Tag: رشوت

  • آئیسکو اہلکار کروڑوں روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار

    آئیسکو اہلکار کروڑوں روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار

    ایف آئی اے اسلام آباد زون نے آئیسکو اہلکاروں کو کروڑوں روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے اسلام آباد زون نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے آئیسکو اہلکاروں کو گرفتار کرلیا، افسران نے آئیسکو آڈٹ کلئیر کروانے کے نام پر کڑوروں روپے رشوت وصول کی۔

    ایف آئی اے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان میں ذیشان علی، نذر حسین، اشتیاق احمد، جہانگیر احمد اور ثاقب صغیر شامل ہیں، ملزم ذیشان علی اکبر بطور آڈٹ آفیسر اور نذر حسین اسسٹنٹ آڈٹ آفیسر کو آڈٹ کے لئے نامزد کئے گیا تھا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزمان کو ڈپٹی ڈائریکٹر پروکیورمنٹ اینڈ کوآرڈینیشن لاہور آفس کی جانب سے نامزد کیا گیا تھا، ملزمان کو آئیسکو آپریشن جہلم سرکل اور ریجنل منیجر ٹرانسفارمر ورکشاپ اسلام آباد کے آڈٹ کے لئے نامزد کیا گیا تھا۔

    ایف آئی اے ترجمان کے مطابق ملزمان سے 1 کروڑ 4 لاکھ 75 ہزار روپے برآمد ہوئے، ملزمان کو جی ٹی روڈ گوجر خان سے گرفتار کیا گیا، ملزمان کو رقم آئیسکو کے آکاونٹ آفیسر اشتیاق احمد، جہانگیر احمد اور ثاقب صغیر کی جانب سے دی گئی تھی ملزمان کو رقم سمیت رنگھے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔

    ابتدائی تفتیش کے مطابق آئیسکو کے آفسران نے مذکورہ رقوم فیلڈ میں تعینات اہلکاروں سے وصول کی، ملزمان کے خلاف اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے مقدمہ درج کر لیا ساتھ ہی گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا، گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر مزید گرفتاری متوقع ہے۔

  • رشوت لینے پر سیکیورٹی گارڈ کیخلاف دہشتگردی کا مقدمہ درج

    رشوت لینے پر سیکیورٹی گارڈ کیخلاف دہشتگردی کا مقدمہ درج

    ساہیوال: وزیراعلیٰ پنجاب نے ٹیچنگ اسپتال میں رشوت لینے والے سیکیورٹی گارڈ کیخلاف دہشتگردی کا مقدمہ درج کرا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ٹیچنگ اسپتال میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے احکامات پر خاتون سمیت 3 سیکیورٹی گارڈز کو گرفتار کیا گیا تھا، تینوں سیکیورٹی گارڈز نے 9 جون کو مریض بچی کی عیادت کیلئے آنیوالوں سے 2 ہزار روپے رشوت لی تھی۔

    پولیس نے بتایا کہ چلڈرن وارڈ کے سیکیورٹی گارڈز نے مریضہ کے رشتہ دار سے کہا پیسے دو گے تو اندر جانے دونگا۔

    رشتہ داروں نے گارڈز کو 2 ہزار روپے رشوت دیکر مریض بچی کی عیادت کی، گزشتہ روز مریضہ کے اہلخانہ کی شکایت پر وزیراعلیٰ پنجاب نے سیکیورٹی گارڈز کو گرفتار کرایا تھا۔

    تھانہ فرید ٹاؤن نے سیکیورٹی گارڈز کیخلاف انسداد دہشت گردی اور دیگردفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔

  • ملیر پولیس نے رشوت نہ دینے پر شہری کے خلاف ایک ماہ میں 5 مقدمات درج کر دیے

    ملیر پولیس نے رشوت نہ دینے پر شہری کے خلاف ایک ماہ میں 5 مقدمات درج کر دیے

    کراچی: ملیر پولیس نے رشوت نہ دینے پر شہری کے خلاف ایک ماہ میں 5 مقدمات درج کر دیے، شہری محمد صدیق فریاد لے کر سندھ ہائی کورٹ پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق رشوت نہ دینے پر شہری کے خلاف ایک ماہ میں 5 مقدمات درج کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت کرتے ہوئے سندھ ہائیکورٹ نے آئی جی سندھ، ڈی آئی جی ایسٹ و دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

