Tag: رقم

  • ویڈیو: کراچی کے شہریوں کیلئے بینکوں سے رقم لیکر نکلنا وبال جان بن گیا

    ویڈیو: کراچی کے شہریوں کیلئے بینکوں سے رقم لیکر نکلنا وبال جان بن گیا

    کراچی: متعدد پریشانی میں گھرے کراچی کے شہریوں کیلئے بینکوں سے رقم لیکر نکلنا وبال جان بن گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بینکوں سے رقم لیکر نکلنا شہریوں کیلئے وبال جان بن گیا، محمودآباد میں نجی بینک سے رقم لیکر نکلنے والا شہری گھر کی دہلیز پر لٹ گیا۔

    موٹر سائیکل سوار ڈکیت شہری کا تعاقب کرتے ہوئےگلشن جمال تک پہنچے، فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مسلح ملزمان کو دیکھ کر شہری نے گاڑی لاک کر لی۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک ملزم  نے اسلحے کے زور پر شہری کو گاڑی میں ہی محصور کردیا، دو ملزمان نے پستول کے بٹ مار کر شہری کی گاڑی کا شیشہ توڑا اور پیسے چھین کر فرار ہوگئے۔

    فوٹیج میں ملزمان کو گاڑی سے رقم سے بھرا بیگ نکال کر فرار ہوتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، مسلح ملزمان شہری سے 35 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوئے ہیں۔

  • ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی انعامی رقم کا اعلان، کس ٹیم کو کتنی رقم ملے گی؟

    ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی انعامی رقم کا اعلان، کس ٹیم کو کتنی رقم ملے گی؟

    آئی سی سی نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے لیے انعامی رقم کا اعلان کردیا ہے، فائنل جیتنے والی ٹیم کو 16 لاکھ ڈالر کی انعامی رقم ملے گی۔

    انٹرنیشنل کرکٹ کونسل( آئی سی سی) نے انعامی رقم  میں کوئی تبدیلی نہیں کی، ٹیسٹ چیمپئن شپ میں  تمام ٹیموں کے لیے کل انعامی رقم 38 لاکھ ڈالررکھی گئی۔

    چیمپئن شپ کی فاتح ٹیم کے لیے آئی سی سی کی جانب سے 16 لاکھ ڈالر کی انعامی رقم رکھی گئی ہے جبکہ رنز اپ کو 8 لاکھ ڈالر سے نوازا جائے گا۔

    پوائنٹس ٹیبل کے تیسرے نمبر پر آنے والی ساؤتھ افریقی ٹیم کے حصے میں 4 لاکھ 50 ہزار ڈالر آئے۔

    اس انعامی رقم سے انگلینڈ کو 3 لاکھ 50 ہزار ڈالر، سری لنکا کو 2 لاکھ ڈالر ملیں گے اور پاکستان کو ٹیسٹ چیمپئن شپ میں سے ایک لاکھ ڈالر ملے گا۔

    اس کے علاوہ نیوزی لینڈ، ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کو بھی ایک ایک لاکھ ڈالر ملے گا۔

    آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان 7 جون سے 11 جون تک کھیلا جائے گا جبکہ 12 جون کو ریزرو ڈے ہے۔

  • نگران وزیر اعلیٰ کی خصوصی ہدایت، 52 مریضوں کے علاج کے لیے رقم جاری

    نگران وزیر اعلیٰ کی خصوصی ہدایت، 52 مریضوں کے علاج کے لیے رقم جاری

    لاہور: صوبہ پنجاب کے نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی جانب سے امراض جگر اور بون میرو کے 52 مریضوں کے علاج کے لیے رقم جاری کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی خصوصی ہدایت پر چیف منسٹر فنڈ سے امراض جگر اور بون میرو کے 52 مریضوں کے علاج کے لیے رقم جاری کردی گئی۔

    52 مستحق مریضوں کے لیے 6 کروڑ روپے سے زائد کی رقم جاری کی گئی ہے۔

    نگراں وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ مریضوں کے علاج کے لیے وسائل مہیا کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، جگر اور بون میرو جیسے امراض میں مبتلا مریض بھرپور توجہ کے مستحق ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ امراض جگر اور بون میرو کا علاج عام آدمی کے بس کی بات نہیں، حکومت تعاون کر رہی ہے، صحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کے لیے کوشاں ہوں اور رہوں گا۔

  • سعودی عرب: کتنا سونا اور رقم ساتھ لے جائی جاسکتی ہے؟

    سعودی عرب: کتنا سونا اور رقم ساتھ لے جائی جاسکتی ہے؟

    ریاض: سعودی حکام نے سعودی عرب سے سونا لے جانے اور لانے کی حد کے حوالے سے وضاحت دی ہے، 60 ہزار ریال سے زیادہ مالیت کا سونا یا نقد رقم لاتے اور لے جاتے وقت اقرار نامہ جمع کروانا ضروری ہوگا۔

