Tag: رض احمد

  • رض احمد نے آسکر ایوارڈ جیت لیا

    رض احمد نے آسکر ایوارڈ جیت لیا

    پاکستانی نژاد برطانوی اداکار رض احمد نے ‘دی لانگ گڈ بائی’ کے لیے اپنا پہلا آسکر ایوارڈ جیت لیا۔

    برطانوی ایکٹر رض احمد نے اپنے کیریئر کا پہلا آسکر ایوارڈ جیت لیا ہے، ان کو بہترین لائیو ایکشن شارٹ فلم کے آسکر ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔

    رض نے 12 منٹ کی شارٹ فلم ‘دی لانگ گڈ بائے’ میں اداکاری کے زبردست جوہر دکھائے، کہانی برطانیہ میں آئے ہوئے پناہ گزینوں کی جو ایک شادی کی تیاری کر رہے ہیں لیکن پھر ایک شدت پسند گروہ ان پر حملہ آور ہوتا ہے۔

    گزشتہ سال بھی فلم ساؤنڈ آف میٹل میں رض احمد کی اداکاری کو دیکھتے ہوئے انھیں بہترین اداکار کے آسکر ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا تھا، رض، آسکر کی تاریخ میں پہلے پاکستانی اور مسلمان اداکار ہیں جنھیں اس ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا۔

    رض احمد نے دی لانگ گڈ بائے میں نہ صرف مرکزی کردار ادا کیا بلکہ ہدایت کار انیل کاریا کے ساتھ مل کر اس کی اسکرپٹ بھی لکھا،

    دی لانگ گڈ بائے رض کے اسی البم پر مبنی ہے، جو پچھلے سال ریلیز ہوا تھا، اس البم کا نام بھی دی لانگ گڈ بائے ہی ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستانی نژاد برطانوی اداکار کا اصلی نام رضوان احمد ہے، لیکن انھیں عرف عام میں ‘رض’ کے نام سے جانا جاتا ہے، رضوان احمد نے اپنے کیریئر کی شروعات 2006 میں فلم روڈ ٹو گوانتانامو سے کی تھی، وہ 2013 میں بھارتی ہدایت کار میرا نائر کی فلم ‘ دی ریلکٹنٹ فنڈامینٹلسٹ’ میں بھی نظر آئے تھے۔

    2016 میں ان کی ٹی وی سیریز ‘دی نائٹ آف’ کو ناقدین کی جانب سے مثبت ردعمل ملا تھا اور ان کی شان دار اداکاری کو دیکھتے ہوئے انھیں 2017 میں ایمی ایوارڈز کے لیے نامزد بھی کیا گیا تھا، رض موسیقار بھی ہیں۔

  • ہالی ووڈ فلموں میں مسلمانوں کو برا دکھانے پر برطانوی اداکار رض احمد کا اہم قدم

    ہالی ووڈ فلموں میں مسلمانوں کو برا دکھانے پر برطانوی اداکار رض احمد کا اہم قدم

    لندن: برطانوی اداکار اور آسکر ایوارڈ کے لیے نامزدگی حاصل کرنے والے پہلے مسلمان اداکار ر رِض احمد اس بات پر سخت نالاں ہیں کہ ہالی ووڈ فلموں میں مسلمانوں کو برا کیوں دکھایا جاتا ہے۔

    ہالی ووڈ کے 38 سالہ اداکار رِض احمد نے فلموں میں مسلمانوں کے دکھائے جانے والے انداز میں بہتری لانے کی کوشش کا آغاز کر دیا ہے، 2017 سے 2019 کے درمیان ریلیز ہونے والی ہالی ووڈ فلموں کی ایک ریسرچ کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ فلموں میں یا تو مسلم کردار نہ ہونے کے برابر دکھائے جاتے ہیں یا دوسری صورت میں یہ کردار منفی ہوتے ہیں۔

    کامیاب ہالی ووڈ فلم ’ساؤنڈ آف میٹل‘ میں شان دار اداکاری کے لیے آسکر نامزدگی حاصل کرنے والے رِض احمد نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بتایا کہ اننبرگ انکلیوژنشن انیشی ایٹو کی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ تین برس کی کامیاب فلموں میں صرف دس فی صد فلموں میں مسلمانوں کی نمائندگی کرنے والا کوئی ایک کردار موجود تھا۔

    ہالی ووڈ اداکار نے اس سلسلے میں اننبرگ انکلوژن انیشی ایٹو، پلرز فنڈ اور فورڈ فاؤنڈیشن کے ساتھ مل کر ایک چھوٹی سی کوشش کا آغاز کر دیا ہے، تاکہ اسکرین پر مسلمانوں کی نمائندگی کو بہتر بنایا جا سکے۔

    رض احمد نے بتایا کہ تحقیق سے پتا چلا کہ فلموں میں مسلمان کرداروں کو کسی دہشت گرد یا غدار کے طور پر دکھایا گیا تھا، یا پھر آدھے سے زیادہ کردار تشدد کا شکار تھے۔

    رض کا مؤقف ہے کہ مسلمانوں کی بڑے پردے پر نمائندگی کے انداز کو بدلنے کے لیے فنڈ کی مدد سے زیادہ سے زیادہ مسلم اداکاروں، مصنفوں اور پروڈیوسرز کو فلم اور ٹی وی کے کاروبار میں شامل کرنا ہوگا۔ انھوں نے اس سلسلے میں لوگوں سے بھی ساتھ دینے کی اپیل کی ہے۔

  • پہلی بار مسلمان فنکار بہترین اداکار کے آسکر ایوارڈ کے لیے نامزد

    پہلی بار مسلمان فنکار بہترین اداکار کے آسکر ایوارڈ کے لیے نامزد

    لندن: پاکستانی نژاد برطانوی اداکار رض احمد بہترین اداکار کے آسکر ایوارڈ کے لیے نامزدگی کے بعد یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے مسلمان اداکار بن گئے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق پاکستانی نژاد برطانوی اداکار رض احمد کو بہترین اداکار کے آسکر ایوارڈ کے لیے نامزد کر دیا گیا، رض احمد کو فلم ساؤنڈ آف میٹل میں بہترین اداکاری پر اس ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا۔

    رض احمد بہترین اداکار کے طور پر نامزد ہونے والے پہلے مسلمان اداکار بھی ہیں۔

    ایوارڈ کے لیے نامزد ہونے پر رض احمد نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔

    سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے انہوں نے اپنے ساتھی اداکاروں اور اکیڈمی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ نامزدگی ان کے لیے ایک اعزاز ہے۔

    رض نے اپنی فلم کے ہدایتکار، پروڈیوسرز، کاسٹ ممبران اور پوری ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا اور امید ظاہر کی ہے کہ وہ اسے حاصل کرنے میں کامیاب ہوسکیں۔