Tag: ردعمل

  • شعیب ملک کی دوسری شادی پر شاہد آفریدی کا ردعمل

    شعیب ملک کی دوسری شادی پر شاہد آفریدی کا ردعمل

    قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کرکٹر شعیب ملک کی دوسری پر ردعمل سامنے آیا ہے۔

    سابق قومی کرکٹر شعیب ملک اور اداکارہ ثنا جاوید نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اپنی شادی کی اطلاع مداحوں کو دی جبکہ ثنا جاوید نے انسٹاگرام پر اپنا نام بھی تبدیل کرلیا۔

    ثنا جاوید نے اس موقع پر خوبصورت عروسی لباس زیب تن کیا تھا جبکہ شعیب ملک بھی روایتی سفید شیروانی میں نظر آئے۔

     ان کی شادی کے بعد پاکستان کی ڈرامہ انڈسٹری سے کئی شخصیات کے انہیں مبارک باد دی جبکہ اب قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان و آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے بھی جوڑے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

    برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں نجی نیوز چینل  کے صحافی نے آل راؤنڈر شاہد آفریدی سے سوال پوچھا کہ شعیب نے نئی شادی کی ہے اس پر کیا کہیں گے؟

    شعیب ملک کی شادی سے قبل ثنا جاوید کیلیے کی گئی پوسٹ وائرل

    جس پر شاہد آفریدی پہلے مسکرائے اور پھر جواب دیا کہ ’شعیب ملک کو بہت مبارک باد، اللہ انہیں اسی شریک حیات کے ساتھ ساری زندگی خوش رکھے‘۔

    خیال رہےکہ شعیب ملک اور ثنا جاوید نے 20 جنوری کو انسٹاگرام پر شادی کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے رشتہ ازدواج میں بندھنے کی تصدیق کی تھی۔

  • انجلینا جولی کے بیان پر ترجمان دفترخارجہ کا ردعمل

    انجلینا جولی کے بیان پر ترجمان دفترخارجہ کا ردعمل

    اسلام آباد: انجلینا جولی کی افغان مہاجرین کی واپسی کے بیان پر ترجمان دفتر خارجہ نے ردعمل جاری کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیوز بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے یو این ایچ سی آر کی سابق سفیر انجلینا جولی کے بیان پر  کہا کہ ایسے بیانات غلط فہمی کی بنیاد پر دئیے جارہے ہیں، پاکستان غیر قانونی طور مقیم افراد سے متعلق کارروائی کررہا ہے۔

    یاد رہے کہ عالمی شہرت یافتہ ہولی وڈ اداکارہ اور انسانی حقوق کی سرگرم کارکن انجلینا جولی نے پاکستان سے افغان مہاجرین کی بڑے پیمانے پر بے دخلی پر اپنی گہری تشویش اور غم کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پاکستان کے فیصلوں پر تنقید کی تھی۔

    اسرائیل کے غزہ کے اسپتال پر حملے انسانی و جنگی قوانین کی خلاف ورزی ہیں: ترجمان

    نیوز بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے بتایا کہ نگران وزیر اعظم نے او آئی سی عرب لیگ مشترکہ اجلاس میں 11 نومبر کو شرکت کی جہاں انہوں نے اسرائیلی بربریت اور جارحیت کی شدید مذمت کی ہے، اسرائیل کے غزہ کے اسپتال پر حملے انسانی و جنگی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔

    ترجمان نے بتایا کہ نگران وزیراعظم نے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا اور فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کیا،انہوں نے اجلاس میں اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کے حل پر زور دیا۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے بریفنگ میں بتایا کہ عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں غزہ میں اسپتالوں پر اسرائیلی حملوں کا نوٹس لے، عالمی برادری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر اسرائیل کو ذمہ دار ٹھہرائے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارت مقبوضہ کشمیر میں زمینوں پر قبضے میں مصروف ہے، بھارت نے پلوامہ میں انسانی حقوق کے محافظین کی زمینیں قبضے میں لیں، پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا۔

    ترجمان دفترخارجہ نے مزید بتایا کہ پاکستان، روس میں انسداد دہشتگردی کی روک تھام کیلئے اجلاس جاری ہے، پاکستان کی طرف سے ایڈیشنل سیکرٹری حیدر شاہ وفد کی قیادت کررہے ہیں۔

  • ترجمان پی ڈی ایم کا چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری پر ردعمل

    ترجمان پی ڈی ایم کا چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری پر ردعمل

