Tag: رمضان المبارک

  • رمضان المبارک کے دوران عمرہ کرنے والوں کی ریکارڈ تعداد

    رمضان المبارک کے دوران عمرہ کرنے والوں کی ریکارڈ تعداد

    ریاض: سعودی عرب کے جدہ ایئر پورٹ پر رمضان اور عید کی تعطیلات کے دوران 44 لاکھ افراد کو سفر کی سہولیات فراہم کی گئیں، صرف یکم اپریل کو ڈیڑھ لاکھ افراد نے سفر کیا۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں مطارات جدہ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس سال عمرہ سیزن کا آپریشنل پلان کامیاب رہا ہے، 44 لاکھ افراد کو رمضان اور عید الفطر کی تعطیلات میں سفر کی سہولت فراہم کی گئی۔

    مطارات جدہ کمپنی کے ایگزیکٹو چیئرمین ایمن ابو عباۃ کا کہنا ہے کہ رواں عمرہ سیزن میں کئی نئے اقدامات کیے گئے، عمرہ زائرین کی تمام کارروائی تیزی سے نمٹانے اور امیگریشن اینڈ کسٹم زون میں انتظار کا دورانیہ کم کرنے میں مدد ملی ہے۔

    ایمن ابو عباۃ کا کہنا تھا کہ جدہ ایئرپورٹ پر رمضان اور عید الفطر کی تعطیلات کے دوران 44 لاکھ سے زیادہ افراد کو آمد ورفت کی سہولت فراہم کی گئی، 28 ہزار پروازیں آپریٹ کی گئی ہیں، 79 لاکھ بیگ منتقل کیے گئے، ایئر کارگو کا مجموعی حجم اس دوران 30 ہزار ٹن تک پہنچ گیا۔

    انہوں نے کہا کہ جدہ ایئرپورٹ نے بہترین آپریشنل نمبر ریکارڈ کروائے ہیں، سال رواں کی پہلی سہ ماہی کے دوران تقریباً 11 ملین افراد نے سفر کیا جو 2022 کی پہلی سہ ماہی کے مقابلے میں تقریباً 99 فیصد زیادہ ہے، 2022 کی پہلی سہ ماہی میں 5.6 ملین افراد نے سفر کیا تھا۔

    ان کے مطابق 10 رمضان یکم اپریل 2023 کو جدہ ایئرپورٹ سے 1 لاکھ 43 ہزار افراد نے سفر کیا جو ایک ریکارڈ ہے۔

    مطارات جدہ کمپنی کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ 27 سے زیادہ سرکاری و نجی اداروں کے نمائندہ، 20 ہزار اہلکاروں نے زائرین کو سہولتیں فراہم کیں، ایئرپورٹ کے تمام ٹرمینلز پر مطلوبہ انتظامات کیے گئے تھے۔

  • رمضان المبارک کے پہلے عشرہ میں مسجد نبوی ﷺ میں کتنے زائرین آئے؟

    رمضان المبارک کے پہلے عشرہ میں مسجد نبوی ﷺ میں کتنے زائرین آئے؟

    مدینہ منورہ: رمضان کے مبارک مہینے کے پہلے عشرے میں مسجد نبوی ﷺ  آنے والے زائرین کی تعداد ایک کروڑ سے زائد رہی ہے۔

    میڈیا رپورٹ  کے مطابق رمضان کے پہلے عشرے میں ایک کروڑ سے زائد زائرین نے مسجد نبوی ﷺ  میں عبادات کیں، جہاں زائرین کو زیادہ سے زیادہ سہولیات پہنچانے کے لیے سیکڑوں رضا کار دن رات اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس سال رمضان کے پہلے عشرے میں مسجد نبوی ﷺ میں زائرین کی تعداد غیرمعمولی رہی ہے، زائرین میں مملکت کے مختلف شہروں اوربیرون ملک سے آنے والے شامل ہیں۔

    مسجد نبوی ﷺ کے قالینوں سے متعلق حیرت انگیز تفصیلات

    کورونا کی عالمی وبا کے باعث گزشتہ 2 برس سے زائرین عمرہ کی تعداد کو محدود کردیا گیا تھا تاہم رواں سال کورونا کے باعث عائد پابندیاں ختم ہونے کے بعد سیکڑوں کی تعداد میں دنیا بھر سے زائرین ارض مقدس پہنچ رہے ہیں۔

  • مدینہ منورہ: رمضان المبارک میں تیار کیا جانے والا مشروب عمرہ زائرین میں بھی مقبول

    مدینہ منورہ: رمضان المبارک میں تیار کیا جانے والا مشروب عمرہ زائرین میں بھی مقبول

