Tag: رزاق داؤد

  • آئی ٹی انڈسٹری کی ایکسپورٹ میں 47 فیصد اضافہ

    آئی ٹی انڈسٹری کی ایکسپورٹ میں 47 فیصد اضافہ

    فیصل آباد: مشیر برائے تجارت عبد الرزاق داؤد کا کہنا ہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی انڈسٹری میں ایکسپورٹ میں 47 فیصد اضافہ ہوا، آنے والے دنوں میں ایکسپورٹ میں مزید بہتری ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد نے پاکستان اکنامک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگلے ہفتے سے پاکستان، ازبکستان سے نئے تجارتی معاہدے کر رہا ہے۔

    رزاق داؤد کا کہنا ہے کہ سینٹرل ایشیا کی تجارت پوری دنیا میں اہمیت کی حامل ہے، جب تک ملک میں انڈسٹریلائزیشن نہیں ہوگی ہم ترقی نہیں کر سکتے۔

    انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں سب سے سستا مال ایشیا میں مل رہا ہے، ہمارے بزنس مین زیادہ دیر تک باہر رہنا پسند نہیں کرتے۔ پوری دنیا کے تاجر جب نکلتے ہیں تو پورا پورا سال باہر رہتے ہیں۔

    مشیر تجارت کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے ہم تب ہی نکلیں جب ہمارے ملک میں انڈسٹری لگے گی، انفارمیشن ٹیکنالوجی کی انڈسٹری میں ایکسپورٹ میں 47 فیصد اضافہ ہوا۔ اسلام آباد کے حالات بالکل ٹھیک رہیں گے، ان حالات کا ملکی ایکسپورٹ پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ آنے والے دنوں میں ایکسپورٹ میں مزید بہتری ہوگی، ہمیں پروڈکٹ میں مزید جدت لے کر آنی چاہیئے۔

  • حکومت نے 100دن میں ٹیکسٹائل سیکٹر کو 47 ارب روپے ادا کیے، رزاق داؤد

    حکومت نے 100دن میں ٹیکسٹائل سیکٹر کو 47 ارب روپے ادا کیے، رزاق داؤد

    اسلام آباد: مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد کا کہنا ہے کہ حکومت نے100دن میں ٹیکسٹائل سیکٹر کو 47 ارب روپے ادا کیے۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے اپنے پیغام میں کہا کہ حکومت نے 100 دن میں ٹیکسٹائل سیکٹر کو47 ارب روپے ادا کیے۔

    مشیر تجارت کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومت نے2009 سے 2013 میں25 ارب روپے جاری کیے،2013 سے 2018 کے درمیان 42 ارب روپے جاری کیے گئے، موجودہ حکومت نے 19-2018 میں 46 ارب روپے دیے۔

    عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ موجودہ حکومت نے 20-2019 میں اب تک میں47 ارب روپے دیے، موجودہ حکومت نے 20 ماہ میں 93 ارب روپے ٹیکسٹائل سیکٹر کو دیے۔انہوں نے مزید کہا کہ نان ٹیکسٹائل سیکٹر کے لیے ریفنڈز کے اجرا کا اعلان جلد کریں گے۔

    صنعت کاروں کے لیے ریفنڈز کی صورت حال بہتر کردی ہے، عبدالرزاق داؤد

    یاد رہے کہ رواں سال 11 جنوری کو مشیر صنعت و تجارت عبدالرزاق داؤد کا کہنا تھا کہ حکومت نے صنعت کاروں کے لیے ریفنڈز کی صورت حال بہتر کر دی ہے، ری فنڈ کی مد میں صنعت کاروں کو 17.5 ارب دیے گئے۔

    =

  • برآمدات کو پرکشش بنانے کے لیے درآمدی ڈیوٹی میں مزید کمی کریں گے: مشیر تجارت

    برآمدات کو پرکشش بنانے کے لیے درآمدی ڈیوٹی میں مزید کمی کریں گے: مشیر تجارت

    کراچی: مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ پاکستان برآمدات کو پرکشش بنانے کے لیے درآمدی ڈیوٹی میں مزید کمی کرے گا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد غیر ملکی جریدے کو انٹرویو دے رہے تھے، انھوں نے کہا کہ آیندہ سال برآمدات کا حجم 26 ارب ڈالر تک لے جایا جائے گا، گزشتہ سال 1600 سے زائد درآمدی خام مال پر ڈیوٹیز میں کمی کی گئی، اس سال بجٹ میں درآمدی ڈیوٹیز میں بھی کمی متوقع ہے۔

