Tag: رشتہ

  • ثانیہ مرزا کا سابق پاکستانی کرکٹر آصف اقبال سے کیا رشتہ ہے؟

    ثانیہ مرزا کا سابق پاکستانی کرکٹر آصف اقبال سے کیا رشتہ ہے؟

    بھارت کی سابق ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کا پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر آصف اقبال سے بھی قرابت کا ایک رشتہ ہے۔

    بھارت کی عالمی شہرت یافتہ ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کا یوں تو پاکستان سے متعلق ایک حوالہ سابق قومی کپتان شعیب ملک ہیں جو 13 سال تک شادی کے بندھن میں بندھے رہنے کے بعد حال ہی میں کچھ عرصہ قبل ہی علیحدگی اختیار کی ہے۔

    تاہم ثانیہ مرزا کا ایک اور سابق قومی ٹیسٹ کرکٹر آصف اقبال سے بھی قریبی رشتے داری ہے جس کا بہت کم لوگوں کو علم ہے۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان آصف اقبال کی پیدائش ثانیہ مرزا کے شہر حیدرآباد دکن میں ہوئی اور وہ رشتے میں انکے چچا لگتے ہیں۔

    آصف اقبال تقسیم ہند کے بعد کراچی چلے آئے اور کرکٹ کے میدان میں قدم رکھنے کے بعد کپتانی کے منصب تک بھی پہنچے۔

    دوسری جانب ثانیہ مرزا نے ٹینس میں اپنا نام کمایا۔ انہوں نے 2010 میں پاکستان کے سابق آل راؤنڈر وکپتان شعیب ملک سے شادی کی جن سے ان کا ایک بیٹا اذان بھی ہے۔

    تاہم یہ شادی 13 سال بعد اس وقت ختم ہو گئی جب شعیب ملک نے پاکستانی ماڈل اور اداکارہ ثنا جاوید سے شادی کی تو یہ عقدہ کھلا کہ ثانیہ مرزا خلع لے چکی ہیں۔

  • اچھا رشتہ کیسے تلاش کریں ؟

    اچھا رشتہ کیسے تلاش کریں ؟

    ہمارے معاشرے میں شادی بیاہ کے لیے روایتی طور پر لوگ اپنے اقرباء وحلقہ احباب، اور رشتہ کروانے والی خواتین پر انحصار کرتے چلے آئے ہیں اور اب اس کی جگہ ڈیجیٹل میچ میکنگ ایپس کارجحان بھی فروغ پارہا ہے۔

    آج بھی بڑی تعداد میں رشتہ ان ہی خواتین کے ذریعے طے پاتا ہے البتہ کچھ لوگوں نے رشتے کروانے کی آڑ میں فراڈ کا سلسلہ بھی شروع کر رکھا ہے۔

    انٹرنیٹ کے ذریعے رشتوں کی تلاش کیلیے پاکستان کے شہری علاقوں میں شادی بیاہ کی ویب سائٹس کے استعمال میں غیر معمولی اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جس کی آڑ میں لوگوں کو دھوکہ دینے کے واقعات بھی سامنے آرہے ہیں۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں میچ میکر شازیہ رحمان نے ناظرین کو اس طرح کے فراڈ سے متعلق آگاہ کیا۔

    انہوں نے کہا کہ اس طرح کی ایپس کی اکثریت زیادہ تر فراڈ پر مبنی ہوتی ہیں، ایسی ایپ بیرون ملک سے آپریٹ کی جاتی ہیں، بلکہ وہ ڈیٹنگ ایپس ہی ہوتی ہیں جسے میچ میکنگ کا نام دیا جاتا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ کسی رشتے کیلئے بات آگے بڑھانے سے پہلے اس شخصیت کی پروفائل کو مختلف پلیٹ فارمز پر اچھی طرح چیک کریں اگر کوئی یہ کہے کہ میرا سوشل میڈیا پر کوئی اکاؤنٹ ہی نہیں تو اس پر اعتبار نہ کریں بلکہ اس کی مکمل تحقیق کرنی چاہیے۔

