Tag: رمضان المبارک

  • رمضان کے پہلے عشرے میں کراچی کا موسم خوشگوار رہے گا

    رمضان کے پہلے عشرے میں کراچی کا موسم خوشگوار رہے گا

    کراچی : محکمہ موسمیات نے کراچی والوں کو اچھی سنادی ، رمضان المبارک کے پہلے عشرے میں درجہ حرارت پینتیس سے چھتیس ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ماہ صیام کے شروع ہوتے ہی ملک بھر میں سورج نے بھی رنگ دکھانا شروع کردیئے تاہم کراچی میں رمضان المبارک کے پہلے عشرے میں درجہ حرارت پینتیس سے چھتیس ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کراچی کا مطلع آج جزوی ابر آلود رہنےکاامکان ہے، سمندری ہوائیں چلتی رہیں گی اور آج زیادہ سےزیادہ درجہ حرارت32 سے34 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا۔

    کراچی کاموجودہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ اور ہوامیں نمی کاتناسب 60 فیصد ہے جبکہ شام کے اوقات میں ہوا میں نمی کا تناسب 45 سے 55 فیصد ہوسکتا ہے۔

    دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق جنوبی پنجاب اوراندرونِ سندھ میں شدید گرمی پڑے گی، لاہورسمیت پنجاب میں بھی گرمی روزے داروں کے صبر کا امتحان لیتی رہے گی، فیصل آباد میں درجہ حرارت تینتالیس سرگودھا اور ملتان میں پارہ بیالیس تک جا سکتاہے۔

    محکمہ موسمیات نےآئندہ چوبیس گھنٹوں میں کراچی، کوئٹہ، لاہور، اسلام آباد، پشاورسمیت ملک کےبیشترعلاقوں میں موسم گرم اورخشک رہنےکی پیشن گوئی کی ہے، جیکب آباد میں پارہ اڑتالیس ڈگری تک جا نے کا امکان ہے۔

  • انسٹاگرام نے پہلی بار رمضان کیمرا ایفیکٹ متعارف کرادیا

    انسٹاگرام نے پہلی بار رمضان کیمرا ایفیکٹ متعارف کرادیا

    کیلی فورنیا: سماجی رابطے اور فوٹو شیئرنگ کی ویب سائٹ انسٹا گرام نے صارفین کو متاثر کرنے کے لیے پہلی بار رمضان کیمرا ایفیکٹ متعارف کرادیا۔

    تفصیلات کے مطابق فیس بک کی زیر ملکیت فوٹو شیئرنگ ویب سائٹ انسٹاگرام صارفین کو متاثر کرنے کے لیے نت نئے فیچرز متعارف کراتی ہے تاکہ انٹرنیٹ کی دنیا میں راج کو برقرار رکھ سکے۔

    انسٹاگرام نے چند ماہ قبل اپنے فلیٹ فارم کو بہتر بنانے اور صحت مند تفریح فراہم کرنے کے لیے مختلف اقدامات کیے اور فیچرز بھی متعارف کرائے اب انسٹاگرام نے پہلی بار رمضان کیمرا ایفیکٹ فیچر متعارف کرایا ہے۔

    اس مہم کے لیے انسٹاگرام نے پہلی بار رمضان کیمرا ایفیکٹ لینٹرن کے نام سے متعارف کرایا ہے تاکہ صارفین رمضان کے تجربے کو منفرد انداز سے اپنے پیاروں کے ساتھ شیئر کرسکیں۔

    مزید پڑھیں: انسٹاگرام: تکنیکی غلطی کی وجہ سے نیا فیچر سامنے آگیا

     انسٹاگرام کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس مقدس مہینے میں کوئی اچھا کام جیسے اپنے دوست یا رشتے داروں کی پوسٹس پر مثبت کمنٹ کردینا، اپنے دوستوں اور گھر والوں کو سحری یا افطار کے موقع پر شکریہ ادا کرنا، کوئی اچھا کام کرکے اسے سوشل میڈیا پر شیئر کرنا شامل ہے تاکہ دیگر صارفین میں بھی اس طرح کے کاموں کی حوصلہ افزائی ہوسکے۔

    اس لینٹرن کیمرا میں دھندلا پس منظر اور ہلال کی مختلف شکلیں عرب ڈیزائن کی ہیں اور روایتی طور پر رمضان سے ان کا تعلق سمجھا جاتا ہے۔