    اسلام آباد: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ترجمان حافظ حمد اللّٰہ کا چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری پر ردعمل سامنے آیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم کے ترجمان حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے جرائم حالیہ سزا پر بہت بھاری ہیں، یہ ملک کو معاشی، اقتصادی اور خارجہ طور پر تباہ کرنے ایجنڈے پر گامزن تھے۔

    حافظ حمد اللہ کا کہنا تھا کہ گرفتاری سے متعلق انکا موازنہ دیگر سیاست دانوں سے نہ کیا جائے، چیئرمین پی ٹی آئی  کے جرائم ضخیم کتاب کا موضوع ہے۔

    توشہ خانہ کیس: چیئرمین پی ٹی آئی 5 سال کے لیے نااہل قرار، وارنٹ گرفتاری جاری

    چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری پر پیپلز پارٹی کا موقف

    واضح رہے کہ اسلام آباد میں سیشن کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کو 3 سال قید کی سزا سنادی گئی اور ایک لاکھ جرمانہ عائد کر دیا، انھیں 5 سال کے لیے الیکشن ایکٹ کے تحت نا اہل بھی قرار دے دیا گیا ہے۔

    عدالت نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے جس پر انھیں لاہور میں زمان پارک سے گرفتار کر کے کوٹ لکھپت جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔

  • عمران خان کے بیان پر ن لیگ اور پیپلزپارٹی کا شدید ردعمل

    عمران خان کے بیان پر ن لیگ اور پیپلزپارٹی کا شدید ردعمل

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے حالیہ بیان پر مسلم لیگ نون اور پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے ردعمل کا اظہار کیا گیا ہے، جس میں عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

    اس حوالے سے وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان اب تم روؤ یا چیخو تم سے کوئی سمجھوتہ کرنے کو تیار نہیں ہے کیونکہ فارن ایجنٹ گھڑی چور سے کوئی سمجھوتہ نہیں کرنا چاہتا تم کو صرف این آر او چاہیے۔

    مریم اورنگزیب نے کہا کہ تم آرمی چیف سے کیوں ملنا چاہتے ہو؟ سمجھوتہ اس لئے کیونکہ ہیروں، اور 190ملین پاؤنڈ کا جواب نہ دینا پڑے، یہ سمجھوتہ نہیں بلکہ این آراو لینے کیلیے منتیں ہیں۔

    ترجمان پیپلزپارٹی فیصل کریم کنڈی نے بھی عمران خان کے خطاب پر اپنے ردعمل میں انہیں کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران اپنے دورمیں مچائی جانے والی تباہی پر پردہ ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں۔

    فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ کہاں ہیں وہ200ارب ڈالر جس کا تم نے قوم سے وعدہ کیا تھا؟ تم اقتدار میں لائے گئے تو ملک کو کوفہ بنادیا، ملک کو جب اتحاد اور اتفاق رائے کی ضرورت پڑی تم نے اس کو سبوتاژ کیا۔

    ترجمان پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے نیب کے ذریعے ملک کی معیشت کے بخیئے ادھیڑے، تم نے وفاق میں اپنی حکومت ختم نہیں کی تمہیں عدم اعتماد سے نکالا گیا تھا، سیاستدان قومی معاملات میں مل کر بیٹھتے ہیں لیکن افسوس تم سیاستدان نہیں ہو۔

    مزید  پڑھیں : مجھ پر حملہ کروانے والے کو معاف کرنے کیلیے تیار ہوں، عمران خان

    واضح رہے کہ زمان پارک لاہور سے ویڈیو لنک کے ذریعے اپنے کارکنوں سے خطاب میں عمران خان نے کہا ہے کہ مجھے پتا ہے کس نے مجھ پر حملہ کرایا میں اسے معاف کرنے کو تیار ہوں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سب سے بات کرنے اور سب سے سمجھوتہ کرنے کو تیار ہوں، آگے جو حالات ہیں سب کو مل کر اس کا مقابلہ کرنا پڑے گا، نیلسن منڈیلا نے بھی سب کو معاف کر دیا تھا۔

  • ’بوریت سے بھرپور گانا ہے‘شاہ رخ کے گانے جھومے جو پٹھان پر ردعمل

    ممبئی: سپر اسٹار شاہ رخ خان اور ڈیپیکا پڈوکون کی فلم ’پٹھان‘ کا نیا گانا جھوم جو پٹھان گزشتہ دنوں ریلیز کیا گیا۔

    ’جھومے جو پٹھان‘ نے ریلیز کے بعد پہلے 9 گھنٹوں میں ایک کروڑ ویوز حاصل کر لیے لیکن ساتھ ہی صارفین نے اس گانے کو بھی آڑے ہاتھوں لے لیا ہے۔

