Tag: رقم

  • بینک لے جائی جانے والی رقم کی دن دہاڑے ڈکیتی

    بینک لے جائی جانے والی رقم کی دن دہاڑے ڈکیتی

    امریکا میں ایک شخص سیکیورٹی کمپنی کے ورکر کو دھکا دے کر پیسوں سے بھرا بیگ لے کر فرار ہوگیا۔

    امریکی شہر نیویارک کے علاقے برونکس میں ہونے والی اس ڈکیتی میں 2 لاکھ ڈالرز (3 کروڑ 21 لاکھ سے زائد پاکستانی روپے) لوٹ لیے گئے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق ایک سیکیورٹی کمپنی کا اہلکار بکتر بند گاڑی سے نوٹوں کے بنڈل نکال کر بیگ میں ڈال رہا تھا اور یہ بیگ اسے قریب واقع ایک بینک میں لے کر جانا تھا۔

    اتنے میں اچانک ایک نامعلوم شخص نے اسے دھکا دیا اور نوٹوں کا بیگ اٹھا کر فرار ہوگیا۔

    پولیس نے دن دہاڑے ہونے والی اس ڈکیتی میں ملوث ملزم کی تلاش شروع کردی ہے۔

    نیویارک کا علاقہ برونکس اس قسم کی وارادتوں کے حوالے سے مشہور ہے، اس ڈکیتی والے روز ہی ڈکیتی کا دوسرا واقعہ بھی پیش آیا جس میں دو حملہ آوروں نے ایک شخص کو بری طرح تشدد کا نشانہ بنایا۔

    ڈکیت اس شخص سے اس کا والٹ اور آئی فون چھین کر لے گئے۔

  • کورونا وائرس: امریکا میں انہونی ہوگئی!

    کورونا وائرس: امریکا میں انہونی ہوگئی!

    واشنگٹن: امریکا میں شہری نے کروناوائرس کے خاتمے کے لیے مائیکروویو میں ڈال کر نوٹوں کو جلا دیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق احمق شہری کو یہ شبہ تھا کہ اس کے نوٹوں میں کروناوائرس منتقل ہوچکا ہے جس کے خاتمے کے لیے اس نے رقم ہی جلا ڈالی۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مقامی بینک کے ایک افسر نے تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ اس کے پاس ایک شہری آیا جس کے پاس بہت سارے جلے ہوئے نوٹ تھے، وہ بینک سے نوٹ تبدیل کروانا چاہتا تھا۔

    بینکر کا کہنا تھا کہ اس نے نوٹوں کے جلنے کی وجہ دریافت کی تو سن کر میں دنگ رہ گیا، نوٹ ایکس چینج نہیں کیے جاسکتے کیوں کہ تمام نوٹ جل کر خاک ہوچکے تھے، اس واقعے نے بینک افسر کو ہنسنے پر مجبور کردیا۔

    امریکا میں متعلقہ اداروں نے بینکوں کے لیے بھی کرونا کے پیش نظر خصوصی ہدایات جاری کی ہیں، بینک انتظامیہ کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ نوٹوں کی بھی سینی ٹائزنگ کریں تاکہ وائرس کے کہیں بھی اثرات باقی نہ رہیں۔

  • ایک سال کے دوران ترقیاتی منصوبوں پر 372 ارب روپے خرچ

    ایک سال کے دوران ترقیاتی منصوبوں پر 372 ارب روپے خرچ

    اسلام آباد: حکومت پاکستان نے رواں مالی سال مختلف نوعیت کے منصوبوں پر قومی خزانے سے 372 ارب روپے کی رقم خرچ کی، مزید 200 ارب روپے ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کیے جانے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی ترقیاتی پروگرام کے ریلیز ہونے والے فنڈز کی تفصیلات جاری کردی گئی، رواں مالی سال کے پہلے ساڑھے 8 ماہ پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کی مد میں 465 ارب کے فنڈز کا اجرا کیا گیا۔