    یہ ایفیکٹ ملٹی لیٹر ہے اور لوگ اسکرین پر کلک کرکے ہلال کے روایتی ڈیزائن کو حرکت دے سکتے ہیں جبکہ انگلش یا عربی میں رمضان کی مبارکباد تحریر کرسکتے ہیں۔

    انسٹاگرام کے مطابق صارفین اس نئے کیمرا ایفیکٹ کو استعمال کرکے اپنے مواد کو منتھ آف گڈ ہیش ٹیگ کے ساتھ شیئر کرسکتے ہیں۔

  • پاکستان میں روزے کا سب سے زیادہ دورانیہ 15 گھنٹے اور 14 منٹ ہوگا

    پاکستان میں روزے کا سب سے زیادہ دورانیہ 15 گھنٹے اور 14 منٹ ہوگا

    کراچی: پاکستان میں رمضان کا آغاز کل بروز منگل سے ہورہا ہے اور ملک میں روزے کا سب سے زیادہ دورانیہ 15 گھنٹے، 14 منٹ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں رمضان المبارک کا آغاز کل سے ہورہا ہے، اس حوالے سے جاری ایک رپورٹ میں تفصیلات دی گئی ہیں کہ پاکستان میں سب سے لمبا روزہ کتنے گھنٹے کا ہوگا اور دنیا کے دیگر ممالک میں روزے کتنے گھنٹے کے ہوں گے۔

    رپورٹ کے مطابق دنیا میں سب سے لمبا روزہ روس میں رکھا جائے گا، ماہرین کے مطابق دنیا بھر میں طویل ترین روزے روس کے شہر مرمانسک میں رکھا جائے گا جس کا دورانیہ زیادہ سے زیادہ 20 گھنٹے 45 منٹ ہوگا۔

    اسی طرح سب سے چھوٹا روزہ ارجنٹینا کے شہر اوشوالا میں رکھا جائے گا اور اس کا زیادہ سے زیادہ دورانیہ 11 گھنٹے ہوگا۔

    مزید پڑھیں: ملک بھر میں پہلا روزہ کل ہوگا، خیبرپختونخوا کے بعض اضلاع میں آج پہلا روزہ

    ماہرین کے مطابق پاکستان میں روزے کا سب سے زیادہ دورانیہ 15 گھنٹے اور 14 منٹ ہوگا، اس کے علاوہ آئس لینڈ میں روزہ 19 گھنٹے 26 منٹ کا ہوگا۔

    ناروے میں روزہ 18 گھنٹے 43 منٹ، اسکاٹ لینڈ میں روزہ 18 گھنٹے 14 منٹ، ایران میں 15 گھنٹے 26 منٹ، سوئیڈن میں 19 گھنٹے 43 منٹ، سعودی عرب میں روزہ 14 گھنٹے 37 منٹ کا ہوگا۔

    اسی طرح برطانیہ میں 17 گھنٹے 51 منٹ اور بھارت میں روزے کا زیادہ سے زیادہ دورانیہ 14 گھنٹے 51 منٹ کا ہوگا۔

  • رمضان المبارک کا احترام:جیلوں میں قیدیوں کی پھانسی پر عملدآمد روک دیا گیا

    رمضان المبارک کا احترام:جیلوں میں قیدیوں کی پھانسی پر عملدآمد روک دیا گیا

    راولپنڈی : رمضان المبارک کے احترام میں ملک بھر کی جیلوں میں سزائے موت کے قیدیوں کی پھانسی پر عملدآمد روک دیا گیا ، یکم رمضان سے عید الفطر کی چھٹیوں تک ملک کی کسی بھی جیل میں کسی مجرم کو پھانسی نہیں دی جائےگی۔

    تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کے آغاز کے باعث ملک بھر کی جیلوں میں سزائے موت کے قیدیوں کی پھانسی پر عملدرآمد روک دیا گیا ہے، یہ فیصلہ احترام رمضان اور عید الفطر کے باعث کیا گیا۔

    فیصلے کے مطابق یکم رمضان سے عید الفطر کی چھٹیوں تک ملک کی کسی بھی جیل میں کسی مجرم کو پھانسی نہیں دی جائےگی اور صدر مملکت بھی اس عرصے کے دوران کسی مجرم کی رحم کی اپیل پرکوئی حتمی فیصلہ نہیں کریں گے۔