    سندھ ہائیکورٹ نے نیو علی محمد گوٹھ ملیر کے رہائشی شہری محمد صدیق کو تحفظ فراہم کرنے کا حکم بھی دیا، عدالت نے درخواست گزار کے خلاف درج مقدمات کا ریکارڈ بھی طلب کر لیا ہے، عدالت نے کہا بتایا جائے کہ کس بنیاد پر یہ مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

    ایڈووکیٹ لیاقت گبول نے درخواست گزار کی جانب سے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار کاروباری شخصیت ہے، آئے روز کسی نامعلوم ایف آئی آر میں نام ڈال کر گرفتاری ڈال دی جاتی ہے، پولیس صرف پیسوں کے لیے تنگ کر رہی ہے، آئی جی سندھ و دیگر حکام کو بھی پولیس کی زیادتیوں کے خلاف شکایت کی گئی تھی۔

  • سی آئی اے پولیس انسپکٹر 1لاکھ رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار

    سی آئی اے پولیس انسپکٹر 1لاکھ رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار

    کراچی : سی آئی اے پولیس انسپکٹر عابدعلی کو 1لاکھ رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن سندھ نے کارروائی کرتے ہوئے سی آئی اےپولیس انسپکٹر کو گرفتار کرلیا۔

    ڈائریکٹراینٹی کرپشن امتیاز ابڑو نے بتایا کہ انسپکٹرعابدعلی کو 1لاکھ رشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا، انسپکٹر شہری عدنان کےخاندان سے پہلے ہی 30 لاکھ وصول کر چکا تھا۔

    امتیاز ابڑو کا کہنا تھا کہ شہری عدنان دبئی سے کراچی 25 مارچ کو پہنچا تاکہ یورپ جاسکے، 7 اپریل کی رات صدر میں قائم نجی ہوٹل سے عدنان کو اغوا کیا گیا اور عدنان کے خاندان سے انسپکٹرعلی پیسوں کا مطالبہ کرتارہا۔

    اینٹی کرپشن سندھ کے مطابق مطلوبہ رقم نہ ملنے پر 19 اپریل کو حب ریورروڈ سے گرفتاری ڈال کر ریمانڈ حاصل کیا گیا اور عدنان کے اہلخانہ سے 30 لاکھ وصول کرنےکے بعد 8 لاکھ کا مزید مطالبہ کیا گیا۔

    حکام نے بتایا کہ ایک لاکھ کی رشوت وصول کرتے ہوئے پولیس انسپکٹر کو اینٹی کرپشن نے گرفتار کیا، عابد حسین پرمقدمہ درج کرکے صبح ریمانڈ حاصل کیا جائے گا۔

  • اسلام آباد کے حلقہ این اے 46 میں ووٹرز کو رشوت دینے کا انکشاف

    اسلام آباد کے حلقہ این اے 46 میں ووٹرز کو رشوت دینے کا انکشاف

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت این اے 46 میں ووٹرز کر رشوت دینے کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد این اے 46 سے مرکزی مسلم لیگ کے امیدوار شفیق الرحمان کو ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کی جانب سے نوٹس جاری کیا گیا۔

    نوٹس میں کہا گیا کہ امیدوار کی جانب سے سستا سہولت بازار میں ووٹرز  لانے کیلئے پیسے دیے گئے، یہ سستا سہولت بازار جی 13 اسلام آباد میں پبلک پراپرٹی پر لگایا گیا۔

    نوٹس میں مزید کہا گیا کہ شفیق الرحمان وڑائچ نے الیکشن ایکٹ 234 کی خلاف ورزی کی ہے وہ 21 جنوری کو ڈی آر او کے سامنے پیش ہوں۔

  • سی ویو پر پولیس اہلکار دوسرے شہر سے آنے والے نوجوانوں سے رشوت لینے لگے

    سی ویو پر پولیس اہلکار دوسرے شہر سے آنے والے نوجوانوں سے رشوت لینے لگے

    کراچی: سی ویو پر ساحل پولیس اہلکاروں نے دوسرے شہر سے آنے والے نوجوانوں سے رشوت وصول کرنے لگے۔

    تفصیلات کے مطابق سی ویو پر ساحل پولیس اہلکاروں نے حیدرآباد سے آئے نوجوانوں سے رشوت لی ہے،  حیدرآباد سے آئے 4 دوستوں کو پولیس نے ساحل سمندر پر روکا۔

