Tag: رسولی

  • کیا موبائل فون کا استعمال دماغ کے لیے خطرناک ہے؟

    کیا موبائل فون کا استعمال دماغ کے لیے خطرناک ہے؟

    آج کل کے دور میں موبائل فون کے بغیر زندگی ناممکن ہے، لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ موبائل فون کا زیادہ استعمال دماغ میں رسولی کا سبب بن سکتا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق امریکا کی یونیورسٹی آف کیلی فورنیا برکلے کے اسکول آف پبلک ہیلتھ کی ایک تحقیق کے مطابق موبائل فون کا زیادہ استعمال دماغ میں رسولی یا ٹیومر کا سبب بنتا ہے۔

    یہ تحقیق جنوبی کوریا کے نیشنل کینسر سینٹر اور سیئول نیشنل یونیورسٹی کے ساتھ مل کر کی گئی ہے، جس کے مطابق 46 فیصد امریکی روزانہ 5 سے 6 گھنٹے فون استعمال کرتے ہیں اور 11 فیصد دن میں سات گھنٹے سے زیادہ اپنی ڈیوائس سے چپکے رہتے ہیں۔

    تحقیق میں کہا گیا کہ 10 سال کے عرصے کے دوران سیل فون کا 1 ہزار گھنٹوں سے زیادہ استعمال یعنی محض 17 منٹ روزانہ بھی دماغ میں رسولی پیدا ہونے کے خطرے کو 60 فیصد بڑھا دیتا ہے۔ جو لوگ ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے موبائل فونز استعمال کر رہے ہیں، ان میں رسولی کا خطرہ ان لوگوں سے نسبتاً زیادہ ہے جو پانچ سال یا اس سے کم عرصے سے فونز کا استعمال کر رہے ہیں۔

    برکلے پبلک ہیلتھ میں سینٹر فار فیملی اینڈ کمیونٹی ہیلتھ کے ڈائریکٹر جوئل ماسکووچ کہتے ہیں کہ موبائل فون کا استعمال صحت کے مختلف مسائل کو جنم دیتا ہے اور بدقسمتی سے ہماری سائنسی برادری نے اس پر بہت کم توجہ دی ہے۔

    ایک تحقیق میں 20 سال کے عرصے کے دوران 4 لاکھ 20 ہزار موبائل فون صارفین کا ریکارڈ جمع کیا گیا اور ماہرین نے دیکھا کہ موبائل فون اور دماغ کی رسولیوں میں کوئی تعلق نہیں۔ البتہ دوسری تحقیق میں کہا گیا کہ موبائل فون کا بہت زیادہ استعمال دماغی رسولی کی ایک خاص قسم کا خطرہ بڑھا سکتی ہے۔

    یہاں تک کہ امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے بھی اس کے صحت پر مضر اثرات سے انکار کیا۔ ان کے خیال میں اب تک کوئی ایسا مستقل یا قابل بھروسہ سائنسی ثبوت نہیں ملا جو موبائل فونز سے نکلنے والی ریڈیو فریکوئنسی سے صحت کے مسائل پیدا کرنے کے حق میں ہو۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ اس وقت موبائل فون سے چھٹکارا پانا تو مشکل ہے لیکن کچھ اقدامات کی مدد سے آپ اپنے موبائل فون کا استعمال محدود کر سکتے ہیں اور اس کے تابکاری کے اثرات سے بچ سکتے ہیں۔

    جب استعمال نہ کر رہے ہوں تو فون کا وائی فائی اور بلیو ٹوتھ بند کر دیں۔

    فون کو جسم سے کم از کم 10 انچ کے فاصلے پر رکھیں۔ اگر جیب میں رکھنا مجبوری ہو تو اسے ایئر پلین موڈ پر رکھیں۔

    کالز کے لیے ہیڈ فونز یا اسپیکر فون کا استعمال کریں۔

    سوتے ہوئے اپنا فون دوسرے کمرے میں رکھیں۔

    سگنل کمزور آرہے ہوں تو فون استعمال نہ کریں۔

  • کیا آپ لوگوں نے میرا پورا دماغ نکال دیا؟ نوجوان کا آپریشن کے دوران ڈاکٹروں سے سوال

    کیا آپ لوگوں نے میرا پورا دماغ نکال دیا؟ نوجوان کا آپریشن کے دوران ڈاکٹروں سے سوال

    لندن : سوشل میڈیا پر لوگوں کی بڑی تعداد نے برطانوی نوجوان کیمرون رے کے لیے ہمدردی کا اظہار کیا ہے جو ڈاکٹروں کے مطابق دماغ میں رسولی کے مسئلے سے دوچار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں کیمرون نامی نوجوان دوران آپریشن ڈاکٹروں سے مزاح کرتا رہا، برطانوی نشریاتی ادارے نے کیمرون کے دماغ کے آپریشن کے مناظر نشر کیے۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران برطانوی نوجوان ہوش میں نظر آیا اور ایسی حالت میں جب ڈاکٹرز دورانِ آپریشن کیمرون کے سر میں بائیں جانب موجود رسولی کو نکالنے میں مصروف تھے، نوجوان نے ازراہ مذاق یہ سوال پوچھ کر ڈاکٹروں کو حیران کر دیا کہ کیا آپ لوگوں نے میرا پورا دماغ نکال دیا؟

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ نوجوان نے کچھ لمحے بعد پھر کہا کہ میں بھول گیا تھا کہ میرا آپریشن ہو رہا ہے، یاد رہے کہ یہ اپنی نوعیت کا حساس اور نازک ترین آپریشن ہوتا ہے۔

    کیمرون کے دماغ کا آپریشن کرنے والے نیورو سرجن ڈاکٹر اسماعیل اوگریٹڈیر کے مطابق آپریشن کے دوران سرجن اگر ایک ملی میٹر بھی دائیں یا بائیں ہل جائے تو اس کا نتیجہ دماغ کے دائمی نقصان کی صورت میں سامنے آ سکتا ہے۔

    ڈاکٹر اسماعیل نے بتایا کہ آپریشن کے درمیان ایک موقع پر ہم نے کیمرون کو آنسوﺅں میں ڈوبا ہوا پایا کیوں کہ اس وقت وہ ایک لفظ فٹبال کو یاد کرنے پر بھی قادر نہیں رہا تھا۔

    یاد رہے کہ آپریشن کامیاب ہونے اور دماغ سے 95% رسولی نکال پھینکنے کے باوجود کیمرون کے دماغ کا سرطان ناقابل علاج شمار کیا جاتا ہے۔