    فیصلے کے بعد رمضان کے آغاز اور عید الفطر کی وجہ سے ملزمان کے رشتہ داروں نے مقتول خاندانوں سے راضی نامہ کی کوششیں بھی تیز کر دی ہیں۔

    ذرائع کے مطابق وہ تمام قیدی جن کے ڈیتھ وارنٹ جاری کئے جاچکے ہیں، اُن کی سزا پرعمل درآمد رمضان سے قبل یا پھر رمضان المبارک کے بعد کیا جائے گا۔

     مزید پڑھیں : ملک بھر میں پہلا روزہ کل ہوگا

    اس وقت اڈیالہ جیل راولپنڈی میں سزائے موت کے 289 مجرمان قید ہیں جن میں 12 خواتین مجرمان بھی شامل ہیں جن کی سزاﺅں کے خلاف اپیلیں ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں زیر التوا ہیں، 18 رحم کی اپیلیں صدر مملکت کے پاس ہیں۔

  • پاکستان بھر میں‌ رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں‌ آیا، پہلا روزہ 7 مئی کو ہوگا

    پاکستان بھر میں‌ رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں‌ آیا، پہلا روزہ 7 مئی کو ہوگا

    کراچی: مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان نے اعلان کیا ہے کہ ملک کے طولِ و عرض میں رمضان المبارک 1440 ہجری کا چاند نظر نہیں آیا لہذا پہلا روزہ 7 مئی بروز منگل ہوگا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز رافع حسین کے مطابق مفتی منیب الرحمان کی زیر صدارت رویت ہلال کمیٹی کا  مرکزی اجلاس کراچی جبکہ ملک کے دیگر شہروں میں زونل کمیٹیوں کا اجلاس ہوا۔ تمام اجلاسوں میں فلکیات، سپارکو، محکمہ موسمیات کے ماہرین سمیت مفتیان کرام بھی شریک تھے ، مرکزی کمیٹی نے ہر سال کی طرح دیگر شہادتیں جمع کرنے کے بعد حتمی اعلان کیا۔ چاند دیکھنے کے لیے جدید سائنسی ٹیلی اسکوپس سے مدد لی گئی۔

    مفتی منیب الرحمان نے اعلان کیا کہ ملک بھر سے رمضان کے چاند کی کوئی شرعی شہادت موصول نہیں ہوئی لہذا پہلا روزہ منگل 7 مئی کو ہوگا۔

    قبل ازیں وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اعلان کیا تھا کہ رویت ہلال کمیٹی کے لیے 5 رکنی کمیٹی قائم کردی گئی جو آئندہ 10 قمری سالوں کا کلینڈر جاری کرے گی۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ رویت ہلال کے لیے 5 رکنی کمیٹی قائم کردی گئی، جس میں اسپارکو، محکمہ موسمیات اور ٹیکنالوجی ماہرین شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی آئندہ 10 قمری سالوں کا کلینڈرجاری کرے گی، جس میں عیدین، محرم، رمضان سمیت تمام مہینوں کا کلینڈر جاری ہوگا، اقدام سے ہر سال رویت ہلال پرپیدا ہونے والا تنازع ختم ہوگا۔

    مزید پڑھیں: رویت ہلال کے لیے 5 رکنی کمیٹی قائم کردی ہے، فواد چوہدری

    دوسری جانب محکمہ موسمیات نے چاند نظر نہ آنے کا امکان ظاہر کیا۔

    واضح رہے کہ ہجری قمری سال، ایسا سال ہے جس کا معیار چاند کا زمین کے گرد گردش کرنا ہے اور اس کی ابتداء حضور صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی مدینہ کو ہجرت کرنا ہے۔

    یہ کلینڈر مسلمانوں کے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے، کیونکہ مسلمان اپنے دینی اعمال جیسے روزہ، حج اور دوسری دینی و مذہبی مناسبتیں مانند عیدیں اور سوگ کے ایام کو اسی کلینڈر کی بنیاد پر متعین کرتے ہیں۔