    عبدالرزاق داؤد کا کہنا تھا کہ چین سے آزاد تجارتی معاہدے سے برآمدات میں 50 کروڑ ڈالر تک کا اضافہ ہوگا، اس وقت عالمی معیشت سست روی کا شکار ہے، تاہم پاکستان کی برآمدات میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، امید ہے یہ اضافہ ملکی معاشی بہتری کا پہلا اشارہ ثابت ہوگا۔

    خیال رہے کہ مشیر تجارت نے اس سے قبل کہا تھا کہ برآمدات میں اضافہ صرف ٹیکسٹائل سے ممکن نہیں، آیندہ مالی سال بجٹ میں خام مال پر درآمدی ڈیوٹی کم کرائیں گے، جس سے برآمدات دس سال میں مطلوبہ ہدف حاصل کر سکیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ برآمدات کا ہدف 100 ارب ڈالر تک لے جانے کے لیے دس سال لگیں گے۔ پہلی بار پاکستان کے بنے ہوئے ٹریکٹر برآمد کیے گئے اور اس پر کوئی سبسڈی نہیں دی گئی، انجینئرنگ کی صنعت کو آگے لے جانا ہے تو مراعات دینا ہوں گی۔

  • مشیر تجارت نے خوشخبری سنا دی: ’یہ صرف آغاز ہے‘

    مشیر تجارت نے خوشخبری سنا دی: ’یہ صرف آغاز ہے‘

    اسلام آباد: مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال اب تک برآمدات میں 3.62 فیصد کا اضافہ ہوا ہے، یہ صرف آغاز ہے، مستقبل میں مزید بہتری متوقع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ فروری میں برآمدات میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 13.61 فیصد اضافہ ہوا۔

    مشیر تجارت کا کہنا تھا کہ رواں مالی سال اب تک برآمدات میں 3.62 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اگر ہم اپنے حریفوں سے مقابلہ کریں تو یہ اضافہ قابل تعریف ہے، یہ صرف آغاز ہے، مستقبل میں مزید بہتری متوقع ہے۔

    خیال رہے کہ افراط زر کی حالیہ اعداد و شمار پر مبنی رپورٹ کے مطابق فروری میں افراط زر کی شرح کم ہو کر 12.4 فیصد پر آگئی ہے جبکہ جنوری میں افراط زر کی شرح 14.6 فیصد تک پہنچ چکی تھی۔

    اعداد و شمار کے مطابق شہری علاقوں میں مہنگائی 13.4 فیصد سے کم ہو کر 11.2 فیصد اور دیہی علاقوں میں مہنگائی کی شرح 14.2 فیصد تک آگئی۔

    وزیر اعظم عمران خان نے بھی معاشی ٹیم کو مہنگائی میں ہر ممکن حد تک مزید کمی لانے کی ہدایت کردی ہے۔

  • گڈز ٹرانسپورٹ ہڑتال کے خاتمے کے لیے مذاکرات شروع کر دیے: مشیر تجارت

    گڈز ٹرانسپورٹ ہڑتال کے خاتمے کے لیے مذاکرات شروع کر دیے: مشیر تجارت

    کراچی: وزیر اعظم کے مشیر تجارت رزاق داؤد نے کہا ہے کہ گڈز ٹرانسپورٹ ہڑتال کے خاتمے کے لیے مذاکرات شروع کر دیے ہیں۔

    عبدالرزاق داؤد نے میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹ ہڑتال کے خاتمے کے لیے مذاکرات شروع ہو گئے ہیں، ٹرانسپورٹرز کے مسائل جلد حل ہو جائیں گے۔ خیال رہے کہ گڈز ٹرانسپورٹرز کے احتجاج کا چھٹا دن ہے۔

    پانچویں پاکستان ایڈیبل آئل کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے رزاق داؤد کا کہنا تھا کہ خوردنی تیل کی ملکی پیداوار 3 سال میں بڑی حد تک مقامی ذرایع سے ہوگی، رواں سال خوردنی تیل کی مقامی پیداوار بڑھی ہے، ایکسپورٹ میں اضافے کے لیے بیرونی منڈیوں تک رسائی کر رہے ہیں، صنعتوں کے لیے بجلی گیس کے مسائل بھی حل طلب ہیں، پنجاب میں گیس سپلائی شروع ہو رہی ہے۔

