Tag: رضا مراد

  • موت کی افواہیں، رضا مراد نے بڑا قدم اُٹھا لیا

    موت کی افواہیں، رضا مراد نے بڑا قدم اُٹھا لیا

    بھارتی فلم انڈسٹری کے سینئر اداکار رضا مراد ان دنوں اپنی موت کی جھوٹی خبروں کے باعث شدید پریشانی میں مبتلا ہیں، اداکار کی وفات سے متعلق ایک فیک پوسٹ تیزی سے سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فیک پوسٹ کے باعث نہ صرف رضا مراد اور ان کے اہلِ خانہ بلکہ ان کے چاہنے والے بھی ذہنی اذیت کا شکار ہیں۔

    سینئر اداکار اس واقعہ سے ناراض ہو کر ممبئی کے امبولی پولیس اسٹیشن میں نامعلوم افراد کے خلاف باضابطہ شکایت درج کرانے پر مجبور ہوگئے ہیں۔

    رضا مراد نے ایک ویڈیو اور بیان کے ذریعے واضح کیا کہ وہ مکمل طور پر صحت مند اور زندہ ہیں، بار بار یہ بتاتے بتاتے میرا گلا، زبان اور ہونٹ خشک ہوگئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ دنیا بھر سے ان کے پاس فون کالز اور پیغامات آ رہے ہیں۔ مداح اور دوست ان کی موت کی جھوٹی خبروں کے باعث ان کی خیریت دریافت کر رہے ہیں۔

    اداکار نے ایسی افواہیں پھیلانے والوں پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی شرمناک حرکت ہے۔ یہ کام وہی لوگ کرتے ہیں جو اپنی زندگی میں کچھ نہیں کر پاتے اور سستی شہرت کے لیے اس قسم کی حرکتیں کرتے ہیں۔

    انہوں نے پولیس سے اپیل کی کہ اس طرح کے غیر ذمہ دارانہ اقدامات کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ کوئی اور شخص اس طرح کی حرکت نہ کرے۔

    بھارتی اداکار رضا مراد اہلیہ اور بیٹی کے ساتھ لاہور پہنچ گئے

    ان کی شکایت پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے سائبر سیل کی مدد حاصل کر لی ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق، سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس فیک پوسٹ کو شیئر کرنے والے افراد کی نشاندہی کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

  • بھارتی اداکار رضا مراد اہلیہ اور بیٹی کے ساتھ لاہور پہنچ گئے

    بھارتی اداکار رضا مراد اہلیہ اور بیٹی کے ساتھ لاہور پہنچ گئے

    لاہور: بھارتی اداکار رضا مراد اہلیہ اور بیٹی کے ساتھ لاہور پہنچ گئے، کہتے ہیں مہمان نوازی کی اولمپکس ہوتیں تو پاکستان کو ہر بار گولڈ میڈل ملتا، بھارتی فنکاروں کو بھی پاکستانی فلموں میں کام کرنے کا موقع ملنا چاہیئے۔

    رضا مراد واہگہ بارڈر پہنچتے ہی پاکستان کی مہمان نوازی کے گن گانے لگے۔انہوں نے کہا کہ مشترکہ فلمسازی کے اچھے اثرات مرتب ہوئے ہیں۔

    رضا مراد نے پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کی بہتری پر زور دیتے ہوئے مودی کے حالیہ دورہ پاکستان سمیت واجپائی کی امن کوششوں اور شاعری کو خوب سراہا۔

    بھارتی اداکار کا یہ فیملی ٹور ہے، جس میں اہلیہ اور بیٹی خوب شاپنگ کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں، رضا مراد لاہور، اسلام آباد اور کراچی میں قیام کے بعد 17 مارچ کو وطن واپس جائیں گے۔