Tag: رفعت مختار

  • بی کمپنی میں سزا پانے والے پولیس اہلکاروں نے نئے آئی جی سندھ کی منت سماجت شروع کر دی

    بی کمپنی میں سزا پانے والے پولیس اہلکاروں نے نئے آئی جی سندھ کی منت سماجت شروع کر دی

    کراچی: بلیک کمپنی میں سزا پانے والے پولیس اہلکاروں نے بحالی کے لیے نئے آئی جی سندھ رفعت مختار کی منت سماجت شروع کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق گارڈن ہیڈ کوارٹر میں بی کمپنی اہلکاروں کی آئی جی سندھ رفعت مختار سے ملاقات کی ویڈیو سامنے آ گئی، آئی جی سندھ سے بی کمپنی اہلکاروں کا سامنا جمعہ کو گارڈن ہیڈ کوارٹر میں شہید اہل کار عادل کی نماز جنازہ کے بعد ہوا تھا۔

    بی کمپنی پولیس افسران اور اہلکار نے آئی جی سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا ’’ہمارے چھوٹے چھوٹے بچے ہیں ہم ذلیل ہو چکے ہیں، ہمارے ساتھ انصاف کیا جائے، ہم یہاں سڑکوں پر سورہے ہیں، اللہ نے اپ کو مسیحا بنا کر بھیجا ہے، ہم آپ کے پاؤں پڑتے ہیں۔‘‘

    آئی جی سندھ رفعت مختار نے کہا ’’ہم فورس ہیں کبھی بھی کسی کے پاؤں پڑنے کی ضرورت نہیں ہے، اللہ عزت دیتا ہے، تم اگر اپنے آپ کو ذلیل سمجھو گے تو ذلیل ہوگے۔‘‘

    آئی جی سندھ نے اہلکاروں سے سوال کیا کہ اللہ یا آزماتا ہے یا مصیبت میں ڈالتا ہے، تم آزمائش کا سامنا کر رہے یا مصیبت کا؟ جس پر اہلکار نے کہا کہ ہم آزماِئش کا شکار ہیں، آئی جی سندھ نے جواب دیا ’’اللہ آزمائش اپنے خاص بندوں کی کرتا ہے۔‘‘

    ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی جی سندھ نے بلیک کمپنی کے حوالے سے اعلیٰ پولیس افسران سے تفصیلی بریفنگ مانگ لی ہے، بی کمپنی اہلکاروں کو محکمانہ انکوائری سے گزارا جائے گا، اور انکوائری میں کلیئر اہلکاروں کو بحال کر دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ بی کمپنی میں موجود افسران اور اہلکاروں پر دوران سروس منظم جرائم کی سرپرستی کے الزامات ہیں۔

  • آئی جی سندھ نے براہ راست واٹس ایپ نمبر جاری کر دیا

    آئی جی سندھ نے براہ راست واٹس ایپ نمبر جاری کر دیا

    کراچی: نہ صرف سندھ پولیس ملازمین بلکہ شہریوں کے لیے بھی اچھی خبر ہے کہ آئی جی سندھ نے ان کے لیے براہ راست واٹس ایپ نمبر جاری کر دیا ہے۔

    ترجمان سندھ پولیس کے مطابق محکمہ پولیس کے ملازمین کو مطلع کیا جاتا ہے کہ وہ محکمانہ سطح پر ویلفیئر سے متعلق یا درپیش دیگر مسائل و مشکلات کے ضمن میں آئی جی پی سندھ رفعت مختار سے موبائل نمبر 03008753359 پر براہ راست واٹس ایپ رابطہ کر سکتے ہیں۔

    اس نمبر پر ملنے والی مشکلات اور مسائل کی شکایات کے ازالے کے لیے متعلقہ پولیس کو فوری اور بروقت ہدایات جاری کی جائیں گی۔

    شہریوں کو بھی مطلع کیا گیا ہے کہ وہ پولیس سے متعلق شکایات یا دیگر ممکنہ مشکلات و مسائل کے حل کے لیے مذکورہ نمبر پر واٹس ایپ کر سکتے ہیں، جس پر بروقت ریسپانس دیا جائے گا۔