    گڈز ٹرانسپورٹرز نے احتجاجی رقص شروع کر دیا

    مشیر تجارت نے کہا کہ آج ڈالر کی صورت حال بہتر ہے، بہت مشکل فیصلے کرنے پڑے جس سے درآمدات میں کمی ہوئی، ایکس چینج اور پالیسی ریٹ بھی زیادہ ہے، ہمیں روزگار فراہمی کے لیے کام کرنے کی ضرورت ہے، برآمدات کو بڑھانے کی ضرورت ہے، حکومت چینی، چاول، گندم سمیت دیگر اشیا برآمد کرنے پر زور دے رہی ہے۔

    ان کا کہنا تھا چاول ہم 2.5 ارب ڈالر کا ایکسپورٹ کر رہے ہیں، جسے 5 ارب ڈالر تک لے جانے کی کوشش کی جا رہی ہے، چاول برآمد کرنے والے کہتے ہیں کہ ہمیں کسی سبسڈی کی ضرورت نہیں، سفارتی سطح پر مدد فراہم کی جائے تو ہم چاول کی مزید برآمدات کر سکتے ہیں۔ ہمیں کاٹن کی پیداوار بڑھانے کے لیے کام کرنے کی بھی ضرورت ہے، اس کے لیے خاص توجہ چاہیے، یہ ایک چیلنج ہے۔ ملائیشیا حکومت اور وزیر اعظم کا شکر گزار ہوں، درآمدات پر سختی کرنے سے واضح فرق آیا ہے، ہمیں امپورٹ اور کنزیومر بیس ملک نہیں بننا، مینوفیکچرنگ اور میکنگ کی طرف جانا ہوگا۔

  • نومبر 2019 میں ملکی برآمدات 2 ارب ڈالر سے زائد رہیں: مشیر تجارت

    نومبر 2019 میں ملکی برآمدات 2 ارب ڈالر سے زائد رہیں: مشیر تجارت

    اسلام آباد: مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ برآمد کنندگان اور وزارتِ تجارت کی کاوشیں رنگ لے آئیں، نومبر 2019 میں ملکی برآمدات 2 ارب ڈالر سے زائد رہیں۔

    تفصیلات کے مطابق عبدالرزاق داؤد نے ملکی برآمدات کے حوالے سے اہم ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ملکی برآمدات میں اہم اضافہ ہوا ہے، گزشتہ سال کے مقابلے میں برآمدات 9.6 فی صد زائد رہیں، نومبر 2019 میں 2 ارب 2 کروڑ ڈالر کی برآمدات کی گئیں۔

    مشیر تجارت کا کہنا تھا نومبر 2018 میں ایک ارب 84 کروڑ ڈالر کی برآمدات کی گئی تھیں، 9.6 فی صد اضافے سے اب 17 کروڑ 70 لاکھ کی زائد برآمدات کی گئیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  نومبر میں کے ایس ای 100 انڈیکس میں 14.9 فی صد اضافہ ہوا: مشیر خزانہ

    درآمدات کے حوالے سے انھوں نے لکھا کہ نومبر 2019 میں 3 ارب 81 کروڑ ڈالر کی درآمدات کی گئیں، جب کہ نومبر 2018 میں 4 ارب 62 کروڑ ڈالر کی درآمدات کی گئی تھیں، 17.5 فی صد کمی سے 81 کروڑ 10 لاکھ کی کم درآمدات کی گئیں۔

    انھوں نے ٹویٹ میں لکھا کہ تجارتی خسارہ نومبر 2019 میں 1 ارب 79 کروڑ ڈالر ریکارڈ کیا گیا، نومبر 2018 میں تجارتی خسارہ 2 ارب 78 کروڑ ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا، تجارتی خسارے میں نومبر 2019 میں 35.5 فی صد کمی ریکارڈ کی گئی۔

    خیال رہے کہ مشیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ نے بھی ٹویٹ کے ذریعے کہا تھا کہ نومبر میں کے ایس ای 100 انڈیکس میں 14.9 فی صد اضافہ ہوا، جو مئی 2013 کے بعد ایک ماہ میں سب سے زیادہ اضافہ ہے۔

