Tag: رس گلے

  • بھارت: رس گلوں کی وجہ سے درجنوں ٹرینیں 40 گھنٹے تاخیر کا شکار

    بھارت: رس گلوں کی وجہ سے درجنوں ٹرینیں 40 گھنٹے تاخیر کا شکار

    مٹھائی کے شوقین افراد کو رس گلا بے حد پسند ہوتا ہے، تاہم بھارت میں ان رس گلوں کی وجہ سے 40 گھنٹوں تک متعدد ٹرینیں تاخیر اور معطلی کا شکار ہوگئیں۔

    بھارتی ریاست بہار کے شہر برہیہ میں درجنوں افراد نے ریلوے ٹریکس پر دھرنا دے کر ٹرینوں کی آمد و رفت روک دی۔ اس دھرنے کی وجہ سے متعدد ٹرینیں تاخیر کا شکار ہوگئیں جبکہ 100 سے زائد ٹرینوں کا راستہ تبدیل کرنا پڑا۔

    دھرنا دینے والے مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ برہیہ کو ریلوے اسٹاپ قرار دیا جائے اور یہاں پر ٹرینیں روکی جائیں۔

    برہیہ اپنے لذیذ رس گلوں کی وجہ سے بے حد مشہور ہے اور اس چھوٹے سے ٹاؤن میں رس گلوں کی 200 سے زائد دکانیں موجود ہیں۔

    دھرنے پر بیٹھے مظاہرین میں بڑی تعداد رس گلے بیچنے والوں کی ہی تھی اور ان کا مطالبہ تھا کہ چونکہ کرونا وائرس کی وبا کے دوران ان کے کاروبار کو خاصا نقصان پہنچا ہے لہٰذا اب یہاں پر ٹرینیں روکی جائیں تاکہ لوگ اتر کر رس گلے خریدیں اور ان کے کاروبار کو کچھ سہارا مل سکے۔

    ریلوے حکام نے فی الحال ایک ٹرین کو برہیہ پر روکنے کی یقین دہانی کروائی ہے جبکہ اس بات کا بھی یقین دلایا ہے کہ کچھ ماہ کے اندر اس ٹاؤن کو باقاعدہ ریلوے اسٹاپ قرار دے دیا جائے گا جس کے بعد یہاں ٹرینیں رکنے لگیں گی۔

    حکام کی جانب سے یقین دہانی کروائے جانے کے بعد مظاہرین نے اپنا دھرنا ختم کردیا اور 40 گھنٹوں بعد معمول کے مطابق ٹرینوں کی آمد و رفت بحال ہوئی۔

  • مزیدار رس گلے گھر میں بنائیں

    مزیدار رس گلے گھر میں بنائیں

    سفید رنگ کے مزیدار رس گلے سب ہی کو پسند ہوتے ہیں اور انہیں دیکھ کر منہ میں پانی بھر آتا ہے۔ آج ہم آپ کو رس گلے بنانے کی ترکیب بتارہے ہیں جسے آپ باآسانی گھر میں تیار کرسکتے ہیں۔

    اجزا

    دودھ: 1 کلو

    لیموں کا رس: 3 کھانے کے چمچ

    میدہ: 2 کھانے کے چمچ

    چینی: 2 کپ

    پانی: 3 کپ

    ترکیب

    سب سے پہلے دودھ گرم کریں، جب ابال آنے لگے تو لیموں کا رس ڈال کر ہلائیں۔

    پانچ منٹ پکنے دیں یہاں تک کہ دودھ اچھی طرح پھٹ جائے۔ اسے دس منٹ تک ٹھنڈا ہونے دیں۔

    اس دوران چینی اور پانی پین میں ڈال کر پکا لیں تاکہ شیرہ تیار ہو جائے۔

    اب پھٹے دودھ کو ململ کے کپڑے میں ڈال کراوپر پانی ڈالیں تاکہ لیموں کا کھٹا پن نکل جائے اور پھر اچھی طرح نچوڑ لیں۔

    پنیر کو پیالے میں ڈال کر اس میں میدہ مکس کر کے ہاتھ سے سات آٹھ منٹ مسلیں۔

    اب چھوٹی چھوٹی بالز بنا لیں، بالز میں کوئی کریک نا ہو ورنہ رس گلے پھٹ جائیں گے۔

    ان کو شیرے میں ڈال کر ڈھک کر 10 منٹ تیز آنچ پر پکائیں اور پھر پانچ منٹ ہلکی آنچ پر پکنے دیں۔

    شیرے سے نکال کر ٹھنڈا کر کے پیش کریں۔

  • شلپا شیٹھی کا رس گلے کھانے کا انوکھا طریقہ

    شلپا شیٹھی کا رس گلے کھانے کا انوکھا طریقہ

    بالی ووڈ کی معروف اداکارہ شلپا شیٹھی نے اپنے مداحوں کو رس گلے کھانے کا انوکھا طریقہ بتایا۔

    اتوار کو انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ویڈیو شیئر کی جس میں وہ رس گلے کھا رہی ہیں۔

    ساتھ ہی وہ اپنے مداحوں کو بتا رہی ہیں کہ رس گلے کو کیسے کھایا جائے۔

    My favourite dessert, Rossogullas had 4 today

    A photo posted by Shilpa Shetty Kundra (@officialshilpashetty) on

    شلپا شیٹھی میٹھے کی بہت شوقین ہیں اور اکثر و بیشتر وہ روایتی میٹھے کھاتے ہوئے اپنی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتی رہتی ہیں۔

    شلپا شیٹھی نے 2009 میں معروف بزنس مین راج کندرا سے شادی کی تھی۔ وہ اداکاری کے علاوہ فلمیں بھی پروڈیوس کر چکی ہیں۔