    یاد رہے کہ امریکا، آسٹریلیا اور خلیجی ممالک سمیت دیگر ملکوں میں رمضان المبارک کا چاند نظر آئے گیا جس کے بعد وہاں آج سے پہلی تراویح جبکہ کل فرزندان اسلام پہلا روزہ رکھیں گے۔

  • برطانوی وزیر اعظم تھریسامے کا آغاز رمضان پر خیر سگالی کا تحریری پیغام

    برطانوی وزیر اعظم تھریسامے کا آغاز رمضان پر خیر سگالی کا تحریری پیغام

    لندن: برطانوی وزیر اعظم تھریسامے نے آغاز رمضان پر مسلمانوں کو خیر سگالی کا تحریری پیغام جاری کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عالم اسلام میں رمضان کے آغاز پر برطانوی وزیر اعظم تھریسامے نے مسلمانوں کو خیر سگالی کا تحریری پیغام جاری کیا۔

    وزیر اعظم تھریسامے نے برطانوی مسلمانوں کو برٹش معاشرے کا اہم حصہ قرار دیا، اپنے پیغام میں کہا ’برٹش مسلمان ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہیں۔‘

    انھوں نے ماہِ رمضان سے متعلق کہا کہ رمضان صبر، ایثار اور برداشت کا مہینہ ہے، رمضان کے روحانی اثرات مثبت معاشرتی تبدیلیاں لاتے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  ماہ رمضان کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اتوار کو ہوگا

    دریں اثنا، برطانوی وزیر اعظم تھریسامے نے مسلمانوں اور عیسائیوں پر ہونے والے حملوں کو بھی مذکور کیا، کہا کرائسٹ چرچ مسجد اور کولمبو چرچ حملہ آور امن و محبت کے دشمن ہیں۔

    واضح رہے کہ رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اتوار 5 مئی کو ہوگا، مفتی منیب الرحمان اجلاس کی صدارت کریں گے۔

    26 اپریل کو محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی تھی کہ رمضان کا چاند 30 شعبان یعنی 6 مئی کو نظر آنے کا امکان ہے اور پہلا روزہ 7 مئی بروز منگل ہوگا۔

  • رمضان المبارک کی فضیلت اوراہمیت

    رمضان المبارک کی فضیلت اوراہمیت

     ماہ رمضان کی آمد آمد ہے، یہ برکتوں والا مہینہ ہے۔ اس ماہ کی عظمت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ قرآن مقدس کا نزول اسی پاک مہینے میں ہوا، رمضان المبارک کی فضیلت اور اس کے تقاضے یہ ہے کہ اﷲ تعالیٰ نے اس ماہِ مبارک کی اپنی طرف خاص نسبت فرمائی ہے۔

    رمضان کا پہلا عشرہ رحمت، دوسرا عشرہ مغفرت اور تیسرہ عشرہ جہنم کی آگ سے نجات کا ہے، رمضان کی اہمیت کے بارے میں ﷲ تعالیٰ نے حضرت محمد  سے ارشاد فرمایا کہ اگر مجھے آپ ﷺ کی اُمت کو جہنم میں ہی جلانا ہوتا تو رمضان کا مہینہ کبھی نہ بناتا۔

    جب رمضان المبارک کا چاند نظر آتا تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم فرماتے تھے کہ

    یہ چاند خیروبرکت کا ہے‘ یہ چاند خیر و برکت کا ہے، میں اس ذات پر ایمان رکھتا ہوں جس نے تجھے پیدا فرمایا۔

    حضرت جبرائیل علیہ سلام نے دعا کی کہ ہلاک ہوجائے وہ شخص جس کو رمضان کا مہینہ ملے اور وہ اپنی بخشش نہ کرواسکے، جس پر حضرت محمد ﷺ نے ارشاد فرمایا آمین! حضرت جبرائیل علیہ سلام کی یہ دعا اوراس پر حضرت محمد ﷺ کا آمین کہنا اس دعا سے ہمیں رمضان کی اہمیت کو سمجھ لینا چاہئے۔

    رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم کا ارشاد ہے کہ رمضان کی جب پہلی رات ہوتی ہے تو شیاطین کو بند کردیا جاتا ہے اور مضبوط باندھ دیا جاتا ہے اور سرکش جنوں کو بھی بند کردیا جاتا ہے اور دوزخ کے دروازے بند کردیئے جاتے ہیں اس کا کوئی بھی دروازہ نہیں کھولا جاتا اور بہشت کے دروازے کھول دیئے جاتے ہیں اور اس کا کوئی بھی دروازہ بند نہیں کیا جاتا اور ایک آواز دینے والا آواز دیتا ہے اے نیکی کے طالب آگے بڑھ کہ نیکی کا وقت ہے اور اے بدی کے چاہنے والے بدی سے رک جا اور اپنے نفس کو گناہوں سے باز رکھ کیونکہ یہ وقت گناہوں سے توبہ کرنے کا اور ان کو چھوڑنے کا ہے اور خدا تعالیٰ کے لیے ہے اور بہت سے بندوں کو اﷲ تعالیٰ معاف فرماتے ہیں دوزخ کی آگ سے بحرمت اس ماہ مبارک کے اور یہ آزاد کرنا رمضان شریف کی ہر رات میں ہے شب قدر کے ساتھ مخصوص نہیں۔

    روزہ وہ عظیم فریضہ ہے جس کو رب ذوالجلال نے اپنی طرف منسوب فرمایا ہے اور قیامت کے دن رب تعالیٰ اس کا بدلہ اور اجر بغیر کسی واسطہ کے بذات خود روزہ دار کو عنایت فرمائیں گے۔

    خداوند کریم نے اپنے بندوں کے لئے عبادات کے جتنے بھی طریقے بتائے ہیں ان میں کوئی نہ کوئی حکمت ضرور پوشیدہ ہے۔ نماز خدا کے وصال کا ذریعہ ہے۔ اس میں بندہ اپنے معبودِ حقیقی سے گفتگو کرتا ہے۔ بعینہٖ روزہ بھی خدا تعالیٰ سے لَو لگانے کا ایک ذریعہ ہے۔

    حدیث مبارک میں ہے کہ

    رمضان شہر ﷲ“ رمضان ﷲ تعالیٰ کا مہینہ ہے، جس سے پتہ چلتا ہے کہ اس مبارک مہینے سے رب ذوالجلال کا خصوصی تعلق ہے جس کی وجہ سے یہ مبارک مہینہ دوسرے مہینوں سے ممتاز اور جدا ہے۔

    حدیث مبارک میں ہے کہ

    رمضان ایسا مہینہ ہے کہ اس کے اول حصہ میں حق تعالیٰ کی رحمت برستی ہے، جس کی وجہ سے انوار و اسرار کے ظاہر ہونے کی قابلیت و استعداد یپدا ہوکر گناہوں کے ظلمات اور معصیت کی کثافتوں سے نکلنا میسر ہوتا ہے اور اس مبارک ماہ کا درمیانی حصہ گناہوں کی مغفرت کا سبب ہے اور اس ماہ کے آخری حصہ میں دوزخ کی آگ سے آزادی حاصل ہوتی ہے۔

    حضرت جابر بن عبداﷲ رضی اﷲ عنہ سے روایت ہے کہ حضورﷺ کا فرمان ہے کہ میری امت کو ماہ رمضان میں پانچ چیزیں ایسی عطا کی گئیں جو مجھ سے پہلے کسی نبی علیہ السلام کو نہ ملیں۔

    پہلی یہ کہ جب رمضان المبارک کی پہلی رات ہوتی ہے تو اﷲ تعالیٰ ان کی طرف رحمت کی نظر فرماتا ہے اور جس کی طرف اﷲ تعالیٰ نظر رحمت فرمائے اسے کبھی بھی عذاب نہ دے گا۔

    دوسری یہ کہ شام کے وقت ان کے منہ کی بو (جو بھوک کی وجہ سے ہوتی ہے) اﷲ تعالیٰ کے نزدیک مشک کی خوشبو سے بھی بہتر ہے۔

    تیسرے یہ کہ فرشتے ہر رات اور دن ان کے لئے مغفرت کی دعائیں کرتے رہتے ہیں۔

    چوتھے یہ کہ اﷲ تعالیٰ جنت کو حکم دیتے ہوئے ارشاد فرماتا ہے ’’میرے (نیک) بندوں کے لئے مزین  ہوجا عنقریب وہ دنیا کی مشقت سے میرے گھر اور کرم میں راحت پائیں گے۔