    حکومت نے وفاقی وزارتوں کے ترقیاتی پروگرام کے لیے 193 ارب کے فنڈز جاری کیے، نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے 145 ارب کی رقم جاری کی گئی، سیکیورٹی انتظامات بہتر کرنے کے لیے 38 ارب سے زائد کے فنڈز جاری کیے گئے۔

    دستاویزات کے مطابق صوبہ پختونخواہ میں ضم شدہ اضلاع کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے بھی 23 ارب رقم جاری کی گئی، کابینہ ڈویژن کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے 30 ارب کے فنڈز جاری کیے گئے۔

    رپورٹ کے مطابق آزاد کشمیر کے لیے 21 ارب، گلگت بلتستان کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے 13 ارب اور اعلیٰ تعلیمی کمیشن کے لیے 22 ارب 73 کروڑ روپے سے زائد کی رقم جاری کی گئی۔

    دستاویز میں کہا گیا کہ رواں مالی سال حکومت نے پی ایس ڈی پی کی مد میں 701 ارب مختص کیے ہیں۔

    572 ارب روپے سے زائد منصوبوں کے لیے حکومتی خزانے سے رقم خرچ ہوگی، 128 ارب کی رقم کے منصوبے بیرونی امداد سے مکمل کیے جائیں گے، حکومت نے قومی خزانے سے منصوبوں کے لیے 372 ارب رقم خرچ کی ہے جبکہ بیرونی امداد کے منصوبوں کے لیے اب تک 92 ارب 73 کروڑ کے فنڈز جاری کیے گئے۔

  • پاکستان کا نام روشن کرنے والے اسنوکر چیمپئن محمد آصف کیلئے ایک اور انعام

    پاکستان کا نام روشن کرنے والے اسنوکر چیمپئن محمد آصف کیلئے ایک اور انعام

    فیصل آباد: اسنوکر کی دنیا میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے عالمی چیمپئن محمد آصف کو انعام کے طور پر ایک لاکھ روپے کا چیک دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسنوکرورلڈچیمپئن محمدآصف نے ڈی سی آفس فیصل آباد کا دورہ کیا جہاں ان کا پرتپاک استقبال ہوا، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمدعلی نے محمدآصف کو ایک لاکھ روپے کا چیک پیش کیا۔

    اسنوکر کی دنیا پر حکمرانی کرنے والے محمد آصف کا کہنا تھا کہ عزت افزائی پر ضلعی انتظامیہ اور شہریوں کا شکرگزار ہوں، وطن عزیز اور قومی پرچم کی سربلندی کے جذبے سے کھیلا اور اسی طرح کھیلتا رہوں گا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ بھی ملک کے لیے عالمی ٹائٹل جیتنے کا عزم ہے۔

    اسرائیلی حریف کو شکست دینے کی سب سے زیادہ خوشی ہوئی: محمد آصف

    خیال رہے کہ گزشتہ روز ورلڈ اسنوکر چیمپئن محمدآصف اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو ’’باخبرسویرا‘‘ کے خصوصی مہمان بنے تھے اور عالمی ٹائٹل اپنے نام کرنے کے بعد دلی جذبات سے آگاہ کیا تھا۔

    اے آروائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے عالمی اسنوکر چیمپئن کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حریف کو شکست دینے کی سب سے زیادہ خوشی ہوئی، ترکی میں ہونے والے میگا ایونٹ میں شرکت سے قبل پاکستان میں ہی ایک ٹورنامنٹ جیت چکا تھا جس کے باعث مورال بلند تھا۔

    یاد رہے کہ حال ہی میں ترکی کے شہر انتالیہ میں ہونے والی عالمی اسنوکر چیمپئن شپ میں پاکستان کے نمبر ون محمد آصف نے فلپائن کے جیفری روڈا کو 5-8 سے شکست دے کر چیمپئن شپ اپنے نام کی تھی۔

  • دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں نے 7 سال میں 120 ارب ڈالر وطن بھیجے

    دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں نے 7 سال میں 120 ارب ڈالر وطن بھیجے

    اسلام آباد: بیرون ممالک کام کرنے والے پاکستانیوں کی تعداد 80 لاکھ سے تجاوز کر گئی جبکہ گزشتہ 7 سالوں میں دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں نے 120 ارب ڈالر پاکستان بھیجے۔

    حال ہی میں جاری کی جانے والی ایک رپورٹ کے مطابق بیرون ملک سے اپنے ملک پیسہ بھیجنے والے ٹاپ ٹین ممالک کی فہرست میں پاکستان کا ساتواں نمبرہے۔

    رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی 8 ماہ (جولائی تا فروری) میں بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں نے 14 ارب 35 کروڑ ڈالر وطن بھجوائے جو کہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 12 ارب 83 کروڑ ڈالر یعنی 11.8 فیصد زائد ہیں۔

    گزشتہ 7 سالوں میں پاکستانیوں نے دنیا بھر سے 120 ارب ڈالر پاکستان بھیجے جن میں سعودی عرب سے 34.4، عرب امارات سے 26، امریکہ سے 17.4 جبکہ دیگر خلیجی ممالک سے 14 ارب ڈالر ملک میں آئے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ بیرون ملک سے آنے والی ترسیلات زر پاکستانی جی ڈی پی کا 6.9 فیصد ہیں۔ بیرون ممالک کام کرنے والے پاکستانیوں میں ایک بڑی تعداد عرب ممالک میں کام کرنے والوں کی ہے جن کی تعداد 80 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔

    صرف خلیجی ممالک میں 60 ہزار انجینئرز، 18 ہزار ڈاکٹرز، 7 ہزار نرسز، 30 ہزار اکاﺅنٹنٹ اور 6 لاکھ لیبر کام کر رہی ہے۔

  • سلووینیا میں خاتون نے انشورنش کی رقم کیلئے اپنا ہاتھ کٹوا دیا

    سلووینیا میں خاتون نے انشورنش کی رقم کیلئے اپنا ہاتھ کٹوا دیا

    لیوبلیانا : سلووینیا کی پولیس نے غلط بیانی سے انشورنش کی رقم حاصل کرنے والی خاتون کو دھوکا دہی کے الزام میں گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا میں آج بھی ایسے افراد موجود ہیں معمولی سی رقم حاصل کرنے کےلیے خود اپنے اعضاء بھی کاٹ سکتے ہیں ایسا ہی واقعہ یورپی ملک سلووینیا میں پیش آیا جہاں ایک خاتون نے انشورنش کی رقم کی حاصل کرنے کےلیے اپنا ہاتھ کاٹ دیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سلووینیا کے دارالحکومت لیوبلیانا میں پولیس نے 21 سالہ خاتون کو حراست میں لیا ہے کہ جس نے اپنے اہل خانہ کی مدد سے اپنا ایک ہاتھ کاٹ کر انشورنش کی رقم حاصل کی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار خاتون نے کچھ ماہ قبل ہی انشورنش کی مد میں 4 لاکھ یورو معاوضہ اور انشورنش پالیسی کے تحت تقریباً 3 ہزار یورو ماہانہ وصول کیے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ پولیس نے مذکورہ خاتون اس کے اہلخانہ کے چار افراد کو رواں برس کے آغاز پر حراست میں لیا تھا لیکن کچھ روز بعد دو افراد کو رہا کردیا تھا۔

    پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ خاتون نے گھر میں آرے سے ہاتھ کاٹا جس کے بعد اہلخانہ اسے اسپتال لے گئے جہاں انہوں نے بتایا کہ خاتون لڑکیاں کاٹے ہوئے زخمی ہوگئی۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان خاتون کا کٹا ہوا ہاتھ گھر میں چھوڑ گئے تھے تاکہ جھوٹ کو حقیقت میں بدل سکیں لیکن حکام کو مذکورہ افراد کے بیان پر شک ہوا جس پر حکام اور پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے گھر سے ہاتھ برآمد کیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ اسپتال حکام نے کامیاب آپریشن کے بعد خاتون کا ہاتھ دوبارہ جوڑ دیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ اگر گرفتار خاتون اور اس کے معاونت کاروں پر دھوکا دہی کا الزام ثابت ہوگیا تو انہیں‌ کم از کم اآٹھ برس قید کی سزا کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے.

  • لاٹری کی رقم جیتنے والے نے چہرے پر ماسک کیوں پہنا؟

    لاٹری کی رقم جیتنے والے نے چہرے پر ماسک کیوں پہنا؟

    کنگزٹن : جمائیکا میں 15 لاکھ امریکی ڈالر کی لاٹری جیتنے والا شخص گھروالوں سے پیسے چھپانے کےلیے انوکھا ماسک پہن کر انعامی رقم لینے پہنچ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق براعظم افریقہ کے ملک جمائیکا کے دارالحکومت کنگزٹن کے رہائشی شخص کیمپ بیل نے 15 لاکھ امریکی ڈالر کی لاٹری جیت لی لیکن 54 روز تک لاٹری کمپنی سے کوئی رابطہ نہیں کیا تاکہ اہل خانہ کو اس بات کا علم نہ ہوسکے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ کیمپ بیل (جھوٹا نام) نامی شخص 5 فروری کو لاٹری میں جیتی گئی رقم وصول کرنے پہنچا تو سپر لوٹو کمپنی کی انتظامیہ یہ دکھ کر حیران رہ گئی کہ کیمپ بیل سنہ 1996 میں ریلیز ہونے والی ڈراؤنی فلم ’اسکریم‘ کا ماسک پہن پہنچا تھا۔

    ملین ڈالر لاٹری جیتنے والے شخص کا کہنا ہے کہ ’مجھے پیسوں سے بہت محبت ہے‘ اس لیے میں ماسک پہن کرآیا ہوں تاکہ اپنی شناخت گھر والوں اور دوستوں سے مخفی رکھ سکوں۔

    خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص نے اپنی انعامی رقم وصول کرنے کےلیے 54 روز تک انتظار کیا اور لاٹری انتظامیہ سے رابطہ نہیں تاکہ گھر والوں کو انعامی رقم سے متعلق خبر نہ ہوجائے۔

    کیمپ نیل کا کہنا تھا کہ میں انعامی رقم سے ’بہترین گھر‘ خریدوں گا، مجھے پیسہ لگانا پسند ہے لیکن میں کسی سے پیسے نہیں مانگتا، میرا چھوٹا سا کاروبار ہے اور اب انعامی رقم سے اس کاروبار کو وسیع کروں گا۔

    خیال رہے کہ کیمپ بیل سپر لوٹو لاٹری جیتنے والے جمائیکا کے 17 ویں شہری ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس جون میں جمائیکا کی خاتون نے 15 لاکھ امریکی ڈالر کی رقم جیتی تھی اور وہ بھی چہرے پر ماسک پہن کر انعامی چیک وصول کرنے گئی تھیں۔

  • لندن: داعشی بہن کو رقم کی منتقلی،عدالت نے شہری کو قید کی سزا سنادی

    لندن: داعشی بہن کو رقم کی منتقلی،عدالت نے شہری کو قید کی سزا سنادی

    لندن : شام میں موجود جہادی بہن کو رقم منتقل کرنے کے جرم میں عدالت نے برطانوی شہری کو قید کی سزا سنا دی۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے شہر ہمپشائر کی عدالت نے داعشی بہن کو رقم منتقل کرنے کی سماعت کرتے ہوئے برطانوی شہری سلیم وکیل پر فرد جرم عائد کرکے 30 ماہ قید کی سزا سنا دی۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ پولیس نے 25 سالہ سلیم کو سنہ 2014 میں برطانیہ سے شام جانے والی اپنی بہن کو ڈھائی ہزار پاؤنڈ منتقل کرنے کے بعد گرفتار کیا تھا۔

