Tag: رشتے دار

  • نخرے اٹھوانے والے داماد بہت برے لگتے ہیں‘ زین افضل

    نخرے اٹھوانے والے داماد بہت برے لگتے ہیں‘ زین افضل

    پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار زین افضل کا کہنا ہے کہ مجھے ایسے داماد بہت برے لگتے ہیں جو سسرال میں نخرے اٹھواتے ہیں۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان میں ٹی وی اداکار زین افضل، اداکارہ سعدیہ امام اور سینئر اداکارہ افشاں قریشی نے شرکت کی۔

    پروگرام میں معاشرے میں ہونے والے خاندانی مسائل اور رشتے داروں کے رویوں اور ان کی عادات سے متعلق گفتگو کی گئی۔

    ایک سوال کے جواب میں اداکار زین قریشی نے کہا کہ کچھ رشتے داروں کی عادت ہوتی ہے کہ وہ بلاوجہ شکایتیں کرتے ہیں یہ بہت نامناسب سی بات ہے اور مجھے بہت ناگوار گزرتا ہے، جو بھی معاملات ہوں اس کو بات چیت سے حل کرلینا چاہیے۔

    اداکارہ سعدیہ امام کا کہنا تھا کہ کچھ رشتے داروں کی عادت ہوتی ہے کہ جب بھی ملتے ہیں کوئی نہ کوئی طنز یا طعنہ ضرور کرتے ہیں، ان کے گھر جانے پر بھی یہی دھڑکا لگا رہتا ہے کہ پتہ نہیں کب کیا کہہ دیں۔

    سسرال میں ہونے والے معاملات کے حوالے سے زین افضل نے کہا کہ بہت سے داماد ایسے ہوتے ہیں جو سسرال میں اپنی اہمیت جتانے کیلیے بلاوجہ نخرے دکھاتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ جب آپ کسی خاندان کا حصہ بن جاتے ہیں تو وہ یہ کیسے کہہ دیتے ہیں کہ میری خاص مہمان کے طور پر خاطر تواضع کی جائے۔

    انہوں نے بتایا کہ میری بھی تین بہنیں شادی شدہ ہیں اور میری والدہ جب مجھے اس قسم کی باتیں بتاتی تھیں تو مجھے بہت عجیب و غریب لگتا تھا کہ لوگ ایسی باتیں کیسے کرلیتے ہیں۔

  • روس میں تیار کردہ ویکسین صدر کے رشتے داروں کو لگا دی گئی

    روس میں تیار کردہ ویکسین صدر کے رشتے داروں کو لگا دی گئی

    ماسکو: روس کے صدر ولادی میر پیوٹن کا کہنا ہے کہ ان کے کچھ رشتے داروں اور احباب کو روس میں تیار کردہ کرونا وائرس کی ویکسین لگا دی گئی ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق روسی صدر نے یوکرین کے سیاستدان اور اپوزیشن کے سیاسی کونسل کے سربراہ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں انہوں نے یوکرینی سیاستدان کو بتایا کہ ان کے کچھ رشتے داروں اور احباب کو کرونا وائرس کی روسی ساختہ ویکسین لگا دی گئی۔

    پیوٹن کا کہنا تھا کہ میرے قریبی افراد، قریبی رشتے دار اور آس پاس کام کرنے والے افراد کو ویکسین لگائی گئی ہے۔

    یوکرین کے اپوزیشن لیڈر نے روسی صدر کو بتایا کہ انہیں، ان کی اہلیہ اور بیٹے کو بھی ویکسین لگا دی گئی ہے۔

    خیال رہے کہ 11 اگست کو روسی حکومت نے سرکاری طور پر دنیا کی پہلے کرونا وائرس ویکسین کی رجسٹریشن کی تھی جسے سپٹنک وی کہا گیا تھا۔

    روس اب تک 20 سے زائد ممالک کے ساتھ ایک ارب سے زائد ویکسین کی خوراک دینے اور 5 ممالک کے ساتھ بڑے پیمانے پر ویکسین بنانے کے لیے معاہدے کرچکا ہے۔

    روس کی تیار کردہ کرونا ویکسین سپٹنک وی کی پہلی کھیپ لاطینی امریکی ملک وینز ویلا پہنچی جس کے بعد وینز ویلا روسی ویکسین حاصل کرنے والا لاطینی امریکا میں پہلا ملک بن گیا۔