    اس گانے کو گلوکار اریجیت سنگھ، سُکریتی ککڑ، وشال اور شیکھر نے گایا ہے۔

    25 جنوری 2023 کو ریلیز ہونے والی فلم ’پٹھان‘ کے نئے گانے کے بارے میں ٹوئٹر پر صارفین کی جانب سے مایوسی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

    ٹوئٹر صارف دیپکا نرائن بھردواج نے لکھا کہ ٹام کروز 60 سال کی عمر میں ناممکن کرتب کر رہے ہیں اور شاہ رخ خان 57 سال کے ہو کر ایسے بوریت سے بھرپور گانے بنا رہے ہیں، میں سمجھ رہی تھی کہ اب کچھ نیا دیکھنے کو ملےگا۔

    ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ پریتم کو ہی بلا لو بھئی، بندا کاپی کرتا ہے لیکن کم سے کم گانا تو اچھے بنا دیتا تھا، ایک صارف نے لکھا کہ بکواس گانا ہے، مووی تو فلاپ ہوتی ہے آپ کی اس بار گانے بھی ایسے ہی ہیں۔

    واضح رہے کہ فلم کا ابھی تک ٹریلر جاری نہیں کیا گیا لیکن گانوں کے اسٹریمنگ پلیٹ فارم اسپاٹیفائی پر ’پٹھان‘ کے میوزک البم کو ریلیز کیا گیا ہے۔

  • اسد عمر کی قیادت میں وفد ایم کیو ایم سے ملاقات کرے گا: فواد چوہدری

    اسد عمر کی قیادت میں وفد ایم کیو ایم سے ملاقات کرے گا: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کو معاملات پر مختلف رائے رکھنے کا حق ہے۔ اسد عمر کی قیادت میں وفد ایم کیو ایم سے ملاقات کرے گا، سیاسی جماعت کی حیثیت سے ان کا مطالبہ جائز ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کے وزارت چھوڑنے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ خالد مقبول صدیقی ہمارے دوست اور بھائی ہیں۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں میں گلے شکوے ہوتے ہیں۔ سیاسی جماعتوں کے اپنےمؤقف اور اپنا ووٹ بینک ہوتا ہے۔ سیاسی جماعت کی حیثیت سے ان کا مطالبہ جائز ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت میں ایم کیو ایم ہماری اتحادی ہے، ایم کیو ایم کو معاملات پر مختلف رائے رکھنے کا حق ہے۔ اسد عمر کی قیادت میں وفد ایم کیو ایم سے ملاقات کرے گا۔ انشا اللہ یہ معاملہ افہام و تفہیم سے حل ہوجائے گا۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ملک میں عمران خان کے مقابلے میں کوئی سیاسی لیڈر نہیں۔ بلاول بھٹو کی ایم کیو ایم کو پیشکش غیر سنجیدہ تھی۔ ایم کیو ایم بھی باشعور جماعت ہے وہ سب سمجھتی ہے۔

    مزید سیاسی حالات پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے لیے تو تلاش گمشدہ کا اشتہار چھپوانے کی ضرورت ہے، نواز شریف کو باہر بھجواتے بھجواتے شہباز شریف خود بھی باہر چلے گئے۔ شہباز شریف کی اپنی کرسی کو بھی خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف صاحب و دیگر کی ان کی نشست پر نظر ہے، اب دیکھنا یہ ہے ن لیگ اپنے اندرونی اختلافات پر کیسے قابو پاتی ہے۔ اعتزاز احسن نے جو نواز شریف سے متعلق کہا وہ ٹھیک کہا۔ اپوزیشن کا ہر رہنما وزیر اعظم بننے کے چکر میں ہے۔

    خیال رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے احتجاجاً وزارت چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میرا اب کابینہ میں بیٹھنا بے سود ہے تاہم حکومت سے تعاون مسلسل جاری رہے گا۔

    انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کراچی کی آبادی 3 کروڑ ہے، حکومت کے مطابق کراچی نے 89 فیصد ٹیکس دیا ہے، تمام ناانصافیوں کے باوجود کراچی 65 فیصد ریونیو دے رہا ہے۔ کراچی 89 فیصد ٹیکس دے رہا ہے تو پورا پاکستان کیا کر رہا ہے؟

  • کراچی کو اس کا حق ملنا چاہیئے یہ جائز مطالبہ ہے: فردوس عاشق اعوان

    کراچی کو اس کا حق ملنا چاہیئے یہ جائز مطالبہ ہے: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ کراچی کو اس کا حق ملنا چاہیئے یہ جائز مطالبہ ہے، وزیر اعظم عمران خان کراچی کو مایوس نہیں کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کے وزارت چھوڑنے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان ہماری اتحادی ہے اور رہے گی۔

    فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ہر جماعت کا اپنا نقطہ نظر ہوتا ہے، تحریک انصاف قیادت ایم کیو ایم سے رابطے میں ہے۔ ان کے تحفظات کو دور کیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کی معاشی شہ رگ ہے، معاشی استحکام کی طرف بڑھ رہے ہیں کراچی بھی مستفید ہوگا۔

    بعد ازاں اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی کا کہنا تھاکہ اسد عمر کی قیادت میں کل وفد ایم کیو ایم سے ملاقات کرے گا، کراچی کو اس کا حق ملنا چاہیئے یہ جائز مطالبہ ہے۔ ایم کیو ایم کابینہ کا حصہ ہے معاشی حالات سے واقف ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ماضی میں معیشت مشکلات کا شکار تھی، معیشت میں بہتری سے پاکستان کو خوشحالی کی طرف لے کر جانا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کراچی کو مایوس نہیں کریں گے۔ کراچی کے مینڈیٹ کے ساتھ تحریک انصاف، انصاف کرے گی۔

    فردوس عاشق اعوان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کرے گی، سندھ حکومت سے بھی اپیل کریں گے کراچی پر سیاست نہ کی جائے۔ کراچی کو خوشحال بنانے کے لیے ہم سب اپنا کردار ادا کریں۔

  • ایم کیوایم لندن کے گرفتار ٹارگٹ کلر کے بیان پر فاروق ستار کا ردعمل

    ایم کیوایم لندن کے گرفتار ٹارگٹ کلر کے بیان پر فاروق ستار کا ردعمل

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ تنظیم بحالی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے ایم کیوایم لندن کے گرفتار ٹارگٹ کلر کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ میں پارٹی کے تنظیمی سیٹ اپ کا کبھی انچارج نہیں رہا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر فاروق ستار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں کبھی نائن زیرو کا کیئرٹیکر نہیں رہا، یہ ذمہ داری عامرخان، کنور نوید ،انیس قائمخانی کے پاس رہی۔

    متحدہ قومی موومنٹ تنظیم بحالی کے سربراہ نے کہا کہ نائن زیرو میں کب کون رہتا تھا میرا اس سے تعلق نہیں، میں پارٹی کے تنظیمی سیٹ اپ کا کبھی انچارج نہیں رہا، ہمیشہ سیاسی سیٹ اپ کی ذمہ داری نبھائی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ملزم سے یہ کون کہلوا رہا ہے سامنے آجائے گا، میرے خلاف سازش ہو رہی ہے جو سامنے آجائے گی، میں سختی سے اس بات کی تردید کرتا ہوں۔

    کراچی پولیس کی بڑی کارروائی، 96 افراد کا قاتل گرفتار

    واضح رہے کہ ایس ایس پی ایسٹ غلام اظفرمہیسر اور ایس پی زبیرنذیر نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایم کیو ایم لندن کے ٹارگٹ کلر یوسف عرف ٹھیلے والا کو گرفتار کرلیا۔

    گرفتار ٹارگٹ کلر نے دعویٰ کیا ہے کہ فاروق ستار نے نائن زیرو پر کمرہ دے کر ایک ماہ تک مفروری کٹوائی۔

  • لبنانی وزیراعظم کے مستعفی ہونے کے بعد امریکا کا اہم بیان

    لبنانی وزیراعظم کے مستعفی ہونے کے بعد امریکا کا اہم بیان

    واشنگٹن: لبنانی وزیراعظم سعد حریری کے مستعفی ہونے کے بعد امریکی حکومت کا اہم بیان سامنے آگیا، مؤثر حکومت بنانے پر زور دیا۔

    تفصیلات کے مطابق لبنان میں دو ہفتوں سے جاری شدید مظاہرے کے بعد لبنانی وزیراعظم سعد حریری مستعفی ہوئے، امریکا نے عوامی نمائندہ حکومت بنانے پر زور دیا ہے۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق لبنان میں سعد حریری کے خلاف دو ہفتے سے مظاہرے جاری تھے اور ان میں شدت آتی جارہی تھی، مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ وزیراعظم فوری طور پر مستعفی ہوں، شدید دباؤ کے بعد سعد حریری نے عہدے سے استعفیٰ دیا۔

    امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو کا کہنا ہے کہ لبنانی عوام مؤثر حکومت، معاشی اصلاحات اور کرپشن کاخاتمہ چاہتے ہیں، سیاسی رہنما معاملے کا جائزہ لیں۔

