Tag: رفح حملہ

  • رفح میں صہیونی فورسز اور حماس کے درمیان شدید لڑائی، چوبیس گھنٹوں میں مزید 82 فلسطینی شہید

    رفح میں صہیونی فورسز اور حماس کے درمیان شدید لڑائی، چوبیس گھنٹوں میں مزید 82 فلسطینی شہید

    غزہ: شمالی غزہ کے جبالیہ اور جنوبی رفح میں فلسطینی مسلح گروپوں کے خلاف اسرائیلی فوج کی دراندازی میں شدت آ گئی ہے، ساتھ ہی ان علاقوں میں حماس کے جاں بازوں اور صہیونی اہلکاروں کے درمیان ہتھیاروں کی جنگ بھی شدید ہو گئی ہے۔

    الجزیرہ کے مطابق حماس اور اسرائیل کی فوج کی جانب سے ایک دوسرے کے شدید جانی نقصان کے دعوے سامنے آ رہے ہیں، تاہم اس دوران گزشتہ 24 گھنٹوں میں کم از کم 82 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں، جو کہ اسرائیلی فضائی حملوں کے دوران گزشتہ کئی ہفتوں میں ایک ہی دن میں ہونے والی ہلاکتوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

    اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ آج صبح غزہ کی پٹی سے جنوبی اسرائیل کے شہر سدیروت کی طرف 2 میزائل داغے گئے، ابتدائی طور پر فوج نے کہا کہ اس کے فضائی دفاع نے پروجیکٹائل کو روک دیا تھا، تاہم بعد میں اس نے تسلیم کر لیا کہ ان میں سے ایک میزائل شہر میں گرا جس سے کافی نقصان پہنچا ہے۔

    اسرائیلی فورسز نے طبی عمارتوں کو نشانہ بنانے کی بدترین روایت برقرار رکھی ہے، علاقے میں موجود الجزیرہ کے نامہ نگاروں نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی گولہ باری نے غزہ شہر کے صابرہ محلے میں UNRWA کلینک کو نشانہ بنایا جس میں کم از کم 10 بے گھر فلسطینی مارے گئے۔

    الجزیرہ کے مطابق شمالی جبالیہ میں اسرائیلی ٹینک گنجان آباد محلوں اور تنگ گزرگاہوں میں بھی داخل ہو گئے ہیں، جہاں اسرائیلی فورسز نے پہلے حملہ نہیں کیا تھا، ایسی جگہوں پر انھیں فلسطینی جنگجوؤں کی جانب سے شدید مزاحمت کا سامنا ہے، اور اسلامی جہاد کے عسکری ونگ کا کہنا ہے کہ اس نے متعدد اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک اور زخمی کیا ہے۔

    واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں اب تک کم از کم 35,173 فلسطینی شہید اور 79,061 زخمی ہوئے ہیں، جن میں زیادہ تعداد بچوں اور خواتین کی ہے۔

  • اسرائیلی فورسز نے رفح میں تینوں جانب سے حملہ کر دیا

    اسرائیلی فورسز نے رفح میں تینوں جانب سے حملہ کر دیا

    غزہ: اسرائیلی فورسز نے رفح میں تین اطراف سے حملہ کر دیا ہے، ایف 16 طیاروں سے رہائشی ٹاور اور عوامی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔

    الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی ٹینکوں نے رفح شہر کو جنوب سے سیل کر دیا ہے اور ’’ریڈ زون‘‘ کا گھیراؤ مکمل کر لیا۔ اسرائیلی جنگی کابینہ کی جانب سے جنوبی شہر میں کارروائیوں میں توسیع کی اجازت دینے کے بعد اسرائیلی فوج نے ریڈ زون سے 1 لاکھ بے گھر فلسطینی باشندوں کو فوری نکل جانے کا حکم بھی دے دیا ہے۔

    مشرقی رفح میں حماس کے جنگجوؤں نے اسرائیلی ٹینکوں اور فوجیوں پر دیسی ساختہ دھماکا خیز ڈیوائسز، راکٹوں اور اسنائپرز کے ساتھ گھات لگا کر حملے شروع کر دیے ہیں، رفح میں اس وقت شدید لڑائی جاری ہے کیوں کہ اسرائیلی فورسز 1.4 ملین فلسطینیوں کو پناہ دینے والے اس شہر میں اندر تک گھس گئی ہیں۔

    گزشتہ روز اسرائیلی بمباریوں میں خواتین اور بچوں سمیت 109 فلسطینی شہید اور 296 افراد زخمی ہوئے۔ جب کہ 7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 34,943 فلسطینی شہید اور 78,572 زخمی ہو چکے ہیں۔

    اسرائیل کی بڑھتی ہوئی بربریت کے نتیجے میں 1 لاکھ فلسطینی رفح سے نقل مکانی کر چکے ہیں، رفح بارڈر کراسنگ پر قائم النجر اسپتال میں اسرائیل کے کنٹرول کے سبب سروسز معطل ہو گئیں، چوبیس گھنٹوں میں غزہ جھڑپوں میں مزید 13 اسرائیلی فوجی بھی مارے گئے ہیں جب کہ اسرائیل نے 4 فوجی اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

    غزہ: شہد کی مکھیوں کے حملے میں 12 اسرائیلی فوجی زخمی