کرنے اور بچوں کو پولیو کے قطرے نہ پلانے پر 2 نجی اسکولز کی رجسٹریشن معطل جبکہ 40 کو شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق نجی اسکولوں کی جانب سے پولیو ٹیم کے ساتھ تعاون نہ کرنے پر ڈائریکٹر پرائیوٹ اسکولز نے کارروائی شروع کردی۔ ڈائریکٹر پرائیوٹ اسکولز کی جانب سے 2 نجی اسکولز کی رجسٹریشن معطل کردی گئی۔

    ڈائریکٹر اسکولز کی جانب سے 40 اسکولوں کو شوکاز نوٹس بھی جاری کیا گیا ہے۔

    ڈی جی اسکولز کا کہنا ہے کہ جو اسکول پولیو ٹیم کے ساتھ تعاون نہیں کریں گے، ان کے خلاف کاروائی کی جائے گی اور پولیو ٹیم کے ساتھ تعاون نہ کرنے پر اسکول کی رجسٹریشن معطل کردی جائے گی۔

    ان کا کہنا ہے کہ درجنوں اسکولوں کے خلاف شکایتیں موصول ہو رہی ہیں، تمام نجی اسکولز کو آخری مرتبہ ہدایت کی جاتی ہے کہ پولیو ٹیم کے ساتھ تعاون کیا جائے۔

    خیال رہے کہ صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں اس وقت انسداد پولیو کی مہم جاری ہے جو 10 سے 16 فروری تک چلائی جائے گی۔

    رواں برس سندھ سمیت ملک بھر میں اب تک پولیو کیسز کی تعداد 12 ہوچکی ہے جن میں سے 6 صوبہ خیبر پختونخواہ، 5 سندھ اور 1 بلوچستان سے سامنے آیا ہے۔

  • نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام میں رجسٹریشن کرانے والوں کیلئے بڑی خبر

    نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام میں رجسٹریشن کرانے والوں کیلئے بڑی خبر

    اسلام آباد : نیاپاکستان ہاؤسنگ پروگرام کی رجسٹریشن کی تاریخ میں ایک ماہ کی توسیع کردی گئی ، درخواست فارم 15 نومبر 2019 تک وصول کئے جائیں گے، اب تک ملک بھر سے 14 لاکھ سے زائد افراد کی درخواستیں موصول ہوچکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت پاکستان کے انقلابی پروگرام نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت ملک بھر میں رجسٹریشن کا عمل بھرپور طریقے سے جاری ہے اور ملک کے تمام علاقوں سے بڑی تعداد میں درخواستیں جمع کرائی جا رہی ہیں۔

    عوام کی سہولت اور جوش وجذبے کو پیش نظر رکھتے ہوئے حکومت پاکستان نے رجسٹریشن کی مدت میں ایک ماہ کی توسیع کر دی ہے اور اب درخواست فارم 15 نومبر 2019 تک وصول کئے جائیں گے۔

    نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) اس سلسلے میں اپنے ای سہولت فرنچائز نیٹ ورک اور آن لائن ویب سائٹ کے ذریعے رجسٹریشن کے فرائض انجام دے رہا ہے۔

    ترجمان نادرا کی طرف سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ اب تک 14 لاکھ سے زائد افراد ملک بھر میں رجسٹریشن کرا چکے ہیں ، دوسرے مرحلے میں سب سے زیادہ ضلع لاہور میں 150255 افراد ، ضلع ملتان میں 47802 افراد، بہاولپور میں 44786 افراد، کراچی کے مختلف اضلاع میں 89062 افراد اور پشاور میں 34484 افراد نے رجسٹریشن کرائی ۔

    مزید پڑھیں : نیاپاکستان ہاؤسنگ پروگرام میں اب تک 11 لاکھ افراد کی رجسٹریشن

    رجسٹریشن کی مدت میں ایک ماہ کی توسیع کے بعد اب آن لائن رجسٹریشن 15 نومبر تک کسی بھی نادرا ای سہولت فرنچائز پر 250 روپے فیس کے ساتھ کروائی جا سکتی ہے۔

    کراچی کے عوام کیلئے ڈی ایچ اے میگا سینٹر، لیاقت آباد نادرا سینٹر یا نارتھ ناظم آباد میگا سینٹر پر آن لائن رجسٹریشن کرانے کی سہولت مہیا کی گئی ہے۔

    یاد رہے نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کا افتتاح وزیراعظم پاکستان عمران خان نے 15 جولائی 2019 کو کیا تھا،جس کے تحت غریب شہریوں کو اپنا گھر آسان قسطوں پر فراہم کیا جائے گا۔