  • پاکستان کا افریقا سے موجودہ تجارتی حجم 4.28 ارب ڈالر سالانہ ہے، عبدالرزاق داؤد

    پاکستان کا افریقا سے موجودہ تجارتی حجم 4.28 ارب ڈالر سالانہ ہے، عبدالرزاق داؤد

    اسلام آباد: مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد کا کہنا ہے کہ پاکستان کا افریقا سے موجودہ تجارتی حجم 4.28 ارب ڈالر سالانہ ہے، حکومتی پالیسی سے افریقا سے تجارتی حجم 6 سال میں دوگنا ہو جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق مشیرتجارت عبدالرزاق داؤد نے افریقی ممالک کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو سے پاکستان،افریقا فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

    رزاق داؤد نے کہا کہ افریقا کو چاول، انجینئرنگ، فوڈز، بجلی کے آلات برآمد کیے جاسکتے ہیں، دوا سازی، کھیلوں کا سامان، سرجیکل آلات، کٹلری کی برآمد ممکن ہے۔

    انہوں نے کہا کہ حکومتی پالیسی سے افریقا سے تجارتی حجم 6 سال میں دوگنا ہوجائے گا، پاکستان کا افریقاسے موجودہ تجارتی حجم 4.28 ارب ڈالر سالانہ ہے۔

    افریقہ مستقبل کا برصغیر ثابت ہوگا، وزیرخارجہ

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزارت خارجہ میں افریقی ممالک کی 2 روزہ سفرا کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ افریقی ملکو ں کی شرح نموں میں اضافہ ہو رہا ہے، افریقہ مستقبل کا برصغیر ثابت ہوگا۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ افریقہ کا 2 ٹریلین ڈالر سے زائد کا جی ڈی پی ہے۔ انہوں نے مزید کہا تھا کہ افریقی ممالک سے حکومتی، عوامی رابطوں کے فروغ کی ضرورت ہے۔

  • مشیر تجارت سے ایتھوپیا کے تجارتی وفد کی ملاقات

    مشیر تجارت سے ایتھوپیا کے تجارتی وفد کی ملاقات

    اسلام آباد: مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد سے ایتھوپیا کے تجارتی وفد کی ملاقات ہوئی۔ مشیر تجارت کا کہنا تھا کہ افریقہ کی جانب سے تجارت بڑھانے کے لیے افریقہ پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد سے ایتھوپیا کے تجارتی وفد کی ملاقات ہوئی۔ وفد میں وزارت خارجہ اور تجارت و صنعت کے ارکان شامل تھے۔

    ایتھوپین وفد کی جانب سے کہا گیا کہ تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ پاکستانی سرمایہ کار ایتھوپیا میں سرمایہ کاری کریں۔

    مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد کا کہنا تھا کہ افریقہ کی جانب سے تجارت بڑھانے کے لیے افریقہ پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ ایتھوپیا اس حوالے سے بہت اہم ملک ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹریکٹرز موزمبیق اور تنزانیہ کے بعد انگولا بھی برآمد کرے گا۔ نومبر میں پاکستان نیروبی میں کانفرنس کا انعقاد کرے گا۔

    مشیر تجارت نے مزید کہا کہ نیروبی کانفرنس میں افریقی ممالک کو مدعو کریں گے۔

  • مشیرتجارت سے افغان سفیر کی ملاقات، دوطرفہ تجارت کو بڑھانے پر تبادلہ خیال

    مشیرتجارت سے افغان سفیر کی ملاقات، دوطرفہ تجارت کو بڑھانے پر تبادلہ خیال

    اسلام آباد: مشیر تجارت عبدالرزاق داﺅد سے پاکستان میں تعینات افغان سفیر شکراللہ عاطف مشال نے وزارت تجارت میں ملاقات کی جس میں دوطرفہ تجارت کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے لئے ترجیحاتی تجارتی معاہدے پر کام شروع کرنے پر اتفاق کیا۔

    اس سلسلے میں دونوں ممالک ایک دوسرے سے ٹیرف لسٹوں کا تبادلہ کریں گے جس کے بعد دونوں ممالک کی ٹیکنیکل کمیٹیز ملاقات کریں گے۔

    ملاقات میں طورخم اور غلام محمد پوائنٹس سمیت نئے بارڈر کراسنگ پوائنٹس کھولنے پر بھی اتفاق کیا۔ افغان صدر اشرف غنی کے دورہ پاکستان کے بعد افغانستان میں تجارت کے حوالے سے ہونے والے اقدامات سے سفیر نے مشیر تجارت کوآگاہ کیا اور بتایا کہ اس سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا۔