    اردو نیوز کے مطابق زکواۃ، ٹیکس اور کسٹم اتھارٹی نے سعودی عرب سے سونا لے جانے اور لانے کی انتہائی حد کے حوالے سے یاد دہانی کروائی ہے۔

    اتھارٹی کے ٹویٹر پر شہری کی جانب سے پوچھا گیا کہ سعودی عرب آتے جاتے وقت سونا لانے لے جانے کی انتہائی حد کیا ہے۔

    اس کے جواب میں اتھارٹی کا کہنا تھا کہ 60 ہزار ریال سے زیادہ مالیت کا سونا یا نقد رقم لاتے اور لے جاتے وقت اقرار نامہ جمع کروانا ضروری ہے، ایسا نہ کرنے پر مسافر کے خلاف کارروائی ہوگی۔

    اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اگر کسی مسافر کے پاس 60 ہزار ریال یا اس کے مساوی مالیت کا سونا ہو تو ایسی صورت میں اسے اقرار نامہ جمع کروانا ہوگا۔

    اتھارٹی کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس حوالے سے تفصیلات دریافت کرنے اور اقرار نامہ فارم حاصل کرنے کے لیے اتھارٹی کی ویب سائٹ سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔

  • پہلی بار خواجہ سراؤں کو بھی بے نظیر انکم پروگرام سے رقم ملے گی

    پہلی بار خواجہ سراؤں کو بھی بے نظیر انکم پروگرام سے رقم ملے گی

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ حکومت نے پہلی بار خواجہ سراؤں کو بے نظیر کفالت پروگرام کا حصہ بنایا جارہا ہے، رقم کی ادائیگی ڈیٹا کی تصدیق کے بعد کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ حکومت نے پہلی بار خواجہ سراؤں کو بے نظیر کفالت پروگرام کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ بے نظیر کفالت کے تحت خواجہ سراؤں کو ہر 3 ماہ میں 7 ہزار روپے دیے جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ تمام خواجہ سرا بی آئی ایس پی کے لوکل تحصیل دفتر میں اپنی رجسٹریشن کروائیں۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ پہلے سے رجسٹرڈ خواجہ سراؤں کو اگر رقم نہیں مل رہی تو اپیل درج کر سکتے ہیں، اپیل پر خواجہ سراؤں کو یہ رقم دی جا سکے گی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ سہ ماہی قسط کی ادائیگی ڈیٹا کی تصدیق کے بعد بذریعہ بینک کی جائے گی۔

  • بزنس مین نے 31 لاکھ کی رقم کچرے میں پھینک دی

    بزنس مین نے 31 لاکھ کی رقم کچرے میں پھینک دی

    مہنگائی کے اس دور میں معمولی رقم سے بھی ہاتھ دھونا خاصے افسوس میں مبتلا کرسکتا ہے، لیکن اگر آپ کو معلوم ہو کہ آپ 31 لاکھ سے زائد کی رقم سے محروم ہوگئے ہیں تو آپ کو کیسا لگے گا؟

    ایسی ہی کچھ صورتحال ایک یونانی بزنس مین کے ساتھ پیش آئی جو 31 لاکھ سے زائد کی رقم غلطی سے کچرے میں ڈال آیا۔

    مذکورہ بزنس مین ایک بیگ میں کچرا اور ایک بیگ میں 19 ہزار یوروز (31 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) کی رقم لے کر کام کے لیے نکلا، راستے میں ایک کوڑے دان میں بھولے سے اس نے دونوں بیگز پھینک دیے۔

    تھوڑی دیر بعد اسے اپنی فاش غلطی کا احساس ہوا، وہ گھبرا کر واپس کوڑے دان کی طرف بھاگا جہاں سے دونوں بیگز غائب تھے۔

    بزنس مین نے قریب موجود پولیس اہلکاروں سے مدد لی اور انہیں بتایا کہ وہ اپنی خطیر رقم سے محروم ہوچکا ہے۔ پولیس نے فوری طور پر وہاں سے کچرا اٹھانے والے ٹرک کو لوکیٹ کیا اور اسے روک لیا، ٹرک کچرا لے کر اسے جلانے کے مقام پر لے کر جارہا تھا۔

    پولیس اور بزنس مین نے مل کر کچرے کے بیگز چھانے تو پہلے کچرے والا بیگ مل گیا، مزید ایک گھنٹے کی تلاش کے بعد بزنس مین کو اپنی رقم کا تھیلا بھی مل گیا جس کے بعد اس نے سکون کی سانس لی اور پولیس کا شکریہ ادا کر کے گھر لوٹ آیا۔