  • نیا پاکستان ہاوسنگ اسکیم میں رجسٹریشن کیلئے فیس  مقرر

    نیا پاکستان ہاوسنگ اسکیم میں رجسٹریشن کیلئے فیس مقرر

    اسلام آباد : نیا پاکستان ہاوسنگ اسکیم میں رجسٹریشن کرانے کا آغاز کردیا ، آن لائن درخواست کیلئے رجسٹریشن فیس 250 روپے مقررکی گئی ہے ، فیس نادرا، ای سہولت ،موبائل فون ، کریڈٹ ،ڈیبٹ کارڈ سےجمع کرائی جاسکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیا پاکستان ہاوسنگ اسکیم میں کم آمدن اور غریب افراد کے لیے پہلے آیئے پہلے پایئے کی بنیاد پر رجسٹریشن کرانے کا ملک گیر آغاز ہوگیا ہے۔

    نیا پاکستان ہاوسنگ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے کہا آن لائن درخواست جمع کرانے کیلے رجسٹریشن فیس 250 روپے مقرر کی گئی ہے، فیس کسی بھی نادرا، ای سہولت ، ایزی پیسہ، جاز کیش فرینچایز ،کریڈٹ اور ڈیبیٹ کارڈ کے ذریعے جمع کراسکتے ہیں۔

    نیا پاکستان ہاوسنگ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ فیس جمع کرانے کے بعد آن لائن فارم خود پر کریں، فارم کسی بھی قریبی نادرا ای سہولت فرینچایز سے بھی بغیر اضافی فیس کے پر کراوانے کی سہولت ہے۔

    ہاوسنگ اسکیم میں شامل ہونے کے لیے nphp.nadra.gov.pk پر گھر بیٹھے آن لائن رجسڑیشن کرائیں۔

    گذشتہ روز ترجمان نادرا کا کہنا تھا حکومتی منصوبے کیلئے رجسٹریشن کا عمل نادرا نے آسان بنا دیا، ایک ہفتے کے دوران 43 ہزار افراد نے رجسٹریشن کرا لی ہے۔

    مزید پڑھیں : نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم، نادرا کی آن لائن رجسٹریشن سہولت کی پذیرائی

    ترجمان کا کہنا تھا دیہی علاقوں میں ساڑھے 7 ہزار رجسٹریشن کرائی گئیں، 15 جولائی سےاب تک 43 ہزار افراد آن لائن رجسٹریشن کرا چکے ہیں۔

    یاد رہے 15 جولائی کو وزیر اعظم عمران خان نے نیا پاکستان ہاؤسنگ رجسٹریشن کا افتتاح کیا تھا ، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان میں ہاؤسنگ شعبہ پیچھے رہ گیا ہے، غریب طبقہ کم آمدنی کی وجہ سے گھر نہیں بنا سکا، پاکستان میں ایک کروڑ سے زیادہ لوگ گھر بنانا چاہتے ہیں، کابینہ ہاؤسنگ سے متعلق کل نئے ضوابط منظور کرے گی۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ غریب لوگوں کے لیے 10 ہزار گھروں کی قرعہ اندازی کریں گے، ان کو ڈیڑھ سال میں گھر بنا کر دیے جائیں گے۔

    خیال رہے نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت متوسط طبقے کو انتہائی آسان اقساط پر گھردیئے جائیں گے، ہاؤسنگ اسکیمز میں اسکول، مساجد، کمیونٹی سینٹر اور میڈیکل سینٹرز کی سہولت بھی دستیاب ہو گی۔

    گھروں کی مرحلہ وار تعمیر کے ساتھ ساتھ چالیس سے زائد تعمیراتی صنعتوں کو فروغ ملے گا، جہاں ساٹھ لاکھ سے زیادہ ہنر افراد کو روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے وہیں رئیل اسٹیٹ کی مد ملکی معیشت میں کھربوں روپے اضافہ ہو گا جبکہ اوورسیز پاکستانیوں کے لئے دس فیصد کوٹہ ہوگا۔

  • حج کے خواہاں قطری باشندوں کیلئے آن لائن رجسٹریشن شروع

    حج کے خواہاں قطری باشندوں کیلئے آن لائن رجسٹریشن شروع

    ریاض : سعودی حکام نے جاری بیان میں کہا ہے کہ قطری حکومت آن لائن رجسٹریشن سروس بند کرکے اپنے شہریوں کو فریضہ حج کی ادائیگی سے محروم نہ کرے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب نے قطرکے عازمین حج کی آن لائن رجسٹریشن کی سہولت کے لیے سابقہ تمام روابط بند ہونے کے بعد نئی آن لائن رجسٹریشن سروس قائم کردی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ قطری حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ آن لائن رجسٹریشن سروس بند کرکے اپنے ملک کے شہریوں کو فریضہ حج کی ادائی سے محروم نہ کرے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اورشہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے متعقلہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ 1440ھ کے حج سیزن کے موقع پر حسب سابق قطری بھائیوں کے لیے ہرممکن سہولت فراہم کریں۔

    اس حوالے سے وزارت حج نے ایک نئی آن لائن ویب سائیٹ قائم کی ہے جس پر حج کے خواہاں قطری شہری اپنی رجسٹریشن کراسکتے ہیں۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی حکومت قطر سے آنےوالے عازمین حج کی ہرممکن مدد کو یقینی بنانے کے ساتھ دنیا بھر سے آئے اللہ کے مہمانوں کو مناسک حج کے دوران مکمل مدد فراہم کرنے کےلیے پرعزم ہے۔