    اس موقع پر مشیر تجارت عبدالرزاق داﺅد نے کہا کہ پاکستان افغانستان کے دیرینہ تعلقات ہونے کے باوجود تجارتی تعلقات اب بھی ممکنہ حد سے بہت کم ہیں جس پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

    جولائی میں ملکی برآمدات ایک ارب 87 کروڑ ڈالر رہیں: مشیر تجارت

    مشیر تجارت کا کہنا تھا کہ اس وقت ضرورت اس بات کی ہے کہ نئے مواقع تلاش کر کے تجارتی تعاون کو بڑھایا جائے گا۔ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے معائدے پر بات کرتے ہوے مشیر تجارت نے کہا کہ اس کو صحیح معنی میں نفاذ کیا جائے۔

    دوطرفہ تجارتی اور معاشی تعلقات کے فروغ کے لئے رواں ماہ کے آخر میں مشیر تجارت عبدالرزاق داود افغانستان کا دورہ کریں گے جس سے دوطرفہ تجارت کے حجم کو بڑھایا جائے گا۔

  • حکومت ایک لاکھ ٹن کھاد درآمد کرے گی، قیمت بڑھانے کا فیصلہ جمعرات کو کریں گے: مشیر تجارت

    حکومت ایک لاکھ ٹن کھاد درآمد کرے گی، قیمت بڑھانے کا فیصلہ جمعرات کو کریں گے: مشیر تجارت

    اسلام آباد: وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت عبد الرزاق داؤد نے کہا ہے کہ آیندہ سیزن میں کھاد کی طلب و رسد میں کوئی فرق نہیں، حکومت ایک لاکھ ٹن کھاد درآمد کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق مشیر تجارت نے کہا ہے کہ دسمبر تک ملک میں کھاد کی طلب و رسد کا تجزیہ کیا گیا ہے، آیندہ سیزن تک اس میں کوئی فرق نہیں ہے۔

    رزاق داؤد کا کہنا تھا کہ حکومت ایک لاکھ ٹن کھاد درآمد کرے گی، حکومتی اقدامات سے درآمدات میں 6 ارب ڈالر کمی ہوئی، درآمدات میں کمی سے تجارتی خسارہ 5.9 ارب ڈالر کم رہا، جب کہ اس وقت ملک کا تجارتی خسارہ 31 ارب ڈالر ہے۔

    مشیر تجارت نے کہا کہ کھاد کی قیمت بڑھانے کا فیصلہ جمعرات کو کریں گے، ملک میں کھاد کی قلت کا کوئی خدشہ نہیں، ہم نے قطر کو چاول کی برآمدات شروع کر دی ہے، ایران نے 5 لاکھ ٹن چاول کا آرڈر کیا جو آیندہ ماہ سے شروع ہوگا۔

    مشیر تجارت نے کہا کہ برآمدات گزشتہ سال کے برابر ہیں، گزشتہ سال برآمدات 23 ارب ڈالر تھیں، اس سال بھی اتنی ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  چین کے ساتھ آزادانہ تجارتی معاہدے کے معاملات

    انھوں نے بتایا کہ تیار ملبوسات کی برآمدات میں 33 فی صد اضافہ ہوا، باسمتی چاول کی برآمدات میں 30 فی صد اضافہ ہوا، جب کہ سیمنٹ 46، فارماسوٹیکل 26 اور فٹ ویئر ایکسپورٹ 27 فی صد بڑھی ہیں۔

    خیال رہے کہ چین ایک ارب ڈالر مالیت کی پاکستانی مصنوعات درآمد کرنے کا عزم ظاہر کر چکا ہے، چینی اور چاول کے برآمدی اہداف مکمل کیے جا چکے ہیں، سوتی دھاگا بھی برآمد کیا جا رہا ہے۔

    چین کے ساتھ آزادانہ تجارتی معاہدے پر معاملات جاری ہیں، جس کے بعد چین اپنے صنعتی یونٹ پاکستان منتقل کرے گا، چینی کمپنی پاکستان میں ٹیکسٹائل کی مصنوعات تیار کرے گی، ایک چینی کمپنی کی طرف سے ٹرک کے ٹائر کا پلانٹ لگانے کی بھی امید ہے۔