    پولیس اہلکاروں نے نوجوانوں کو روک کر دستاویزات طلب کیں، کرائے کی گاڑی ہونے پر نوجوان کے پاس دستاویزات موجود نہیں تھیں، جس پر  سب انسپکٹر رمضان نے مبینہ طورپرگاڑی چھوڑنے کے 20 ہزار مانگے۔

    نوجوانوں نے 20 ہزار روپے دے کر اپنی جان چھڑائی،  واقعے پر ڈی آئی جی ساؤتھ نے انکوائری کا حکم جاری کردیا، حکام کا کہنا ہے کہ سب انسپکٹر رمضان کی ڈیوٹی مارننگ شفٹ میں لگائی تھی،  وہ نائٹ شفٹ میں کب چلا گیا اس بات کا علم نہیں ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق ایس آئی سب انسپکٹر رمضان اور متاثرہ نوجوانوں کو طلب کرلیا ہے،  پوچھ گچھ کے بعد قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • کراچی پولیس کے موٹو پتلو رشوت لینے لگے، ویڈیو سامنے آ گئی

    کراچی پولیس کے موٹو پتلو رشوت لینے لگے، ویڈیو سامنے آ گئی

    کراچی: شہر قائد کی پولیس کی رشوت ستانیوں کی کہانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، تاہم اب موٹو پتلو کے نام سے مشہور دو اہل کاروں کی رشوت ستانی کا بھی چرچا ہونے لگا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس، تھانہ لیاقت آباد کے دو اہل کاروں کی رشوت لینے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آئی ہے، یہ اہل کار موٹو پتلو کے نام سے مشہور ہیں، ویڈیو سامنے آنے پر ایس ایس پی نے ایکشن بھی لے لیا۔

    ویڈیو میں ایک موٹے اور ایک پتلے پولیس اہل کار کو کراچی کے علاقے لیاقت آباد کی مارکیٹ میں رشوت لیتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    لیاقت آباد کے ریڑھی بانوں نے شکایت کی ہے کہ یہ دو اہل کار روزانہ کی بنیاد پر رشوت لینے آتے ہیں اور کوئی ریڑھی والا رشوت نہ دے تو سخت ناروا سلوک کیا جاتا ہے، ان کا کہنا تھا کہ اعلیٰ پولیس حکام کو اس معاملے کی تحقیقات کروانی چاہیے۔

    گزشتہ روز 14 جون کو ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل نے ویڈیو میں نظر آنے والے دونوں اہل کاروں کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے انھیں معطل کر کے کوارٹر گارڈ کر دیا۔

    پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل نے واقعے کی مکمل انکوائری اے ایس پی لیاقت آباد ڈویژن کے سپرد کر دی ہے، انکوائری مکمل ہونے پر محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • مونس الہٰی کے قریبی دوست اور فرنٹ مین رشوت لینے کے الزام میں گرفتار

    مونس الہٰی کے قریبی دوست اور فرنٹ مین رشوت لینے کے الزام میں گرفتار

    اینٹی کرپشن پنجاب نے کروڑوں روپے کی رشوت لینے کے الزام میں چوہدری مونس الہٰی کے قریبی دوست اور فرنٹ مین زبیر خان کو گرفتار کرلیا۔

    ترجمان اینٹی کرپشن پنجاب کا کہنا ہے کہ اینٹی کرپشن نے پرویزالہٰی، مونس الہٰی، محمد خان بھٹی، زبیر خان کیخلاف مقدمہ درج کیا ہے،  پرویز الہٰی اینڈ کمپنی پر ساڑھے 12کروڑ روپے رشوت لیے ہیں۔

    اینٹی کرپشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ رشوت غیر ملکی کمپنی کی واجب الادا رقم 2 ارب 90 کروڑ کی ادائیگی کے عوض لی گئی ہے پرویز الہٰی اینڈ کمپنی نے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ذریعے یہ ادائیگی کی۔

    ترجمان کے مطابق چوہدری پرویز الہٰی کے خلاف مقدمہ ٹھوس شواہد کی بنا پر درج کیا گیا، چوہدری پرویزالہٰی، مونس الہٰی، محمد خان بھٹی کی ڈیل  زبیر خان نے کرائی تھی۔

    ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ غیرملکی کمپنی کی واجب الادارقم کے عوض پرویز الہی نے ساڑھے 6کروڑ وصول کئے، مونس الہٰی اور محمد خان بھٹی نے 5 کروڑ جبکہ زبیر خان نے 50 لاکھ روپے لئے۔