  • چینی کروڑ پتی نے کروڑوں کی رقم بینک سے نکال کر عملے کو گننے کا حکم دے دیا

    چینی کروڑ پتی نے کروڑوں کی رقم بینک سے نکال کر عملے کو گننے کا حکم دے دیا

    چین میں ایک کروڑ پتی شخص نے بینک عملے کے رویے سے نالاں ہو کر انہیں انوکھی سزا دے ڈالی، اس نے بینک سے اپنی تمام رقم نکال لی جس کی مالیت کروڑوں میں تھی اور بینک عملے کو حکم دیا کہ وہ اسے گن کر دیں۔

    پریشان حال بینک عملے کی نوٹ گنتے ہوئے تصاویر چینی سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔ تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بینک ملازمین کے سامنے نوٹوں کی بے شمار گڈیاں رکھی ہوئی ہیں جنہیں وہ گننے میں مصروف ہیں۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق کروڑ پتی بزنس مین بینک کے عملے کے رویے سے نالاں تھا چنانچہ اس نے بینک میں موجود اپنی تمام رقم نکالنے کا فیصلہ کیا۔

    بینک نے اسے یومیہ نکالی جانے والی رقم کی مقرر کردہ حد یعنی 5 ملین یو آن کی رقم دی جو پاکستانی کرنسی میں 13 کروڑ روپے سے زائد بنتے ہیں۔

    بزنس مین نے رقم ملنے کے بعد عملے سے مطالبہ کیا کہ وہ اسے رقم گن کر دیں جس کے بعد پورے بینک کا عملہ نوٹ گننے میں جت گیا۔

    جاتے ہوئے بزنس مین نے کہا کہ وہ روز آ کر اتنی ہی رقم نکالے گا اور عملے سے گنوائے گا، اور وہ اس عمل کو تب تک جاری رکھے گا جب تک وہ اپنی تمام جمع پونجی بینک سے نکال نہیں لیتا۔

    مذکورہ بزنس مین نے اپنے سوشل میڈیا پر لکھا کہ اسے بینک کے عملے سے سخت شکایات تھیں جس کے بعد اس نے یہ قدم اٹھانے کا فیصلہ کیا۔

    دوسری جانب بینک انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ بزنس مین کو صرف ایک گارڈ کی جانب سے فیس ماسک پہننے کو کہا گیا جس پر سخت چراغ پا ہو کر اس نے قدم اٹھایا۔

  • خاتون کو شادی کا جھانسہ دے کر رقم بٹورنے والے کویتی شہری کو سزا

    خاتون کو شادی کا جھانسہ دے کر رقم بٹورنے والے کویتی شہری کو سزا

    کویت سٹی: کویت میں ایک 51 سالہ شخص نے ایک خاتون کو شادی کا جھانسہ دے کر ان سے 7 لاکھ دینار کی رقم بٹور لی، عدالت نے مذکورہ شخص کو 2 سال قید کی سزا سنا دی۔

    کویتی میڈیا کے مطابق کویتی شہری نے شادی کا جھانسہ دے کر ایک خاتون سے 7 لاکھ دینار اینٹھ لیے، مذکورہ شخص خاتون کو 6 برس سے شادی کے جھانسے دے رہا تھا۔

    خاتون نے عدالت کو بتایا کہ مذکورہ شخص 6 برس تک انہیں بیوقوف بنا کر ان سے مالی فوائد حاصل کرتا رہا۔ شہری نے صرف ایک معاملے میں ان سے 2 لاکھ 66 ہزار دینار اینٹھے تھے۔

    متاثرہ خاتون کا کہنا تھا کہ 51 سالہ شخص ایک تعمیراتی کمپنی میں کام کر رہا تھا، خاتون نے اس کی کمپنی سے اپنا گھر بنوانے کے لیے سنہ 2012 میں اس سے رابطہ کیا تھا۔

    اس دوران دونوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا ہوگئی، ٹھیکے دار نے خاتون سے شادی کی خواہش ظاہر کی۔

    سنہ 2017 میں اس نے خاتون کو واٹس ایپ پیغام بھیجا کہ اس کی کمپنی کے بعض ملازم ان دونوں کی آڈیوز اور ویڈیوز ریکارڈ منظر عام پر لانے کی دھمکی دے رہے ہیں، انہیں روکنے کا جواز بنا کر ٹھیکے دار نے خاتون سے 2 لاکھ کویتی دینار اینٹھے۔