    لبنان میں حکومت مخالف مظاہرے اور سعدحریری کے استعفے پر پومپیو کا کہنا تھا کہ سیاسی رہنما ایسی حکومت بنائیں جو لوگوں کی ضروریات پوری کرے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ 13دن کے مظاہروں اور قومی یکجہتی نے واضح پیغام دیا ہے کہ لبنانی عوام کرپشن سے پاک حکومت چاہتے ہیں۔

    لبنانی مظاہرین کی فتح، وزیراعظم کا مستعفی ہونے کا اعلان

    یاد رہے کہ 19 اکتوبر کو سعد الحریری نے حکومتی اتحادیوں کو ہدایت کی تھی کہ وہ ملک بھر میں جاری عوامی مظاہروں کے نتیجے میں پیدا ہونے والے بحران کو حل کرنے کے لیے 72 گھنٹے میں کوئی لائحہ عمل پیش کریں۔

    الحریری نے زور دیا تھا کہ معاشی اصلاحات اور سرکاری کاموں میں رکاوٹیں ڈالی جارہی ہیں جبکہ حکومت ٹیکس اہداف بڑھانے کے لیے اصلاحات لارہی ہے۔ خیال رہے کہ لبنانی وزیراعظم کے تمام دعوے اور اعلانات بےسود ثابت ہوئے اور بلآخر انہیں استعفیٰ دینا پڑا۔

  • جس نے جو کچھ کیا ہے وہ وہی بھگتے گا: وزیر داخلہ

    جس نے جو کچھ کیا ہے وہ وہی بھگتے گا: وزیر داخلہ

    اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ کا کہنا ہے کہ نیب ایک آزاد اور خود مختار ادارہ ہے، ملک میں احتساب کا عمل شروع ہوگیا ہے۔ جس نے قصور کیا ہوگا اس سے پوچھا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کے معاملے پر وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ کا کہنا تھا کہ جس نے جو کچھ کیا ہے وہ بھگتے گا، ملک کسی ایک کا نہیں ہے ملک سب کا ہے، کسی نے کچھ کیا ہوگا جب ہی تو گرفتاری کی گئی۔

    اعجاز شاہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اس وقت معاشی چیلنجز کا سامنا ہے، پاکستان کے لیے عمران خان نے جو مناسب سمجھا وہ کیا۔ وزیر اعظم ہمیشہ ملکی مفادات میں ہی بات کرتے ہیں۔ اسمگلنگ روکنے کے لیے وزیر اعظم اور آرمی چیف کی ملاقات ہوئی ہے، ملک کو دیمک کی طرح جیسے کرپشن نے چاٹا ایسے اسمگلنگ بھی چاٹ رہی ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں ہمارا مستقبل پہلے سے بہتر ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ کسی کی گرفتاری میں حکومت کا کوئی عمل دخل نہیں، نیب ایک آزاد اور خود مختار ادارہ ہے۔ ملک میں احتساب کا عمل شروع ہوگیا ہے۔ جس نے قصور کیا ہوگا اس سے پوچھا جائے گا۔

    وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی پالیسی میں تبدیلی ہے، کریڈٹ تحریک انصاف کو جاتا ہے۔ کراچی میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی۔ فوج اور حکومت ایک صفحے پر ہیں۔ احتجاج ہر کسی کا حق ہے، احتجاج کے دوران تکلیف دیں گے تو حکومت کی ذمے داری ہے اسے روکے۔

    انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت میں ہر سطح پر تبدیلی آئی، اب کوئی بندوق لے کر نہیں چل سکتا۔ کلبھوشن یادیو سے متعلق قانون کے مطابق ہی فیصلہ ہوگا۔

    خیال رہے کہ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو قومی ادارہ احتساب (نیب) راولپنڈی اور لاہور کی مشترکہ ٹیم نے تھوڑی دیر قبل ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب ٹول پلازہ پر روک کر گرفتار کیا۔

    نیب ذرائع کے مطابق شاہد خاقان عباسی کو وارنٹ گرفتاری دکھایا گیا اس کے بعد حراست میں لیا گیا۔ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے شاہد خاقان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے تھے۔

    نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ طلبی پر شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وہ لاہور میں ہیں نہیں آسکتے، ان کی لوکیشن ٹریس کرنے کے بعد انہیں حراست میں لیا گیا۔

    سابق وزیر اعظم کو نیب کی جانب سے ایل این جی کیس میں آج طلب کیا گیا تھا تاہم وہ پیش نہیں ہوئے۔ نیب کی جانب سے انہیں 4 مرتبہ طلب کیا گیا مگر وہ ایک بھی بار پیش نہ ہوئے، وہ نیب کے سوال نامے میں صرف چند سوالوں کا جواب دے سکے تھے۔