Tag: رعنا ایوب

  • مودی کی ناقد بھارتی مسلمان صحافی کو بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا

    مودی کی ناقد بھارتی مسلمان صحافی کو بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا

    نئی دہلی: بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کی پالیسیوں کی سخت ناقد مسلمان بھارتی صحافی رعنا ایوب کو بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا، رعنا جرنلسٹ فیسٹول میں بھارتی جمہوریت پر ایک تقریر کرنے جارہی تھیں۔

    بھارتی صحافی اور وزیر اعظم نریندر موری کی ناقد رعنا ایوب کو جرنلسٹ فیسٹول میں شرکت کے لیے برطانیہ جانے سے روکنے پر سوشل میڈیا پر صارفین اور صحافتی تنظیمیں مودی حکومت پر تنقید کررہی ہیں اور مطالبہ کررہی ہیں کہ صحافی کے بیرون ملک سفر کرنے پر عائد پابندی کو ختم کیا جائے۔

    رعنا ایوب نے 29 مارچ کو اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا تھا کہ انہیں ممبئی کے ایئرپورٹ پر سفر کرنے سے روکا گیا، وہ جرنلسٹ فیسٹول میں بھارتی جمہوریت پر ایک تقریر کرنے جارہی تھیں۔

    اس سے قبل انٹرنیشنل سینٹر فار جرنلسٹ نے ایک ٹویٹ میں لکھا تھا کہ وہ رعنا ایوب کو برطانیہ مدعو کر رہے ہیں اور وہ آن لائن تشدد پر ہونے والے ایک ایونٹ میں بات چیت کریں گی۔

    رعنا ایوب کو بیرون ملک سفر سے روکنے کو ایمنسٹی انٹرنیشنل نے صحافی کے حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

    اپنے بیان میں ایمنسٹی انٹرنیشنل کا کہنا تھا کہ رعنا ایوب پر سفری پابندیاں بھارتی حکام کی جانب سے صحافیوں، سول سوسائٹی، انسانی حقوق کے کارکنان اور میڈیا اداروں کے حقوق کی خلاف ورزیوں کی فہرست میں تازہ اضافہ ہے۔

    سفری پابندیوں کے خلاف رعنا ایوب نے دہلی ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کر رکھی ہے جس کی سماعت کل متوقع ہے۔

    رعنا ایوب پر سفری پابندی کا حوالہ دیتے ہوئے اقوام متحدہ کے سابق مندوب ڈیوڈ کائے نے لکھا کہ میں کئی سالوں سے اقوام متحدہ کے لیے انسانی حقوق کی صورتحال کے مشاہدے کے لیے بھارت میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا ہوں لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا۔، اب صحافی رعنا ایوب کو جانے سے روک دیا گیا ہے۔

    برطانوی نشریاتی ادارے کی صحافی میگھا موہن نے رعنا ایوب سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صحافت جرم نہیں ہے۔

    واضح رہے کہ صحافی رعنا ایوب گجرات فائلز کی مصنف ہیں جس میں انہوں نے سنہ 2002 میں گجرات میں ہونے والے فسادات کے حوالے سے اس وقت کی بی جے پی حکومت کو مورد الزام ٹھہرایا تھا۔

  • مسکان کے حق میں ٹوئٹ کرنے والی خاتون صحافی کے ایک کروڑ 77 لاکھ ضبط

    مسکان کے حق میں ٹوئٹ کرنے والی خاتون صحافی کے ایک کروڑ 77 لاکھ ضبط

    نئی دہلی:‌ حجاب کے لیے کالج میں‌ جنونی ہندوؤں کے سامنے اللہ اکبر کا نعرہ بلند کرنے والی لڑکی مسکان کے حق میں ٹوئٹ کرنے والی ایک بھارتی خاتون صحافی کے ایک کروڑ 77 لاکھ روپے ضبط کر لیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق مودی سرکار اپنی ہندو انتہا پسند پالیسیوں پر تنقید پر بھی سزائیں دینے لگی ہے، بھارتی مسلمان صحافی رعنا ایوب کو سچ بولنے پر ایک بار پھر بی جے پی کے عتاب کا سامنا ہے، خاتون کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کی گئی ہے.

    بھارتی میڈیا کے مطابق خاتون صحافی رعنا ایوب کی ایک کروڑ روپے سے زائد کی رقم ضبط کر لی گئی ہے۔

    بھارتی تحقیقاتی ایجنسی نے مسلمان صحافی پر منی لانڈرنگ کا الزام لگایا ہے، مودی کی ظالمانہ پالیسیوں پر تنقید کرنے پر رعنا ایوب کو ماضی میں قتل کی دھمکیاں بھی ملتی رہی ہیں۔

    مسلمان صحافی کا کہنا ہے کہ انھیں ہمیشہ سے سچ بولنے پر جان سے مارنے جیسی دھمکیاں دی جاتی رہی ہیں، لیکن کوئی بھی گروہ یا سیاست دان انھیں سچ لکھنے سے نہیں روک سکتا۔

    کرناٹک میں باحجاب لڑکی مسکان کو ہراساں کیے جانے پر ایک ٹوئٹ میں رعنا ایوب نے بھارتی عوام سے سوال کیا تھا کہ اپنی انتخابی مہم میں مودی نے اقلیتوں کے حقوق کی بات کی تھی، لیکن کیا ان کا اصل چہرہ دیکھنے کے بعد ان کو ایک اور چانس دیا جانا چاہیے؟

  • مودی کی بربریت کو بے نقاب کرنے والی مسلمان خاتون صحافی جرات کی عظیم مثال ہے: معاون خصوصی

    مودی کی بربریت کو بے نقاب کرنے والی مسلمان خاتون صحافی جرات کی عظیم مثال ہے: معاون خصوصی

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے بھارت سے تعلق رکھنے والی مسلمان خاتون صحافی رعنا ایوب کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ نڈر خاتون صحافی نے مودی کے فاشسٹ ایجنڈے اور بربریت کو بے نقاب کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بھارتی مسلمان خاتون صحافی رعنا ایوب سے متعلق ایک ویڈیو ٹویٹ کی۔

    اپنے ٹویٹ میں معاون خصوصی نے کہا کہ بہادر لوگوں کا ظلمت اور جبر کے خلاف آواز حق بلند کرنا اور اسے للکارنا تاریخ کا ہمیشہ سے روشن اور یادگار باب رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارتی مسلمان خاتون صحافی رعنا ایوب نے جس دلیری سے اپنے پیشہ ورانہ فرائض انجام دیے، وہ لائق تحسین ہے۔ نڈر خاتون صحافی نے مودی کے فاشسٹ ایجنڈے اور بربریت کو بے نقاب کردیا۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ جیل میں تبدیل ہونے والی مقبوضہ وادی میں انٹرنیٹ، موبائل فون، لینڈ لائن اور ذرائع ابلاغ کی پابندی ہے۔ ایسے میں ایک صحافی کا فرض نبھانا پروفیشنل ازم اور جرات کی عظیم مثال ہے۔

    اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ رعنا ایوب نے مودی حکومت کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں سب اچھا ہے کے جھوٹ کا پردہ چاک کردیا، سرینگر میں پھیلے خوف کےسناٹے اور سنسان سڑکوں کی حقیقت پوری دنیا پر منکشف کردی۔

    معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ نیویارکر جریدے میں شائع ہونے والا مضمون رعنا کی صلاحیتوں کا شاندار اعتراف ہے۔