  • میاں بیوی ویلنٹائن ڈے پر 3 ماہ کے لیے ہتھکڑیوں میں جکڑ گئے

    میاں بیوی ویلنٹائن ڈے پر 3 ماہ کے لیے ہتھکڑیوں میں جکڑ گئے

    خارکیف: یوکرین میں ایک جوڑے نے روز روز کے لڑائی جھگڑوں سے تنگ آ کر انوکھا قدم اٹھا لیا، دونوں نے خود کو تین ماہ کے لیے ہتھکڑیاں لگا دیں۔

    تفصیلات کے مطابق یوکرین میں ایسے میاں بیوی کی تصاویر سامنے آئی ہیں، جنھیں دیکھ کر پہلی نظر میں ایسا لگتا ہے کہ کہ یہ جیل سے فرار قیدی ہوں گے، لیکن آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ یہ لڑائی جھگڑے سے بے زار میاں بیوی ہیں، جنھوں نے جھگڑوں سے چھٹکارے کے لیے یہ عجیب ترکیب نکالی ہے۔

    روز روز کی لڑائی سے تنگ آ کر الیگزینڈر کوڈلے اور ان کی بیوی وکٹوریا پسٹوویٹووا نے ویلنٹائن ڈے پر تین ماہ کے لیے خود کو ہتھکڑیوں میں جکڑ لیا، جوڑے کا یہ منفرد تجربہ سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق 33 سالہ آن لائن کار سیلز مین الیگزینڈر اور 28 سالہ بیوٹیشن وکٹوریا خارکیف کے رہائشی ہیں، دونوں کے درمیان کچھ مسائل تھے جن کی وجہ سے ان کا رشتہ خطرے میں پڑ گیا تھا، اس پر انھوں نے فیصلہ کیا کہ آئندہ تین ماہ تک ہر لمحہ وہ ساتھ گزاریں گے، اور اس طرح اپنا رشتہ ٹوٹنے سے بچا لیں گے۔

    معلوم ہوا کہ یہ آئیڈیا الیگزینڈر کا تھا، ایک دن وکٹوریا نے اس سے کہا کہ وہ اسے چھوڑنا چاہتی ہے، تو الیگزینڈر نے یہ آئیڈیا پیش کر دیا، جسے پہلے تو وکٹوریا نے مسترد کیا لیکن پھر مان گئی۔

    الیگزینڈر نے بتایا کہ ابتدا میں تو بہت مشکل پیش آئی لیکن اب ہر گزرتے دن کے ساتھ ہم ہر لمحہ ایک ساتھ رہنے کی حالت کے ساتھ عادی ہوتے جا رہے ہیں، دراصل ہفتے میں ایک یا دو بار ہم رشتہ توڑنے کی باتیں کیا کرتے تھے، جب بھی وکٹوریا یہ کہتی تو میں جواب دیتا کہ میں تمھیں خود سے جوڑ لوں گا۔

    الیگزینڈر کا کہنا تھا کہ اب تقریباً ایک ماہ سے ہمیں ہر کام ایک ساتھ کر کرنا پڑتا ہے، وکٹوریا نے بتایا کہ ہتھکڑیوں نے میری زندگی میں مجھے نئے جذبات سے آشنا کر دیا ہے۔

    واضح رہے کہ اب یہ جوڑا سوشل میڈیا پر اپنی تصاویر پوسٹ کر رہا ہے، اور ایک دوسرے کو سمجھنے اور ایک دوسرے کے احترام کے حوالے سے دوسروں کو سبق بھی دے رہے ہیں، یہ جوڑا یوکرین کے ٹی وی پر ایک ٹاک شو میں بھی نمودار ہوا۔

    الیگزینڈر نے دل چسپ بات یہ بتائی کہ ان کے درمیان لڑائی جھگڑا اب بھی ختم نہیں ہوا ہے، اور وہ اب بھی جھگڑتے ہیں، لیکن فرق یہ آیا ہے کہ جب ہمارا جھگڑا بند گلی میں داخل ہو جاتا ہے تو اب ہم صرف ایک دوسرے سے بات کرنا چھوڑ دیتے ہیں، پہلے ہم اپنا سامان باندھنے لگ جاتے تھے۔