    سعودی عرب کے شہر مدینہ منورہ میں ایک روایتی مشروب رمضان المبارک میں مقامی افراد کے ساتھ ساتھ عمرہ زائرین کی توجہ بھی کھینچ لیتا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق دنیا کے دیگر ممالک کی طرح سعودی عرب میں بھی رمضان کے حوالے سے کئی مشروب عوام میں مقبول ہیں، مدینہ منورہ کے باشندے 70 برس سے الخشہ سوبیا بڑی پابندی سے استعمال کر رہے ہیں۔

    مدینہ منورہ میں الخشہ خاندان سوبیا مشروب کے حوالے سے مشہور ہے، یہ خاندان 70 برس سے سوبیا فروخت کرتا رہا ہے۔ اب سوبیا الخشہ کے نام سے کاروباری ٹریڈ مارک رجسٹر کروالیا گیا ہے۔

    سوبیا الخشہ بنانے کے ماہر چاچا سعود الخشہ کا کہنا ہے کہ ہمارے خاندان میں سوبیا کی تیاری آباؤ اجداد سے ورثے میں ملی ہے، میں خود بھی 70 سال سے اس پیشے سے منسلک ہوں۔ شروع میں سوبیا تھیلیوں میں فروخت ہوتا تھا اور اب پلاسٹک کے کین میں فروخت کیا جاتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سوبیا مشروب رمضان کے دوران مدینہ منورہ کے زائرین میں بہت زیادہ مقبول ہوچکا ہے۔

    یہ مشروب قدرتی عناصر سے بھرپور ہے جو دارچینی، پسی ہوئی الائچی اور جو سے تیار ہوتا ہے۔ اسے اہل مدینہ کا محبوب ترین اور سحر آفریں مشروب مانا جاتا ہے۔

  • رمضان المبارک: پھل اور سبزیوں کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ، لوگ خریدنے سے قاصر

    رمضان المبارک: پھل اور سبزیوں کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ، لوگ خریدنے سے قاصر

    رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی پھلوں اور سبزیوں کی قیمتیں آسمان پر جا پہنچیں، قیمتیں اس قدر بڑھ گئی ہیں کہ عام سبزی اور پھل بھی غریب کی پہنچ سے دور ہوگئے۔

    اس وقت ملک بھر میں پیاز 160 روپے کلو فروخت کی جارہی ہے، آلو 70 روپے کلو، بینگن 80 روپے کلو، کھیرا 70 روپے کلو اور بھنڈی 260 روپے کلو فروخت ہورہی ہے۔

    یہی حال پھلوں کا ہے، رمضان سے قبل 150 سے 200 روپے درجن ملنے والے کیلے اس وقت 400 روپے پر پہنچ گئے ہیں، سیب کی قیمت 430 روپے کلو پر جا پہنچی ہے۔

    رمضان المبارک میں افطار کا اہم جز کھجور بھی عوام کی دسترس سے باہر ہوچکا ہے، کھجور 580 روپے کلو فروخت کی جارہی ہے۔

    دوسری جانب ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ رمضان کے ابتدائی ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 1.80 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ہفتہ وار مہنگائی کی شرح 48.35 فیصد تک پہنچ گئی۔

    20 سے 24 مارچ 2023 کے دوران 26 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 12 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی اور 13 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

  • رمضان اور عمرہ: خواتین زائرین کی سہولت کے لیے خواتین اہلکار تعینات

    رمضان اور عمرہ: خواتین زائرین کی سہولت کے لیے خواتین اہلکار تعینات

    ریاض: رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں حرمین شریفین میں عمرہ و دیگر عبادات کے لیے آںے والوں کے رش میں اضافہ ہوگیا ہے، خواتین زائرین کی سہولت کے لیے خواتین اہلکار تعینات کی گئی ہیں۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں حرمین شریفین انتظامیہ نے رمضان کے دوران مسجد الحرام میں زائر خواتین کی خدمت کے لیے بڑی تعداد میں خواتین اہلکار تعینات کی ہیں۔

    انتظامیہ نے زائر خواتین کی سہولت کے لیے مصلے تیار کیے ہیں اور آنے جانے میں سہولت فراہم کرنے کے لیے راہداریاں بنائی ہیں۔

    معاون سیکریٹری برائے زائر خواتین وضحہ بنت عبد الرحمٰن عسیری نے بتایا کہ زائر خواتین کے آنے جانے کے لیے 22 دروازے مختص کیے گئے ہیں، مسجد الحرام کے اندر اور باہر 68 مصلے تیار کیے گئے ہیں۔

    مسجد الحرام کے اطراف زائر خواتین کے لیے 11 واش روم بنائے گئے ہیں اور 7 کمپلیکس مختص کیے گئے ہیں جن کی صفائی اور دھلائی دن میں سات مرتبہ ہوتی ہے۔

