سری لنکا کے ورلڈکپ فاتح کپتان ارجنا راناٹنگا سیکرٹری بھارتی کرکٹ بورڈ جے شاہ کی حرکتوں پر پھٹ پڑے، سری لنکن کرکٹ کو تباہ کرنے کا الزام عائد کردیا۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ اس وقت جے شاہ سری لنکا کی کرکٹ چلا رہے ہیں۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ کے پریشرکی وجہ سے سری لنکا کی کرکٹ تباہ ہوئی، سری لنکا کی کرکٹ وہ شخص چلا رہا ہے جو کہ بھارت میں بیٹھا ہے۔
ارجنا رانا ٹنگا نے کہا کہ جے شاہ کے والد بھارتی وزیر ہیں اور ان کے اثر و رسوخ کی وجہ سے وہ طاقتور ہیں۔ بی سی سی آئی سمجھتا ہے وہ سری لنکن کرکٹ بورڈ کو کنٹرول کرسکتا ہے۔
سری لنکن ٹیم کی کارکردگی بھارت میں منعقدہ ورلڈکپ میں انتہائی مایوس کن رہی، اپنے 9 میچز میں سے سری لنکا صرف 2 میچز میں فتح حاصل کر سکی۔
موجودہ عالمی کپ میں سری لنکن کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کافی خراب رہی جس پر سری لنکن وزیر کھیل نے پورے بورڈ کو فارغ کردیا تھا۔ ان حالات کے پیش نظر حکومتی مداخلت کے بعد آئی سی سی نے سری لنکا کی رکنیت معطل کردی تھی۔