Tag: رقص کا عالمی دن

  • دنیا بھر میں رقص کا عالمی دن آج منایا جارہا ہے

    دنیا بھر میں رقص کا عالمی دن آج منایا جارہا ہے

    اسلام آباد: پاکستان سمیت آج پوری دنیا میں رقص کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، دنیا بھر میں ہر سال انتیس اپریل کو یہ دن عالمی ڈانس کونسل کے تحت منایا جاتا ہے۔

    رقص کا عالمی دن کو منانے کا مقصد رقص کی مختلف اقسام کو فروغ دینا اور مختلف قوموں کے ثقافتی سرمائے کو بچانا ہے، آج کے دن کی مناسبت سے مختلف فورمز پر خصوصی تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا۔

    رقص صدیوں سے انسانی ثقافتوں کا اہم عنصر رہا ہے، پرفارمنگ آرٹ میں رقص کا اپنا منفرد مقام ہے اور دنیا کی تقریباً ہر تہذیب میں خوشی کے اظہار کے لیے رقص کیا جاتا ہے۔

    پاکستان میں بے شمار اقسام کے رقص کیے جاتے ہیں ان میں کلاسیکی اور لوک رقص کا ایک خاص مقام ہے، جبکہ بلوچ، سندھی رقص اور پنجابی بھنگڑوں کا بھی کوئی ثانی نہیں ہے۔

    رقص لطیف انسانی جذبات اور ہاتھوں اور پیروں کی متوازن حرکات کی ہم آہنگی کا نام ہے۔ رقص کو اعضاء کی شاعری بھی کہا جاتا ہے۔

    اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے عالمی رقص کونسل نے 29 اپریل کو رقص کے عالمی دن کی حیثیت سےمنانے کا فیصلہ کیا تب سے آج تک یہ دن دنیا بھر میں منایا جاتا ہے۔

    دنیا بھر میں رقص کا عالمی دن منانے کا مقصد رقص کی مختلف اقسام کو فروغ دینا اور علاقائی ثقافتی سرمائے کو تحفظ دینا ہے۔

    رقص پاکستان کی ثقافت میں نمایاں حیثیت رکھتا ہے آج سے کئی ہزار سال قبل اس خطے میں آباد ’موہن جو دڑو‘ کے شہری بھی رقص کے شوقین تھے جس کا ثبوت کھدائی میں برآمد ہونے والا رقاصہ کا کانسی کا مجسمہ ہے۔

    پاکستان میں لوک رقص کو بے پناہ اہمیت حاصل ہے اور ملک کے تمام علاقوں کے اپنے مقامی رقص ہیں جن سے ان علاقوں کی ثقافت کی نشاندہی ہوتی ہے۔

  • رقص میں ہے سارا جہاں

    رقص میں ہے سارا جہاں

    آج دنیا بھر میں رقص کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔ سنہ 1982 سے آغاز کیے جانے والے اس دن کو منانے کا مقصد رقص کی مختلف اقسام کو فروغ دینا، مختلف قوموں کے ثقافتی سرمائے کو بچانا اور رقص و ثقافت کے ذریعے امن کو فروغ دینا ہے۔

    پاکستان کی خوبصورت اور رنگا رنگ ثقافت میں بھی رقص کا اہم حصہ رہا ہے اور مختلف علاقوں میں روایتی رقص رائج ہیں جو خوشی کے مواقعوں پر کیے جاتے ہیں۔

    اعضا کی شاعری جسے رقص کہا جاتا ہے، کے عالمی دن کے موقع پر ہم پاکستان میں کیے جانے والے چند خوبصورت علاقائی رقص کی جھلکیاں پیش کر رہے ہیں۔


    بھنگڑا

    صوبہ پنجاب کا روایتی رقص بھنگڑا دنیا بھر میں مشہور ہے اور یہ ایسا رقص ہے جسے عام زندگی میں بھی خوشی سے بے اختیار ہو کر کیا جاتا ہے۔


    لڈی

    شادیوں کے موقع پر کیا جانے والا یہ رقص پاکستان کے تمام علاقوں میں رائج ہے۔


    سمی

    سمی رقص پنجاب کے  قبائل میں رائج ہے جس میں اداس موسیقی پر دھیما رقص کیا جاتا ہے۔


    جھومر

    ملتان اور صوبہ بلوچستان کے چند علاقوں میں رائج جھومر رقص کا نام لفظ ’جھوم‘ سے اخذ ہے۔


    لیوا

    لیوا رقص بلوچستان کے مکران قبائل میں رائج ہے۔


    چھاپ

    چھاپ صوبہ بلوچستان کا روایتی رقص ہے۔


    ہو جمالو

    سندھ دھرتی کا روایتی رقص ہو جمالو ہے جس میں اس بول کے گانے پر والہانہ رقص کیا جاتا ہے۔


    خٹک

    پشتون قبائل کا روایتی رقص خٹک ڈانس پوری دنیا میں مشہور ہے۔


    اتن

    صوبہ خیبر پختونخواہ میں خٹک ڈانس کے علاوہ اتن ڈانس بھی کیا جاتا ہے۔


    گمر اور گٹکا

    صوبہ خیبر پختونخواہ کے ہزارہ ڈویژن میں گمر ڈانس مشہور ہے جو مارشل آرٹ کی طرز پر کیا جاتا ہے۔


    کیلاش

    پختونخواہ کے علاقے چترال میں آباد کیلاش قبیلے کا روایتی رقص نہایت خوبصورت ہوتا ہے۔


    دھمال

    پاکستان میں ایک اور مشہور رقص دھمال ہے جو سندھ اور پنجاب میں رائج ہے۔ اس رقص کا تعلق صوفی ازم سے بھی جوڑا جاتا ہے۔

    پاکستان کے طول و عرض میں پھیلے صوفی بزرگان کے مزاروں پر روز شام کے وقت دھمال کا اہتمام کیا جاتا ہے، جب نقارے پر چوٹ پڑتی ہے اور عشق مجازی و عشق حقیقی میں ڈوبے دیوانے دھمال ڈالنا شروع کردیتے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