    پانچواں یہ کہ جب ماہ رمضان کی آخری رات آتی ہے تو اﷲ تعالیٰ سب کی مغفرت فرمادیتا ہے۔

    حضرت سہل بن سعد ؓ سے روایت ہے کہ

    جنت کا ایک دروازہ جس کا نام ریان ہے، جس سے قیامت کے دن صرف روزے دار گزرے گے، ان کے علاوہ اس دروازے سے کوئی دوسرا نہیں گزرے گا ۔

     حضور اکرم صلی اﷲ علیہ وسلم کا ایک اور ارشاد گرامی ہے کہ

    روزہ دار کے منہ کی بو اﷲ تعالیٰ کے نزدیک مشک کی بو سے زیادہ پسندیدہ ہے گویا روزہ دار اﷲ تعالیٰ کا محبوب ہوجاتا ہے کہ اس کی خلوف (منہ کی بو) بھی اﷲ تعالیٰ کو پسند اور خوشگوار ہوتی ہے۔

    رمضان کے اس مبارک ماہ کی ان تمام فضیلتوں کو دیکھتے ہوئے مسلمانوں کو اس مہینہ میں عبادت کا خاص اہتمام کرنا چاہیے اور کوئی لمحہ ضائع اور بے کار جانے نہیں دینا چاہیے۔

    اس ماہ مبارک میں ایسے انداز میں عبادت کو فرض کے طور پر متعین فرما دیا گیا ہے کہ انسان اس عبادت کے ساتھ اپنی تمام ضروریات و حوائج میں بھی مصروف رہ سکتا ہے اورعین اسی خاص طریقہ عبادت میں بھی مشغول ہوسکتا ہے، ایسی خاص طریقہ کی عبادت کو روزہ کہا جاتا ہے، جسے اس ماہ میں فرض فرمادیا گیا ہے، روزہ ایک عجیب عبادت ہے کہ انسان روزہ رکھ کر اپنے ہر کام کو انجام دے سکتا ہے۔

    روزہ رکھ کر صنعت و حرفت تجارت و زیارت ہرکام بخوبی احسن کرسکتا ہے اور پھر بڑی بات یہ کہ ان کاموں میں مشغول ہونے کے وقت بھی روزہ کی عبادت روزہ دار سے بے تکلف خودبخود صادر ہوتی رہتی ہے اور اس کو عبادت میں مشغولی کا ثواب ملتا رہتا ہے۔

  • سعودی عرب میں پہلا روزہ 6 مئی کو ہونے کا امکان

    سعودی عرب میں پہلا روزہ 6 مئی کو ہونے کا امکان

    ریاض: سعودی عرب میں پہلا روزہ پیر 6 مئی کو ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

    عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب میں پہلا روزہ پیر 6 مئی کو ہونے کا قوی امکان ہے، ماہر فلکیات سدیر الرائی عبداللہ الخضیری کے مطابق مملکت میں رمضان المبارک کا چاند اتوار اور پیر کی درمیانی شب نظر آنے کا امکان ہے۔

    سعودی ماہر فلکیات سدیرالرائی عبداللہ الخضیری کا کہنا ہے کہ چاند کی ظاہری ہیئت کے مطابق شعبان کا اختتام 29 کی بجائے 30 تاریخ کو ہوگا۔

    مزید پڑھیں: رمضان المبارک کے استقبال کی تیاری ، حرم شریف میں 21 ہزار نئے قالین بچھا دیئے گئے

    ان کا کہنا تھا کہ پیر 6 مئی کو پہلا روزہ ہونے کا قوی امکان ہے تاہم سعودی عرب میں رویت ہلال، فلکی حساب کتاب کی بجائے حکومت کی تشکیل کردہ رویت کمیٹی کے اعلان اور سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق ہوتا ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان میں بھی پہلا روزہ 6 مئی بروز پیر کو ہونے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

    پاکستان میں رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 5 مئی کو ہوگا، محکمہ موسمیات کا بھی کہنا تھا کہ رمضان المبارک کا چاند 5 اور 6 مئی کی درمیانی شب نظر آنے کا قومی امکان ہے۔

  • رمضان المبارک میں دفتری اوقات کا شیڈول تبدیل کرنے کی سمری وزیراعظم آفس کو موصول