    اینٹی کرپشن کے ترجمان نے مزید کہا کہ ملزمان پرویزالہٰی، مونس الہٰی، محمد خان بھٹی اور زبیر خان نے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا، پرویز الہٰی نے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے علی انان قمر پر دباؤ ڈال کر ادائیگی کرائی۔

  • خاتون ہیڈ ماسٹر رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار

    خاتون ہیڈ ماسٹر رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار

    بھارت میں خاتون ہیڈ ماسٹر کو اے سی بی حکام نے رشوت لیتے ہوئے  رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔

    بھارتی ریاست تلنگانہ کے ضلع کھمم میں خاتون ہیڈ ماسٹر کو اے سی بی حکام نے رشوت لیتے ہوئے  رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔

     کھمم ضلع کے مدھیرا گرلز  گورنمنٹ ہائی اسکول کی ہیڈ ماسٹر سری دیوی نے  ایک پروگرام کے دوران کیے گئے ترقیاتی کاموں کے لیے کنٹراکٹر سے رشوت طلب کی۔

    کنٹراکٹر نے محکمہ انسداد رشوت کے حکام سے شکایت کی، جس میں بتایا گیا کہ ہیڈ ماسٹر سری دیوی نے کنٹراکٹر سے 25 ہزار روپے لیے ہیں۔

     وہاں موجود محکمہ انسداد رشوت کے عہدیداروں نے چھاپہ مار کر خاتون ہیڈ ماسٹر کو گرفتار کرلیا۔

  • پکڑے جانے پر سب انسپکٹر نے رشوت کی رقم سچ میں ’ہضم‘ کر لی، ویڈیو وائرل

    پکڑے جانے پر سب انسپکٹر نے رشوت کی رقم سچ میں ’ہضم‘ کر لی، ویڈیو وائرل

    ہریانہ: بھارتی ریاست ہریانہ میں پکڑے جانے پر ایک سب انسپکٹر نے رشوت کی رقم سچ میں ’ہضم‘ کر لی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس اور ٹوئٹر ویڈیوز کے مطابق ہریانہ میں ایک پولیس افسر مہیندر بھینس چوری کیس میں رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے تو ثبوت مٹانے کے لیے انھوں نے نوٹ نگلنے کی کوشش کی۔

    حکام کا کہنا ہے کہ پولیس سب انسپکٹر نے، جس شخص کی بھینس چوری ہوئی، اس سے کارروائی کے لیے 10 ہزار روپے مانگے تھے۔

    یہ واقعہ فرید آباد میں پیش آیا، ویجیلنس ٹیم نے ہریانہ کے ایک پولس اہلکار کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا، لیکن جیسے ہی وہ اسے گرفتار کرنے ہی والے تھے، اس نے ثبوت مٹانے کے لیے رقم نگلنے کی کوشش کی، اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ویجیلنس اہلکار سب انسپکٹر مہیندر کے منہ سے پیسے نکالنے کے لیے اس کے ساتھ زور آزمائی کر رہے ہیں، ایک اہلکار نے رقم کی وصولی کے لیے پولیس والے کے منہ میں انگلیاں بھی ڈال دیں۔

    ہریانہ کے پولیس اہل کار نے مبینہ طور پر ایک شخص شمبھو ناتھ سے اس کی بھینس چوری کرنے والے ملزم کے خلاف کارروائی شروع کرنے کے لیے رشوت لی تھی۔

    پولیس اہلکار نے رشوت کے طور پر 10,000 روپے کا مطالبہ کیا تھا، جس میں سے اسے چھ ہزار روپے قسطوں میں ملے تھے، جب پولیس اہلکار نے شمبھو ناتھ سے چار ہزار روپے کا مطالبہ کیا تو اس نے ہریانہ اسٹیٹ ویجیلنس بیورو کو اطلاع کر دی، جس کے بعد ویجیلنس ٹیم نے جال بچھا کر پولیس افسر کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔

    شکایت کنندہ کے مطابق سب انسپکٹر مہیندر نے شروع میں 15 ہزار روپے مانگے تھے لیکن پھر معاملہ 10 ہزار روپے میں طے ہو گیا تھا، ویجیلنس ٹیم نے پولیس اہل کار کے منہ سے پیسے نکلوائے اور پھر پیسوں کو دھویا گیا۔