    سلیم وکیل نے عدالت میں دعویٰ کیا کہ اس نے اپنی بہن سمیّہ کو اس لیے رقم بھجوائی تاکہ وہ واپس برطانیہ آسکے۔

    پولیس نے عدالت کو ایک خط دیا جو سلیم کے گھر کی تلاشی کے دوران برآمد ہوا تھا، خط میں داعشی خاتون سمیّہ نے لکھا تھا کہ ’میں شہید کی موت مرنا چاہتی ہوں‘۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ سلیم پر دہشت گردی کی حمایت اور مالی مدد کرنے کے جرم میں فرد عائد ہونے لے بعد سلیم عدالت کو بتایا کہ ’مجھے اندازہ نہیں کہ میرے اس اقدام سے داعش کی معاونت ہوگی‘۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق سمیّہ نے 2014 میں 16 برس کی میں داعش میں شمولیت اختیار کی تھی، جس کے بعد اس نے داعش کے رکن دو برطانوی شہریوں سے شام میں ہی شادی کرلی تھی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ سلیم وکیل نے رقم کی منتقلی مبینہ طور پر اپنے دوست کے نام سے کی تھی، سلیم نے بغیر پولیس کے مشورے کے داعشی خاتون کو رقم منتقل کرکے قانون کی خلاف ورزی کی ہے۔

  • رقم کو خرچ کرنے کی درست جگہ کون سی ہے؟

    رقم کو خرچ کرنے کی درست جگہ کون سی ہے؟

    ہم اپنی زندگی میں بہت محنت کر کے پیسہ کماتے ہیں۔ ہماری کوشش ہوتی ہے کہ ہمیں حاصل ہونے والی رقم کم ہے یا زیادہ، بس اس میں ہم اپنی زندگی کو بہتر سے بہتر بنا لیں۔

    اس کے لیے ہم بہت سی اشیا خریدتے ہیں۔ اچھے سے اچھا گھر بناتے ہیں، بڑی گاڑی خریدتے ہیں، مہنگے ملبوسات، گھڑیاں اور آرائشی اشیا لیتے ہیں، لیکن یہ تمام اشیا کیا واقعی ہماری محنت کی کمائی کا صحیح مصرف ہیں؟

    ماہرین کا خیال ہے کہ ’نہیں‘، ان کے مطابق ہمیں اپنی رقم کو اشیا خریدنے کے بجائے نئے تجربات حاصل کرنے پر خرچ کرنا چاہیئے۔

    امریکا کی کارنیل یونیورسٹی کی جانب سے کی جانے والی 20 سالہ طویل تحقیق سے علم ہوا کہ چیزوں کے بجائے تجربات پر رقم خرچ کرنا نہ صرف رقم کا صحیح مصرف ہے بلکہ یہ ہمیں خوشی بھی دیتا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ بھاری رقوم خرچ کر کے ملنے والی چیزوں سے جو خوشی حاصل ہوتی ہے وہ جلد ہی ماند پڑ جاتی ہے۔

    اس کی 3 وجوہات ہیں۔ ہم جلد ہی ان چیزوں سے بور ہو کر نئی چیزوں کے شوق میں مبتلا ہوجاتے ہیں، ہم اپنا معیار بلند کرتے جاتے ہیں یا اس کی خواہش رکھتے ہیں اور ہم دوسروں کی اشیا دیکھ کر احساس کمتری میں مبتلا ہوجاتے ہیں۔

    یہ چیزیں ہم کچھ عرصہ خوش رکھتی ہیں اس کے بعد ہم اس کے عادی ہوجاتے ہیں۔ اس کے برعکس تجربات ہماری شخصیت کا حصہ بن جاتے ہیں۔