    رمضان المبارک میں دفتری اوقات کا شیڈول تبدیل کرنے کی سمری وزیراعظم آفس کو موصول

    اسلام آباد: رمضان المبارک میں دفتری اوقات کا شیڈول تبدیل کرنے کی سمری میں پیر سے جمعرات کے دوران صبح 9بجے سے 3بجے تک اور جمعہ کو صبح 8بجے سے ایک بجے تک دفتری اوقات کار مقرر کرنے کی تجویز کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک میں دفتری اوقات کا شیڈول تبدیل کرنے کیلئے سمری وزیر اعظم آفس کو موصول ہوگئی ہے۔

    وزارت داخلہ کی جانب سے رمضان المبارک میں وفاقی سیکریٹری سیکریٹریٹ اور دارالحکومت کے دفتروں کے اوقات کا ر تبدیل کرنے کیلیے بھجوائی گئی۔

    سمری میں پیر سے جمعرات کے دوران صبح 9بجے سے 3بجے تک ،جمعہ کو صبح 8بجے سے ایک بجے تک دفتری اوقات کار مقرر کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔

    وزیراعظم کی منظوری کے بعد وزارت داخلہ رمضان المبارک کیلئے دفتری اوقات کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔

    مزید پڑھیں :  رمضان کا چاند 6 مئی کو نظر آنے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات

    واضح رہے کہ رمضان کے مقدس مہینے میں ملازمین کو سہولت فراہم کرنے کے لیے نجی اداروں نے بھی روزانہ اوقات کار میں دو گھنٹے کمی کردی ہے۔

    خیال رہےمحکمہ موسمیات نےپیشگوئی کی ہے کہ رمضان کا چاند  تیس شعبان یعنی 6 مئی کو نظر آنے کا امکان ہے  اور پہلا روزہ سات مئی بروز منگل ہوگا جبکہ  رمضان المبارک 1440 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلاک کمیٹی نے 5 مئی بروز اتوار اجلاس طلب کیا گیا ہے۔

  • دبئی چیریٹی نے رمضان المبارک میں افطار کی تقسیم کیلئے کروڑوں درہم کا چندہ جمع کرلیا

    دبئی چیریٹی نے رمضان المبارک میں افطار کی تقسیم کیلئے کروڑوں درہم کا چندہ جمع کرلیا

    ابوظبی : دبئی چیریٹی ایسوسی ایشن نے ماہ مبارک رمضان میں 75 ہزار سے زائد افطار پیکٹس امارات کی 25 مساجد میں تقسیم کےلیے پانچ لاکھ درہم کی خطیر رقم جمع کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی کی چیریٹی ایسوسی ایشن انسانیت کی خدمت کے جذبے سے سرشار ہوکر ماہ مبارک رمضان کے دوران ملکی و غیر ملکی افطار منصوبوں کے لیے بائیس لاکھ درہم کی خطیر رقم جمع کرنے میں مصروف ہیں۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ مذکورہ ایسوسی ایشن چھ حصّوں میں اپنے منصوبوں کی مہم چلارہی ہے، مہم میں فوڈ پیکجز، افطار، زکات الفطر، عید کے کپڑے، زکات اور ضروریات زندگی کے دیگر اشیاء شامل ہیں۔

    ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل احمد المسماری کا کہنا ہے کہ 23 ممالک کے ہزاروں کمزور و مستحق افراد میں تقسیم کیا جائے گا جس میں یتمیم ، بیواہ، کم آمدن والے خاندان شامل ہیں۔

    احمد المسماری کا کہنا تھا کہ ایسوسی ایشن کا مقصد 15 ہزار خاندانوں کی مدد کرنا ہے اور مذکورہ تعداد کے لیے کھانے کی اشیاء کی مالیت کم از کم 25 لاکھ درہم ہے،۔

    ان کا کہنا مزید کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات کی 25 مساجد میں مقامی ہوٹلوں کی معاونت سے 5 لاکھ درہم مالیت کے 75 ہزار سے زائد افطار پیکٹ تقسیم کیے جاییں گے، یومیہ کم از کم 2500 پیکٹ تقسیم کیے جائیں گے۔

    المسمار کا کہنا تھا کہ ایسوسی ایشن دنیا بھر کے 23 ممالک کی 1 ہزار مساجد میں 1 کروڑ درہم کے کھانے تقسیم کیے جائیں گے۔