    مسجد الحرام آنے والی خواتین اپنے ہمراہ لانے والا سامان بھی چیک کرواتی ہیں، وضحہ عسیری نے بتایا کہ زائر خواتین میں نابینا بھی شامل ہیں ان کے لیے قرآن پاک کے اسپیشل نسخے رکھے گئے ہیں جو بریل سسٹم کے ہیں۔

    وضحہ عسیری کا کہنا ہے کہ واش رومز کی جراثیم کش مادے سے صفائی کروائی جا رہی ہے، خواتین کے لیے مختص مصلوں کے قالین دن میں چار مرتبہ معطر ہوتے ہیں۔ اس حوالے سے بھی خواتین ہی تعینات ہیں۔

    وضحہ عسیری نے بتایا کہ زائر خواتین میں عربوں کے علاوہ دیگر زبانوں سے تعلق رکھنے والی خواتین بھی ہیں، ان کی سہولت کے لیے اردو، انگریزی، ترکی، فارسی، فرانسیسی اور ازبک زبانوں میں گائیڈ خواتین تعینات کی گئی ہیں۔

  • رمضان المبارک میں کتنی بار عمرہ کرنے کی اجازت؟

    رمضان المبارک میں کتنی بار عمرہ کرنے کی اجازت؟

    ریاض: سعودی وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک میں صرف ایک عمرہ کرنے کی اجازت ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو عمرہ کرنے کا موقع دیا جاسکے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ رمضان کے دوران کسی شخص کو ایک سے زیادہ عمرے کی اجازت نہیں ہے، تمام لوگ صرف ایک بار عمرہ کریں اور دوسروں کو بھی عمرہ کرنے کا موقع دیں۔

    وزارت حج و عمرہ کے مطابق رمضان میں ایک مرتبہ عمرے کی پابندی سے دوسروں کو اطمینان اور آسانی کے ساتھ عمرے کا موقع مل سکے گا، جو لوگ عمرہ کرنا چاہتے ہوں وہ نسک ایپ کے ذریعے پرمٹ جاری کروائیں اور وقت کی پابندی کریں۔

    وزارت کی جانب سے مزید کہا گیا کہ عمرے کی مقررہ تاریخ اور وقت میں ترمیم کی گنجائش سسٹم میں موجود نہیں ہے، جو لوگ نسک ایپ کے ذریعے عمرہ پرمٹ جاری کروائیں گے اگر وہ اس میں ترمیم کرنا چاہتے ہوں تو انہیں پرمٹ منسوخ کروانا ہوگا۔

    وزارت کا کہنا ہے کہ منسوخی کی کارروائی پرمٹ کا وقت شروع ہونے سے قبل ہی کروائی جا سکتی ہے، منسوخ کرنے کے بعد نیا پرمٹ جاری کروایا جائے۔

    وزارت کے مطابق اگر عمرہ پرمٹ منسوخ کروانے کے بعد نئے پرمٹ کے اجرا کے لیے وقت نہ ملے تو اس سے دلبرداشتہ نہ ہوں، بلکہ کوشش جاری رکھیں۔

  • رمضان المبارک میں جعلی مشروبات کی بڑی سپلائی ناکام

    رمضان المبارک میں جعلی مشروبات کی بڑی سپلائی ناکام

    ملتان: معروف برانڈز کے نام سے جعلی مشروبات تیارکرنے والا یونٹ پکڑا گیا، جہاں سے 300لیٹر تیار جعلی مشروبات ضبط کرلئے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈاتھارٹی نے رمضان المبارک میں جعلی مشروبات کی بڑی سپلائی ناکام بناتے ہوئے غلہ منڈی میں معروف برانڈز کے نام سے جعلی مشروبات تیارکرنےوالا یونٹ پکڑ لیا۔

    فوڈاتھارٹی کا کہنا ہے کہ 500 لیٹر مضر صحت سیرپ تلف کردیا گیا اور 300 لیٹر تیار جعلی مشروبات ضبط کرلیا ہے۔

    کارروائی کے دوران جعلی ڈرنکس سپلائی کرنے والا لوڈر رکشہ بھی ضبط کرلیا ہے ، بیوریجزپلانٹ کے مالک کے خلاف تھانہ ممتازآباد میں ایف آئی آردرج کرلی ہے۔

    ترجمان نے بتایا کہ کارروائی محلہ جوگ مائع گلی باردانےوالی میں کی گئی، جہاں کھلے اجزا سے تیار سیرپ سے ہزاروں لیٹر جعلی مشروبات تیارکی جانی تھیں۔

    ترجمان پنجاب فوڈاتھارٹی کا کہنا ہے کہ معروف برانڈزکاپیکنگ اورلیبلنگ مٹیریل بھی ضبط کرلی گئی ہے۔