    اب خاتون نے عدالت سے رجوع کرلیا ہے، انہوں نے بتایا کہ وہ اب تک اس شخص کو 7 لاکھ دینار کی رقم دے چکی ہیں۔

    ہائیکورٹ نے ٹھیکے دار کو خاتون کو دھمکانے اور ناجائز فائدہ اٹھانے کی کوششوں کا مجرم قرار دیا ہے اور 2 برس قید اور 5 ہزار دینار جرمانے کی سزا سنائی ہے۔

    کویتی میڈیا کے مطابق یہ ملکی تاریخ میں دھوکہ دہی کا سب سے بڑا واقعہ ہے، سپریم کورٹ نے بھی ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف شہری کی اپیل مسترد کردی ہے۔

  • روس میں کم عمر بچوں کے والدین کے لیے معاوضے کا اعلان

    روس میں کم عمر بچوں کے والدین کے لیے معاوضے کا اعلان

    ماسکو: روس میں صدارتی فرمان جاری کیا گیا ہے کہ جس کے مطابق حکومت کو والدین، بچہ گود لینے والے والدین اور 7 سال سے کم عمر بچوں کے سرپرستوں کو معاوضے کی ادائیگی کرنا ہوگی، ہر بچے کے لیے 5 ہزار روبل دیے جائیں گے۔

    روسی میڈیا کے مطابق روس کے پنشن فنڈ (پی ایف آر) نے ایک بار پھر ادائیگیوں کے حصول کے طریقہ کار کی وضاحت کی ہے اور بتایا ہے کہ بچوں کو نئے سال میں ادائیگی 5 ہزار روبل ہوگی جو ان تمام خاندانوں کو فراہم کی جائے گی جو 31 مارچ 2021 تک بچوں کی پیدائش کا اندراج کروائیں گے۔

    صدارتی فرمان کے مطابق روس میں حکومت کو والدین، بچہ گود لینے والے والدین اور 7 سال سے کم عمر بچوں کے سرپرستوں کو معاوضے کی ادائیگی کرنا ہوگی، ہر بچے کے لیے 5 ہزار روبل دیے جائیں گے۔

    جن خاندانوں نے 3 سال سے کم عمر کے بچوں کے لیے ماہانہ ادائیگی یا سنہ 2020 میں 3 سے 16 سال کی عمر کے بچوں کے لیے ایک سال کا معاوضہ وصول کیا تھا، ان کو دسمبر میں پنشن فنڈ کے ذریعے رقم خود بخود فراہم کردی گئی ہیں۔

    اس اطفال فنڈ کی رقم حاصل کرنے کی درخواست میں ہر بچے کے پیدائشی سرٹیفکیٹ کی تفصیلات اور بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات بتانا ہوں گی جس میں رقوم کی منتقلی کی جائے گی۔

    پنشن فنڈ حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اگر والدین کا بینک اکاؤنٹ بند ہوچکا ہو جس سے وہ پہلے بچوں کی ادائیگی حکومت سے وصول کر رہے تھے تو اس صورت میں انہیں ایک اضافی درخواست دینے کی بھی ضرورت ہوگی۔

  • کویت سے رقم بھیجنے والوں کے حوالے سے اہم فیصلہ

    کویت سے رقم بھیجنے والوں کے حوالے سے اہم فیصلہ

    کویت سٹی: کویتی حکام ملک سے باہر رقم بھیجنے و ترسیلات زر پر 1 فیصد ٹیکس عائد کرنے کے فیصلے پر غور کر رہے ہیں۔

    کویتی میڈیا کے مطابق کویت کی قانون ساز کمیٹی کا اگلے ہفتے پیر کے روز اجلاس منعقد ہوگا جس میں متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ان میں سب سے نمایاں ملک سے باہر ترسیلات زر پر ٹیکس عائد کرنا ہے۔

    کمیٹی آئندہ نسلوں کے لیے مہذب زندگی کے تحفظ، وزارت داخلہ کے ملازمین کے لیے نجی اسپتال کے قیام، اور عراقی جارحیت کے خاتمے اور کویت کو آزاد کروانے میں اپنا کردار ادا کرنے میں غیر کویتی فوجی اہلکاروں کے بارے میں ایک تجویز پر بھی غور کر رہی ہے۔

    اجلاس میں ملک کے معاشی منصوبوں کے لیے مالیاتی اداروں کے لیے قرضوں سے متعلق ایک قانون پر گفت و شنید بھی کی جائے گی۔

    علاوہ ازیں صحت انشورنس کے ریٹائرڈ مستفید افراد کا دائرہ بڑھانے اور اس میں گھریلو خواتین اور معذور افراد کو شامل کرنے کی تجویز بھی پیش کرے گی۔