    عرب خبر رساں ادارے کے مطابق بیان میں واضح کیا گیا ہےکہ سعودی عرب قطری شہریوں کے فریضہ حج میں کسی قسم کی رکاوٹ کو گورا نہیں کرے گا۔

    مقامی میڈیا کا کہنا تھا کہ قطری حکومت کو چاہیے کہ وہ حج جیسے عظیم فریضے کو سیاسی رنگ نہ دے اور اپنے ملک کے باشندوں کو حج کی ادائی کے لیے مکمل آزادی فراہم کرے۔

  • قطری عازمین حج کی رجسٹریشن روکنے کی کوششیں کی جارہی ہے، سعودی وزیر حج

    قطری عازمین حج کی رجسٹریشن روکنے کی کوششیں کی جارہی ہے، سعودی وزیر حج

    ریاض : سعودی عرب اور قطر تنازعہ کا اثرعازمین حج پر بھی پڑنے لگا، سعودی عرب کے وزیر برائے امور حج نے کہا ہے کہ قطری شہریوں کی حج کےلئے رجسٹریشن میں رکاوٹیں پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودیہ عرب سمیت 7 عرب ممالک نے قطر پر دہشت گردوں کی معاونت اور سہولت کاری کا الزام لگا کر سفارتی تعلقات منقطع کردئیے تھے جس کے بعد سے دونوں ممالک میں تنازعہ جاری ہے جو حج و عمرہ زائرین پر اثر انداز ہوتا ہے۔

    سعودی وزیر برائے امور حج عمرہ محمد بنتن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ قطری عازمین حج کےلئے آن لائن رجسٹریشن کی سہولت موجود ہے لیکن قطری شہریوں کی حج کےلئے رجسٹریشن میں رکاوٹیں پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

    عرب نشریاتی ادارے کے مطابق محمد بنتن کا کہنا تھا کہ آنےوالے دنوں میں سعودی وزارتِ حج اپنے حج پروگرامات کی تفصیل بیان کرے گی۔

    سعودی وزارت حج نے اپنے ایک بیان میں مملکت کے اندر موجود قطری شہریوں کے فریضہ حج کی ادائیگی میں حصہ لینے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزارت حج اور دیگر تمام ادارے حج کے موقع پر حجاج کرام کی خدمت کےلئے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایت پر عمل درآمد کرینگے۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب کے وزارت حج کے مطابق اس سے قبل قطری حکومت نے عمرہ رجسٹریشن کے لیے پہلے سے موجود آن لائن رجسٹریشن ویب سائیٹ تک اپنے شہریوں کی رسائی روک دی تھی جس کے نتیجے میں قطری عمرہ زائرین کو رجسٹریشن میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

  • سعودی عرب کا بغیررجسٹریشن آنے والے قطری معتمرین کا خیرمقدم

    سعودی عرب کا بغیررجسٹریشن آنے والے قطری معتمرین کا خیرمقدم

    ریاض : سعودیہ اور قطر کے درمیان کشیدگی کے باوجود سعودی عرب نے قطری عازمین عمرہ کا بغیر رجسٹریشن جدہ ہوائی اڈے پر آمد کا خیرمقدم کیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب نے قطر سے آن لائن رجسٹریشن کے بغیر براہ راست عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے لیے جدہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے راستے آنے والے قطری شہریوں کا خیر مقدم کیا ہے۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھاکہ حکومت کا کہنا ہے کہ قطری شہریوں کی عمرہ کی ادائی کے لیے کسی قسم کی آن لائن رجسٹریشن کی ضرورت نہیں۔

    خیال رہے کہ حال ہی میں قطری حکومت نے حج وعمرہ کی آن لائن رجسٹریشن کے لیے مختص ویب سائیٹ بند کردی تھی جس کے بعد قطری عازمین عمرہ کو رجسٹریشن کے لیے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

    سعودی عرب میں وزارت حج وعمرہ کی طرف سے جاری ایک وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے قطری بھائیوں کو عمرہ کے موقع پر ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی کی ہدایت کی ہے۔

    سعودی قیادت کی طرف سے متعلقہ حکام کو کہا گیا ہے کہ وہ قطر سے آئن لائن رجسٹریشن کے بغیر آنے والے قطری بھائیوں کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ عمرہ کی ادائی میں انہیں کسی قسم مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

    ادھر سعودی حج اور عمرہ کی آن لائن رجسٹریشن کے لیے نیا لنک جاری کیا گیا ہے۔ قطری عازمین عمرہ اس لنک کے ذریعے عمرہ رجسٹریشن کراسکتے ہیں۔

    وزارت حج کا کہنا ہے کہ قطری حکومت نے عمرہ رجسٹریشن کے لیے پہلے سے موجود آن لائن رجسٹریشن ویب سائیٹ تک اپنے شہریوں کی رسائی روک دی تھی جس کے نتیجے میں قطری عمرہ زائرین کو رجسٹریشن میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