  • رمضان المبارک میں عمرہ: کن چیزوں کو یقینی بنانا ضروری ہے؟

    رمضان المبارک میں عمرہ: کن چیزوں کو یقینی بنانا ضروری ہے؟

    ریاض: سعودی حکام کا کہنا ہے کہ زائرین رمضان المبارک کے دوران عمرے کے لیے پرمٹ کا حصول یقینی بنائیں اور دوران عمرہ ماسک کا استعمال کریں۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں محکمہ امن عامہ کے ڈائریکٹر محمد البسامی نے عمرہ زائرین سے اپیل کی ہے کہ مسجد الحرام میں داخلے کے دوران ماسک کا اہتمام کریں۔

    ڈائریکٹر نے منگل کو مکہ مکرمہ میں عمرہ سیکیورٹی فورس کمانڈ کی پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ مقامی شہری اور مقیم غیر ملکی ٹرانسپورٹ اور امن و سلامتی برقرار رکھنے کے سلسلے میں سیکیورٹی فورس کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔

    انہوں نے کہا کہ امراض سے بچاؤ کے ضوابط، مسجد الحرام میں ابھی تک مؤثر ہیں، تمام زائرین مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں داخلے کے موقع پر متعدی امراض سے بچاؤ کی تدابیر کی پابندی کریں۔

    ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ عمرے کے لیے زائرین توکلنا اور نسک ایپ کے ذریعے عمرہ پرمٹ حاصل کریں، بڑی تعداد میں لوگوں کو پرمٹ مل سکتے ہیں، زائرین عمرہ پرمٹ کی پابندی کریں۔ انتظامات کو برقرار رکھنے کے لیے اس کا اہتمام ضروری ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ مطاف کا پورا صحن عمرہ زائرین کے لیے مختص کردیا گیا ہے، حرمین شریفین انتظامیہ کے ساتھ اس سلسلے میں تعاون کیا جارہا ہے۔

    ڈائریکٹر کے مطابق مسجد الحرام کی پہلی منزل، تیسری سعودی توسیع والی عمارت اور بیرونی صحن نمازیوں کے لیے مختص ہے، مسجد کی چھت بھی اس سال نماز کے لیے استعمال ہوگی۔ اس حوالے سے تمام تیاریاں مکمل ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ طواف کے لیے چھت کا سامنے والا حصہ مختص کیا جاسکتا ہے۔

  • رمضان المبارک کیلئے سرکاری دفاتر کے اوقات کار کا اعلان

    رمضان المبارک کیلئے سرکاری دفاتر کے اوقات کار کا اعلان

    اسلام آباد : حکومت نے رمضان المبارک کیلئے سرکاری دفاتر کے اوقات کار کا اعلان کردیا ، وفاقی سرکاری دفاتر صبح 7سے دن ڈیڑھ بجے تک کھلے رہیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کیلئے وفاقی سرکاری دفاتر کے اوقات کار کا اعلان کردیا گیا، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نےوفاقی سرکاری دفاترکے نئے اوقات کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ وفاقی سرکاری دفاترپیرسےجمعرات صبح ساڑھے7سےدن ڈیڑھ بجے تک کھلیں گے جبکہ جمعہ کے روز وفاقی سرکاری دفاتر کے اوقات کار ساڑھے 7 سے 12 بجے تک ہوں گے۔

    واضح رہے کہ رمضان کے مقدس مہینے میں ملازمین کو سہولت فراہم کرنے کے لیے اداروں میں روزانہ اوقات کار میں دو گھنٹے کمی کردی جاتی ہے۔

  • سعودی عرب: رمضان میں اسکولوں کے اوقات کار کیا ہوں گے؟

    سعودی عرب: رمضان میں اسکولوں کے اوقات کار کیا ہوں گے؟

    ریاض: سعودی عرب میں رمضان المبارک کے مہینے کے دوران اسکولوں کے اوقات کار 9 بجے کردیے گئے ہیں۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب کے تمام ریجنز میں ماہ رمضان کے دوران اسکولوں میں تدریسی عمل کا آغاز صبح کے 9 بجے کیا جائے گا۔

    دوسری شفٹ دوپہرکے 1 بجے شروع ہوگی جبکہ تعلیم بالغاں کے لیے خصوصی کلاسیں رات کے ساڑھے 9 بجے لگیں گی۔

    جدہ کے ادارہ تعلیم کے ٹویٹر پر رمضان کے اوقات کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ اسکول صبح 9 بجے شروع کیا جائے گا، ریاض اور دیگر شہروں میں بھی اسکولوں کا آغاز صبح 9 بجے کیا جارہا ہے۔

    دیگر اداروں میں کام کا دورانیہ 5 گھنٹے رکھا گیا ہے جس کا آغاز صبح 10 سے سہ پہر 3 بجے تک ہے۔