    مثال کے طور پر کوئی مہنگی گھڑی خریدنا ہماری صلاحیت یا شخصیت کو ظاہر نہیں کرتا، لیکن اگر لوگوں کو معلوم ہوگا کہ آپ ایک مشکل اور دشوار گزار راستے پر ٹریکنگ کر چکے ہیں تو یقیناً ان کی نظر میں یہ آپ کی شخصیت کا مثبت پہلو ہوگا۔

    نئے تجربات کرنا منصوبہ بندی سے لے کر اختتام تک آپ کو خوش رکھتے ہیں، اس کے برعکس اشیا آپ کو بے چینی میں مبتلا کردیتی ہیں کہ لوگ انہیں دیکھیں اور سراہیں۔

    رقم کے اس استعمال سے آپ کس حد تک متفق ہیں؟ ہمیں کمنٹس میں ضرور بتائیں۔

    مزید پڑھیں: دولت مند افراد پرتعیش اشیا سے بیزار

  • آئی ٹی یونیورسٹی کیس: سپریم کورٹ کا اوورسیز پاکستانی کی رقم واپس کرنے کا حکم

    آئی ٹی یونیورسٹی کیس: سپریم کورٹ کا اوورسیز پاکستانی کی رقم واپس کرنے کا حکم

    اسلام آباد: سپریم کورٹ نے اسلام آباد میں آئی ٹی یونیورسٹی کے قیام سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران سی ڈی اے کو بیرون ملک مقیم پاکستانی کو رقم ادا کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں بینچ نے اسلام آباد میں آئی ٹی یونیورسٹی کے قیام سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

    عدالت عظمیٰ کو بتایا گیا کہ سی ڈی اے نے بیرون ملک پاکستانی کی29 ملین ڈالرکی سرمایہ کاری واپس کرنی ہے۔

    سی ڈی اے نے معاملے کی 184-3 کے تحت سماعت پراعتراض اٹھایا جس پر چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ کوسوئمنگ پول کے ساڑے 4 کروڑدلوائے تب اعتراض نہیں کیا۔

    چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ آرچرڈ اسکیم سوموٹو پراعتراض نہیں اٹھایا، ایک بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کی خدمت کرنا چاہتا تھا۔

    انہوں نے ریمارکس دیے کہ پاکستانی شہری نے سی ڈی اے سے کہا معافی دے دیں، پاکستانی شہری نے کہا میرے پیسے واپس کردیں۔

    سپریم کورٹ نے ریمارکس دیے کہ سی ڈی اے نے فنانس ڈویژن سے مشاورت کے بعد پیسے دینے کا کہا تھا، فنانس ڈویژن والوں کویہاں ہی بلا لیتے ہیں۔

    وکیل سی ڈی اے منیرپراچہ نے کہا کہ درخواست گزارپیسے واپس نہیں لے سکتا، زمین کی لیزاس کے نام پرنہیں۔

    چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک سے بہت پیارکرتے ہیں، ڈیم فنڈز کے لیے گھروں سے باہرآکرانہوں نے پیسے دیے۔

    عدالت عظمیٰ نے ریمارکس دیے کہ سی ڈی اے نے یونیورسٹی کے قیام کے لیے بیرون ملک مقیم پاکستانی سے معاہدہ کیا، چیف جسٹس نے کہا کہ سی ڈی اے نے یونیورسٹی کے لیے اراضی لیز پر دینی تھی جو کہ نہیں دی۔

    چیف جسٹس آف پاکستان نے ریمارکس دیے کہ ایک مہینےمیں پوری رقم ڈالرمیں واپس کریں جس پر وکیل سی ڈی اے نے کہا کہ ڈالرمیں نہیں روپےمیں واپس کرنا چاہتے ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ڈالرمیں لیے تو ڈالرمیں واپس کریں۔